Tag: فیضان عثمان

  • ہائیکورٹ نے لاپتا نوجوان فیضان عثمان کی فیملی ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

    ہائیکورٹ نے لاپتا نوجوان فیضان عثمان کی فیملی ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا

    اسلام آباد: ہائیکورٹ نے لاپتا نوجوان فیضان عثمان کی فیملی ارکان کے نام ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں شہریوں کے نام سفری پابندی کی فہرست میں شامل کرنے کے خلاف کیس میں عدالت نے 13 سالہ بچے سمیت فیملی کے 9 میں سے 7 ارکان کے نام ای سی ایل پر رکھنے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔

    بغیر اسکروٹنی اور ورکنگ پیپر فیملی ارکان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا معاملہ سب کمیٹی کو کیسے بھیجا؟ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکریٹری داخلہ سے آئندہ سماعت پر بیان حلفی طلب کر لیا۔

    فیضان عثمان کچھ عرصہ قبل لاپتا ہوا تھا، جسٹس بابر ستار کی جانب سے سماعت کا 3 صفحات پر مبنی تحریری حکم جاری کیا گیا، عدالتی دستاویزات کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ خفیہ ادارے کی سفارش پر ایک فیملی کے 9 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالے گئے۔

    مصطفیٰ نواز کھوکھر کے والد کو ڈپلیکیٹ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی درخواست انتقال کے بعد منظور

    حکم نامے کے مطابق عدالت کو بتایا گیا کہ خفیہ ادارے نے پھر 7 افراد کی حد تک سفارش واپس لے لی، اور صرف 2 کی حد تک برقرار رکھی، تاہم کیس کی سماعت کے دوران وزارت داخلہ حکام عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے کہ انھوں نے کیا اسکروٹنی کی تھی، اور عدالت کو یہ نہیں بتایا گیا کہ کابینہ کمیٹی کو نام بھیجوانے کے لیے کیا ورکنگ پیپر تیار کیا گیا۔

    عدالت نے وزارت داخلہ کی جانب سے کابینہ کمیٹی کو بھجوایا جانے والا ورکنگ پیپر بھی آئندہ سماعت پر طلب کر لیا، اور ریمارکس دیے کہ بادی النظر میں بغیر ورکنگ پیپر اور بغیر اسکروٹنی نام ای سی ایل پر ڈالے گئے ہیں۔

  • اسلام آباد سے لاپتہ شہری فیضان عثمان واپس گھر پہنچ گیا

    اسلام آباد سے لاپتہ شہری فیضان عثمان واپس گھر پہنچ گیا

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سے لاپتہ شہری فیضان عثمان واپس گھر پہنچ گیا، عدالت نے شہری کی بازیابی کے لئے 11 ستمبر تک مہلت دے رکھی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے لاپتہ شہری فیضان عثمان واپس گھر پہنچ گیا، بازیاب ہونے والے فیضان عثمان کے والد نے ٹویٹ میں تصدیق کی۔

    والد نے کہا ہے کہ الحمد للّہ میرا پیارا بیٹا گھر پہنچ گیا ہے ، میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں اپنی پوری قوم اور ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کروں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے 11 ستمبر تک آئی جی اسلام آباد کو شہری کی بازیابی کی مہلت دے رکھی تھی ،جسٹس بابر ستار 11 ستمبر کو کیس کی سماعت کریں گے۔

    یاد رہے ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں 4 لاپتہ شہری کی بازیابی سے متعلق سماعت میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دو تین دن کا مزید وقت دیا جائے۔

    آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے عدالت کو بتایا تھا کہ میں نے لاپتہ فیضان کے والد کے ساتھ آدھا گھنٹہ گزارا، فیضان کی لوکیشن پہلے اسلام آباد اور 17 اگست کو پھر لاہور کی لوکیشن آئی۔

    انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے فوٹیجز دیکھی ہیں، کچھ لوگوں کے چہروں پر ماسک ہیں، دوسری فوٹیج میں نظر آنے والے لوگوں کے چہرے واضح نہیں ہیں، فوٹیج میں گاڑیاں واضح نظر آ رہی ہیں۔

    بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کی بازیابی کے لیے پولیس کو 11 ستمبر تک مہلت دے دی اور حکم میں کہا تھا کہ آئی جی اسلام آباد نے عدالت میں پیش ہو کر ابتدائی رپورٹ جمع کرائی ہے اورکہا کہ تفتیش میں تمام ڈیٹا اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آئی جی اسلام آباد نے لاپتا فیضان کو بازیاب کرانے اور رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ آئی جی اسلام آباد آئی ایس آئی، آئی بی، ایف آئی اے اور تمام متعلقہ خفیہ اداروں سے سپورٹ لے سکیں گے، اور عدالت توقع کرتی ہے کہ آئی جی اسلام آباد فیضان کو بازیاب کرا کے 11 ستمبر کو عدالت کے سامنے پیش کریں گے۔