اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرشبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان اور مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ ظفرالحق اپوزیشن لیڈر مقرر ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف کے شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان جبکہ مسلم لیگ ن کے راجہ ظفرالحق کو قائد حزب اختلاف مقرر کردیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے دونوں کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو درخواست دی گئی تھی کہ سینیٹ میں ان کے ارکان کی تعداد زیادہ ہے لہذا ان کی پارٹی کے راجہ ظفرالحق کو قائد حزب اختلا ف بنایا جائے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پیپلزپارٹی سے بھی حمایتی ارکان کے دستخط کے ساتھ درخواست طلب کی تھی۔
بعدازاں چیئرمین سینیٹ نے ایوان بالا کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر شیری رحمان کو ہٹاکر مسلم لیگ ن کے راجہ ظفرالحق کو سینیٹ کا نیا اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا۔
سینیٹ کی تاریخ میں شیری رحمان سینیٹ میں بارہویں اپوزیشن لیڈر تھیں جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے اس عہدے پرفائز ہونے والی وہ ساتویں اپوزیشن لیڈر تھیں۔
شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پراپنے پیغام میں سینیٹرشبلی فراز کو قائد ایوان اور راجہ ظفرالحق کے اپوزیشن لیڈر مقرر ہونے پرانہیں مبارکباد پیش کی۔
Congratulations to the new Leader of the House in the Senate, @shiblifaraz and the new Leader of Opposition Raja Zafrul Haq. I hope they both remember the best service to democracy lies in serving public interests via legislation, debate, good governance and parliamentary probity
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) August 26, 2018
شبلی فراز سینیٹ میں قائد ایوان نامزد
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے سینیٹرشبلی فراز کو سینیٹ میں قائد ایوان نامزد کیا تھا۔