Tag: قاتل گرفتار

  • اسلامک یونیورسٹی  کی  22 سالہ طالبہ ایمان کا قاتل گرفتار

    اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کا قاتل گرفتار

    اسلام آباد : اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا، ایمان کو دوستوں کے سامنے ہی قتل کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان کے ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈی آئی جی جواد طارق نے بتایا کہ تھانہ رمنا کی حدود میں گرلز ہاسٹل میں ایمان کا قتل ہوا، ملزم کی جانب سے فائرنگ کرکے لڑکی کو قتل کیا گیا۔

    جواد طارق کا کہنا تھا کہ ملزم سے متعلق مختلف کیمروں اور دیگر شواہد سے تحقیقات کیں، ملزم واردات کی نیت سے آج دوبارہ ہاسٹل آیا تھا تو گرفتارکرلیا،ڈی آئی جی

    ملزم فیروزجھنگ کا رہائشی ہے،زیادتی کیس میں بھی مطلوب تھا جبکہ ملزم موٹرسائیکل چوری کے مختلف مقدمات بھی تھے۔

    مزید پڑھیں : اسلامک یونیورسٹی کی طالبہ کو گولی مار کر قتل کردیا گیا

    بعد ازاں 22سالہ طالبہ کو ہاسٹل میں قتل کرنے کے کیس میں ڈیوٹی مجسٹریٹ محمد آصف ہنجرا کی عدالت میں گرفتارملزم کو پیش کیا گیا۔

    پولیس کی جانب سے ملزم کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیجنے کی استدعا کی ، عدالت نے استدعا منظور کرکےملزم کو شناخت پریڈکیلئے جیل بھیجنےکا حکم دے دیا۔

    واضح رہے کہ 19 اپریل کو ملزم نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے ہاسٹل میں گھس کر طالبہ ایمان کو دوستوں کے سامنے ہی قتل کر دیا تھا، تھانہ رمنا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کی تھیں تاہم ملزم قتل کی واردات کے بعد روپوش ہوگیا تھا۔

  • 3 سالہ بچی سے عصمت دری اور قتل کرنے والا ملزم پکڑا گیا

    3 سالہ بچی سے عصمت دری اور قتل کرنے والا ملزم پکڑا گیا

    کراچی : شہر قائد کے علاقے گلبرگ میں تین سالہ بچی آمنہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو اہل محلہ نے پکڑلیا ، بچی کی لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی تھی۔

    کراچی کےعلاقے گلبرگ میں 3 سالہ بچی آمنہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز قبائل کالونی میں ملزم نے 3 سالہ بچی آمنہ کو گلے میں پھندا لگا کر قتل کرکے فرار ہوگیا تھا، لاش کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔

    علاقہ مکینوں نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم علاقے کا رہائشی اور رکشہ ڈرائیور ہے، ملزم کی بچی کی لاش بوری میں لے جاتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم 3 سالہ بچی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو بوری میں لے کر جارہا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بچی کی لاش کو کچرا کنڈی میں پھینکنے کے بعد فرار ہوگیا تھا، ملزم کی 2شادیاں ہوئیں ایک بیوی کو طلاق دے چکا ہے۔

    مقتولہ بچی آمنہ کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ بہن بھائی مدرسے جانے کیلئے نکلے تو آمنہ بھی ان کے پیچھے گھر سے نکل گئی، والدہ تلاش کرتی رہی کچھ دیر بعد لاش گھر کے قریب کچرا کنڈی سے ملی۔

    لواحقین کا کہنا تھا کہ بچی سوا سات بجے گھر سے نکلی اور لاش پندرہ سے بیس منٹ بعد گلی سے ملی، بعد ازاں بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق بچی کے والد پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں، عمرے پر گئے ہوئے ہیں، 12 اکتوبر کو ان کی واپسی ہے۔ حکام نے بتایا کہ آمنہ چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھی، جس کے گلے میں پھندا لگائے جانے کے نشانات موجود ہیں۔

  • تاجر آصف بلوانی کا قاتل زخمی حالت میں گرفتار

    تاجر آصف بلوانی کا قاتل زخمی حالت میں گرفتار

    کراچی : ڈیفنس میں تاجر آصف بلوانی کے قتل کا کیس حل کرلیا گیا، پولیس نے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ تاجر آصف بلوانی کو قتل کرنے والا ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ خیابان ساحل کے قریب سے ملزم کو زخمی حالت میں پکڑا گیا، ملزم سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، ملزم بینک ڈکیتیوں میں بھی ملوث ہے۔

    واضح رہے کہ 04 جون 2024 کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 2 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے فلور مل کے تاجر آصف بلوانی کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس کے مطابق آصف بلوانی کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیا گیا، وہ بینک سے دس لاکھ روپے نکال کر گھر کی طرف جارہے تھے کہ ملزمان سے بچنے کے لئے کار تیز چلائی تو ان کی کار کے الیکٹرک کے کھمبے سے ٹکرا گئی تھی۔

  • منشیات فروش نے پیسے نہ دینے پر منشیات فروش سے منشیات فروش کو قتل کروا دیا

    منشیات فروش نے پیسے نہ دینے پر منشیات فروش سے منشیات فروش کو قتل کروا دیا

    کراچی: پولیس نے شہر قائد کے علاقے بغدادی شاہ بیگ لین میں چار روز قبل منشیات فروش کی ہلاکت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ مبینہ مرکزی ملزم اور منشیات فروش خالد نے بدنام زمانہ منشیات فروش ریاست سے سپاری لے کر منشیات فروش زاہد کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو بغدادی شاہ بیگ لین میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک، اور رکشہ ڈرائیور زخمی ہوا تھا، معلوم ہوا کہ ہلاک شخص منشیات فروش تھا، جسے گینگ کے ساتھی خالد نے قتل کروایا تھا۔

    ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق پولیس نے ملزم ٹارگٹ کلر خالد کو گرفتار کر لیا ہے، وہ لیاری کے ریاست جدگال گینگ کا کارندہ ہے، اور خود بھی منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث ہے۔

    ٹارگٹ کلر خالد کا ویڈیو بیان اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیا ہے، جس میں اس نے بتایا ’’میں روز 3 لاکھ روپے تک منشیات بیچ کر پیسے ریاست کو دیتا ہوں، مقتول زاہد نے ریاست سے 7 لاکھ کی منشیات خریدی تھی، لیکن پھر پیسے واپس کرنے کی بجائے بدمعاشی کرنے لگا۔‘‘

    خالد نے مزید بتایا ’’میں گولیمار میں ریاست کے اڈے پر کھڑا ہوتا ہوں، زاہد کے قتل کی سپاری بدنام زمانہ منشیات فروش ریاست نے دی تھی، زاہد کو قتل کرنے 3 بندے گئے تھے۔‘‘

    ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق زاہد کی ریکی فہد گجر نے کی تھی، جب کہ اس کا قتل عمر خالو اور خالد نے کیا، جمیل چھانگا ایران سے ریاست جدگال گینگ چلاتا ہے، زاہد کے قتل کی پوری منصوبہ بندی واٹس ایپ پر کی گئی تھی اور تینوں ملزمان کی باتیں آڈیو کی صورت میں مل گئی ہیں۔

  • کراچی: میاں بیوی کے اندھے قتل کا معمہ حل ، قاتل کون ؟ بڑا انکشاف سامنے آگیا

    کراچی: میاں بیوی کے اندھے قتل کا معمہ حل ، قاتل کون ؟ بڑا انکشاف سامنے آگیا

    کراچی : پولیس نے گھر میں میاں بیوی کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے قاتل کو گرفتار کرلیا، دیدار گل کو سعودی عرب سے بلا کر بارہ لاکھ روپے کی سپاری دی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلال کالونی میں میاں بیوی کے اندھےقتل کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے سوشل میڈیا کے ذریعے قتل کی سپاری لینے والے اجرتی قاتل کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم دیدارگل سے اسلحہ اور دیگرسامان برآمدکرلیا گیا اور یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ مثل خان اورکرن بی بی کوخاتون کے بھائی نے سپاری دیکر قتل کرایا۔

    تفتیشی پولیس نے کہا کہ مقتولہ کے بھائی کا اجرتی قاتل سے فیس بک کے ذریعے رابطہ ہوا، دیدار گل سعودی عرب میں کام کرتاتھا، جہاں سے وہ واردات کیلئے کراچی آیا۔

    پولیس کے مطابق مثل نے ملزم کی بڑی بہن کو طلاق دیکر چھوٹی بہن سے شادی کی تھی، جس کے بعد میاں بیوی روپوشی کی زندگی گزاررہے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ اجرتی قاتل دیدار گل بارہ لاکھ روپے لیکر قتل کرنے پر آمادہ ہوا، ملزم کورنگی بلال کالونی میں رہا اورمیاں بیوی کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے لگا ، مقتولہ کا بھائی اور پشاور سے اسلحہ لانے والا ملزم تاحال مفرور ہیں۔

  • سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کا  قاتل  گرفتار ، اعتراف جرم کرلیا

    سابق چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کا قاتل گرفتار ، اعتراف جرم کرلیا

    کوئٹہ : سابق چیف جسٹس محمدنورمسکانزئی کے قاتل کو گرفتار کرلیا گیا، دہشت گرد نے سابق چیف جسٹس کے قتل کا اعتراف کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزازگورایہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس کو شہید کرنے والے دہشت گرد کو گرفتارکرلیا ہے۔

    اعتزازگورایہ کا کہنا تھا کہ خاران میں سابق چیف جسٹس نور محمد مسکانزئی کو شہید کیا گیا تھا، جس کے بعد سابق چیف جسٹس کے قتل پراعلیٰ سطحی جوڈیشل کمیشن بنایا گیا تھا۔

    ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس قتل کیس میں بہت کام کیا گیا ہے، دہشت گرد شفقت اللہ سے ہینڈ گرنیڈ و اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ دہشت گرد نے سابق چیف جسٹس کے قتل کا اعتراف کیا ہے، دہشت گرد نےاعتراف کیا کہ ہمسایہ ملک سے احکامات ملے تھے۔

    اعتزازگورایہ کا کہنا تھا کہ دوران تفتیش ملزم نے مزید دہشت گرد کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔

    اس سے قبل ذرائع نے بتایا تھا کہ مبینہ قاتل کاتعلق کالعدم تنظیم سے بتایاجاتا ہے جبکہ دوران تفشی مبینہ قاتل نے متعدد دیگر تخریبی وارداتوں میں ملوث رہنے کا اعتراف کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گرفتارمبینہ قاتل کی نشاندہی پر تفتیش کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے، کیس میں سہولت کاروں سمیت دیگرکئی مبینہ ملزمان بھی گرفتار ہوں گے۔

  • ایم کیوایم پاکستان کے رہنماڈاکٹر نوشاد شیخ کا قاتل گرفتار

    ایم کیوایم پاکستان کے رہنماڈاکٹر نوشاد شیخ کا قاتل گرفتار

    حیدرآباد: ایم کیوایم پاکستان کے رہنماڈ اکٹر نوشاد شیخ کا قاتل گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرنوشاد شیخ کا قاتل پکڑا گیا ۔ ملزم شاہد ڈانسرکو حالی روڈ تھانے کی حدود سے گرفتارکیا گیا۔

    حیدرآبادپولیس پریس کانفرنس میں ملزم کی گرفتاری ظاہرکرے گی۔

    یاد رہے کہ 25 اکتوبر کو  ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر نوشاد کو نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا ۔


    مزید پڑھیں :  حیدرآباد فائرنگ، ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹرنوشاد جاں بحق


    اکٹرنوشادعرف دانش کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس وقت گولیوں کا نشانہ بنایا، جب وہ بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر آرہے تھے، حملہ آوربغیرہیلمٹ تھے، ڈاکٹر نوشاد کو پانچ گولیاں لگیں۔

    خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے مقتول رکن ڈاکٹر نوشاد حیدرآباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے ایک سیکٹر کے امور دیکھ رہے تھے جبکہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے والے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • امجد صابری قتل کےمحرکات سامنے آگئے

    امجد صابری قتل کےمحرکات سامنے آگئے

    کراچی:عاصم کیپری اور ملزم بوبی نے امجد صابری کو ایک نجی ٹی وی چینل پر ادا کیے گئے جملوں اور ایک فرقے کی حمایت کرنے پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ قتل کیا جس کے لیے ملزمان نے معروف قوال کے گھر کے نزدیک رہائش اختیار کی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق معروف قوال امجد صابری کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا جس کے لیے ملزم عاصم کیپری نے امجد صابری کے گھر کے نزدیک رہائش اختیار کی تاکہ امجد صابری کی آمد و رفت کے اوقات نوٹ کرسکیں اور نقل وحمل کی کڑی نگرانی کرتے رہیں۔

    تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان نے امجد صابری کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں دیئے گئے ریمارکس اور ایک خاص فرقے جس سے ان کا تعلق بھی نہیں تھا کی حمایت کے باعث قتل کرنے کا فیصلہ کیا اور باقاعدہ ریکی شروع کی۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ امجد صابری کے قتل ہونے والے دن دونوں ملزمان کچھ دیر پہلے تک لیاقت آباد میں اپنی رہائش گاہ کے قریب ہی موجود تھے ،عاصم کیپری ایک کلینک کے نزدیک موٹر سائیکل پر موجود تھا جب کہ ملزم بوبی کے پاس کوئی گاڑی نہیں تھی۔

    عاصم کیپری نے امجد صابری کی گاڑی کا تعاقب کر کے انڈر بائی پاس کے قرب روکا اور اُس کے ساتھی نے فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا، ملزمان نے امجد صابری کی گاڑی پر بیگ لگے نائن ایم ایم سے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی مکمل تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کی تفتیش کی روشنی میں مزید کارروائیاں کی جا رہی ہیں جلد ہی اس کیس کے تمام ملزمان قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • اورنگی ٹاؤن میں تین بچوں کے قتل کا معمہ حل، قاتل گرفتار

    اورنگی ٹاؤن میں تین بچوں کے قتل کا معمہ حل، قاتل گرفتار

    کراچی : اورنگی ٹاؤن میں تین بچوں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا۔ ملزم بچوں کے والد کی دکان کا ملازم نکلا۔اعترافی بیان میں ملزم نے کہا کہ طعنوں پر طیش میں آکر بچوں کی جان لی۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن مومن آباد کے علاقے سیکٹر 10 اے میں تین بچوں کے قتل کا معمہ حل ہوگیا۔ والد کی دکان کا ملازم اٹھارہ سالہ حسنین ہی بچوں کا قاتل نکلا۔

    ملزم حسنین نے اپنے اعترافی بیان میں کہا کہ بچے طعنے دیتے تھے کہ ہمارے گھر رہتے ہو ہمارا ہی کھاتے ہو جس پر طیش میں آکر بچوں کوموت کے گھاٹ اتاردیا۔

    ملزم حسنین نے بتایا کہ اس نے منہ پر تکیہ رکھ کر دس سالہ نمرہ ، آٹھ سالہ مصرہ، اورپانچ سالہ علی کو قتل کیا۔ مذکورہ ملزم دکان مالک کے گھر ہی میں رہتا تھا۔

    مقتولین کے والد کا کہنا ہےکہ گھر سے رقم بھی چوری ہوئی ہے جس پر شبہ ظاہرکیا جارہا ہے کہ ملزم نے چوری پکڑے جانے پر بچوں کی جان لی۔

    ملزم پولیس کی حراست میں ہے مزید تحقیقات کے لئے تفتیش کی جارہی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بچوں کے والد شریف الدین کاکہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ یہ واردات اکیلے کی گئی ہو۔

    انہوں نے بتایا کہ گھر سے چار لاکھ روپے کی  رقم اوردیگر قیمتی سامان بھی غائب ہے۔ یاد رہے کہ صوبائی وزیر داخلہ سہیل انورسیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی انکوائری رپورٹ طلب کی تھی۔

     

    Father of 3 deceased children talking to media by arynews