Tag: قائد اعظم

  • قائد اعظم کی تصویر خراب کرنے یا بلا اجازت ہٹانے پر کیا سزا ہوگی؟

    قائد اعظم کی تصویر خراب کرنے یا بلا اجازت ہٹانے پر کیا سزا ہوگی؟

    اسلام آباد: سینیٹ میں آج ایک کریمنل لاز ترمیمی بل پیش کیا گیا ہے جس میں بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تصویر خراب کرنے یا بلا اجازت ہٹانے کا جرم ناقابل ضمانت قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج سینیٹ اجلاس میں سینیٹر پیر صابر شاہ نے کریمنل لاز ترمیمی بل پیش کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ قائد اعظم کی تصویر خراب کرنے پر ملزم کو بغیر وارنٹ گرفتار کیا جا سکتا ہے، اور یہ جرم ناقابل ضمانت ہوگا۔

    ترمیمی بل کے مطابق اس آئینی ترمیم کے تحت اب قائد اعظم کی تصویر خراب کرنے یا بلا اجازت ہٹانے کے جرم کی سزا 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی ہے۔

    بل میں کہا گیا ہے کہ قائد اعظم کی تصویر کو خراب کرنا مجرمانہ فعل ہے، نئی آئینی ترمیم کے تحت قائد اعظم کی تصویر خراب کرنے یا جلانے پر سزا دی جا سکے گی، اس جرم پر 5 سال تک قید اور 5 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔

    یہ پیش کردہ ترمیمی بل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے متعلقہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔

    سینیٹ میں آج تعلیمی امتحانات میں غلط ذرائع کی ممانعت کا بل بھی پیش کیا گیا، یہ بل سینیٹر جاوید عباسی نے پیش کیا،جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے، بل کے مطابق امتحان میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے یا معاونت پر 1 ماہ قید، 50 ہزار جرمانہ ہوگا۔

    امتحانی مرکز میں میں بداخلاقی کے ارتکاب، خفیہ مواد کو افشاں کرنے، امتحانی ریکارڈ، رزلٹ کارڈ، ڈگری کی جعل سازی پر بھی 1 ماہ قید، 50 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، اور امتحانات میں غلط ذرائع استعمال کے کیس کی سماعت درجہ اوّل کا مجسٹریٹ کرے گا۔

  • بانی پاکستان کے معمولاتِ زندگی، عادات، پسند اور ناپسند

    بانی پاکستان کے معمولاتِ زندگی، عادات، پسند اور ناپسند

    قائداعظم کھانے پینے کے معاملے میں بڑے محتاط تھے۔

    وہ کم کھاتے تھے۔ شوربے کی بجائے خشک سالن زیادہ پسند کرتے۔ لنچ پر نان کا ایک ٹکرا لے لیتے۔ ناشتا بڑے شوق سے کرتے۔ ان کے ناشتے میں ابلا ہوا انڈہ، شہد اور جیم شامل ہوتا۔ ایک توس کھاتے تھے۔ آدھا توس انڈے اور آدھا شہد یا جیم کے ساتھ کھاتے۔ مہینے میں ایک دوبار سری پائے کھا لیتے۔ قائداعظم کو آم پسند تھے۔

    بحیثیت راہ نما اور گورنر جنرل پاکستان قائدِ اعظم سے متعلق مختلف شخصیات نے مضامین لکھے اور کتب میں‌ ان کے تذکرے موجود ہیں جن کے مصنف بانیِ پاکستان کے رفقا،‌ سیاسی اور آزادی کی جدوجہد میں‌ شریک شخصیات اور وہ لوگ شامل ہیں‌ جو قیامِ پاکستان کے بعد حکومت میں‌ شامل رہے اور اس دوران انھیں‌ مسلمانوں‌ کے اس عظیم لیڈر کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔

    سردار عبدالرّب نشتر جیسے قریبی ساتھیوں‌ کی بدولت قائدِ اعظم کے شب و روز، طبیعت اور مزاج سے عوام بھی واقف ہوئے۔ بانی پاکستان کی عادات اور پسند و ناپسند کے علاوہ یہ واقعہ بھی ہمیں مختلف مضامین اور کتب میں‌ پڑھنے کو ملتا ہے۔

    15 اکتوبر 1937 کو آل انڈیا مسلم لیگ کا ایک اجلاس لکھنؤ میں ہوا جس میں مسلم لیگ کے لیڈروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر نواب اسماعیل خان نے ٹوپی پہن رکھی تھی جو ان کو بہت خوب صورت لگ رہی تھی۔ قائدِ اعظم ٹوپی سے متاثر ہوئے۔

    نواب اسماعیل نے قائدِ اعظم کو ٹوپی پہننے کی پیش کش کی۔ قائدِ اعظم نے ٹوپی پہنی تو رفقا نے بڑی تعریف کی۔ انھوں نے شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر دیکھا تو ٹوپی ان کو پسند آئی۔ نواب اسماعیل کی درخواست پر قائداعظم ٹوپی پہن کر پہلی بار اجلاس میں شریک ہوئے۔

    عوام نے قائداعظم کو ٹوپی پہنے دیکھ کر زبردست تالیاں بجائیں۔ یہ ٹوپی پورے ہندوستان میں ’’جناح کیپ‘‘ کے نام سے مشہور ہوگئی۔

  • قائد اعظم کی جائے پیدائش برساتی پانی میں ڈوب گئی

    قائد اعظم کی جائے پیدائش برساتی پانی میں ڈوب گئی

    کراچی: سندھ حکومت کی ناقص رین ایمرجنسی پالیسی کے باعث گزشتہ روز کراچی میں ہونے والی تیز بارش کے پانی میں قائد اعظم کی جائے پیدائش بھی ڈوب گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کھارادر میں موجود بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جائے پیدائش وزیر مینشن بھی محفوظ نہ رہ سکی، وزیر مینشن بھی برساتی پانی میں ڈوب گیا۔

    مون سون کے تیسرے اسپیل میں کراچی میں ہونے والی تیز بارش کی وجہ سے وزیر مینشن کے سامنے اور اطراف کی سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، برساتی پانی کے ساتھ سیوریج کا پانی بھی شامل ہو گیا ہے۔

    وزیر مینشن کے چاروں اطراف اور دروازے کے باہر لگی گرل سے پانی اندر داخل ہوا، دوسری طرف انتظامیہ کی بے حسی کے باعث بانی پاکستان کی جائے پیدائش سے تاحال نکاسی کا کام شروع نہ ہو سکا ہے، علاقے کی بجلی بھی کئی گھنٹوں تک غائب رہی۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی تھی، جس میں شہر میں 5 افراد جاں بحق ہوئے، اس دوران شہر میں 60 فی صد سے زائد علاقے بجلی سے محروم رہے، متعدد علاقوں میں برساتی نالے ابل پڑے اور سڑکیں تالاب بن گئی تھیں۔

    بارش کے دوران 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائی چلیں، مضافاتی علاقوں میں آندھی آئی، گلشن حدید میں 86.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • عوامی خدمت کے منصوبے سیاسی لیڈروں کی تصاویر سے پاک ہوگئے

    عوامی خدمت کے منصوبے سیاسی لیڈروں کی تصاویر سے پاک ہوگئے

    اسلام آباد: احساس کفالت کارڈ سے بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی تصاویر کیوں ہٹائی گئیں؟ وزیر اعظم کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ احساس کفالت کارڈ سے سابق وزرائے اعظم بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کی تصاویر ہٹا دی گئی ہیں، سیاسی تصاویر ہٹانے کا فیصلہ وزیر اعظم کی مشاورت سے کیا۔

    ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے خود اس فیصلے کی منظوری دی، یہ فیصلہ بھی کیا ہے کہ آئندہ کارڈ پر صرف قائد اعظم کی تصویر ہوگی۔

    انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے اداروں کا سیاست کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، حکومت نے سماجی اداروں کو سیاست سے پاک رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ قائد کی تصویر ثبوت ہے کہ حکومت سماجی اداروں کا سیاسی استعمال روکے گی، کفالت پروگرام کے ذریعے انتہائی غریب افراد کی ماہانہ مدد کریں گے۔ مستحق خواتین کے بچت بینک اکاؤنٹس بھی کھولے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج احساس کفالت پروگرام کا افتتاح کریں گے، پروگرام کے تحت بیوہ خواتین سمیت نادار افراد کی مالی امداد اور انتہائی مستحق افراد کو 2 ہزار روپے ماہانہ رقم دی جائے گی۔

    بے نظیر کارڈ ختم کر کے مستحقین کو احساس کفالت کارڈ پر وظیفہ ملے گا، کارڈ سے نواز شریف اور بے نظیر کی تصاویر ختم کر کے صرف قائد اعظم کی تصویر لگے گی۔

    حکومت ہر ماہ 70 لاکھ خواتین کو ماہانہ 2 ہزار روپے دے گی جبکہ بی آئی ایس پی کے 40 لاکھ بینی فشریز بھی کفالت پروگرام میں شامل ہیں۔

  • مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

    کراچی: بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔

    کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل محمد علی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

    پی ایم اے کیڈٹس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ گارڈ کے دستے میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں۔

    تقریب کے دوران پاک فضائیہ کا دستہ گارڈز کے فرائض سے سبکدوش ہوا۔ گارڈز نے کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی میجر جنرل محمد علی کو بھی سلامی دی۔

    تقریب کے آخر میں بابائے قوم کو اعزازی سلام پیش کیا گیا۔ میجر جنرل محمد علی نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

    خیال رہے کہ آج ملک بھر میں قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یوم پیدائش ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • قائد اعظم کی برسی، گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزارقائد پر حاضری

    قائد اعظم کی برسی، گورنرسندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی مزارقائد پر حاضری

    کراچی: قائد اعظم کی برسی کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نےمزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

    تفصیلات کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 71ویں برسی ملک بھر میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، قائداعظم کے یوم وفات پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے مزار قائد پر حاضری دی۔

    مزار قائد پر حاضری کے بعد گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ر ہے گا۔

    عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، 18ویں ترمیم کو چیلنج کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے مسائل پرقائم کمیٹی 10 سے 12 دن میں رپورٹ پیش کرے گی، کمیٹی کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش ہوگی تو مسائل میں کمی آئے گی۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائداعظم کی مدبرانہ صلاحیتوں کا ثمر ہے، پاکستان کو پرامن بنانے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پوری قوم کشمیر کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیشہ ساتھ رہے گی۔

    قائد اعظمؒ کی 71ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

    واضح رہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کو علیحدہ تشخص، الگ پہچان اور ایک آزاد ملک کا تحفہ دینے والے قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 71 ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔

  • شتروگھن سنہا کی قائد اعظم کی تعریف، اپنے ہی بیان سے مکر گئے

    شتروگھن سنہا کی قائد اعظم کی تعریف، اپنے ہی بیان سے مکر گئے

    نئی دہلی : شترو گھن سنہا نے قائداعظم سے متعلق بیان بدل دیا، اداکار کا کہنا ہے کہ جو کچھ کہا سلپ آف ٹنگ تھا، مولانا آزاد کا نام لینا چاہ رہا تھا، قائداعظم منہ سے نکل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق معروف بالی ووڈ اداکار اور سیاست دان شترو گھن سہنا نے یوٹرن لیتے ہوئے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح سے متعلق اپنے بیان کو زبان کی پھسلن قرار دے دیا۔

    شتروگھن سہنا کا کہنا تھا کہ وہ مولانا آزاد کا نام لینا چاہ رہے تھے لیکن زبان پر بانی پاکستان محمد علی جناح کا نام آگیا تھا، شتروگھن سنہا نے ایک بیان کہا تھا کہ مہاتما گاندھی سے محمد علی جناح تک سب کانگریس خاندان کا حصہ ہیں۔

    ان کے اس بیان نے بھارت میں تنازع کھڑا کردیا تھا، جس کے بعد انہیں اپنے بیان کی وضاحت دینا پڑی۔

    اداکار سیاست دان کا کہنا تھا کہ میں نے جو کچھ کہا وہ سلپ آف ٹنگ تھا میں مولانا آزاد کہنا چاہتا تھا لیکن زبان سے محمد علی جناح نکل گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ شتروگھن سنہا نے حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔

    مدھیہ پردیش میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شتروگھن سنہا نے مہاتما گاندھی، سردار پٹیل اور جواہر لال نہرو کے ساتھ ساتھ بانی پاکستان محمد علی جناح کی بھی تعریف کی تھی اور کہنا تھا کہ بھارت آزادی میں ان سب کا کردار ہے۔

  • آج قائد اعظم کی اہلیہ’رتی جناح کا یومِ ولادت اور یومِ وفات ہے

    آج قائد اعظم کی اہلیہ’رتی جناح کا یومِ ولادت اور یومِ وفات ہے

     آج بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح دوسری زوجہ مریم جناح المعروف رتی جناح کی 119 ویں سالگرہ اور90 ویں برسی ہے‘ آپ بیماری کے سبب کم عمری میں انتقال کرگئی تھیں۔

    پارسی خاندان سے تعلق رکھنے والی رتن بائی 20 فروری 1900کو پیدا ہوئی تھیں اورقائداعظم محمد علی جناح کی دوسری بیوی تھیں۔ شادی سے ایک دن قبل انہوں نے اپنا مذہب تبدیل کرکےاسلام قبول کیا تھا اور ان کا اسلامی نام مریم جناح رکھا گیا تھا۔ان کا نکاح مولانا حسن نجفی نے پڑھایا تھا۔

    رتی جناح سرڈنشا پٹیٹ کی اکلوتی بیٹی تھیں اور ان کا خاندان کپڑے کی صنعت میں بہت بڑا نام تھا۔

    رتی جناح شاعری اورسیاست میں انتہائی شغف رکھتی تھیں اور ان کے انہی مشاغل کی وجہ سے ان کی ملاقات قائداعظم سے ہوئی۔

    قائد اعظم اور رتی جناح کی شادی 19 اپریل 1918 کو بمبئی میں ہوئی جس میں صرف قریبی احباب کو مدعو کیا گیا تھا۔ شادی کی انگوٹھی راجہ صاحب محمودآباد نے تحفے میں دی تھی۔

    قائداعظم محمد علی جناح کی نایاب اور یادگار تصاویر

    برصغیر کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال نے قائداعظم کی سیاسی مصروفیات میں بے پناہ اضافہ کردیا تھا اور اکثر انہی مصروفیات کی وجہ سے شہر سے باہر بھی رہا کرتے تھے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ دونوں میاں بیوی میں اختلافات رونما ہونے لگے اور ایک وقت وہ آیا جب رتی اپنا گھر چھوڑ کر ایک ہوٹل میں منتقل ہوگئیں۔ 1928ء میں وہ شدید بیمار پڑیں اور علاج کے لیے پیرس چلی گئیں۔

    قائداعظم کو جب یہ اطلاع ملی تو وہ بھی ان کی تیمارداری کے لیے پیرس پہنچ گئے اور ایک ماہ تک ان کے ساتھ رہے۔ یوں ان دونوں کے تعلقات ایک مرتبہ پھر بحال ہوگئے۔ چند ماہ بعد رتی جناح وطن واپس آ گئیں مگر ان کی طبیعت نہ سنبھل سکی اور 20 فروری 1929ء کو انکی 29 ویں سالگرہ کے دن ان کا انتقال ہوگیا۔

    قائد اعظم ایک انتہائی مضبوط اعصابی قوت کے مالک شخصیت تھے اورانہیں عوام میں صرف دو مواقع پرروتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک بارتب جب انہیں ان کی چہیتی زوجہ کی قبر پر مٹی ڈالنے کا کہا گیا‘ اور ایک باراگست 1947 میں کہ جب وہ آخری مرتبہ اپنی شریکِ حیات کی قبر پر تشریف لائے تھے۔

    اُن کی واحد اولاد‘ دینا جناح کی پیدائش 15 اگست 1919ء کو لندن میں ہوئی اور انہوں نے گزشتہ سال 2 نومبر 2017ء کو نیویارک میں وفات پائی ۔

    رتی جناح پر لکھی جانے والی کچھ اہم کتابیں تصاویر بشکریہ : معروف محقق اور اردو ڈکشنری بورڈ کے سربراہ عقیل عباس جعفری

     

  • بلاول بھٹو کا قائد اعظم کے یوم پیدائش پرپیغام

    بلاول بھٹو کا قائد اعظم کے یوم پیدائش پرپیغام

    کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان اقدارکونصب العین بناناچاہیےجن پرقائداعظم عمل پیرا رہے۔

    تفصیلات کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر پیپلزپارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زداری نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھے۔

    انہوں نے کہا کہ ان اقدارکونصب العین بناناچاہیےجن پرقائداعظم عمل پیرا رہے، قائداعظم پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست دیکھنے کے خواہاں تھے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری جدوجہد پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی مظالم برداشت کر لے گی لیکن جدوجہد ختم نہیں کرسکتی، عوم اپنے حقِ حاکمیت پرکسی مصلحت کا شکارنہ ہو۔

    بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا یومِ ولادت آج منایا جا رہا ہے


    واضح رہے کہ ملک بھر میں آج بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا 143 واں یوم ولادت انتہائی عقیدت واحترام اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

  • امید ہے قائداعظم کے وژن کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں گی ‘ وسیم اختر

    امید ہے قائداعظم کے وژن کے مطابق پالیسیاں بنائی جائیں گی ‘ وسیم اختر

    کراچی : میئرکراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کراچی ترقی کرےگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر نے بابائے قوم محمد علی جناح کی برسی کے دن مزار قائد پرحاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

    مزار قائد پرحاضری کے بعد وسیم اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ بلدیہ سے متعلق13مئی کو مطالبہ کیا جوڈیشل انکوائری کی جائے، ہم پرجھوٹےمقدمے بنائے گئے اس کے باوجود پیش ہوتے ہیں۔

    میئرکراچی نے کہا کہ ڈیم بنانے سے متعلق وفاقی حکومت کوشش کررہی ہے، امید ہے پانی کے مسائل کے حل کے لیے ڈیم بنائے جائیں گے، چھوٹے اوربڑے ڈیم بننے سے پانی کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی وفاقی منصوبے کراچی میں وقت پرنہ شروع ہوتے ہیں نہ مکمل ہوتے ہیں، مسائل کے حل کے لیے کراچی کو کم ازکم 9 ارب چاہئیں۔

    میئرکراچی نے کہا کہ پہلے بھی کراچی کے لیے اسکیمیں وفاق وصوبائی حکومت کو دیں، امید ہے اس حکومت میں جواسکیمیں دوں گا اس پرعمل ہوگا۔

    قائداعظم کے آٹھ ایسے فرمودات‘ جن پرآج بھی عمل کی ضرورت ہے

    واضح رہے کہ آج بانی ٔ پاکستان محمد علی جناح کی 70 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔