Tag: فیکٹ چیک

  • فیکٹ چیک: بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے لگا، حقیقت یکسر مختلف

    فیکٹ چیک: بھارتی میڈیا جھوٹی خبریں پھیلانے لگا، حقیقت یکسر مختلف

    پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں بھارتی میڈیا مسلسل جھوٹی خبریں پھیلانے پر مصروف ہے، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق شہر قائد بھارتی حملوں کے بعد تباہی کا منظر پیش کررہا ہے، لیکن کراچی کے شہری رات کے اس پہر چائے پراٹھے سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے بھارتی جھوٹ کا بھانڈہ پھوڑتے ہوئے بتایا کہ کراچی والے رات کے اس پہر انجوائے کررہے ہیں، چائے پراٹھے کھا رہے ہیں، جبکہ بھارتی میڈیا بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہا ہے کہ کراچی کے مختلف مقامات پر حملہ ہوگیا، یہ ہوگیا وہ ہوگیا۔۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے بھارتی جھوٹ بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ الحمداللہ کراچی میں کہیں کچھ نہیں ہوا، سب علاقے کھلے ہوئے ہیں، آمدورفت بحال ہے۔شہریوں کو بھارت کی دھمکیوں کا کوئی خوف نہیں ہے۔

    کراچی کے شہری اچھی طرح جانتے ہیں کہ بھارتی میڈیا صرف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرتا ہے، عوام کو گمراہ کرتا ہے، مگر کراچی کے عوام بھارت کے جھوٹے میڈیا کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔

    لاہور کے حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے نے بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے بے بنیاد پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے کہ خوف کا ماحول ہے، مگر لاہور کے شہری رات کے اس پہر بھی سڑکوں پر مزے سے پھر رہے ہیں، خاص طور پر لاہور میں بارش کے بعد موسم بھی خوشگوار ہوگیا ہے۔

    لاہور کے شہری اس زبردست موسم کو بھی انجوائے کررہے ہیں، بڑی تعداد میں لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ مختلف فوڈز پوائنٹ پر پہنچے ہوئے ہیں۔

    فیکٹ چیک: وائرل ویڈیو میں موجود افسر وہ نہیں جو پہلگام میں ہلاک ہ

    لاہور کے شہریوں کا کہنا تھا کہ بھارت بے بنیاد پروپیگنڈہ کررہا ہے، جھوٹی خبریں پھیلا رہا ہے، کہ کراچی پر حملہ کردیا،پشاور پر حملہ کردیا، بلوچستان پر حملہ کردیا۔۔بھارتی میڈیا کی تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں۔

  • سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی روک تھام کیسے کی جائے؟

    سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی روک تھام کیسے کی جائے؟

    وطن عزیز میں فیک نیوز یعنی جعلی خبریں اور لوگوں کی نجی وڈیوز بنانا ایک عام سا کام بن گیا ہے، سوشل میڈیا پر اس قسم کا مواد ملنا کوئی بڑی بات نہیں۔

    جہاں تک پروپیگنڈا کی بات ہے پرانے زمانوں میں بھی پوسٹرز اور اعلانات کے ذریعے جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی تھی تاکہ اپنے مذموم مقاصد حاصل کیے جاسکیں۔

    گزشتہ دنوں فیک نیوز کے ساتھ ساتھ مس انفارمیشن اور ڈس افارمیشن کی اصطلاح بھی سننے میں آئی، مس انفارمیشن کا مطلب ہے کہ خبر کو توڑ مروڑ کر اور ادھورا پیش کیا جائے جبکہ ڈس انفارمیشن وہ خبر کہلاتی ہے کہ جس کا وجود ہی نہ ہو اسے سچ بتا کر پھیلا دیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں سوشل میڈیا کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی تحقیقاتی صحافی غزالہ یوسف زئی نے اس طرح کی فیک نیوز کو پہچاننے اور اس کے تدارک کیلیے ناظرین کو مفید مشوروں سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ عام طور پر ہوتا یہ ہے کہ لوگ سوشل میڈیا پر اپنی پسند اور خواہش کے مطابق مواد دیکھنا پسند کرتے ہیں اور اس طرح کے شرپسند عناصر اسی بات کا فائدہ اٹھا کر ایسی ہی پوسٹس کرتے ہیں۔

    غزالہ یوسف زئی نے کہا کہ لوگ اس قسم کی پوسٹس یا پیغامات کو بغیر تحقیق اور بنا سوچے سمجھے آگے شیئر کردیتے ہیں جو کہ نامناسب اور نقصان دہ بات ہے۔

    انہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی حساس قسم کی معلومات یا خبر فیکٹ چیک سے کلیئر کرنے کے بعد مطمئن ہوکر شیئر کریں تاکہ اس قسم کی خبریں پھیلانے والوں کا راستہ روکا جاسکے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز کو پھیلانے کیخلاف ابھی تک ایسے مؤثر قوانین موجود نہیں ہیں جن پر عمل درآمد کرکے ایسے عناصر کیخلاف کارروائی کی جاسکے اس کیلیے ضروری ہے حکومت فیک نیوز قوانین لاگو کرے تاکہ اس کا سد باب کیا جاسکے۔

  • فیکٹ چیک: بھارتی سوشل میڈیا کی ARY News کا نام استعمال کر کے شر انگیزی کی کوشش ناکام

    فیکٹ چیک: بھارتی سوشل میڈیا کی ARY News کا نام استعمال کر کے شر انگیزی کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: بھارت نے مسلسل جگ ہنسائی کے بعد سوشل میڈیا کا سہارالیا اور اے آر وائی نیوز کا نام استعمال کر کے شرانگیزی پھیلانے کی ناکام کوشش کی۔

    اتوار کی صبح سے بھارت کے مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک تصویر وائرل ہونا شروع ہوئی جسے اے آر وائی نیوز کا بتانے کی کوشش کی گئی، یہ اسکرین شاٹ متعدد بھارتی ویب سائٹس نے اپنی خبر میں استعمال کیا اور پروپیگنڈا کرنے کی ناکام کوشش کی۔

    انٹرنیٹ پر شیئر ہونے والے خبر کے اسکرین شاٹ میں لکھا گیا کہ ’پاکستانی بحریہ کی  آبدوز نے ماہی گیروں کی ایک کشتی کو بھارتی بحریہ کا جہاز سمجھ لیا‘۔

    اسکرین شاٹ کے مطابق پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی اور کراچی میں بلیک آؤٹ کی افواہوں کے بعد ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے رہ گیا جب اتوار کی صبح پاک بحریہ کی آبدوز پی این ایس سعد نے کراچی کی طرف جانے والی ماہی گیروں کی کشتی کو بھارتی بحریہ کا جہاز سمجھ لیا۔


    فیکٹ چیک 

    بھارتی سوشل میڈیا کی بدنیتی پر مشتمل یہ خبر نہ تو سچ ہے، نہ ہی اے آر وائی نیوز سمیت کسی پاکستانی میڈیا آؤٹ لیٹ نے اس نوعیت کی کوئی خبر رپورٹ کی۔

    اسکرین شاٹ میں بیان کی گئی کراچی میں’بلیک آؤٹ کی افواہیں‘ بھی ایک گمراہ کن پہلو ہے کیونکہ پاکستان میں گزشتہ چند روز میں اس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

    بھارتی سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والا اسکرین شاٹ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مودی سرکار جنگی جنون میں مبتلا ہے اور وہ خطے کو آگ میں جلتا دیکھنے کا خواہش مند بھی ہے۔

    خیال رہے کہ بھارت کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات ایک بار پھر کشیدہ ہیں۔ دو روز قبل گلگت بلتستان سے 2 بھارتی جاسوس بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔

    ایس ایس پی گلگت بلتستان مرزا حسن کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 2 بھارتی جاسوسوں کو گرفتار کیا، گرفتار جاسوسوں کا نام نور محمد وانی اور فیروز احمد لون ہے اور ان کا تعلق مقبوضہ کشمیر سے ہے۔

    سینئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس مرزا حسن کا کہنا تھا کہ دونوں بھارتی جاسوسوں کو بھارت نے زبردستی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پار کروایا تھا۔