Tag: قائمہ کمیٹی برائے داخلہ

  • شہناز انصاری کا سیکیورٹی کے لیے خط آئی جی کو قتل کے دوسرے روز موصول ہوا: بریفنگ

    شہناز انصاری کا سیکیورٹی کے لیے خط آئی جی کو قتل کے دوسرے روز موصول ہوا: بریفنگ

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کا سیکیورٹی کے لیے آئی جی سندھ کو لکھا خط ان کے قتل کے دوسرے دن موصول ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کیس پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں ایس ایس پی جامشورو پولیس کمیٹی پیش ہوئے۔

    چیئرمین کمیٹی نے دریافت کیا کہ آئی جی اور ڈی آئی جی کہاں ہیں؟ کیوں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ مقتول ایم پی اے شہناز انصاری نے سیکیورٹی مانگی تو کیوں نہیں دی گئی۔

    ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتولہ نے کبھی سیکیورٹی نہیں مانگی، ایم پی اے کو سیکیورٹی ڈی آئی جی لیول سے منظور ہوتی ہے۔ شہناز انصاری کا آئی جی کو خط ان کے قتل کے دوسرے دن موصول ہوا۔

    ایس ایس پی کے مطابق ایم پی اے قتل کیس میں 4 مطلوب ملزمان اسلحہ سمیت گرفتار ہیں۔

    اجلاس میں صحافی عزیز میمن کے قتل کا معاملہ بھی موضوع بحث بنا، ایس ایس پی نے بتایا کہ صحافی عزیر میمن قتل کیس میں فوٹو گرافر حراست میں ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں صحافی کے قتل کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ صحافی عزیر میمن کو کیمرہ مین گھر سے لے کر گیا، صحافیوں کے دباؤ پر قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی۔

    کمیٹی چیئرمین نے کہا کہ صحافی عزیز میمن سیکیورٹی کے لیے اسلام آباد تک آئے جس پر ایس ایس پی نے کہا کہ سیکورٹی دینے پر پولیس کے پاس کوئی اختیار نہیں۔ صحافی کا بھائی درخواست گزار ہے اس نے کسی کا نام نہیں لیا۔

    چیئرمین کا کہنا تھا کہ عزیز میمن کی تمام رپورٹس کمیٹی کو فراہم کی جائیں۔ پولیس کا عوام کے ساتھ رشتہ اچھا نہیں، عوام سے پولیس کے تعلقات اچھے ہوں تو یہ نوبت ہی نہ آئے، شریف آدمی تھانے جاتا ہے تو ایک ہاتھ جیب پر رکھ لیتا ہے۔

  • وزارت داخلہ کے لیے ساڑھے 21 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور

    وزارت داخلہ کے لیے ساڑھے 21 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے لیے 21 ارب 55 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے ترقیاتی منصوبوں کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    قائمہ کمیٹی نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) 2021 کی بجٹ سفارشات کی منظوری دے دی، وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے لیے 21 ارب 55 کروڑ کے ترقیاتی بجٹ کی سفارشات منظور کرلی گئیں۔

    بجٹ میں ایف سی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 3 ارب 69 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ ایف سی پختونخواہ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 6 ارب 12 کروڑ، پنجاب رینجرز کے لیے 70 کروڑ 42 لاکھ اور سندھ رینجرز کے لیے 1 ارب 2 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔

    فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1 ارب 25 کروڑ، گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے لیے 1 ارب 4 کروڑ اور سول آرمڈ فورسز کے لیے مجموعی طور پر 14 ارب 20 کروڑ مختص کرنے کی سفارش کی گئی۔

    اسی طرح ایف آئی اے کے لیے 73 کروڑ 77 لاکھ اور وفاقی پولیس کے لیے 29 کروڑ 51 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔

    بجٹ میں آئی سی ٹی کے لیے 3 ارب 6 کروڑ، اسلام آباد لوکل گورنمنٹ کے لیے 1 ارب 63 کروڑ اور سی ڈی اے کے لیے 76 کروڑ روپے ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ وزارت داخلہ نے آئندہ مالی سال 112 نئے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے 10 ارب 40 کروڑ اور نئے 112 منصوبوں کے لیے 11 ارب 15 کروڑ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • میری زندگی کو طالبان سے خطرہ ہے، نبیل گبول

    میری زندگی کو طالبان سے خطرہ ہے، نبیل گبول

    قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں نبیل گبول نے کہا ہے ان کی زندگی کو طالبان سے خطرہ ہے۔ مگر ایک ہفتے پہلے سندھ حکومت نے سیکیورٹی واپس لے لی۔

    اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، ایم کیو ایم کے ایم این اے نبیل گبول نے بتایا ان کی زندگی کو خطرہ ہے، اجلاس میں اگست دو ہزار تیرہ کی تاریخ سے جاری نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کا الرٹ پیش کیا گیا۔

    جس میں بتایا گیا ہے کہ ایم کیوایم کے تین اراکین اسمبلی کو طالبان سے خطرہ ہے، ان میں ایم این اے نبیل گبول، ایم این اے ڈاکٹر فاروق ستار اور رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری شامل ہیں۔

    نبیل گبول کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود سندھ حکومت نے ایک ہفتے قبل ان کی سیکورٹی واپس لے لی، کمیٹی کے چیئرمین شمیم احمد خان نے یقین دہانی کرائی قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نبیل گبول کے لئے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھے گی۔