Tag: قاسم سلیمانی

  • قاسم سلیمانی کی برسی پر دھماکے، امریکا کا اہم بیان سامنے آگیا

    قاسم سلیمانی کی برسی پر دھماکے، امریکا کا اہم بیان سامنے آگیا

    ایران میں گزشتہ ماہ جنرل قاسم سلیمانی کی برسی پر دھماکوں پر امریکا کی جانب سے موقف دیتے ہوئے امریکی عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران کو پہلے سے دہشت گردی کے خطرے سے متعلق خبردار کیا تھا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا نے نجی ذرائع سے ایران کو دہشت گردی کے خطرے سے آگاہ کیا تھا۔

    امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے خبردار کرنے کی دیرینہ پالیسی کی ذمہ داری نبھانے میں کوتاہی نہیں برتی، امریکا کا کہنا ہے کہ دہشت گرد حملوں میں معصوم جانیں بچانے کے لیے جزوی انتباہات جاری کرتے ہیں۔

    امریکا اور برطانیہ نے حوثی رہنماؤں پر پابندی عائد کردی

    واضح رہے کہ ایران کے شہر کرمان میں گزشتہ ماہ جنرل قاسم سلیمانی کی برسی کی تقریب میں ہونے والے دو دھماکوں میں 100 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے تھے۔

  • قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مجرم کو سزائے موت

    قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مجرم کو سزائے موت

    تہران: ایران کی عدالت نے ہلاک قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی سے متعلق جاسوسی کرنے والے امریکی جاسوس کو سزائے موت سنا دی، جلد پھانسی پر عمل درآمد ہوگا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین نے کہا ہے کہ موسوی نامی جاسوس نے قاسم سلیمانی سے متعلق خفیہ معلومات امریکا اور اسرائیل کو فراہم کی تھیں۔

    ’جاسوس ایرانی کمانڈر کی شہادت سے قبل امریکی اور اسرائیلی خفیہ ایجنسیز سے مسلسل رابطے میں تھا اور قاسم سلیمانیکے ٹھکانوں سے متعلق بھی معمولات دشمنوں کو فراہم کی گئیں جس سے امریکا اپنے مقصد میں کامیاب ہوا‘۔

    تاہم عدلیہ ترجمان نے مجرم کی گرفتاری کے حوالے سے میڈیا کو نہیں بتایا اور نہ ہی پھانسی کی کسی تاریخ سے آگاہ کیا اور اس بات کا بھی تعین کرنا بہت مشکل ہے کہ موسوی کو پھانسی کہاں پر دی جائے گی۔

    قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد ایران امریکا سے کیا چاہتا ہے؟

    خیال رہے کہ رواں سال 3 جنوری امریکا نے ڈرون حملے کے ذریعے ایرانی قدس فورس کے سربراہ کو ہلاک کیا تھا، واشنگٹن حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ قاسم سلیمانی مشرقی وسطیٰ میں امریکی فوج پر حملوں میں ملوث رہا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ایران نے 17 امریکی جاسوسوں کو گرفتار کیا تھا، غیرملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ممکنہ طور پر تمام جاسوسوں کے آپس میں رابط رہے ہیں، موسوی کا بھی ماضی میں ان سے تعلق رہا ہوگا۔

  • قاسم سلیمانی دہشت گرد ہیں، پاسداران انقلاب و سلیمانی کا تعاقب کریں گے، مائیک پومپیو

    قاسم سلیمانی دہشت گرد ہیں، پاسداران انقلاب و سلیمانی کا تعاقب کریں گے، مائیک پومپیو

    واشنگٹن : امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی پاسداران انقلاب کی ذیلی تنظیم القدس بریگیڈ کے کمانڈر قاسم سلیمانی کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری معاہدے سے انخلاء کے بعد سے مسلسل ایران اور ایرانی شخصیات پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ کمانڈر قاسم سلیمانی کو دہشت گرد قرار دے دیا۔

    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ القدس بریگیڈ کے کمانڈر قاسم سلیمانی اور ان کی فورس کے ہاتھوں پر امریکیوں کا خون ہے اور امریکا نے ہر اس تنظیم، ادارے یا فرد کے تعاقب کا مصمم ارادہ کر لیا ہے اور قاسم سلیمانی و پاسداران انقلاب کا تعاقب اس طرح کیا جائے گا جیسے کسی دہشت گرد تنظیم کا کیا جاتا ہے۔

    پومپیو کا کہنا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم کا درجہ دینے سے امریکیوں کی جانوں کو تحفظ ملے گا اور مشرق وسطی میں زیادہ امن و استحکام پیدا ہو گا۔

    انہوں نے زور دیا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کو کمزور کیے بغیر مشرق وسطی میں سلامتی، امن اور استحکام کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔

    امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا ایرانی نظام نہ صرف دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے بلکہ وہ خود دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہے، پاسداران انقلاب لبنان میں حزب اللہ کی حمایت کرتی ہے۔

    مائیک پومپیو کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب اپنی تاسیس کے بعد سے دنیا بھر میں دہشت اور انارکی پھیلاتی رہی ہے۔ امریکا سپاہ پاسداران انقلاب کے ساتھ حماس اور حزب اللہ جیسی ملیشیاؤں والا معاملہ کرے گا۔

    وزیر خارجہ پومپیو نے کہا کہ پاسداران انقلاب پوری دنیا میں ہلاکتوں اور قتل و غارت کی کارروائیوں کی ذمے دار ہے۔ علاوہ ازیں وہ عراق، لبنان اور شام میں بھی دہشت گردی کو سپورٹ کر رہی ہے۔

    امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاسداران انقلاب حکمراں نظام کے نام پر ایرانی عوام کو کریک ڈاؤن کا نشانہ بنا رہی ہے اور عوام کی دولت کو لوٹ رہی ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکہ نے ’’ایرانی پاسداران انقلاب‘‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ طے شدہ ایٹمی معاہدے نےعلیحدگی کے بعد ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل گشیدگی میں‌ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب گزشتہ روز ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ملک کے ریاستی ادارے کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایران نے بھی امریکی اقدام پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا افواج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

  • امریکہ نےجنگ شروع کی توہم اسےختم کریں گے‘ ایرانی جنرل

    امریکہ نےجنگ شروع کی توہم اسےختم کریں گے‘ ایرانی جنرل

    تہران : ایرانی جنرل قاسم سلیمانی نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کوخبردار کیا ہے کہ ’اگرآپ نے جنگ شروع کی تو ہم اسے ختم کریں گے، آپ جانتے ہیں کہ یہ جنگ آپ کی ہرچیزکوتباہ کردے گی۔‘

    تفصیلات کے مطابق ایرانی فوج کے کمانڈر میجرجنرل قاسم سلیمانی کا کہنا ہے کہ اگر امریکہ نے ایران پرحملہ کیا تو امریکہ کے پاس جو کچھ ہے ایران اسے تباہ کردے گا۔

    ایرانی فوج کے خصوصی دستوں کے کمانڈر کی جانب سے یہ بیان ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹویٹ کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ کو دھمکی مت دینا ورنہ سخت نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    میجرجنرل قاسم سلیمانی کا کہنا تھا کہ ایک سپاہی ہونے کے ناطے یہ میرا فرض ہے کہ مین ان دھمکیوں کا جواب دوں۔

    ایرانی جنرل نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہ صدر حسن روحانی سے نہیں مجھ سے بات کریں یہ ان کا کام نہیں کہ وہ ایسی باتوں کا جواب دیں۔

    ایرانی فوج کے کمانڈر نے مزید کہا ہے کہ ہم تمہارے اتنے قریب ہیں کہ تم تصور بھی نہیں کرسکتے، آجاؤ ہم تیار ہیں۔

    خیال رہے گزشتہ دنوں ایرانی صدر کا کہنا تھا امریکہ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ایران کے ساتھ امن پرطرح کے امن کی ماں ہے اور ایران کے ساتھ جنگ تمام جنگوں کی ماں ہے۔

    ایرانی صدرامریکا کودھمکیاں نہ دیں‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    بعدازاں امریکی صدرنے حسن روحانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے اب امریکہ کو دھمکی دی تو اسے اس کا وہ خمیازہ بھگتنا پڑے گا جس کی تاریخ میں نظیرمشکل سے ہی ملتی ہے۔

    واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان تعلقات 2015 میں ایران سے کیے گئے عالمی جوہری معاہدے سے امریکہ کے رواں سال مئی میں نکلنےکے بعد سے شدید بحران کا شکار ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔