Tag: فیفا

  • فیفا ہاؤس تنازعہ، فیفا کی ڈیڈ لائن گزر گئی

    فیفا ہاؤس تنازعہ، فیفا کی ڈیڈ لائن گزر گئی

    اسلام آباد: پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور فیفا ہاؤس تنازع حل نہ ہو سکا، فیفا کی ڈیڈ لائن گزرگئی جب کہ انجینئر اشفاق گروپ نے قبضہ نہ چھوڑا۔

    تفصیلات کے مطابق انجینئر اشفاق گروپ نے فیفا ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا، گزشتہ روز قبضہ چھڑانے کے لیے فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے پاکستان کو آج رات 8 بجے تک کی ڈیڈ لائن دی تھی۔

    تاہم حکومتی سطح پر دونوں گروپس سے رابطے بے سود ثابت ہو گئے ہیں، اشفاق گروپ نے لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ نہیں چھوڑا۔

    فیفا نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے فیفا ہاؤس کا چارج نہ ملنے پر فیفا کو تازہ صورت حال سے آگاہ کرنے کے لیے ای میل بھیج دی ہے۔

    اب پاکستان فٹ بال کے مستقبل کا فیصلہ فیفا کرے گی، فیفا پاکستان پر 5 سال کی پابندی عائد کر سکتی ہے۔

    دوسری طرف آج اس معاملے پر حکومت بھی متحرک ہوئی ہے، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں ‏نے فیفا کو خط لکھا ہےکہ اپنا وفد بھیجیں، ہم درخواست کریں گے کہ ہمیں تھوڑا وقت ‏دیں۔

    انھوں نے کہا حکومت نے کسی فیڈریشن کے معاملے پر مداخلت نہیں کی، حکومت کی کوشش ‏ہے کہ ڈائیلاگ کے ذریعے معاملہ حل ہو، ہم ‏نہیں چاہتے کہ پاکستان پر فیفا کی جانب سے پابندی لگے۔

    فہمیدہ مرزا نے کہا پی ایف ایف اور نارملائزیشن کمیٹی آپس میں اس معاملے کا حل نکالیں۔

  • پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

    کراچی: پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان کو وارننگ جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے لیکن پاکستان میں یہ کھیل گروپ بندی، سیاست اور افراتفری کی ککیں کھا رہا ہے، گروہ بندی کی وجہ سے پاکستان فٹ بال ایک بار پھر معطل ہونے کو ہے۔

    فیڈریشن انٹرنیشنل فٹ بال ایسوسی ایشن (FIFA) نے دھمکی دی ہے کہ کل تک لاہور میں واقع فٹ بال ہاؤس کا قبضہ واپس کیا جائے ورنہ پابندی لگا سکتے ہیں۔

    لاکھوں ڈالرز خرچ ہونے کے باوجود بھی “فیفا گول پروجیکٹ” زبوں حالی کا شکار

    فیفا نے فٹ بال ہاؤس خالی کرنے کے لیے پاکستان کو کل رات 8 بجے تک کی وارننگ دی ہے۔ واضح رہے کہ فٹ بال ہاؤس لاہور پر سید اشفاق حسین  گروپ نے غیر قانونی قبضہ جما لیا ہے، جو فیفا کی دھمکی کی وجہ بنا ہے۔

    ایک زمانے میں پاکستان فٹبال گیم کا ایشین سپر پاور تھا، لیکن پھر گروپ بندی اور سیاست کے باعث یہ کھیل زوال آشنا ہو گیا، اور فیفا کے لاکھوں ڈالرکے حصول کی جنگ ہی اس کا مقصد بن گیا۔

    فیفا کی پابندی کوئی نئی بات نہیں، 1994 میں 6 ماہ کی پابندی لگی تھی، گروپ بندی کی وجہ سے 2 سال سے پاکستان کی ٹیم کوئی بین الاقوامی میچ بھی نہیں کھیل سکی ہے۔

    پچھلے سال فیفا نے نارملائزیشن کمیٹی کو پاکستان فٹ بال کی باگ ڈور دے دی تھی لیکن آج پھر معاملات پابندی کی گول لائن تک آ گئے ہیں۔

  • فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    فیفا نے 2 ورلڈ کپ ملتوی کردیے

    زیورخ: فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے انڈر 20 اور انڈر 17 ورلڈ کپس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال کی بین الاقوامی تنظیم فیفا نے کرونا وائرس وبا کی وجہ سے اگلے سال انڈونیشیا اور پیرو میں ہونے والے 2 بین الاقوامی ٹورنامنٹس سنہ 2023 تک ملتوی کردیے ہیں۔

    انڈونیشیا میں انڈر 20 ورلڈ کپ اور پیرو میں انڈر 17 ورلڈ کپ اگلے سال منعقد ہونے تھے۔

    فیفا کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرنے میں کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے اب بھی چیلنجز کا سامنا ہے۔ وبا نے بین الاقوامی سفر پر بھی اثرات ڈالے ہیں۔

    عالمی صورتحال اس مقام تک پہنچنے میں ناکام رہی جہاں دونوں ٹورنامنٹس کی میزبانی سے متعلق درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جا سکتا۔

    فیفا کا مزید کہنا ہے کہ وہ دونوں میزبان ملکوں کے ساتھ 2023 میں کامیاب ٹورنامنٹس منعقد کرنے کی منتظر ہے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس بھی متاثر ہوئے ہیں۔ یورو 2020 کو اگلے سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے۔ کوپا امریکہ بھی ملتوی ہو چکا ہے جبکہ افریقہ کپ آف نیشن جنوری 2022 تک ملتوی کیا جا چکا ہے۔

  • سیاہ فام جارج فلائیڈ کی دردناک موت، فیفا نے بھی احتجاج میں آواز شامل کرلی

    سیاہ فام جارج فلائیڈ کی دردناک موت، فیفا نے بھی احتجاج میں آواز شامل کرلی

    برن: فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا (FIFA) نے بھی سیاہ فام امریکی جارج فلائیڈ کی دردناک موت پر اٹھنے والی احتجاجی آوازوں میں اپنی آواز شامل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پولیس حراست کے دوران غیر مسلح سیاہ فام جارج فلائیڈ کی موت پر سامنے آنے والے غم و غصے کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے دنیا بھر کی اسپورٹس لیگز، ٹیموں اور کھلاڑیوں کے ساتھ فیفا نے بھی خود کو شامل کر لیا ہے۔

    امریکا میں نیشنل فٹ بال لیگ، نیشنل ہاکی لیگ اور نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن نسلی تعصب کے خلاف بیانات جاری کر چکے ہیں، میجر لیگ بیس بال کو ابھی بیان جاری کرنا ہے، ان چاروں لیگز کی 123 ٹیموں میں سے 74 ٹیموں (60 فی صد) نے احتجاج کے حوالے سے اپنے بیانات جاری کیے۔

    ان لیگوں سے تعلق رکھنے والے چند نمایاں امریکی کھلاڑیوں نے احتجاج کے حق میں بھرپور آواز اٹھائی، مشہور گالفر ٹائیگر ووڈ بھی پیچھے نہیں رہے، اگرچہ وہ سماجی معاملات پر بہت کم منہ کھولتے ہیں تاہم جارج فلائیڈ کی موت پر انھوں نے تبدیلی کے لیے واضح آواز بلند کی۔

    امریکا میں سیاہ فام کی ہلاکت پر ڈیرن سیمی بول پڑے

    جارج فلائیڈ کی موت پر امریکا میں اٹھنے والی آوازیں اب امریکی سرحدوں سے باہر نکل کر پوری دنیا میں سنی جا رہی ہیں، رواں ہفتے جرمنی میں میچز کے دوران متعدد فٹ بال کھلاڑیوں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، اتوار کو میچ کے دوران برطانوی پلیئر جیڈن سانچو اور ہسپانوی پلیئر اشرف حکیمی نے ایسے شرٹس پہنے جس پر لکھا تھا ‘جارج فلائیڈ کو انصاف دو’۔

    واضح رہے کہ فیفا ایک ایسی تنظیم ہے جو سیاست، مذہب اور سماجی مسائل پر میدان کے اندر کھلاڑیوں کی جانب سے ذاتی خیالات کے اظہار کو ذرا برابر بھی برداشت نہیں کرتی۔ تاہم اتوار کو جب جیڈن سانچو اور اشرف حکیمی کے احتجاج پر ایکشن لیا گیا تو فیفا نے رد عمل میں ٹورنامنٹ کے منتظمین سے کہا کہ وہ اس پر ‘کامن سینس’ سے کام لیں۔

    منگل کو جاری ایک بیان میں فیفا نے کہا جارج فلائیڈ کے معاملے میں دردناک حالات کی روشنی میں فٹ بالرز کے جذبات اور خدشات کی گہرائی کو سمجھا جا سکتا ہے، فیفا کے صدر جیان انفنٹینو نے ایک بیان میں مذکورہ پلیئرز کے سلسلے میں کہا تھا کہ انھیں سزا نہیں بلکہ ان کو سراہا جانا چاہیے تھا۔ خیال رہے کہ فیفا کئی بار ہر قسم کی نسلی پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف اپنے مؤقف کا واضح اظہار کر چکی ہے، اور نسل پرستی کے خلاف کئی کمپینز چلا چکی ہے۔

    ادھر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی نے آئی سی سی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اور اس کے ممبر ممالک بھی اس سماجی نا انصافی کے خلاف آواز بلند کریں۔ انھوں نے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کہا آئی سی سی اور دیگر بورڈز کیا نہیں دیکھ رہے کہ مجھ جیسے لوگوں کے ساتھ کیا ہو رہا ہے، کیا آپ اس کے خلاف نہیں بولیں گے؟

  • فیفا کی تنبیہ، 40 سال بعد ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

    فیفا کی تنبیہ، 40 سال بعد ایرانی خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت مل گئی

    تہران: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی تنبیہ کے بعد ایرانی حکام نے خواتین کو چالیس سال بعد اسٹیڈیم میں جاکر میچ دیکھنے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فیفا نے گزشتہ ماہ ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر خواتین کو اسٹیڈیم تک رسائی نہ دی گئی تو ایران کی رکنیت ختم کردی جائے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ورلڈکپ 2022 کا کوالیفائر میچ ایران اور کمبوڈیا کے درمیان ملکی دارالحکومت تہران کے آزادی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے۔

    ریاستی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد ٹکٹوں کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا، پہلے مرحلے کی تمام ٹکٹیں ایک گھنٹے میں ہی فروخت ہوگئیں جبکہ شہریوں کی طلب دیکھتے ہوئے نشستوں میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔

    مقامی خاتون صحافی کے مطابق اب تک 3500 ٹکٹیں خواتین خرید چکی ہیں، جبکہ کئی عورتین دور دراز علاقوں تک سفر کررہی ہیں کہ متعلقہ جگہوں سے ٹکٹ حاصل کرسکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین نہیں آرہا کہ اب خواتین باآسانی میدان میں جاکر فٹبال میچ دیکھا کریں گی، اب تک ہم ٹی وی یا ریڈیو پر کومنٹری سنا کرتے تھے۔

    خیال رہے کہ خواتین کو اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کی اجازت ملنے کے بعد خواتین سیکیورٹی اہکار بھی میدان میں اپنے فرائض انجام دیں گی۔

    اس اعلان کے بعد ایران میں مذہبی حلقوں کی جانب سے شدید تنقید کی جارہی ہے، ان کے مطابق فٹبال میچ میں کھلاڑی مختصر لباس پہنتے ہیں جسے خواتین کا دیکھنا جائز نہیں ہے۔

  • وزیراعظم کی فیفا کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

    وزیراعظم کی فیفا کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے ملک میں فٹ بال کی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے فیفا کے صدر کو مدعو کر لیا۔

    وزیر اعظم عمران خان سے آج رکن اسمبلی، پنجاب فٹ بال کونسل کے رکن عامرڈوگرکی ملاقات ہوئی، جس میں فٹ بال فیڈریشن کےانتخابات، کھیل کی موجودہ صورتحال پربات چیت ہوئی۔

    [bs-quote quote=”پاکستانی کھلاڑی فٹ بال میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، بڑےشہروں میں عالمی معیارکے فٹ بال گراؤنڈ بنائیں گے” style=”style-7″ align=”left” author_name=”وزیر اعظم عمران خان” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/11/ImranKhan60x60-1.jpg”][/bs-quote]

    اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کے لئے جامع پالیسی ترتیب دی جارہی ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی سے کھلاڑیوں، کوچز، ریفریزکا مستقبل محفوظ بنایا جائے گا، پاکستانی کھلاڑی فٹ بال میں ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں، بڑےشہروں میں عالمی معیارکے فٹ بال گراؤنڈ بنائیں گے۔

    وزیراعظم نے ملک بھر میں فٹ بال اکیڈمیز قائم کرنے کی ہدایت جاری کر دی،  اسی ضمن میں پاکستان کی جانب سے فیفا اور ایشین فٹبال فیڈریشن کے صدور کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ کھیلوں کے شعبوں میں عالمی معیار کی سہولیات دیں گے، میرٹ کی خلاف ورزی، اپنوں کو نوازنے کا رواج ختم کرنا ہوگا۔

  • کرسٹیانو، موڈرچ یا صلاح: کون ہوگا فیفا پلیئر آف دی ایئر؟

    کرسٹیانو، موڈرچ یا صلاح: کون ہوگا فیفا پلیئر آف دی ایئر؟

    فیفا کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑیوں کے لیے شاٹ لسٹ کیے جانے والے تین ناموں کا اعلان کر دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق فیفا پلیئر آف دی ایئر کے لیے اس بار پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو ، کروشیا کے لوکا موڈرچ اور مصر کے محمد صلاح کے درمیان سخت مقابلہ ہے.

    فیفا ایوارڈز کا رنگا رنگ میلہ 24 ستمبر کو لندن میں‌ سجے گا، جہاں دنیا کے سب سے معروف کھیل سے جڑے سپر اسٹارز کو اعزازات سے نوازا جائے گا.

    فیفا ایوارڈ ز میں بہترین کوچ ،بہترین گول کیپر اور دیگر ایوارڈز بھی دئے جائیں گے۔

    یوں‌ تو فیفا ایوارڈز میں ہر اعزاز اہم ہوتا ہے، مگر سب کی نظریں فیفا پلیئر آف دی ایئر پر مرکوز ہوں گی، جہاں تین سپراسٹارز کے درمیان مقابلہ ہے. 

    فیفا کی جانب سے ایوارڈزکے لئے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست جاری ہونے کے بعد جہاں ایک جانب جشن کا سماں ہے، وہیں میسی کے مداحوں سخت غصے میں‌ ہیں.

    مزید پڑھیں: یورپ کا بہترین کھلاڑی کون ہے؟ فیصلہ ہوگیا

    واضح رہے کہ پانچ مرتبہ ایوارڈ اپنے نام کرنے والے لائنل میسی اس بار ٹاپ تھری میں بھی جگہ نہ بنا سکے.

    میسی کےمداحوں نے اس ضمن میں‌ٹویٹر کو احتجاج کا ذریعہ بنایا اور اس لسٹ کے اعلان کے بعد میسی ٹاپ ٹرینڈ بنا رہا.

    یاد رہے کہ گذشتہ دنوں یوئیفا بیسٹ پلیئر کے ایوارڈ کا اعلان ہوا تھا، جو لوکا موڈرچ نے اپنے نام رہا، فیفا ایوارڈ کے لئے بھی موڈرچ فیورٹ ہیں۔

  • فیفا ورلڈکپ میں آج 3 میچز کھیلے جائیں گے

    فیفا ورلڈکپ میں آج 3 میچز کھیلے جائیں گے

    ماسکو : روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں آج تین میچ کھیلے جائیں گے، کوسٹاریکا کا مقابلہ سربیا ، جرمنی کا میکسیکو اور برازیل کا ٹاکرا سوئٹزرلینڈ سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ میں سنسنی خیز مقابلے کا سلسلہ جاری ہے، فیفا ورلڈکپ میں آج 3میچ کھیلے جائیں گے، آج کھیلے جانے والے میچز میں گروپ سی کی ٹیم کوسٹا ریکا اور سربیا کا ٹکراؤ پاکستانی وقت کے مطابق دو بجے دوپہر سامارا میں ہوگا۔

    دوسرے میچ میں عالمی چیمپیئن جرمنی اعزاز کا دفاع کرنے کیلئے میکسیکو کیخلاف ماسکو میں میدان میں اترے گی، جرمن کھلاڑی اوزل شائقین کی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

    تیسرے اور آخری میچ میں پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپیئن ٹیم برازیل کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ روسٹیو آن ڈان میں رات دس بجے ہوگا، نیمار جونیر برازیل کو چھٹی مرتبہ چیمپیئن بنانے کے خواہشمند ہیں۔

    گزشتہ روز کھیلے گئے میچز میں فرانس، ڈنمارک، کروشیا کو کامیابی ملی جبکہ ارجنٹائن اور آئس لینڈ کا مقابلہ برابر ثابت ہوا۔

    سابق عالمی چیمپیئن فرانس نے دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دےدی، دوسرے میچ میں ارجنٹائن اور آئس لینڈ مدمقابل آئے، میسی کا جادو حریف ٹیم پر چل نہ سکا اور اعصاب شکن مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

    گروپ سی کے میچ میں ڈنمارک نے پیرو کو ایک صفر سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی، چوتھے اور آخری میچ میں گروپ ڈی کے میچ میں کروشیا نے نائجیریا کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پرپہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی ختم کردی

    فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی ختم کردی

    اسلام آباد: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) پر سیاسی مداخلت کے باعث لگائی گئی پابندی اٹھاتے ہوئے پی ایف ایف کی رکنیت بحال کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت بحال کر دی ہے۔ عدالت کی جانب سے فیصل صالح حیات گروپ کو پی ایف ایف کا چارج سنبھالنے کے حکم پر فیفا نے معطلی ختم کی، اب قومی ٹیم فٹبال کے انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کھیل سکے گی۔

    عدالت کا فیصل صالح حیات گروپ کوپاکستان فٹبال فیڈریشن کا چارج سنبھالنےکا حکم

    پاکستان فٹبال فیڈریشن کئی برسوں سے فیصل صالح اور ظاہر شاہ گروپ میں تقسیم تھی۔فیڈریشن کے باہمی اختلافات کی وجہ سے قومی ٹیم 3 سال سے کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل سکی جبکہ فیفا نے پاکستان کی رکنیت سیاسی مداخلت کے پیش نظر معطل کی تھی۔

    فیفا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت فوری طور پر بحالی کی جاتی ہے اور فیفا قوانین کے مطابق ان کی رکنیت کے تمام تر حقوق بھی فوری طور پر بحال کیے جاتے ہیں جبکہ فیفا کے نمائندے اور کلب ٹیمیں عالمی مقابلوں میں دوبارہ حصہ لے سکتی ہیں۔

    فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی رکنیت معطل کردی

    فیفا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے اراکین اور آفیشلز اب فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے ترقیاتی پروگراموں، کورسز اور ٹریننگ سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔

    یاد رہے کہ پی ایف ایف میں مسلسل سیاسی مداخلت اور کئی برسوں سے جاری فٹ بال کے بحران کے باعث فٹبال کی عالمی تنظیم نے سال 2017 میں پاکستان کی رکنیت معطل کر دی تھی۔

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فٹبال فیڈریشن کے لیے فیصل صالح حیات کا الیکشن درست قرار دیتے ہوئے فیصل صالح حیات گروپ کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا چارج سنبھالنےکا حکم دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کرسٹیانورونالڈونےدوسری بارفیفا فٹبالرآف دی ایئرکا ایوارڈ جیت لیا

    کرسٹیانورونالڈونےدوسری بارفیفا فٹبالرآف دی ایئرکا ایوارڈ جیت لیا

    لندن : پرتگال کےاسٹارفٹبالرکرسٹیانو رونالڈو نے مسلسل دوسری بار فیفا پلیئرآف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں فیفا ایوارڈز کی رنگین شام سجی، دنیائے فٹبال کے ستاروں نے تقریب میں شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔

    فیفا ایوارڈ کے لیے پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، ارجنٹینا کے لیونل میسی اور برازیل کے نیمار کے درمیان مقابلہ تھا۔

    عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو فیفا فٹبالرآف دی ایئرکا یہ ایوارڈ پانچویں بارجیتا ہے۔ رونالڈو نےایوارڈ ملنے پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب سال کے بہترین کوچ کا ایوارڈ بھی ریال میڈرڈ کے فرنچ کوچ زین الدین زیڈان کے نام رہا جبکہ بہترین گول کیپر کا ایوارڈ اٹلی کے بوفون نے جیتا۔

    ادھرنیدرلینڈز کی لایکا مارٹنز بہترین خاتون کھلاڑی اورنیدرلینڈز کی خواتین ٹیم کی کوچ سارینا ویگ مین بہترین کوچ قرار پائیں۔


    کرسٹیانورونالڈو نےیوئیفا پلیئرآف دی ایئرکا ایوارڈ اپنےنام کرلیا


    واضح رہے کہ رواں سال 25 اگست کو پرتگال کے اسٹار فٹبالرکرسٹیانورونالڈو نے تیسری مرتبہ یوئیفا پلیئرآف دی ایئر کا ایوارڈ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔