Tag: قاسم باغ

  • کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملتان انتظامیہ نے تیاری کر لی

    کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ملتان انتظامیہ نے تیاری کر لی

    ملتان: پی ڈی ایم جلسے کے اعلان کے بعد کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے تیاری کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان جلسے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ایمرجنسی پلان تیار کر لیا گیا، سرکاری افسران کو آئندہ 72 گھنٹے ضلعی ہیڈکوارٹرز نہ چھوڑنے کی ہدایت کر دی گئی۔

    قلعہ کہنہ قاسم باغ میں 3 ہیلی پیڈ تیار کرنے کی ہدایات بھی جاری ہو گئیں، یہ ہیلی پیڈ اسٹیڈیم، سبزہ زار اور علمدار حسین ڈگری کالج میں تیار کیے جا رہے ہیں۔

    محکمہ سول ڈیفنس کا بم ڈسپوزل اسکواڈ الرٹ کر دیا گیا، سول ڈیفنس فورس کے 150 اہل کار بھی پولیس کے ہمراہ الرٹ رہیں گے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر کو فوکل پرسن مقرر کر دیا گیا، ڈی سی آفس میں کنٹرول روم بھی فعال کر دیا گیا۔

    بلاول بھٹو نے کارکنان کو ملتان پہنچنے کی ہدایت کر دی

    ادھر پولیس کی بھاری نفری قاسم باغ اسٹیڈیم پہنچ گئی ہے، اسٹیڈیم کو جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دیےگئے، پاکستان پیپلز پارٹی کے چند کارکنان بھی اسٹیڈیم پہنچ گئے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے آج ایک ٹویٹ میں خبردار کر دیا ہے کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے، عوام کو سیاسی بے روزگاروں کے سپرد کر کے خطرے میں نہیں ڈال سکتے، جلسوں کی پرواہ نہیں مگر عوام کا تحفظ ہمیں بلا تفریق مقدم ہے۔

    ادھر مولانا فضل الرحمان ملتان پہنچ گئے ہیں جو آج پی ڈی ایم اجلاس کی صدارت کریں گے، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ بھی ملتان پہنچ چکے ہیں، پی ڈی ایم اجلاس میں 30 نومبر کے جلسے سے متعلق لائحہ عمل طے ہوگا۔

  • علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری

    علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری

    ملتان: سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضاگیلانی کے صاحب زادے علی قاسم گیلانی کی 30 دن تک نظر بندی کے احکامات جاری ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان نے 16 ایم پی او کے تحت پیپلز پارٹی کے رہنما علی قاسم گیلانی کی تیس دن تک نظر بندی کے احکامات جاری کر دیے۔

    علی قاسم گیلانی پر نقص امن اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں، مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ علی قاسم گیلانی کو 30 دن تک زیر حراست رکھا جائے۔

    یاد رہے کہ علی قاسم گیلانی کو گزشتہ رات قاسم باغ اسٹیڈیم سےگرفتار کیا گیا تھا، گرفتاری کے بعد انھوں نے ایک ویڈیو بیان میں کہا ہم کھانا لا رہے تھے کہ پولیس نےگرفتار کر لیا، ہم پر تشدد کیا گیا ہے۔

    رات گئے انتظامیہ نے قاسم باغ کا کنٹرول سنبھال کر مرکزی راستہ کنٹینر پھر بند کر دیا، اس دوران پولیس سے جھڑپ کے بعد متعدد پی ڈی ایم رہنما اور کارکن گرفتار کیے گئے، جلسہ گاہ سے شامیانے، کرسیاں اور دیگر سامان بھی ہٹا دیاگیا ہے۔

    ملتان جلسہ، پولیس کا کریک ڈاؤن، گیلانی کے بیٹے سمیت متعدد سیاسی کارکنان گرفتار

    ادھر علی قاسم گیلانی سمیت دیگر سیاسی کارکنان کی گرفتاری کے بعد سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمان ملتان پہنچ گئے ہیں، وہ آج پی ڈی ایم اجلاس کی سربراہی کریں گے، اجلاس میں سینئر پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی، انس نورانی، ساجد میر، رانا ثنااللہ و دیگر شریک ہوں گے۔

    قاسم باغ واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ٹویٹ کیا کہ حکومت پنجاب، ملتان میں پی پی کے یوم تاسیس سے بوکھلا اٹھی ہے، چاہے کچھ ہو جائے ہم 30 نومبر کو پی ڈی ایم کی میزبانی کریں گے، آصفہ بھٹو میری نمائندگی کے لیے ملتان پہنچ رہی ہیں، ملتان میں جلسہ ہو کر رہےگا۔

    رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے ملتان جلسہ گاہ میں پولیس ایکشن کو فاشزم قرار دیا، حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملتان میں حالات خراب نہ کریں۔