Tag: قاسم سلیمانی کے قتل

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا  پاکستان کے سابق وزیراعظم سے متعلق بڑا انکشاف

    ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے سابق وزیراعظم سے متعلق بڑا انکشاف

    ہیوسٹن : سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم نے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے واقعے کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا لمحہ قرار دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہیوسٹن میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خان جو کرکٹ کے بہترین کھلاڑی تھے اور پاکستان کے سربراہ بنے تھے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے  دعویٰ کیا کہ سابق وزیراعظم نے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ یہ میری زندگی کا سب سے بڑا لمحہ تھا، جب میں نے سنا کہ قاسم سلیمانی کو قتل کردیا گیا ہے۔

    سابق صدر نے مزید دعویٰ میں کہا انھوں نے بتایا کہ قاسم سلیمانی کے قتل کی خبر سننے کے بعد میں گھر چلاگیا تھا اور ایک ہفتے تک کام نہیں کرسکا تھا۔

    یاد رہے 2020 میں بغداد میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو امریکا نے ایک ڈرون حملے میں راکٹوں کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا تھا، جس کے بعد ایران نے بھی بغداد میں واقع امریکی فوجی اڈوں پر راکٹ برسائے تھے۔

    بعد ازاں امریکی صدر ٹرمپ نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر حملے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ سلیمانی ایران ہمارے چار سفارتخانوں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا اور اس نے بغداد میں امریکی سفارتخانے کو نشانہ بنایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ انکشاف کرسکتاہوں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ہمارے چار سفارتخانے ہی ہوتے، ہم بتائیں گے کہ یہ بغداد میں ہمارے سفارتخانے کو نشانہ بنانے جارہے تھے۔

  • ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں امریکا کی مدد کس نے کی ؟نام سامنے آگئے

    ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں امریکا کی مدد کس نے کی ؟نام سامنے آگئے

    تہران : عراق اور شام کے مخبروں کا ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے قتل میں امریکا کی مدد کاانکشاف سامنے آیا ، عراقی تفتیش کار کا کہنا ہے کہ بغداد ائیرپورٹ پر جاسوسوں نے سلیمانی کی آمد سے متعلق امریکا کو آگاہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی خبر رساں ایجنسی نے اپنی خصوصی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد تفتیش کاروں کی تحقیقات کا مرکز یہ نکتہ تھا کہ امریکا کو سلیمانی کی پوزیشن کا پتہ کیسے چلا اور کیا یہ معلومات دمشق اور بغداد ائیرپورٹ پر موجود مخبروں نے امریکا تک پہنچائی جن کی مدد سے امریکا جنرل سلیمانی کو مارنے میں کامیاب رہا؟

    عراقی تفتیش کاروں نے اس سلسلے میں بغداد ائیرپورٹ کے ملازمین، پولیس افسران اور شام ونگز کے ملازمین سے تفتیش کی، تحقیقات فالح الفیاض کی سربراہی میں کی گئیں جو کہ عراق کے قومی سلامتی کے مشیر ہیں اور ساتھ ہی وہ عراق کی سرکاری ملیشیا تنظیم الحشد الشعبی کے سربراہ بھی ہیں۔

    سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ عراق کی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے تفتیش کاروں کو اس بات کے مضبوط اشارے ملے ہیں کہ بغداد ائیرپورٹ پر عراق اور شام کے جاسوسوں کے نیٹ ورک نے حساس سیکیورٹی معلومات اور جنرل سلیمانی کی آمد سے متعلق امریکا کو آگاہ کیا۔

    دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے بتانے سے معذرت کی کہ عراق اور شام میں موجود مخبروں نے سلیمانی کی ہلاکت میں کوئی کردار ادا کیا یا نہیں۔

    البتہ امریکی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکا اس حملے سے کئی روز پہلے سے سلیمانی کی نقل و حرکت پر نظر رکھ رہا تھا تاہم انہوں نے یہ بتانے سے گریز کیا کہ حملے کی شب امریکا کو سلیمانی کی موجودگی کے مقام کا علم کیسے ہوا۔