Tag: فیلڈ مارشل عاصم منیر

  • ہم شہداء کے قرض دار ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    ہم شہداء کے قرض دار ہیں ، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    راولپنڈی : آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ میجر سید معیز شہید نے فرض کی ادائیگی کےدوران اپنی جان قربان کی ، ہم شہداء کے قرض دار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ آرمی چیف فیلڈمارشل عاصم منیر، وزیرداخلہ اور اعلیٰ فوجی حکام میجرسیدمعیز شہید کے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

    اس موقع پر فیلڈ مارشل نے کہا کہ میجر سید معیز عباس بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہید نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہید نے بہادری قربانی اورحب الوطنی کی بلندروایات قائم کیں، پوری قوم لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے اور دفاع وطن کیلئے ان کی قربانی کوسلام پیش کرتی ہے۔

    مزید پڑھیں : شہید میجر معیز عباس کی نمازِ جنازہ ادا

    آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ ہم شہدا کے قرض دار ہیں، شہدا کا خون قوم کے استحکام کی بنیاد ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق میجرمعیزسراروغہ میں خوارجیوں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، شہید کا جسد خاکی پورے فوجی اعزاز کیساتھ تدفین کیلئے آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے۔

  • فیلڈ مارشل نے صائمہ سلیم  کو قوم کے لئے ایک روشن ستارہ قرار دے دیا

    فیلڈ مارشل نے صائمہ سلیم کو قوم کے لئے ایک روشن ستارہ قرار دے دیا

    نیویارک : فیلڈ مارشل عاصم منیر  نے پاکستانی سفارتکار صائمہ سلیم کو قوم کے لئے ایک روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے ان کی ذہانت،عزم اور کاوشوں کو سراہا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اقوام متحدہ میں پاکستان کے نمائندہ مشن میں شامل قوت بصارت سے محروم سفارتکار صائمہ سلیم سے ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نے صائمہ سلیم کی غیر معمولی صلاحیتوں، لگن اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کو فروغ دینے میں شاندار کردار کی تعریف کی۔

    آرمی چیف نے صائمہ سلیم کو قوم کے لئے ایک روشن ستارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ معذور افراد کے لئے عزم و ہمت کی زندہ مثال ہیں، انہوں نے معذور افراد کو بااختیار بنانے کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ بھی کیا، تاکہ وہ قومی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری

    صائمہ سلیم نے فیلڈ مارشل کو اقوام متحدہ میں اپنے امور کار کے بارے میں بتایا اور درپیش اہم مسائل اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

    جس پر آرمی چیف نے علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کے موقف کو فروغ دینے میں ان کی کوششوں کو سراہا، بالخصوص انہوں نے بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کا معاملہ یو اینیں موثر طریقے سے اٹھانے پر صائمہ سلیم کی تعریف کی۔

    صائمہ سلیم نے بھی اپنی ادبی تخلیق بھی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ شیئر کی۔

    اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بصارت سے محروم ہونے کے باوجود صائمہ سلیم کی بین الاقوامی سفارت کاری میں نمایاں و متاثر کن خدمات، عزم اور لگن کو سراہا۔

  • پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکا کے سرکاری دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واشنگٹن ڈی سی میں سینئر اسکالرز، تجزیہ کاروں، پالیسی ماہرین، بین الاقوامی میڈیا، دانشوروں اور دفاعی ماہرین کے نمائندہ اداروں کے ساتھ تفصیلی اور بے لاگ تبادلہ خیال کیا۔

    آرمی چیف نے امریکا کے ممتاز تھنک ٹینکس اور اسٹریٹجک امور کے اداروں سے بھی تفصیلی بات چیت کی، نمائندوں کے ساتھ اس ملاقات نے پاکستان کے اصولی موقف کو اہم علاقائی و عالمی امور پر اجاگر کرنے اور پاکستان کے اسٹریٹجک وژن کو بہتر طور پر سمجھانے کا موقع فراہم کیا۔

    آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان علاقائی امن واستحکام کیلئے پُرعزم ہے، انٹرنیشنل آرڈر کے حوالے سے پاکستان تعمیری کردار ادا کررہا ہے، آرمی چیف نے معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص پر تفصیلی روشنی بھی ڈالی۔

    یہ بھی پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات ختم

    فیلڈ مارشل نے دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے موقف کو اجاگر کیا، فیلڈ مارشل نے ہائبرڈ وار فیئر میں علاقائی کرداروں  کی جانب سے دہشت گردی کے استعمال پر بھی اظہار خیال کیا۔

    آرمی چیف عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں فرنٹ لائن پر ہے، پاکستان نے انسانی اور اقتصادی سطح پر بے پناہ قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں آئی ٹی، زراعت، معدنیات اور کان کنی میں بے پناہ مواقع ہیں۔

    آرمی چیف نے ان مواقع سے استفادہ کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کو دعوت دی، آرمی چیف نے علاقائی وعالمی تنازعات میں پاکستان کے متوازن کردار پر بھی اظہار خیال کیا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ تنازعات کو مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کیا جاسکتا ہے، پاکستان علاقائی تناؤ کے خاتمے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کررہا ہے، پاکستان معاون  سیکیورٹی  فریم ورک کوفروغ دینےکیلئےکوشاں ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دیرینہ پاک امریکا شراکت داری پر بھی روشنی ڈالی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دونوں اقوام کے درمیان تاریخی تعلقات رہے ہیں، انسداد دہشت گردی، علاقائی سیکیورٹی اور اقتصادی ترقی  نمایاں پہلو ہیں۔

    آرمی چیف نے وسیع تر،کثیرالنوعیت اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات پر زور دیا، آرمی چیف نے اسٹرٹیجک مفادات اور اقتصادی خود مختاری کو فروغ دینے پر بھی زور دیا ہے۔

    شرکاء نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے نقطہ نظر سمیت پاکستان کی مستقل اور اصولی پالیسیوں کو سراہا اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹریٹجک ڈائیلاگ کو آگے بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکا میں پذیرائی، بھارت پر گھبراہٹ طاری

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکا میں پذیرائی، بھارت پر گھبراہٹ طاری

    نئی دہلی : فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکہ میں پذیرائی پر بھارت پر گھبراہٹ طاری ہے، بھارتی وزارت خارجہ کا ردعمل عالمی سطح پر بھارتی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی امریکا میں پذیرائی پر بھارت کا گھبراہٹ پرمبنی ردعمل سامنے آگیا۔

    بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان دراصل عالمی سطح پر بھارتی ساکھ بچانے کی ناکام کوشش ہے، اس سے انداز ہوتا ہے کہ مودی حکومت بین القوامی سطح پراپنی ساکھ کھوچکی ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر اور فیلڈ مارشل کی اہم ملاقات کا اعلامیہ جاری

    بیان میں آپریشن سندور کے دوران نپی تلی اورغیراشتعال انگیزکارروائی کے دعوے کیے گئے جبکہ آپریشن سندور کی ناکامی نے بھارتی دعوؤں کو جھوٹ ثابت کیا اور تصدیق عالمی برادری نے بھی کی۔

    عالمی برادری اس حقیقت سے واقف ہے کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف جارحیت کا آغاز کیا اور پاکستان نےاقوام متحدہ کے چارٹر کےمطابق دفاعی کارروائی کی۔

    بھارت کی جانب سے پاکستانی افواج کو نقصان پہنچانے کے دعوے بھی حقائق کے منافی ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں عالمی ذرائع نے پاک فضائیہ کی برتری کو تسلیم کیا اور پاک فضائیہ نے بھارتی طیارے مار گرائے۔

    دنیا نے دیکھا بھارت کو فضائی محاذ پر منہ کی کھانا پڑی، مودی سرکار کی امن کی باتیں محض دکھاوا ہے جبکہ حقیقت میں بھارت ہمسایہ ممالک کےخلاف جارحانہ پالیسیوں کے لیے بدنام ہے۔

    بھارتی وزارتِ خارجہ کا حالیہ بیان پاکستان اورامریکہ کے بہترتعلقات کوسبوتاژ کرنےکی ناکام کوشش ہے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات بہت اہم قرار

    فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات بہت اہم قرار

    اسلام آباد : دفاعی تجزیہ کاروں  نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات  بہت اہم قرار دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفاعی تجزیہ کاروں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور امریکی صدر کی ملاقات اہم قرار دیتے ہوئے کہا یہ موقع بہت اچھا ہے پاکستان کھل کراپنے مسائل جن میں مسئلہ کشمیر،دہشت گردی اور پانی کا مسئلہ شامل ہے، کو اجاگر کرے۔

    یاد رہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔

    ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آرمی چیف کے اعزاز میں ظہرانہ کیبنٹ روم میں دیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل کی ظہرانے پر امریکی صدر ٹرمپ سے خصوصی ملاقات بھی ہوگی، جس میں پاک امریکا تعلقات اور ایران اسرائیل جنگ سمیت خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی گفتگو ہوگی۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر آج فیلڈ مارشل اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے

    ظہرانے میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس امریکی وزیر دفاع اور ٹرمپ انتظامیہ کے دیگر اہم عہدیداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

    وائٹ ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے ہونے والے ظہرانے کے بعد صدر ٹرمپ میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔

    علاوہ ازیں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ امریکی دورے کے موقع پر جنرل عاصم منیر کی سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو اور سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگستھ سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کے حالیہ دور حکومت میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی دوسرے ملک کے آرمی چیف کو وائٹ ہاؤس مدعو کیا گیا ہے۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کو امریکا میں ملکی سفیر قرار دے دیا

    فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کو امریکا میں ملکی سفیر قرار دے دیا

    واشنگٹن : فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اوورسیز پاکستانیوں کو امریکا میں ملکی سفیر قرار دے دیا اور پاکستان کی معیشت میں ان کے فعال کردارکا اعتراف کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا کہ پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے امریکا کے سرکاری دورہ کے دوران واشنگٹن ڈی سی میں اوورسیز پاکستانی کمیونٹی سےبات چیت کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے لئے بڑی تعداد میں جمع ہونے والے سمندرپار پاکستانیوں نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن نے آپریشن بنیان مرصوص اورمعرکہ حق کے دوران مسلح افواج کی شاندار کارکردگی، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا۔

    اس موقع پر آرمی چیف فیلڈ مارشل نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان کے سفیر قرار دیتے ہوئے کہا ان کے اہم اور موثر کردار کی تعریف کی۔

    انہوں نے ترسیلات زر، سرمایہ کاری اور دیگرشعبوں میں کامیابیوں سمیت اور پاکستان کی معیشت میں ان کے فعال کردار کا اعتراف کیا۔

    فیلڈ مارشل نے اوورسیز پاکستانیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت میں بیرون ملک پاکستانیوں کا نمایاں کردارہے، سمندرپارپاکستانیوں نے آرمی چیف کے ساتھ اپنے تجربات اور تجاویز شیئر کیں۔

    انہوں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے مسلسل تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ روابط کی اہمیت پر بھی زوردیا۔

    آرمی چیف نے ایک محفوظ، خوشحال اورترقی کرتے ہوئے پاکستان کےلئےمل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

  • کہا تھا پاکستان جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    کہا تھا پاکستان جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

    اسلام آباد : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ کہا تھا پاکستان جواب دیگا تو پوری دنیا دیکھے گی اور شکر الحمد للہ ایسا ہی ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایوان صدر میں سینئر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستانی میڈیا نے ستون کا کردار ادا کیا، میڈیا ہمارا فخر ہے، میڈیا نے دنیا کو بتایا کہ ہم سچ بولتے ہیں۔

    فلیڈ مارشل کا کہنا تھا کہ میڈیا ہمارا پلر ہے، میڈیا نے ہمارے ساتھ مل کر جنگ لڑی اور ہم نے ثابت کیاکہ مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

    صحافی نے فیلڈ مارشل سے سوال کیا آپریشن بنیان مرصوص کا نام کس نے تجویز کیا؟ تو انھوں نے بتایا کہ آپریشن بنیان مرصوص کانام بہت سوچ سمجھ کرمشاورت کے بعد رکھا گیا، بنیان مرصوص کا مطلب واضح ہے اور ہم اللہ کی مدد سے سیسہ پلائی دیوارثابت ہوئے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کہا تھا پاکستان جواب دے گا تو پوری دنیا دیکھے گی اور شکر الحمدللہ ایسا ہی ہوا۔

    مزید پڑھیں : پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نواز دیا گیا

    خضدار حملے کے حوالے سے فیلڈمارشل نے کہا کہ بلوچستان میں بچوں کونشانہ بنانےوالوں کیخلاف بھرپورکارروائی جاری ہے اور پاکستان کی مسلح افواج ہروقت تیارہیں، شکر الحمد للہ دشمن کو اپنی سرزمین اورفضائی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا۔

    یاد رہے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیر کو بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا گیا تھا۔

    صدرمملکت آصف زرداری نے پاک افواج کے سربراہ سید عاصم منیرکو بھارت کے خلاف جنگ میں ان کی شاندار خدمات اور قائدانہ صلاحیت پر بیٹن آف فیلڈ مارشل سے نوازا۔

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس، "پاکستانی عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی”

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس، "پاکستانی عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی”

    فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیرصدارت 270ویں کورکمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا، بنیان مرصوص، خضدار میں حملے کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر نے جاری بیان میں بتایا کہ کور کمانڈر کانفرنز میں آپریشن بنیان مرصوص اور خضدار میں دہشت گرد انہ حملے کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، شرکا کانفرنس کا کہنا تھا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی۔

    شرکا نے کہا کہ بھارتی پراکیسز کی دہشت گردی میں 4 معصوم بچے، 2 بے گناہ شہری شہید ہوئے، نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، نہتے شہریوں، بچوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی صریحاً اور قابل مذمت خلاف ورزی ہے۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے معرکہ حق کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، فورم نے کہا کہ شہدا نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کے دوران اپنی جانوں کا قیمتی نذرانہ پیش کیا۔

    شرکا نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، پاکستانی عوام کا تحفظ افواج کی اولین ترجیح رہےگا، شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی اسٹریٹجک وژن اور غیرمتزلزل قیادت کا اعتراف کیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شرکا کانفرنس نے فیلڈ مارشل کی قومی دفاع کیلئے مؤثر اور گراں قدر خدمات کا اعتراف کیا، فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

    فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا، فورم نے معرکہ حق کے فیصلہ کن مرحلے آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اور قوم کی غیرمتزلزل حمایت کو سراہا گیا، فورم نے پاکستانی میڈیا اور ’’انفارمیشن وارئیرز‘‘ کوبھی سراہا۔

    شرکا نے کہا کہ پاکستانی میڈیا، انفارمیشن وارئیر زریاست کے ساتھ قدم ملا کرکھڑے رہے، پاکستانی میڈیا، انفارمیشن وارئیرز بھارتی پروپیگنڈے، جعلی خبروں اور جنگی جنون کیخلاف کھڑے رہے۔

    فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، شرکا نے کہا کہ نوجوانوں کی قومی حب الوطنی، جوش و جذبے نے قومی روح کو اُجاگرکیا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے پاکستان کے مؤثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی قرار دیا، فورم نے جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین، واضح تزویراتی حکمت عملی کا عکاس قراردیا، فورم نے کسی بھی بیرونی جارحیت کا مکمل آپریشنل تیاری سے مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

    پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی بقا کیلئے بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا، فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورم نے کہا کہ طاقت اور دھمکی آمیز رویے سے پاکستان پر دباؤ کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائےگا، فورم نے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/faisal-vawda-on-senate-meeting/

  • فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب آج ایوان صدر میں ہوگی

    فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب آج ایوان صدر میں ہوگی

    اسلام آباد : فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب آج ایوان صدر میں ہوگی، گزشتہ روز تقریب موخرکی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں تقریب آج ایوان صدر میں ہوگی، تقریب میں صدر، وزیراعظم، وفاقی وزرا اور سروسزچیفس واعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔

    گزشتہ روز فیلڈ مارشل کی درخواست پر تقریب موخرکی گئی تھی ، خضدار واقعے پر تقریب موخر کرنے کی درخواست کی تھی۔

    مزید پڑھیں : ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    بعد ازاں خضدار دہشت گردی کے بعد وزیراعظم شہبازشریف، فیلڈ مارشل اوروفاقی وزرا نے کوئٹہ کادورہ کیا تھا، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خضدار سانحے میں زخمی ہونےوالوں کی عیادت کی۔

    اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کورکمانڈر کوئٹہ نے سانحے پر بریفنگ دی، فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ماسٹر مائنڈز کوکیفرکردارتک پہنچایا جائے گا،بھارتی دہشت گرد گروہ بلوچ اورپشتون اقدار کے خلاف ہیں۔

    واضح رہے حکومت پاکستان نے معرکہ حق، آپریشن بُنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔

    خیال رہے کہ جنرل عاصم منیر دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل بنایا گیا ہے جب کہ صدر جنرل ایوب خان 1959 میں فیلڈ مارشل بنے تھے

  • ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    ایوان صدر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ہونے والی تقریب مؤخر

    اسلام آباد: ایوان صدر میں پاک فوج کے سربراہ سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر ہونے والی تقریب مؤخر کردی گئی۔

    ذرائع کے مطابق بلوچستان میں بچوں پر حملے کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر ہنگامی دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ کوئٹہ جائیں گے جس کے باعث انہوں نے ایوان صدر میں اپنے اعزاز میں تقریب مؤخر کرنے کی درخواست کی۔

    جس کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ایوان صدر کی تقریب مؤخر کردی گئی، ایوان صدر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق تقریب خضدار میں اندوہناک حملے کی وجہ سے مؤخر کی گئی۔

    آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری

    ’فیلڈ مارشل کا اعزاز شہدا اور غازیوں کے نام وقف کرتا ہوں‘

    واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے بیجز لگانے کیلئے خصوصی تقریب آج سہ پہر ساڑھے 4 بجے ایوان صدر اسلام آباد میں ہونا تھی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت پاکستان نے معرکہ حق، آپریشن بُنیان مرصوص کی اعلیٰ حکمتِ عملی اور دلیرانہ قیادت کی بنیاد پر ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے اور دشمن کو شِکست فاش دینے پر جنرل سید عاصم (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی تھی۔

    جنرل عاصم دوسری شخصیت ہیں جنہیں فیلڈ مارشل بنایا گیا ہے جب کہ صدر جنرل ایوب خان 1959 میں فیلڈ مارشل بنے تھے۔

    فیلڈ مارشل فوج میں اعلیٰ ترین عہدہ ہے، عہدے پر فائز شخص فائیو اسٹار جنرل اور سینئر ترین آرمی افسر ہوتا ہے۔ یہ ایوارڈ غیر معمولی، مثالی قیادت اور خدمات کے پیش نظر دیا جاتا ہے۔

    آرمی چیف فیلڈ مارشل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اعزاز پوری پاکستانی قوم اور افواج پاکستان کے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین ہے، خاص طور پر ان شہداء کو جو پاکستان کے خلاف بھارتی بلا اشتعال اور بزدلانہ جارحیت کے خلاف آہنی کی دیوار کی طرح کھڑے رہے۔