Tag: قائد اعظم یونیورسٹی

  • قائد اعظم یونیورسٹی پاکستان کی نمبر 1 پوزیشن پر برقرار

    قائد اعظم یونیورسٹی پاکستان کی نمبر 1 پوزیشن پر برقرار

    اسلام آباد: قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے پاکستان کی یونیورسٹیوں میں اپنی نمبر 1 پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ’’ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ رینکنگ 2025‘‘ جاری کر دی گئی، جس میں قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے اپنا یہ اعزاز برقرار رکھا ہے کہ ٹاپ 500 میں 401 ویں نمبر پر براجمان ہے۔

    کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ میں بھی قائد اعظم یونیورسٹی نے 315 ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

    وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اساتذہ، طلبہ، المنائی اور ملازمین کو یونیورسٹی کی عالمی درجہ بندی کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

    پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کہا کہ مالی چیلنجوں کے باوجود قائد اعظم یونیورسٹی نے عالمی درجہ بندی میں سال بہ سال اضافہ اور ترقی کی ہے، حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مزید تعاون اور توجہ سے یونیورسٹی دنیا کی ٹاپ 200 جامعات میں شامل ہو سکتی ہے۔

    وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ قائد اعظم یونیورسٹی ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

  • قائد اعظم یونیورسٹی میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع، انتظامیہ کی ڈوریں لگ گئیں

    قائد اعظم یونیورسٹی میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع، انتظامیہ کی ڈوریں لگ گئیں

    اسلام آباد : قائد اعظم یونیورسٹی میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر انتظامیہ کی ڈوریں لگ گئیں تاہم تیندوا نہ ملنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے سرچ آپریشن ختم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی میں تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر وائلڈ لائف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور تیندوے کی تلاش شروع کردی۔

    قائداعظم یونیورسٹی میں تیندوا نہ ملنے پر محکمہ وائلڈ لائف نے سرچ آپریشن ختم کردیا ، وائلڈ لائف نے کہا کہ اس موقع پر یونیورسٹی کےطلبامیں آگاہی کیلئے مشق بھی کی گئی۔

  • جھگڑے میں ملوث قائد اعظم یونیورسٹی کے 79 طلبہ کو نکال دیا گیا

    جھگڑے میں ملوث قائد اعظم یونیورسٹی کے 79 طلبہ کو نکال دیا گیا

    اسلام آباد: قائد اعظم یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں تصادم کے معاملے میں جھگڑے میں ملوث 79 طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم نیورسٹی کی انتظامیہ نے جھگڑے میں ملوث طلبہ کو یونیورسٹی سے نکال کر ان کی ڈگریاں منسوخ کر دی ہیں۔

    گزشتہ ہفتے لسانی تنظیموں میں جھگڑے کے باعث جامعہ قائد اعظم کو تاحکم ثانی بند کر دیا گیا تھا، یونیورسٹی میں طلبہ کے دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں 12 طالب علم زخمی ہوئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے طلبہ کے ساتھیوں نے یونیورسٹی میں احتجاج کیا اور وہاں پہنچنے والی ایمبولینس کے شیشے بھی توڑے۔

    رجسٹرار قائد اعظم یونیورسٹی کے مطابق طلبہ کے خلاف کارروائی جامعہ میں قانون کو ہاتھ میں لینے، تعلیمی سرگرمیاں متاثر کرنے اور ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کی گئی ہے۔

  • بلوچ طلبہ کے آبائی علاقوں کا دورہ کر کے تحفظ سے متعلق ان کے خدشات دور کرنے کا عدالتی حکم

    بلوچ طلبہ کے آبائی علاقوں کا دورہ کر کے تحفظ سے متعلق ان کے خدشات دور کرنے کا عدالتی حکم

    اسلام آباد: عدالت نے سیکریٹری وزارت داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ قائد اعظم یونیورسٹی میں درخواست گزاروں اور بلوچستان کے طلبہ تک پہنچیں، وزارت داخلہ ان کے آبائی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو دور کرے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں طالب علموں کو ہراساں کرنے کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تحریری حکم جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نسلی پروفائلنگ سے متعلق شکایت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

    تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار طلبہ جن کا تعلق صوبہ بلوچستان سے ہے اور اس وقت قائد اعظم یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں، کو خدشات ہیں کہ اگر وہ اپنے آبائی علاقوں میں جاتے ہیں تو انھیں ہراساں اور اغوا کیا جائے گا، نسلی پروفائلنگ سے متعلق ان کی شکایت بھی سنگین ہے۔

    عدالت نے کہا عدالتی ہدایت پر وزیر داخلہ نے ان سے ملاقات کی تھی، لیکن یہ ملاقات محض رسمی معلوم ہوتی ہے، یونیورسٹی کے چانسلر صدر پاکستان نے ان سے ملاقات نہیں کی، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ یونیورسٹی کے چانسلر صدر پاکستان نے طلبہ سے ملاقات کی تاریخ مقرر کی تھی لیکن ناگزیر حالات کی وجہ سے اس پر عمل نہیں ہو سکا۔

    تحریری حکم نامے کے مطابق طلبہ کی طرف سے اٹھائی گئی شکایات ناقابل برداشت ہیں، سب سے زیادہ تشویشناک اور پریشان کن پہلو جو عدالت نے کارروائی کے دوران دیکھا وہ عوامی عہدے داروں کا طرز عمل ہے، عوامی نمائندوں میں ہمدردی کا فقدان ہے، کسی شہری کے لیے اس سے زیادہ سنگین شکایت نہیں ہو سکتی کہ وہ یہ محسوس کرے کہ اسے نسلی پروفائلنگ کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، عدالت عوامی عہدہ داروں کے طرز عمل کی مذمت کرتی ہے۔

    عدالت نے کہا صدر پاکستان کے سکریٹری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس آرڈر کی ایک کاپی صدر پاکستان کے سامنے رکھیں، نسلی پروفائلنگ سے متعلق شکایت کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، بلوچستان کے طلبہ کے معاملے میں ایسی شکایت زیادہ گہری ہو جاتی ہے۔

    یونیورسٹی کے چانسلر صدر پاکستان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دیگر یونیورسٹیوں کے چانسلرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مناسب کارروائی کریں گے، تاکہ صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبہ کی نسلی پروفائلنگ کے حوالے سے کسی بھی قسم کے خدشات کو واضح طور پر دور کیا جا سکے۔

    حکم نامے کے مطابق سیکریٹری وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قائد اعظم یونیورسٹی میں درخواست گزاروں اور بلوچستان کے طلبہ تک پہنچیں، وزارت داخلہ ان کے آبائی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے سیکیورٹی سے متعلق خدشات کو دور کریں۔

    رجسٹرار کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اس آرڈر کی کاپیاں مذکورہ حکام کو بھیجیں، صدر پاکستان کے سیکریٹری اور سیکریٹری وزارت داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے اپنی رپورٹیں جمع کرائیں، اس کیس پر مزید سماعت 15 اپریل کو کی جائے گی۔

  • قائد اعظم یونیورسٹی ایشیاء کی سو بہترین جامعات میں شامل

    قائد اعظم یونیورسٹی ایشیاء کی سو بہترین جامعات میں شامل

    اسلام آباد: ایشیاء میں جامعات کی درجہ بندی میں پاکستان کی قائد اعظم یونیورسٹی ایشیاء کی سو بہترین جامعات میں شامل ہوگئی، جبکہ عالمی درجہ بندی میں اس کا شمار 559 ویں نمبر پر ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیاء میں جامعات کی رینکنگ میں پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں نے بہتر کارکردگی کی بنیاد پر ترقی کی جس کی وجہ سے رواں سال کے دوران ایشیاء کی یونیورسٹی رینکنگ میں پاکستانی جامعات ابھر کر سامنے آئی ہیں۔

    بہترین ایشیائی درسگاہوں کی فہرست جاری، 7 پاکستانی جامعات شامل

    امریکی ادارے کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 10 یونیورسٹیاں ایشیا کی بہترین یونیورسٹیز میں شامل ہوگئی ہیں، رینکنگ کے اعتبار سے قائد اعظم یونیورسٹی کو اس کی تدریسی اور ریسرچ کے ماحول کی بنیاد پر 79 واں مقام دیا گیا ہے جبکہ اس قبل وہ 121-130 کے درمیان کی فہرست میں شامل تھی۔

    دوسری جانب کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ترقی کرتے ہوئے 141-150 کی فہرست سے نکل کر 125 ویں نمبر پر آگئی ہے، اس سال ایشیا کی بہترین یونیورسٹیز میں پاکستان کی 10 یونیورسٹیاں شامل ہیں جبکہ گزشتہ سال اس فہرست میں پاکستان کی صرف 7 یونیورسٹیاں شامل تھیں۔

    پاکستان کی چھ جامعات دنیا کی ٹاپ یونیورسٹیوں میں شامل

    امریکی ادارے ٹائمز ہائیر ایجوکیشن کا کہنا ہےکہ ایشیائی یونیورسٹیوں میں پاکستان کی نمائندگی میں اضافہ اچھی بات ہے، اس سال پاکستان نے اوسطا بہتر نتائج حاصل کئے ہیں، جبکہ اس سے قبل شعبے میں پاکستانی جامعات کمزور تھیں۔

    یاد رہے قائد اعظم یونیورسٹی گزشتہ چند ماہ سے تنازعات کا شکار تھی اس کے باوجود بھی وہ ایشیا کے سو بہترین یونیورسٹیوں میں اپنے آپ کو شامل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • قائد اعظم یونیورسٹی سےحراست میں لیےگئے70 طلبہ رہا

    قائد اعظم یونیورسٹی سےحراست میں لیےگئے70 طلبہ رہا

    اسلام آباد : قائداعظم یونیورسٹی میں تدریسی عمل میں خلل ڈالنے اوراحتجاج کرنے والے 70 طلبہ کو پولیس نے رہا کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی سے حراست میں لیے گئے 70 طلبہ کو پولیس نے رہا کردیا، طلبہ کےکو گزشتہ روزاحتجاج کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

    قائد اعظم یونیورسٹی میں 17 روز معطل رہنے کے بعد تدریسی عمل بحال ہوگیا اوریونیورسٹی میں شٹل سروس رواں دواں ہے۔

    خیال رہے کہ چار روز قبل قائد اعظم یونیورسٹی میں دو ہفتوں سے جاری طلبہ کا احتجاج مذاکرات کامیاب ہونے پرختم ہوگیا تھا۔

    یونیورسٹی انتظامیہ نے احتجاج کرنے والے طلبہ کی جانب سے پیش کیے جانے والےمطالبات میں سے ایک کو مانتے ہوئے فیسوں میں 10 فیصد کمی کا اعلان کیا تھا۔


    قائد اعظم یونیورسٹی میں احتجاج ‘ 70 طلبہ گرفتار


    یاد رہے کہ گزشتہ روز قائداعظم یونیورسٹی میں تدریسی عمل میں خلل ڈالنے اوراحتجاج کرنے والے 70 طلبہ کو پولیس نے گرفتارکرکےمختلف تھانوں میں منتقل کردیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔