Tag: فیکٹری پر چھاپہ

  • آئس کریم اور پاپڑ کس طرح تیار کیے جاتے ہیں؟ دیکھ کر کھانا چھوڑ دیں گے

    آئس کریم اور پاپڑ کس طرح تیار کیے جاتے ہیں؟ دیکھ کر کھانا چھوڑ دیں گے

    لاہور : پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملے نے ڈی جی کی ہدایت پر ٹیم سر عام کے ہمراہ مختلف کارخانوں میں چھاپے مار کر بھاری تعداد میں مضر صحت پاپڑ اور آئس کریم کے پیکٹس برآمد کرلیے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سر عام کی ٹیم کے ہمراہ فوڈ اتھارٹی کے تحت لاہور کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں، پہلی کارروائی میں ٹیم نے لاہور کے مضافاتی علاقے میں واقع آئس کریم فیکٹری کا معائنہ کیا۔

    اس موقع پر فیکٹری میں مختلف فوڈ کلرز فلیورز موجود تھے جن میں سے زیادہ تر زائد المیعاد تھے جن کو مینگو، فالسہ اور پستہ نامی آئس کریموں میں استعمال کیا جانا تھا۔

    ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ اس کے علاوہ یہاں پر مضر صحت چاکلیٹ اسٹرابیری اور انار کے فلیورز بھی موجود ہیں اور جو اسٹکس آئس کریموں میں استعمال کی جاتی ہے وہ بھی پُھوئی (فنگس) لگی گندی حالت میں رکھی ہوئی تھیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر پوری فیکٹری کی حالت ایسی ہے کہ اگر اسے کباڑ خانہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ اس موقع پر فیکٹری کے ایک ذمہ دار سے گفتگو کی گئی تو وہ بھی کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔

    تمام تر معائنے کے بعد ڈی جی فوڈ ز نے کہا کہ مالکان کیخلاف ایف آئی آر اور فیکٹری کو سیل کرنے کی قانونی کارروائی کیلئے مکمل شواہد موجود ہیں تاہم مالکان نے چار دن کی مہلت دینے کی درخواست کی ہے اس لیے مقدمہ درج کرنے کے بجائے 5 لاکھ روپے جرمانے کی وصولی اور تمام زائد المیعاد اشیاء ہم اپنی نگرانی مین تلف کروائیں گے۔

    دوسری کارروائی میں ایک پاپڑ بنانے والی فیکٹری کا معائنہ کیا گیا یہاں بھی حفظان صحت کے قواعد و ضوابط کو بالائے طاق رکھا گیا تھا اور جگہ جگہ انتہائی گندگی اور غلاظت کے ڈھیر دکھائی دیئے۔

  • کیمیکل ڈور تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ، مالک گرفتار

    کیمیکل ڈور تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ، مالک گرفتار

    پولیس نے عدلانہ چوک میں کیمیکل ڈور تیار کرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ مار کر مالک کو گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولنگر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عدلانہ چوک میں کیمیکل ڈورتیارکرنیوالی فیکٹری پر چھاپہ مارا۔ بہاولنگر میں کیمیکل ڈور بنانےوالی فیکٹری کے مالک طارق کو حراست میں لے لیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ فیکٹری سے کیمیکل ڈورکی درجنوں چرخیاں قبضہ میں لے لی گئی ہیں جبکہ مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    فیکٹری سے کیمیکل ڈور، کانچ پاؤڈر اور رولنگ و کلرمشین سمیت جدید سامان برآمد کیا گیا۔ یہاں سے کیمیکل ڈور تیار کرکے مختلف شہروں میں بھیجی جاتی تھیں۔

    پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم قصور کا رہائشی ہے، اس نے پولیس کارروائی سے بچنے کیلئے بہاولنگر میں فیکٹری بنا رکھی تھی۔

  • لاہور: جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ، لاکھوں بوتلیں ضبط

    لاہور: جعلی مشروبات کی فیکٹری پر چھاپہ، لاکھوں بوتلیں ضبط

    لاہور : پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران پی ایف اے کی ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی، پولیس نے ملزمان کیخلاف جعل سازی اورفائرنگ کا مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا، ٹیم نے رات گئے چھاپہ مارا توفیکٹری میں جعلی بوتلیں تیارکرنے کا کام جاری تھا۔

    چھاپے کے بعد ملزمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم پر فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ نکلے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے موقع پر پہنچ کر کارروائی مکمل کی۔

    ڈی جی فوڈز کے مطابق فیکٹری میں معروف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار ہو رہی تھیں۔ فیکٹری سے چار لاکھ بوتلوں کا اسٹاک بھی ضبط کر لیا گیا۔


    مزید پڑھیں : جعلی مشروبات بنانے والی فیکٹری سیل ،تین افرادگرفتار


    ڈی جی فوڈز کا کہنا تھا کہ فروخت کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ فیکٹری مالکان کے خلاف جعل سازی کے علاوہ فائرنگ کا مقدمہ بھی درج کروا دیا گیاہے۔