Tag: فیفا ورلڈ کپ 2026

  • فیفا ورلڈ کپ 2026: وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے فیفا کے صدر کی اہم ملاقات، میڈیا کی تنقید

    فیفا ورلڈ کپ 2026: وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے فیفا کے صدر کی اہم ملاقات، میڈیا کی تنقید

    واشنگٹن (23 اگست 2025): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا کے صدر جیانی انفنٹینو نے امریکی صدر ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے، جس کے بعد انھوں نے انکشاف کیا کہ 2026 کے ورلڈ کپ کی قرعہ اندازی اس دسمبر میں واشنگٹن میں ہوگی۔

    ٹرمپ نے اعلان کیا کہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے ٹیموں کے ڈراز 5 دسمبر کو کینیڈی سینٹر میں ہوں گے، اور عالمی فٹبال ایونٹ کا واشنگٹن سے نیا تاریخی آغاز ہوگا، کینیڈی سینٹر اس ایونٹ کا شان دار آغاز کرے گا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی ٹیم بھی اس ایونٹ میں حصہ لے گی، فیفا ورلڈ کپ 2026 تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا۔ ملاقات کے موقع پر فیفا کے صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کو ان کے نام کی ٹی شرٹ بھی پیش کی۔

    واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 تین ملکوں میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے، میگا ایونٹ کے 13،13 میچز میکسیکو اور کینیڈا میں ہوں گے، جب کہ بقیہ میچز امریکا کے 11 شہروں میں ہوں گے۔

    دوسری طرف امریکی اخبارات نے فیفا کے صدر کی اس طرح ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات پر شدید تنقید کی ہے، اور کہا ہے کہ وہ آمر حکمرانوں اور انسانی حقوق کی پامالی کرنے والوں کی چاپلوسی کر رہے ہیں۔ یو ایس ٹوڈے نے لکھا کہ جیانی انفنٹینو کی خوشامدانہ روش اب فیفا ورلڈ کپ کو بھی داغدار کر رہی ہے۔

    اخبار نے لکھا کہ اگلے سال ہونے والا مردوں کا ورلڈ کپ، شمالی کوریا کے طرز کا ریاستی پروپیگنڈا ایونٹ بنتا جا رہا ہے، اور انفنٹینو بخوشی اس کا حصہ بن رہے ہیں، اور ایک ایسے موقع پر جس میں محض یہ اعلان ہونا تھا کہ قرعہ اندازی کینیڈی سینٹر میں ہوگی، وہ 45 منٹ تک ٹرمپ کے پہلو میں کھڑے ہنستے رہے جیسے وہ بھی کابینہ کے کوئی رکن ہوں۔

    یہاں تک کہ انفنٹینو اُس وقت بھی خاموش کھڑے رہے جب ٹرمپ نے یہ تجویز دی کہ شاید ولادیمیر پیوٹن بھی اس ٹورنامنٹ میں شریک ہوں، حالاں کہ 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد روس پر فیفا کے مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد ہے۔

  • جاپان نے کی تاریخ رقم، فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی

    جاپان نے کی تاریخ رقم، فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی

    جاپان نے تاریخ رقم کردی، فیفا ورلڈ کپ 2026 کیلئے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

    جاپان نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں بحرین کو 0-2 سے ہرا کر فٹ بال ورلڈ کپ 2026 میں  سب سے پہلے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایشیا سے 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جس میں جاپان نے سب سے پہلے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کیا، جاپان میگا ایونٹ میں جگہ بنانے والا پہلا ملک بن گیا۔

    ایشیائی کوالیفکیشن کے تیسرے راؤنڈ میں جاپان نے اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی اور ورلڈکپ کا ٹکٹ کٹوا لیا۔

     جاپانی ٹیم نے بحرین کو دو صفر سے شکست دے کر شریک میزبان کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کے ساتھ ارتالیس ٹیموں کے ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی۔

    واضح رہے کہ کوالیفائنگ کے  تیسرے راؤنڈ میں 18 ٹیموں کو 3 گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں فٹ بال ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی، امریکا، کینیڈا اور میکسیکو بطور میزبان ورلڈ کپ میں جگہ بنا چکے ہیں۔

  • فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے تیاری، فلسطینی ٹیم کے تین کھلاڑی غزہ سے نکل نہ سکے

    فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے تیاری، فلسطینی ٹیم کے تین کھلاڑی غزہ سے نکل نہ سکے

    فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائرز کے لیے تیاریاں کرتی فلسطینی ٹیم کے تین کھلاڑی تاحال غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں، جہاں ان کے کئی رشتے دار بھی صہیونی بمباری کے باعث شہید ہو چکے ہیں۔

    اے پی کے مطابق فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے لیے فلسطینی ٹیم کی غزہ میں جاری جنگ کے سائے تلے تیاریاں جاری ہیں، ہیڈ کوچ مکرم دابوب اپنی فلسطینی ٹیم کو ورلڈ کپ کے کوالیفائرز کے لیے تیار کرنے پر مشکلات کا شکار ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ غزہ میں پھنسے ہوئے اُن کی ٹیم کے کچھ کھلاڑی محفوظ ہیں، میں ٹیم کے تین کھلاڑی ابراہیم ابوئی میر، خالد النبریص اور احمد القید کو اس ٹریننگ کیمپ کا حصہ بنانا چاہتا ہوں تاہم یہ کھلاڑی اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کے باعث ابھی غزہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔

    فلسطینی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکرم دبوب

    ورلڈ کپ کوالیفائرز کے لیے فلسطینی ٹیم کا اردن میں ٹریننگ کیمپ جاری ہے، کیمپ میں دو کھلاڑی غزہ سے آنے ہیں جب کہ مصر سے محمد صالح اور محمود وادی نامی فٹبالر بھی فلسطینی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ غزہ میں تباہی اور اموات کے باعث کھلاڑی نفسیاتی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    واضح رہے کہ فلسطین نے 16 اور 21 نومبر کو بالترتیب لبنان اور آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ میچ کھیلنے ہیں۔

    ادھر فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کے نائب صدر سوسان شلابی نے واضح کیا ہے کہ میچوں کے ہونے پر عوام اور کھلاڑیوں کو کوئی تحفظات نہیں ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ انھیں باقی دنیا سنے اور دیکھے، وہ باقی لوگوں کی طرح معمول کے مطابق زندگی گزارنا چاہتے ہیں، اس لیے لوگ اپنی قومی ٹیم کے بارے میں بہت حساس ہیں۔

    فلسطین فٹبال ایسوسی ایشن کو 1998 میں فیفا کی رکنیت حاصل ہوئی تھی، جس کے بعد فلسطینی ٹیم نے خطے میں کچھ کامیابیاں بھی حاصل کیں۔ 2026 کا فیفا فٹبال ورلڈ کپ امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں کھیلا جائے گا۔