Tag: فیفا ورلڈ کپ

  • فٹ بال ورلڈ کپ، قطر کا شایقین کے لیے اہم فیصلہ

    فٹ بال ورلڈ کپ، قطر کا شایقین کے لیے اہم فیصلہ

    دوحہ: قطر نے فٹ بال ورلڈ کپ شائقین کے لیے کرونا ویکسینیشن کی شرط ختم کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کی وزارت صحت نے رواں برس ہونے والے فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے کووِڈ نائنٹین کی ویکسین لگوانے کی شرط ختم کر دی ہے۔

    گلف نیوز کے مطابق وزارت صحت نے اپنے بیان میں کہا کہ کرونا کیسز میں اضافے کی صورت میں کھلاڑیوں اور میچ انتظامیہ کو ’بائیو ببل‘ میں رہنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے۔

    خیال رہے کہ قطر میں فٹ بال کے عالمی مقابلے 20 نومبر سے شروع ہوں گے، 2019 میں کرونا وبا پھیلنے کے بعد یہ 29 روزہ فیفا ورلڈ کپ پہلا بڑا عالمی ایونٹ ہوگا، قطری منتظمین نے توقع ظاہر کی ہے کہ 10 لاکھ سے زائد شائقین اس ایونٹ میں شرکت کریں گے۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اگر کرونا کیسز میں اضافے کے سبب بائیو سیکیور ببل کا نفاذ کیا گیا، تو اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹورنامنٹ سے باہر کیا جا سکتا ہے۔

    قطری ہیلتھ گائیڈ لائنز کے مطابق 6 برس سے زائد عمر کے شائقین کو قطر کی پرواز لینے سے قبل کرونا وائرس منفی آنے کی رپورٹ دکھانا ہوگی۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ وبا کی صورت حال فی الحال کنٹرول میں ہے، اس لیے شائقین کے لیے ویکسینیشن کی لازمی شرط ختم کر دی گئی ہے۔

    قطری حکام کے مطابق یکم نومبر سے صرف اُن شائقین کو داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس ٹکٹ ہوں گے، جب کہ ایک ٹکٹ کے ساتھ 3 لوگوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔

    قطر آنے والے شائقین کے پاس خصوصی فین پاس، حایا کارڈ اور قطر کی کووِڈ ہیلتھ ایپلیکیشن ’اہتراض‘ لازمی موجود ہونی چاہیے۔

    فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کا کہنا ہے کہ یہ ایک میگا ایونٹ ہوگا جو اس بات کی علامت ہوگا کہ دنیا سے کووِڈ کی شرح میں کمی آ گئی ہے۔

  • فیفا ورلڈ کپ: 10 ہزار پاکستانیوں کی ملازمت خطرے میں

    فیفا ورلڈ کپ: 10 ہزار پاکستانیوں کی ملازمت خطرے میں

    کراچی: قطر میں نومبر میں منعقد ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے 10 ہزار پاکستانی محنت کشوں کو قطر جانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ان کی ملازمت خطرے میں پڑ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے سلسلے میں پاکستانی محنت کشوں کو قطر جانے میں مشکلات کا سامنا پیش آ رہا ہے، پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی ویزہ نمبر ملنے کے باوجود میڈیکل کے لیے محنت کشوں کو اپائنمنٹ نہیں دے رہی۔

    پاکستانیوں کے بر وقت قطر نہ پہنچنے سے ملازمتوں کا کوٹہ دوسرے ملکوں کو منتقل ہو رہا ہے، اور کوٹہ نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

    ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد عدنان پراچہ نے حکومت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فوری طور پر قطر حکومت سے اس سلسلے میں بات کرے، تاکہ پاکستانیوں کے قطر کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔

    عدنان پراچہ کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے لیے 10 ہزار سے زائد پاکستانی قطر جانے کے منتظر ہیں، اور نجی کمپنی ویزہ نمبر ملنے کے باوجود میڈیکل کے لیے پاکستانی محنت کشوں کو اپائنمنٹ نہیں دے رہی ہے۔

    کمپنی میڈیکل کے لیے جنوری کا وقت دے رہی ہے، جب کہ فیفا ورلڈ کپ نومبر میں ہے، بر وقت قطر نہ پہنچنے کی وجہ سے پاکستانیوں کی ملازمتوں کا کوٹہ نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش منتقل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

    عدنان پراچہ کے مطابق پاکستان اور قطر کے منظور شدہ 2 سینٹر کراچی اور اسلام آباد میں ہیں، ویزے کے لیے یومیہ 300 میڈیکل ہو رہے ہیں، جب کہ 700 سے 800 ہونے چاہئیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ارجنٹ میڈیکل کی فیس 4850 سے بڑھا کر 7450 روپے کر دی گئی ہے، لیکن اس کے باوجود میڈیکل کا وقت نہیں دیا جا رہا ہے۔

  • فیفا ویمن ورلڈ کپ 2019: امریکی خواتین ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    فیفا ویمن ورلڈ کپ 2019: امریکی خواتین ٹیم نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    امریکی خواتین فٹبال ٹیم نے فرانس میں ہونے والے فیفا ویمن ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، یہ امریکا کی لگاتار دوسری اور سنہ 1991 سے اس ورلڈ کپ کا آغاز کیے جانے کے بعد چوتھی فتح ہے۔

    فرانس میں فیفا ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں امریکی خواتین نے اپنے اعزاز کا شاندار دفاع کیا اور فائنل میں نیدر لینڈز کو 0-2 سے شکست دے کر ناقدین کے منہ بند کردیے۔

    میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے مسلسل حملے کیے مگر کامیابی نہ مل سکی۔ دوسرے ہاف میں امریکی ٹیم چھا گئی، کپتان میگن راپینو نے پینلٹی پر شاندار گول کیا۔

    انہترویں منٹ میں روز لیول نے دوسرا گول کر کے جیت پر مہر لگادی۔

     

    View this post on Instagram

     

    World champs—again!! To the amazing women of the #USWNT: Thank you for playing like girls. 🇺🇸

    A post shared by Hillary Clinton (@hillaryclinton) on

    اس سے قبل امریکی ٹیم ایک میچ میں 13 گول کر کے سوکر میچز کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔

    ورلڈ کپ کے دوران خواتین سوکر ٹیم کی اس کارکردگی پر جہاں ان کی تعریف کی جاتی رہی وہیں مختلف تنازعات بھی ان کے ساتھ ساتھ چلتے رہے۔

    امریکی ٹیم کی پلیئر میگن راپینو نے ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں قومی ترانہ نہ گا کر بہت سے لوگوں کو خفا کردیا تھا۔ یہ حرکت انہوں نے اقلیتوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف بطور احتجاج کی۔

    وہ اس سے قبل سنہ 2016 میں بھی یہی عمل دہرا چکی ہیں جب وہ ایک میچ میں قومی ترانے کے دوران سیدھا کھڑے ہونے کے بجائے جھک گئیں، اس کا مقصد ملک میں نسلی بنیادوں پر ناانصافی اور منصوبہ بندی کے تحت استحصال کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔

    امریکی خواتین سوکر ٹیم اس سے قبل اپنے جائز معاوضوں کے لیے عدالتوں کے چکر لگانے کی وجہ سے پہلے ہی خبروں میں ہے۔

    رواں برس مارچ میں امریکی خواتین سوکر ٹیم نے یو ایس سوکر فیڈریشن پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے اپنا معاوضہ مرد سوکر پلیئرز کے برابر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    عدالت میں جمع کروائی گئی درخواست میں 28 خواتین پلیئرز کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کی جانب سے انہیں کہا گیا کہ ’کاروباری حقائق یہ ہیں کہ خواتین مردوں کے برابر معاوضے کی حقدار نہیں ہیں‘۔

    پلیئرز نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے مردوں کی ٹیم کے مقابلے میں زیادہ مقابلے کھیلے اور جیتے ہیں جبکہ ان کی وجہ سے فیڈریشن کے منافع میں بھی اضافہ ہوا، اس کے باوجود ان کے معاوضے مرد پلیئرز سے کم ہیں۔

    امریکا کی خواتین سوکر ٹیم نے اس سے قبل بھی کئی بار فیڈریشن سے یکساں معاوضوں کا مطالبہ کیا تھا تاہم ہر بار ان کا مطالبہ مسترد کردیا گیا۔ اب ورلڈ کپ جیتنے کے بعد دیکھنا یہ ہے کہ یہ ٹیم اپنا یکساں معاوضے کا حق حاصل کر سکے گی یا نہیں۔

    سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ٹیم کی کپتان کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے ساتھ یہ مت بھولیں کہ یہ ٹیم یکساں معاوضے کے حق کے لیے لڑ رہی ہے۔ ان کی فتح تمام خواتین ایتھلیٹس کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔ میں ان کے ساتھ کھڑی ہوں‘۔

  • فیفا ورلڈ کپ : بیلجیئم، میکسیکو اورجرمنی کی ٹیموں نے میچز جیت لیے

    فیفا ورلڈ کپ : بیلجیئم، میکسیکو اورجرمنی کی ٹیموں نے میچز جیت لیے

    ماسکو : فیفا ورلڈ کپ میں بیلجیئم اور میکسیکو اور جرمنی نے اپنے اپنے میچز جیت لئے، تیونس، جنوبی کوریا اور سوئیڈن کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں فٹبال ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، گروپ جی میں بیلجیئم نے تیونس کو آسان مقابلے کے بعد 2-5 سے شکست دے دی۔

    بیلجیئم کی جانب سے رومیلو لوکاکو اور ایڈن ہزارڈ نے دو دو جب کہ مچی بٹشوائی نے ایک گول کیا۔ بیلجیئم گروپ میں دو فتوحات کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ بناچکا ہے۔

    دوسرے میچ میں میکسیکو نے جنوبی کوریا دو ایک سے شکست دی، میکسیکو نے پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کر کے برتری حاصل کی اور پھر دوسرے ہاف میں جیویر ہرنینڈس نے وسطی امریکی ملک کو ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

    تیسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن جرمنی اور سوئیڈن کےدرمیان کھیلے جانے والے میچ میں جرمنی نے سویڈن کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی، یاد رہے کہ جرمنی فیفا ورلڈ کپ میں دفاعی چیمپئن ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • فیفا ورلڈ‌ کپ 2018 کا بڑا اپ سیٹ، میکسیکو نے دفاعی چیمپین جرمنی کو ٹھکانے لگا دیا

    فیفا ورلڈ‌ کپ 2018 کا بڑا اپ سیٹ، میکسیکو نے دفاعی چیمپین جرمنی کو ٹھکانے لگا دیا

    ماسکو: میکسیکو نے عالمی چیمپین جرمنی کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2018 کا بڑا اپ سیٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018 کے چوتھے روز عالمی چیمپین جرمنی اور میکسیکو کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔

    ماہرین جرمنی کو فیورٹ قرار دے رہے تھے، مگر میکسیکو کی ’’انڈر ڈاگ‘‘ ٹیم نے جرمنی کو ٹھکانے لگا کر سب کو حیران کر دیا۔ میکسیکو کی جانب سے 35 ویں منٹ میں ہارونگ لوزینو نے خوب صورت گول داغ کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

    واضح رہے کہ ماضی میں میکسیکو کے ساتھ ہونے والے 11 مقابلوں میں سے صرف ایک میں جرمنی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    واضح رہے کہ سن 2014 میں بھی عالمی چیمپین اسپین کو اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے ہاتھوں پانچ کے مقابلے میں ایک گول سے عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    سربیا بہ مقابلہ کوسٹاریکا

    قبل ازیں گروپ ای کے میچ میں سربیا نے کوسٹاریکا کو ایک صفر سے شکست دے دی۔

    میچ میں کوسٹاریکا اور سربیا کی ٹیموں نے ایک دوسرے کی پوسٹ پر متواتر حملے کیے، 56 ویں منٹ میں سربیین کپتان الیگزینڈر کولاراو نے میچ کا اکلوتا گول اسکور کیا۔

    الیگزینڈر کولاراو نے فری کک خوب صورت گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے آخر تک قائم رہی۔

    گروپ ای کے دیگر دو ٹیمیں برازیل اور سوئٹزرلینڈ آج ہونے والے آخری میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ ماہرین سوئٹرزلینڈ سے اچھی مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔


    فیفا ورلڈ کپ 2018: چیچن مداحوں‌ کا مصری سپراسٹار کے لیے انوکھا تحفہ


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیفا ورلڈ کپ: روس کے ہاتھوں شکست، سعودی کھلاڑیوں کو سزا کا اعلان

    فیفا ورلڈ کپ: روس کے ہاتھوں شکست، سعودی کھلاڑیوں کو سزا کا اعلان

    جدہ: فیفا ورلڈکپ 2018 کے افتتاحی میچ میں روسی ٹیم کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد سعودی فٹبال فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو سزا دینے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق 15 جون کو فیفا ورلڈ کپ 2018 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کے روس اور سعودی عرب کی ٹیموں کے مابین ایونٹ کا پہلا مقابلہ ہوا جس میں عرب ٹیم کو عبرت ناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    میچ کی ابتدا ہی سے روسی ٹیم غالب رہی اور انہوں نے پے در پے حملے کر کے سعودی فٹبالرز کی دفاعی لائن کو تہس نہس کر دیا تھا۔ 12 ویں منٹ میں غازینسکی نے روس کی جانب سے پہلا گول کیا بعد ازاں دوسرا گول چیری شیف نے کیا جبکہ دوسرے ہاف میں زیوبا، چیری شیف اور گولوون نے آخری دو منٹ کے اندر شان دار گول اسکور کرکے مہمان ٹیم کی جیت پر تصدیق کی مہر ثبت کر دی تھی۔

    روس کے ہاتھوں شکست کے بعد جہاں سعودی عوام اپنی ٹیم سے شدید مایوس ہیں اور انہوں نے کھلاڑیوں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا تو دوسری جانب سعودی فٹبال فیڈریشن کے سربراہ عادل عزت نے کھلاڑیوں کو سزا دینے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق عادل عزت کا کہنا تھا کہ سعودی ٹیم کی روس کے ہاتھوں شکست نہایت مایوس کُن ہے کیونکہ ہم نے میگا ایونٹ کے لیے بہت پہلے سے تیاری شروع کردی تھی اور فیڈریشن نے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات کے ساتھ اچھی تربیت بھی فراہم کی۔

    اُن کا کہنا تھاکہ ہماری ٹیم کے کھلاڑیوں کسی بھی گراؤنڈ میں اترنے کے بعد اپنے اعصاب پر قابو پانا ہوگا، ایونٹ کے آئندہ میچز میں سعودی کھلاڑی اچھی کارکردگی پیش کریں اس کے لیے انہیں سزا دینا ضروری ہے۔

    سعودی فیڈریشن کے سربراہ نے گول کپیر عبد اللہ المایوف، اسٹرائیکر محمد السہلاوی اور دفاعی کھلاڑی عمر ہوساوی کو خاص طور پر سزا دینے کا اعلان کیا، پوری ٹیم کو وطن واپسی کے بعد قانون کے مطابق سزا بھگتنا ہوگی۔

    فٹبال بورڈ کی جانب سے ابھی تک واضع نہیں کیا گیا کہ ٹیم یا ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو کس قسم کی سزائیں سنائی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • عالمی فٹبال کپ کا آغاز کل سے روس میں ہوگا، لیاری میں بھی زبردست جوش و خروش

    عالمی فٹبال کپ کا آغاز کل سے روس میں ہوگا، لیاری میں بھی زبردست جوش و خروش

    ماسکو : فٹبال کا21واں عالمی میلہ جمعرات کو روس میں شروع ہو رہا ہے جو 15جولائی تک جاری رہے گا، منی برازیل لیاری میں بھی فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں کل سے21ویں فیفا فٹبال ورلڈ کپ کا آغاز ہورہا ہے، چھ براعظموں کی 32 ٹیمیں میزبان ملک روس میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی، روس کے گیارہ شہروں کے12اسٹییڈیمز میں 64 میچز کھیلے جائیں گے، افتتاحی میچ میزبان روس اور سعودی عرب کے درمیان کھیلا جائے گا۔

    اس بار جیت کے کئی امیدوار ہیں جن میں دفاعی چیمیئن جرمنی کے علاوہ برازیل بھی سرفہرست ہیں۔ اپنی ٹانگوں کا جادو دکھانے کے لئے دنیا کے نامور کھلاڑی میسی، رونالڈو، نیمار، مولر، ہیزارڈ، محمد صالاح، پوگبا جلوہ گر ہوں گے۔

    ورلڈ کپ کا فائنل میچ 15جولائی کو ماسکو میں کھیلا جائیگا، فٹبال ورلڈ کپ کی سب سے بڑی انعامی رقم 400 ملین ڈالرز ہے۔ فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی اور 38ملین ڈالرز ملیں گے۔

    یاد رہے کہ 14جون سے 15 جولائی تک دنیا کی دو تہائی آبادی فٹبال کے سحر میں مبتلا ہو گی۔ پاکستان میں بھی فٹبال کے متوالے ورلڈ کپ شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں، منی برازیل لیاری میں فیفا ورلڈ کپ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، ورلڈ کپ تو روس میں ہو رہا ہے لیکن فٹبال کے دیوانے لیاری میں بھی پر جوش ہیں۔

    کراچی میں فٹبال کے گڑھ لیاری میں فیفا ورلڈ کپ کا رنگ نظر آنے لگا، گلی محلوں میں پسندیدہ ٹیموں کے رنگ برنگی جھنڈے لہرا دیئے گئے، درو دیوار بھی رنگین ہوگئے، گلی محلے کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا بچے اور بڑے بھی پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔

    لیاری کے علی محمد محلے میں ورلڈ کپ وال بنائی گئی ہے جس پر سابق عالمی چیمپیئن ٹیموں کے نام درج ہیں۔ فٹبال کے متوالے سال دوہزار اٹھارہ میں برازیل کی حکمرانی کے خواہش مند ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مداحوں‌ کے لیے خوش خبری، اب فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے روس کے ویزے کی ضرورت نہیں

    مداحوں‌ کے لیے خوش خبری، اب فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے روس کے ویزے کی ضرورت نہیں

    ماسکو: اب فٹ بال کے مداح بغیر کسی ویزے کے روس جا کر فٹ بال کے عالمی مقابلے سے محظوظ ہوسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فٹ بال کا سب سے بڑا عالمی مقابلہ 14 جون کو روس میں منعقد ہوگا، جسے لاکھوں افراد براہ راست اور کروڑوں ٹی اسکرینز کے ذریعے دیکھیں گے.

    مداحوں کے لیے اہم خبر یہ ہے کہ اب وہ ویزے کی جھنجھٹ کے بغیر روس کا سفر کرسکیں گے، فیفا کی ویب سائٹ کے مطابق اگر کسی مداح کے پاس میچ کا ٹکٹ اورفین آئی ڈی موجود ہو، تو اسے روس جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق فیفا کی یہ آئی ڈی ایک شناختی کارڈ کا کام دے گی، جس پر تصویر اور رجسٹریشن نمبر درج ہوں گے۔

    فین آئی ڈی کے ذریعے روس کے اندر ورلڈ کپ کے لیے چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں پر مفت سفر کیا جا سکتا ہے، فین آئی ڈی فارم آن لائن بھرا جاسکتا ہے.

    یاد رہے کہ عالمی فٹ بال ورلڈ کپ کی ٹکٹس قرعہ اندازی کے ذریعے فروخت کے لیے پیش کی گئی ہیں۔ ان ٹکٹس کی قیمت 105 ڈالر سے لے کر 1450 ڈالر تک متعین ہے۔

    یاد رہے کہ روس میں‌ ہونے والے مقابلے میں دنیا کی بہترین ٹیموں سنہری ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں‌ گی. جرمنی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی.


    میسی اسرائیل کے ساتھ دوستانہ فٹبال میچ نہ کھیلیں، فلسطینیوں کی اپیل


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیفا ورلڈ کپ : ڈنمارک نے آئرلینڈ کوہرا کرٹورنامنٹ سے باہرکردیا

    فیفا ورلڈ کپ : ڈنمارک نے آئرلینڈ کوہرا کرٹورنامنٹ سے باہرکردیا

     

    ماسکو : ڈنمارک نے آئرلینڈ کو پانچ کے مقابلے ایک گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ دوہزاراٹھارہ سے باہر کردیا، ڈنمارک کے اسڑائیکر اریکسن نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کوالیفائنگ راؤنڈز میں سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز چار مرتبہ کی عالمی چیمپئین اٹلی کی ٹیم سوئیڈن سے میچ برابر کھیلنے کے سبب ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی تھی۔

    آج ائرلینڈ کی ٹیم ڈنمارک کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد ورلڈ کپ دوہزار اٹھارہ میں جگہ نہ بناسکی، آئرلینڈ کی ٹیم نے کھیل کا آغاز تو جارحانہ کیا اور چھٹے ہی منٹ پر گول داغ کر برتری حاصل کرلی لیکن چند ہی لمحات بعد کھیل کا نقشہ ہی بدل گیا۔

    ڈنمارک نے یکے بعد دیگرے پانچ گول کرکے نہ صرف میچ اپنے نام کیا بلکہ دو ہزار اٹھارہ ورلڈ کپ کا ٹکٹ بھی حاصل کرلیا، ڈنمارک کے اسڑائیکر اریکسن نے ہیٹ ٹرک اسکور کی۔


    مزید پڑھیں: چارمرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والا اٹلی فٹبال ورلڈ کپ سے باہر


    یاد رہے کہ پہلے لیگ میں آئرلینڈ اور ڈنمارک کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2014 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز

    فیفا ورلڈ کپ 2014 کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز

    برازیل کے شہر ری ڈی جنیرو میں فیفا ورلڈ کپ دوہزار چودہ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کا آغاز ہوگیا، جس میں مایہ ناز گلوکارہ شکیرا سمیت کئی فنکاروں نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔

    ری ڈی جنیرو میں فیفا ورلڈ کپ کے ارجنٹینا اور جرمنی کے فائنل سے قبل اختتامی تقریب ہوئی، تقریب کے آغاز میں مایہ ناز گلوکارہ شیکرا کی دلفریب پرفارمنس نے شائقین کے جوش کو دگنا کردیا، شکیرا پرفارمنس شکیرا کے بعد دیگر فنکاروں نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کرکے شائقین کو محظوظ کیا، فیفا ورلڈ کپ دوہزار چودہ کی اختتامی تقریب کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں شائقین اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔