Tag: قاتل انیقہ

  • سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلانے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی

    سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلانے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی

    اسلام آباد: کم سِن سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلانے والی خاتون کو عدالت نے سزا سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج شرقی محمد سہیل شیخ نے سوتیلے بیٹے کو قتل کر کے لاش جلا کر چھپانے کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔

    عدالت نے قتل کا سنگین جرم ثابت ہونے پر بچے کی سوتیلی ماں انیقہ کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔

    عدالت نے بچے کی لاش چھپانے کے جرم میں بھی 5 سال قید اور 25 ہزار روپے کی سزا سنائی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 18 دسمبر 2020 کو خاتون انیقہ نے اپنے 5 سالہ سوتیلے بیٹے اکرام کو پھندا لگا کر قتل کر دیا تھا، قتل کرنے کے بعد لاش کو جلا کر بوری میں بند کر کے گھر کے زیر تعمیر کمرے میں چھپا دیا تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق کمسن اکرام خاتون کے دوسرے شوہر کی اولاد تھا اور اپنے والد کے ساتھ ہی رہائش پذیر تھا۔

    پولیس نے اس کیس میں خاتون کے سسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، انھوں نے بتایا کہ ان کے چھوٹے بیٹے انوار نے واقعے سے پانچ چھ ماہ قبل ہی انیقہ دختر محمد عمران سے دوسری شادی کی تھی، جب کہ انوار کی پہلی بیوی اقصیٰ یوسف سے 4 بچے تھے، جن میں اکرام سب سے چھوٹا 5 سال کا تھا۔

    سسر کے بیان کے مطابق دونوں میاں بیوی میں بچے اکرام کو ساتھ رکھنے پر جھگڑا ہوتا تھا، وہ بچے کو ساتھ رکھنے پر خوش نہیں تھی، 18 دسمبر کو جب شوہر اپنی موبائل شاپ پر گیا تھا، انیقہ نے پھندا لگا کر بچے کو مار دیا اور پھر لاش جلا کر بوری میں ڈال دی۔

    بیان میں کہا گیا تھا کہ شام پانچ بجے انھیں اطلاع ملی کہ بچہ نہیں مل رہا ہے، تو جب گھر کی تلاشی لی گئی تو بچے کی جلی ہوئی لاش زیر تعمیر کمرے سے بوری میں بند مل گئی۔

    واضح رہے کہ عدالت نے دسمبر 2020 سے لے کر جولائی 2022 تک 18 ماہ کے دورانیے میں کیس کا ٹرائیل مکمل کیا۔