Tag: فیفا

  • چیئرمین پی سی بی کی فیفا کے صدر سے ملاقات، پاکستان کے دورے کی دعوت

    چیئرمین پی سی بی کی فیفا کے صدر سے ملاقات، پاکستان کے دورے کی دعوت

    واشنگٹن: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ فٹبال کی عالم تنظیم فیفا کے صدر نے جلد پاکستان آنے کا وعدہ کیا ہے۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سوشل میڈیا پر فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو سے ملاقات کی تصویر شیئر کی ہے، ٹوئٹ میں انہوں نے بتایا کہ واشنگٹن میں فیفا کے صدر سے ملاقات ہوئی۔

    چیئرمین پی سی بی نے لکھا کہ فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو سے ہونیوالی ملاقات خوشگوار رہی، پاکستان میں کھیلوں کے بے پناہ ٹیلنٹ کی موجودگی پر تبادلہ خیال ہوا۔

    محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ کے بعد فٹبال پاکستان میں مقبولیت کا حامل کھیل ہے، چیئرمین پی سی بی نے فیفا پریذیڈنٹ کو پاکستان کے دورےکی دعوت دی۔

    چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بتایا کہ گیانی انفینٹینو نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کی اور وہ جلد آئیں گے۔

  • فیفا کا شاہین آفریدی کو زبردست خراج تحسین، فٹبال لیجنڈز کے برابر درجہ دیدیا

    فیفا کا شاہین آفریدی کو زبردست خراج تحسین، فٹبال لیجنڈز کے برابر درجہ دیدیا

    فٹبال کی عالمی باڈی فیفا نے پاکستانی پیسر شاہین شاہ آفریدی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انھیں فٹبال لیجنڈز کے برابر درجہ دیدیا۔

    فیڈریشن انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن نے کرکٹ اور کھیلوں کی دنیا میں پاکستانی کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں فٹبال لیجنڈز کے ساتھ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں جگہ دی ہے جبکہ تمام کھلاڑیوں کےلیے ‘آئیکونک’ اکی اصطلاح بھی استعمال کی گئی ہے۔

    فیفا کے آفیشل انسٹاگرام اکائوٹ سے ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس میں شاہین آفریدی کو گلوبل فٹبال آئیکون، لیونل میسی، نیمار جونیئر، لوکا موڈرک جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

    دنیا کے یہ تمام نامور ایتھلیٹ کھیل کے دوران ’10 نمبر’ کی جرسی کا استعمال کرتے ہیں جبکہ شاہین آفریدی کرکٹ میں اس نمبر کی شرٹ پہن کر میدان میں اترتے ہیں۔

    فٹبال کی عالمی باڈی نے اس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے "دی آئیکونک” یہ گلوبل اسپورٹنگ لیجنڈز ہیں جنھوں نے اس لیجنڈری نمبر کی جرسی زیب تن کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق فیفا کی اس پوسٹ کا مقصد پاکستانی مداحوں میں آئندہ فٹبال ورلڈکپ کےلیے زیادہ سے زیادہ دلچسپی پیدا کرنا ہے

    خیال رہے کہ حال ہی میں شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں لاہور قلندرز نے تیسری بار پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی اپنے نام کی ہے جبکہ ایونٹ میں ان کی بولنگ بھی کافی شاندار رہی تھی۔

  • فٹبال کی عالمی باڈی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی

    فٹبال کی عالمی باڈی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی

    انٹرنیشنل فیڈریشن آف فٹ بال ایسوسی ایشن نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی، پاکستان کو فیصلے سے متعلق آگاہ کردیا گیا۔

    پی ایف ایف کانگریس کی جانب سے فٹبال گورننگ باڈی اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کی لازمی آئینی ترامیم منظور کی گئی تھیں جس کے بعد فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی کو ختم کیا، حکام نے اتوار کو یہ خوشخبری سنائی۔

    فیفا نے جاری بیان میں کہا کہ فیفا کونسل کے بیورو نے 2 مارچ 2025 کو پی ایف ایف پر 6 فروری 2025 کو لگائی گئی معطلی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ فیصلہ پی ایف ایف کانگریس کی جانب سے متفقہ طور پر پی ایف ایف آئین کے ورژن کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے جس کی توثیق فیفا اور اے ایف سی نے کی تھی۔

    پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کے رکن شاہد کھوکھر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معطلی ختم کر دی گئی ہے پاکستان دوبارہ اہل ہوگیا ہے کہ یہاں بین الاقوامی فٹ بال سرگرمیاں شروع ہوسکیں۔

    خیال رہے کہ پی ایف ایف کانگریس کی جانب سے کچھ ہفتوں قبل انتخابی اصلاحات کے لیے آئینی ترامیم منظور نہیں کی گئی تھیں جس کے بعد فیفا نے پی ایف ایف کی رکنیت معطل کردی تھی۔

    فیفا کا کہنا تھا کہ یہ معطلی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک پی ایف ایف کانگریس فیفا اور اے ایف سی کی جانب سے پیش کردہ آئینی ترامیم کی منظوری نہیں دے دیتی۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-football-federation/

  • سابق کپتان قومی فٹبال ٹیم  نے ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اٹھادئیے

    سابق کپتان قومی فٹبال ٹیم نے ٹیم کی سلیکشن پر سوالات اٹھادئیے

    کراچی: سابق کپتان قومی فٹ بال ٹیم نے چیئرمین کمیٹی ہارون ملک پر سنگین الزامات عائد کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں محمد عیسٰی خان نے کہا کہ موجودہ کمیٹی چیئرمین تین بار اپنی مدت میں توسیع کراچکے مزید توسیع چاہتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ وہ جون تک انجوائے کرنا چاہتے ہیں۔

    سابق کپتان قومی فٹ بال ٹیم نے الزام عائد کیا کہ ہارون ملک ڈالرزکےچکرمیں توسیع چاہتےہیں، آٹھ ہزارڈالرماہانہ لینے والےسال کے25لاکھ ڈالرکمانےکےچکرمیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں گذشتہ آٹھ سالوں سے فٹبال کے معاملات تنازعات کاشکارہیں،فیفا نےجنوری دو ہزار اکیس میں نارملائزیشن کمیٹی بنائی، کمیٹی کا کام تین مہینےمیں انتخابات کراناتھا، ایک سال میں این سی نےکچھ نہیں کیا۔

    سابق کپتان فٹبال ٹیم نے الزام عائد کیا کہ این سی کی وجہ سے ڈومیسٹک فٹبال بند ہے،این سی باہرسے کمیشن پرکھلاڑی لارہی ہے اور انہیں ٹیم میں کھلا کر ان سے کمیشن کھارہی ہے، قومی ٹیم کی تشکیل میں نیشنل فٹبالرزکو نظراندازکیاجارہاہے۔

    عیسیٰ خان نے مطالبہ کیا کہ فیفا کسی صورت نارملائزیشن کوتوسیع نہ دے کیونکہ مدت کےخاتمےپرسلیکشن کانعرہ مدت میں توسیغ کامنصوبہ ہے۔

  • مراکشی فٹبال فیڈریشن کا فیفا سے احتجاج

    مراکشی فٹبال فیڈریشن کا فیفا سے احتجاج

    دوحا: مراکش کی فٹ بال فیڈریشن نے فرانس اور مراکش کے درمیان ورلڈ کپ سیمی فائنل کے میچ کے دوران ریفری کے غلط فیصلو کے خلاف فیفا سے احتجاج ریکارڈ کیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق مراکش فٹ بال فیڈریشن کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ میکسیکو کے ریفری سیزر راموس نے میچ کے پہلے ہاف میں جب فرانسیسی کھلاڑی تھیو ہرنینڈز نے مراکش کے کھلاڑی سوفیان بوفال کے خلاف فاؤل کیا تو وہ مراکش کو پنالٹی کک دینے میں ناکام ہوئے۔

    بیان کے مطابق فاؤل پر مراکش کو پنالٹی کک ایوارڈ کرنے کے بجائے ریفری نے بوفال کو ہی یلو کارڈ جاری کیا۔

    مراکش فٹ بال فیڈریشن کا کہنا ہے کہ متبادل کھلاڑی کو نیچے گرانے پر بھی میچ کے آفیشل اس کو دوبارہ دیکھنے میں بھی ناکام ہوئے۔

    رائل مراکشی فٹ بال فیڈریشن نے متعلقہ باڈی کو لکھا ہے کہ وہ ریفری کے فیصلوں پر نظر ثانی کریں جن کی وجہ سے مراکش 2 پنالٹی ککس سے محروم ہوا جو کہ کئی سپیشلسٹ ریفریز کی نظر میں پنالٹی بنتے تھے۔

    خیال رہے کہ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی تھی۔ مراکش کی ٹیم کانسی کے تمغے کے لیے سنیچر کو کروشیا کا مقابلہ کرے گی۔

    توقعات کے برخلاف مراکش نے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے بیلجیئم، اسپین اور پرتگال کی مضبوط ٹیموں کو شکست دی۔

    اگر تیسری پوزیشن کے میچ میں مراکش کروشیا کو ہرانے میں کامیاب ہوتا ہے تو یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کوئی افریقی ٹیم فیفا ورلڈ کپ میں کانسی کا تمغہ جیتے گا۔

  • ویڈیو: فیفا ورلڈکپ میں سعودی عرب کی تاریخی جیت کے رنگ برج خلیفہ پر چھا گئے

    ویڈیو: فیفا ورلڈکپ میں سعودی عرب کی تاریخی جیت کے رنگ برج خلیفہ پر چھا گئے

    کامیابی ایسی کہ پڑوسی ملک بھی جشن منائے سعودی عرب کی بڑی جیت کے رنگ برج خلیفہ پرچھا گئے۔

    برج خلیفی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شئیر کی گئی ہے جس میں سعودی عرب کی تاریخی فتح کے بعد مبارکباد دینےکیلئے لائٹ پروجکشن سے سعودی پرچم عمار ٹاور پر لہرا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ سعودی عرب کے میچ کے دوران امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے اور اس دوران انہوں نے بردار اسلامی ملک کا پرچم اٹھا کر ٹیم کی سپورٹ کرتے رہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ایک مقابلے میں دو گولز سے ہرادیا تھا۔

    https://twitter.com/BurjKhalifa/status/1595109684025110528?s=20&t=Q3ggOqVrEHx4KiqpR5jqqw

     اس تاریخی فتح پر میچ کے بعد سعودی کھلاڑیوں کی میدان میں سجدہ ریز ہونے کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں جبکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی میچ دیکھنے کی تصاویر اور بارگاہ الہٰی میں سجدہ شکر کی تصاویر نے میڈیا میں خوب جگہ سمیٹی تھی۔

  • فیفا ورلڈ کپ : قطر  نے بڑی پابندی عائد کردی

    فیفا ورلڈ کپ : قطر نے بڑی پابندی عائد کردی

    فیفا نے قطر سے مزاکرات کے بعد کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم کے قریب جگہوں پر شراب کی فروخت کی اجازت نہیں ہو گی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فیفا کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ بیس نومبر سے قطر میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران اسٹیڈیم کے قریب بار پر شراب کی فروخت کی اجازت نہیں ہو گی۔

    فٹبال کے عالمی ادار فیفا کی طرف سے یہ اعلان باضابطہ طور پر کیا گیا ہے، فیفا کا یہ اعلان میزبان ملک قطر کے حکام اور فیفا کے درمیان بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔

    قطر حکام سے ملاقات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ورلڈ کپ کے تماشائیوں کو شراب کی فروخت صرف لائسنسڈ سیلز پوائنٹس سے کی جائے گی، مگر فیفا کے ترجمان کے مطابق اسٹیڈیم سے یہ سیل پوائنٹ ختم کیے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے ایک بڑے اسپانسر کو یہ حقوق دیے گئے تھے کہ وہ تمام آٹھ اسٹیڈیمز میں میچ شروع ہونے سے تین گھنٹے پہلے تک اور ایک گھنٹہ بعد تک شراب فروخت کر سکے گا۔

    لیکن یہ فیصلہ فیفا ، قطر کی سپریم کمیٹی اور بڈویزر کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد واپس لے لیا گیا ہے۔

    اتوار کے روز سے شروع ہونے ورلڈ کپ کو اس بار دیکھنے کے لیے آنے والی بڑی تعداد مشرق وسطیٰ، جنوبی ایشیا سے ہے، جہاں کے کلچر میں شراب کی حیثیت نہیں ہے۔

    دوسری جانب یورپی شائقین کی جانب سے یہ رائے بھی سامنے آئی تھی کہ شراب کی موجودگی سے فٹبال کو انجوائے نہیں کیا جا سکے گا۔

  • انسانی کھوپڑیاں اور فٹبال کا کھیل

    انسانی کھوپڑیاں اور فٹبال کا کھیل

    فٹبال دنیا کا ایک مقبول کھیل ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ کھیل ہماری زندگی میں کیسے داخل ہوا۔ اس کا آغاز کب اور کہاں ہوا؟

    زمانۂ قدیم سے دنیا کی مشہور اور بڑی اقوام میں جن میں چینی، جاپانی، یونانی، ایرانی اور اطالوی شامل ہیں، ایک کھیل مقبول رہا ہے جس کے تذکروں اور آثار کی بنیاد پر اسے موجودہ دور کے کھیل فٹبال کی طرز کا کہا جاسکتا ہے۔ محققین کے مطابق چین میں چند صدیوں قبل نہیں بلکہ تین ہزار سال پہلے فٹبال کی طرز کا ایک کھیل کھیلا جاتا تھا۔

    فٹبال کے کھیل کے بارے میں بعض دل چسپ روایات بھی ملتی ہیں کہ چین اور مصر کے ساحلی علاقوں میں بچّے جمع ہو کر سوکھے ناریل کو پیر سے ٹھوکر مارتے ہوئے دور تک لے جاتے اور واپس لاتے تھے۔ یہی فٹبال کی ابتدا تھی۔ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ جرمنی اور ڈنمارک کے درمیان جنگ ہوئی تو دونوں ممالک کے سپاہی دشمن کو خوف زدہ کرنے اور اپنی طاقت اور برتری جتانے کی غرض سے مردہ فوجیوں کا تن دھڑ سے جدا کر کے ان کی کھوپڑیوں کو ٹھوکر مارتے ہوئے دور تک لے جاتے تھے۔ ان کا یہ غیر انسانی اور وحشیانہ فعل فٹبال کے آغاز کا سبب بنا۔ تاہم یہ باتیں صرف روایات اور قصّے ہیں۔

    فٹبال یا اس سے ملتا جلتا کھیل سب سے پہلے برطانیہ میں شروع ہوا۔ جب کہ وہاں 1863ء میں رگبی اور فٹبال ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا۔ اکتوبر 1863ء میں لندن کے گیارہ کلبوں اور اسکول کی ٹیموں نے فٹبال کے کھیل کے اُصول و ضوابط طے کرنے کے لیے اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں ایک فٹبال ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں آیا۔ آٹھ سال بعد برطانیہ میں اس فٹبال ایسوسی ایشن کے 50 کلب رکن بن گئے۔ اسی سال دنیا کا پہلا فٹبال ٹورنمنٹ ایف اے کپ کے نام سے کھیلا گیا۔ یورپ کے دیگر ممالک میں فٹبال کا ابھی آغاز ہی تھا کہ برطانیہ میں فٹبال کے بین الاقوامی میچ کھیلے جانے لگے۔

    1872ء میں برطانیہ اور اسکام لینڈ کے درمیان میچ کھیلا گیا۔ برطانیہ کی فٹبال ایسوسی ایشن کے طرز پر بہت جلد دیگر ممالک میں بھی فٹبال ایسوسی ایشن قائم ہونے لگے جن میں اسکاٹش فٹبال ایسوسی ایشن 1873ء، ویلز فٹبال ایسوسی ایشن 1875ء اور آئرش فٹبال ایسوسی ایشن 1880ء شامل ہیں۔

    1904ء میں پیرس میں فٹبال کی عالمی تنظیم المعروف فیفا کا قیام عمل میں آیا۔ اس کے بانی سات ممالک فرانس، بیلجیئم، ڈنمارک، نیدر لینڈ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزر لینڈ تھے۔ بعد میں اس کے رکن ممالک کی تعداد بڑھتی گئی۔

    یہ تنظیم ہر چار سال میں فٹبال کے عالمی کپ کا انعقاد کرواتی ہے اور دیگر اہم بین الاقوامی مقابلے منعقد کرتی ہے۔ آج فٹبال کا کھیل یورپ، امریکا، افریقہ، ایشیا اور آسٹریلیا سمیت سبھی بر اعظموں میں مقبول ہے۔

    ہندوستان میں فٹبال کی تاریخ پر سرسری نظر ڈالیں‌ تو یہاں انگریزی دورِ اقتدار میں‌ یہ کھیل متعارف ہوا۔ ابتدائی دور کے فٹبال میچ آرمی ٹیموں کے درمیان ہوا کرتے تھے۔ کہا جاتا ہے کہ ہندوستان میں فٹبال کے کھیل کا پہلا میچ 1854ء میں کھیلا گیا تھا۔

    (سلیم اللہ کے مضمون سے اقتباسات)

  • بھارت کو بڑا دھچکا، فیفا نے رکنیت معطل کر دی

    بھارت کو بڑا دھچکا، فیفا نے رکنیت معطل کر دی

    زیورخ: فٹ بال کی عالمی باڈی فیفا نے بھارت کی رکنیت معطل کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل فٹبال ایسوسی ایشن فیفا نے منگل کو کہا ہے کہ اس نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ فیصلہ فیفا کونسل کے بیورو نے متفقہ طور پر لیا ہے۔

    فیفا کا کہنا ہے کہ فٹبال قوانین میں بیرونی مداخلت پر بھارت کی رکنیت معطل کی گئی ہے، اور یہ فیصلہ فریق ثالث کے غیر ضروری اثر و رسوخ کی وجہ سے لیا گیا ہے جو کہ فیفا کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

    رکنیت کی معطلی کی وجہ سے بھارت اکتوبر میں انڈر 17 ویمن فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی سے محروم ہو گیا، جو کہ 11 سے 30 اکتوبر تک بھارت میں ہونا تھا۔

    فیفا کا کہنا ہے کہ بھارت میں فٹبال کے معاملات منتخب باڈی کے سپرد کیے جائیں، جیسے ہی ایڈمنسٹریٹرز کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی اور آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کو اس کے اختیارات مل جائیں گے تو یہ پابندی بھی ہٹا دی جائے گی۔

  • فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

    فٹبال ورلڈ کپ 2026 کن شہروں میں ہوگا؟ اعلان ہو گیا

    فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے میزبان شہروں کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی، فیفا نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ 2026 کے ورلڈ کپ کے میچز 11 امریکی شہروں کے ساتھ ساتھ میکسیکو کے 3 میزبان مقامات اور 2 کینیڈا کے شہروں میں منعقد ہوں گے۔

    فیفا کے مطابق فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے میچز مجموعی طور پر تین ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے 16 شہروں میں ہوگا۔

    ان 16 میزبان شہروں میں اٹلانٹا، بوسٹن، ڈلاس، گواڈالاجارا، ہیوسٹن، کنساس سٹی، لاس اینجلس، میکسیکو سٹی، میامی، مونٹیری، نیویارک/نیو جرسی، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو، سیاٹل، ٹورنٹو اور وینکوور شامل ہیں۔

    تاہم فیفا حکام اس کا فیصلہ بعد میں کریں گے کہ 16 میں سے کون سا شہر گروپ پلے کی میزبانی کرے گا، اور کون ایلیمینیشن راؤنڈ میچوں کی میزبانی کرے گا۔

    فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو نے اس سلسلے میں جاری بیان میں مذکورہ شہروں کو ورلڈ کپ کی میزبانی پر مبارک باد پیش کی، اور ان کے جذبے کو سراہا، انھوں نے کہا یہ ممالک اور شہر مل کر اس ورلڈ کپ کو زمین کا سب سے بڑا شو بنا دیں گے۔

    انھوں نے کہا ہم فٹبال کو حقیقی معنوں میں عالمی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس سلسلے میں یہ ورلڈ کپ گیم چینجر ثابت ہوگا۔

    خیال رہے کہ 2026 کا مردوں کا ورلڈ کپ پہلا ایڈیشن ہوگا، جس میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور یہ پہلا موقع ہے جب 3 ممالک میں میچ کھیلے جائیں گے۔

    امریکا 1994 میں پہلی بار ورلڈ کپ کی میزبانی کے بعد دوسری بار میزبانی کرنے جا رہا ہے، اور میکسیکو کے لیے یہ ریکارڈ تیسری بار ہوگا، اس نے 1970 اور 1986 میں بھی میزبانی کی تھی، جب کہ کینیڈا میں پہلی بار مردوں کے ورلڈ کپ کا کوئی میچ منعقد ہوگا، اگرچہ کینیڈا نے 2015 میں خواتین کے عالمی کپ کی میزبانی کی تھی۔