Tag: قاسم سوری

  • بانی پی ٹی آئی ، عارف علوی  اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ

    بانی پی ٹی آئی ، عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے بانی پی ٹی آئی،عارف علوی اور قاسم سوری پر آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا آرٹیکل 6 کا ریفرنس کابینہ سے منظوری کے بعد سپریم کورٹ پیش ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عارف علوی ،قاسم سوری اور بانی پی ٹی آئی پر آرٹیکل 6کاریفرنس دائرکیا جائے گا، آرٹیکل 6 کا ریفرنس کابینہ سےمنظوری کے بعد سپریم کورٹ پیش ہوگا۔

    عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ اسمبلی توڑناآئینی خلاف ورزی ہے سپریم کورٹ کا حکم موجود ہے اس پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، ہمارا کام مکمل تیاری کیساتھ ریفرنس دائرکرنا ہے کوئی کمی نہیں ہوگی، حکومت نے کسی کے خلاف غیرقانونی مقدمہ درج نہیں کیا۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ مخصوص لابیاں پاکستان کیخلاف ساشوں میں مصروف ہیں، حکومت نے ان لابیوں کیخلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، قانون کے مطابق پاسپورٹ ، شناختی کارڈ بھی بلاک کرنا پڑا تو کریں گے، امریکی قرارداد کے پیچھے بھی یہی لابیاں تھیں۔

    انھوں نے بتایا کہ اب چیئرمین نیب کوٹارگٹ کر رہے ہیں مہم چلائی جارہی ہے،اب دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ نیب توشہ خانہ کیسز سے پیچھے ہٹ جائے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں خان نہیں تو پاکستان نہیں، ہم نے بھی فیصلہ کیا ہے بانی پی ٹی اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے، آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کارروائی کی جائےگی، کارروائی ہوگی تاکہ آئندہ کوئی سیاسی شخص آئین توڑنے اور فوج پرحملہ کرنے کا نہ سوچے۔

    بانی پی ٹی آئی کے بیان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ آپ نے نہیں کہا ہو کہ سائفر سے کھیلنا ہے تو ہم اپنا کیس واپس لے لیتے ہیں، آپ کے ایڈوائزر بتاتے تھے خان صاحب یہ نعرہ لگادیں مشہور ہوجائے گا، ہم کوئی غلام ہیں کا نعرہ لگوایا تو پھر امریکا میں قرارداد موو کیوں کرائی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کے پاس بیرون ملک لابیوں کیلئے اتنا پیسہ آتاکہاں سے ہے، کسی سیاسی جماعت نے اپنی مدت میں اتنے جرم نہیں کئے جتنے آپ نے پونے 4سال میں کیے، آئین اور قانون کے مطابق تمام کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

  • قاسم سوری کی طلبی کا اشتہار 2 اخبارات میں دیا جائے، حکمنامہ جاری

    قاسم سوری کی طلبی کا اشتہار 2 اخبارات میں دیا جائے، حکمنامہ جاری

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر حکم نامے میں کہا کہ قاسم سوری کی طلبی کا اشتہارکوئٹہ میں2اخبارات میں دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل کے معاملے پر سپریم کورٹ نے گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔

    جس میں کہا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکر متعدد بار طلبی کے باوجود جان بوجھ کر پیش نہیں ہورہے اور ان کے بھائی نے عدالتی نوٹس وصول کرنے سے انکارکیا۔

    حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی اسپیکراوررکن پارلیمنٹ کی جانب سےایسارویہ افسوسناک ہے۔

    سپریم کورٹ نے کہا کہ سابق ڈپٹی اسپیکر کی طلبی کا اشتہارکوئٹہ میں2اخبارات میں دیا جائے اور کے گھر نوٹس چسپاں کیا جائے۔

    الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کیخلاف اپیل پر آئندہ سماعت 9 جولائی کو ہوگی۔

  • قاسم سوری بڑی مشکل میں پھنس گئے

    قاسم سوری بڑی مشکل میں پھنس گئے

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ڈی سیٹ کرنےکیخلاف قاسم سوری کی اپیل پر سماعت ہوئی۔

    قاسم سوری سپریم کورٹ کی طلبی پر ایک مرتبہ پھر پیش نہ ہوئے ، جس پر سپریم کورٹ نے سابق ڈپٹی اسپیکر کی طلبی کے اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے طلبی کا نوٹس قاسم سوری کے گھر کے باہر چسپاں کرنے کا حکم دیا۔

    عدالت نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ کےمطابق قاسم سوری کے بھائی نے نوٹس وصولی سے انکار کیا، وہ جان بوجھ کر سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہو رہے، سابق ڈپٹی اسپیکر کی جانب سے نوٹس وصولی سے اجتناب بدقسمتی ہے۔

    چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے وکیل نعیم بخاری سے مکالمے میں استفسار کیا کیا کہ آپ کے موکل میڈیا اور سوشل میڈیا پربہت متحرک ہیں تو نعیم بخاری نے بتایا پتا نہیں جناب میں تو ٹی وی نہیں دیکھتا۔

    جس پر چیف جسٹس نے کہا آپ خود ٹی وی کی شخصیت ہیں اور ٹیلی وژن نہیں دیکھتے، کیا آپ ایکس یا ٹویٹر سے واقف ہیں؟

    وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتا نہ ہی مجھےاستعمال کرنا آتا ہے،

    چیف جسٹس نے کہا آپ خود کو بوڑھا کیوں سمجھ رہے ہیں جوان اور اپ ٹو ڈیٹ رہیں۔

    جسٹس عرفان سعادت نے ریمارکس دیئے کہ ایک ٹی وی پروگرام میں آپ نے کہا تھا میرے دوست بوڑھا نہیں ہونے دیتے تو نعیم بخاری نے عدالت کو بتایا کہ قاسم سوری سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا آئندہ سماعت جولائی میں رکھیں گے اور عدالتی حکم میں تاریخ مقرر کر دیں گے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے سماعت آئندہ ماہ تک ملتوی کر دی۔

  • قاسم سوری بدستور روپوش، عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا

    قاسم سوری بدستور روپوش، عدالت نے دوبارہ نوٹس جاری کر دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ایک کیس میں عدم پیشی پر قاسم سوری کو دوسری بار طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی الیکشن ٹربیونل کے نااہلی کے فیصلے کے خلاف اپیل کیس میں سپریم کورٹ نے قاسم سوری کو دوسری بار طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    عدالتی عملے نے بتایا کہ قاسم سوری کے ایڈریس پر نوٹس بھیجا گیا جو ان کے بھائی نے وصول کیا، بھائی نے بتایا کہ قاسم سوری روپوش ہیں۔

    چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا قاسم سوری کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیتے ہیں، چیف جسٹس نے وکیل نعیم بخاری سے پوچھا کہ دوبارہ نوٹس جاری کرنے پر اعتراض تو نہیں؟ وکیل نے کہا قاسم سوری کو دوبارہ نوٹس پر مجھے اعتراض نہیں۔

    سپریم کورٹ نے قاسم سوری کو دوسری بار نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ عدالت نے حکم امتناع پر تحریک عدم اعتماد کے خلاف رولنگ دینے پر قاسم سوری کو طلب کر رکھا ہے، اس کیس کی سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

  • قاسم سوری ملک میں آئینی بحران کی وجہ بنے، کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے، چیف جسٹس

    قاسم سوری ملک میں آئینی بحران کی وجہ بنے، کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے، چیف جسٹس

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے قاسم سوری کو انتخابی عذرداری کیس میں طلب کرلیا، چیف جسٹس نے کہا قاسم سوری ملک میں آئینی بحران کی وجہ بنے، کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابی عذرداری کیس میں سپریم کورٹ نے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کو طلب کرلیا۔

    عدالت نے قاسم سوری کو اپنے دستخط کے ساتھ خود جواب جمع کرانےکی ہدایت کرتے ہوئے رجسٹرارسپریم کورٹ سے بھی جواب طلب کرلیا۔

    چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے قاسم سوری ملک میں آئینی بحران کی وجہ بنے، قاسم سوری پر کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے۔

    جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا تھا کہ جس نے بھی آئین کی خلاف ورزی کی اسے نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، یہ نہیں ہوسکتا کہ عہدہ انجوائے کیا اورچلے گئے، اگرسپریم کورٹ استعمال ہورہی تھی توہم اس غلطی کی تصحیح کرنا جانتے ہیں، اگرکچھ غلط ہوا تھا تو دو ہزاراٹھارہ کا پورا الیکشن نکال کردیکھیں گے۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکم امتناع لینے کے بعد مقدمہ سماعت کیلئے مقرر ہی نہیں کرنے دیا گیا، سپریم کورٹ کے اندرونی سسٹم کیساتھ ہیراپھیری کی گئی، جس پروکیل نعیم بخاری نے بتایا کہ قاسم سوری کا مقدمہ دیگر کیسز کےساتھ عدالت نے یکجا کر دیا تھا۔

    جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے پوچھا کونسا مقدمہ لگنا ہے کونسا نہیں سپریم کورٹ میں پہنچنے والے لمبے ہاتھ ختم کر رہے ہیں، مقدمات کیسے یکجا کرائے جاتے ہیں معلوم ہے 1982 سے وکیل ہوں۔

    وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ میں 1972 سے ہائیکورٹ کا وکیل ہوں کبھی کوئی مقدمہ فکس نہیں کرایا تو چیف جسٹس نے کہا کہ مقدمہ کیسے یکجا ہوا اور اتنا عرصہ مقرر کیوں نہ ہوا اپنی انکوائری بھی کریں گے۔

    چیف جسٹس نے نعیم بخاری سے مکالمے میں کہا کہ اس ادارے کی تباہی آپ کی بھی تباہی ہے تو نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ آپ مجھ سے خفا ہو رہے ہیں یا سسٹم سے ؟

    جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے ریمارکس دیئے ہم خود سے بھی خفا ہو رہے ہیں ہمارے ادارے کے اندر ہیراپھیری ہوئی، ہم اعتراف کر رہے ہیں آپ بھی اعتراف کر لیں، میں 1982 سے قانون کی پریکٹس کر رہا ہوں سب پتہ ہے۔

    نعیم بخاری نے جواب دیا کہ میں 1972 سے قانون کی پریکٹس کر رہا ہوں، آپ اگر کہہ رہے ہیں میں مقدمات مرضی سے فکس کرواتا ہوں توسختی سے تردیدکرتاہوں، جس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ جو ہاتھ سپریم کورٹ میں گھس آئے ہیں فلاں کیس لگے فلاں نہیں یہ ہم روکیں گے۔

    وکیل نے مزید کہا کہ یہ کیس 2020 میں دوسرے مقدمات کیساتھ لگا تھا، چیف جسٹس نے سوال کیا دوسرے مقدمات کے ساتھ کیوں لگا تھا؟ تو نعیم بخاری نے جواب دیا کہ یہ میرا کام نہیں ہے عدالت کا کام ہے۔

    چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے کہا کہ ہم اندرونی انکوائری بھی کروائیں گے۔

    قاسم سوری کا کیس مقرر نہ ہونے اوراسٹےبرقراررہنےپررجسٹرار کو نوٹس جاری سپریم کورٹ نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے 3 ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔

    عدالت نے قاسم خان سوری کےحریف لشکری رئیسانی کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔

    قاسم سوری کی این اے 265 میں دوبارہ الیکشن کے فیصلے کیخلاف اپیل پر چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے سماعت کا حکمنامہ بھی لکھوا دیا۔

    جس میں کہا این اے 265 میں نئے الیکشن کے آرڈر پر اسٹے لیا گیا، الیکشن معاملات میں فیصلے جلد ہونے چاہئیں کیونکہ اسمبلی کی مدت مقرر ہے،اسٹےآرڈر کی آڑ میں بیٹھے رہنا مخالف فریق سے زیادتی ہے، کیس کی سماعت ایک ماہ بعد دوبارہ ہو گی۔

  • قاسم سوری کے بھائی نے بھی پی ٹی آئی سے ناطہ توڑ لیا

    قاسم سوری کے بھائی نے بھی پی ٹی آئی سے ناطہ توڑ لیا

    کوئٹہ : سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے بھائی نے نو مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور سیاست سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قاسم سوری کے بھائی ہاشم سوری نے صحافیوں کو بتایا کہ نو مئی واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں، میرے بھائی قاسم سوری بھی جلاؤ گھیراؤ کی سیاست پر یقین نہیں کرتے۔

    ہاشم سوری نے کہا کہ میرے بھائی قاسم سوری 9مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ہم پرامن شہری ہیں، ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد میرے بھائی بلال خان کو گھر سے گرفتار کیا گیا، میرا اور بڑے بھائی بلال خان کا سیاست اور پی ٹی آئی سے تعلق نہیں رہا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ حالات و واقعات سے ہمارا پورا خاندان شدید کرب میں مبتلا ہے، نو مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔

  • قاسم سوری کے خلاف مقدمہ درج، کوئٹہ میں 65 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار

    قاسم سوری کے خلاف مقدمہ درج، کوئٹہ میں 65 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار

    کائٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کی گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بڑے شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی پرتشدد احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے، کوئٹہ میں 65 پی ٹی آئی کارکنان گرفتار کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی  اور پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر قاسم سوری، مبین خلجی، منیربلوچ و دیگر کیخلاف مقدمہ درج  کرلیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی صوبائی سیکرٹریٹ پر پولیس چھپاپے کے دوران 12 سے زائد کارکنان کو گرفتار کیا جبکہ دکی میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر سمیت 4 کارکنان بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور،کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں کارکنان کی جانب سے احتجاج جاری ہے۔

  • قاسم سوری نے مسجد نبوی ﷺ واقعے پر ایف آئی آرز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیں

    قاسم سوری نے مسجد نبوی ﷺ واقعے پر ایف آئی آرز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیں

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری نے مسجد نبوی واقعے پر ا یف آئی آرز اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیں ، جس میں کہا کہ پولیس اور ایف آئی اے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری نے مسجد نبوی واقعے پرا یف آئی آرز کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    ایڈووکیٹ انتظار حسین اور نعیم حیدر ایڈووکیٹ کے ذریعے درخواست دائر کی گئی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس اورایف آئی اے کو ہراساں کرنے سے روکا جائے اور پولیس کو گرفتاری سے بھی روکا جائے۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ درخواست گزاراور دیگر کے خلاف درج ایف آئی آرزکو ریکارڈ پررکھا جائے اور مقدمات کے اندراج کی وجوہات سے آگاہی اوربنیادی حق یقینی بنایاجائے۔

    ‌درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے اور پولیس کے قاسم سوری کے خلاف اقدامات غیرقانونی ہیں، عدالت کی طرف سے دی گئی ہدایات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے ،کسی کارروائی سے پہلے عدالت کو مطمئن کرنےکی ہدایت کی جائے

    قاسم سوری کی جانب سے کہا گیا کہ مجھے اور تمام پی ٹی آئی قیادت کو غیرقانونی ہراسمنٹ سے روکا جائے اور تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف توہین مذہب مقدمات کو خارج کیا جائے۔

  • شاہ زین بگٹی کے گارڈز کا حملہ، قاسم سوری  کی  درخواست پر مقدمہ درج

    شاہ زین بگٹی کے گارڈز کا حملہ، قاسم سوری کی درخواست پر مقدمہ درج

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری کی درخواست پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز کے حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں کہا کہ حملہ آور ہمیں جان سے مارنا چاہتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری کی درخواست پر تھانہ کوہسار میں گرشتہ رات واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، جس میں کہا گیا ہے کہ دوستوں کے ساتھ سحری کے لئے کوہسارمارکیٹ گیا، جہاں چند پی ٹی آئی مخالف لوگوں نے ہم پر حملہ کردیا۔

    ایف آئی آر میں کہا کہ حملہ آورہمیں جان سے مارنا چاہتے تھے، سامنے آنے پر حملہ آوروں کو میں اور میرے ساتھی پہچان سکتے ہیں۔

    یاد رہے اسلام آباد میں کوہسار کے ریسٹورنٹ میں پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز نے حملہ کردیا تھا ، قاسم سوری سحری کیلئے ریسٹورنٹ میں بیٹھے تھے ، اس دوران حملہ آوروں نے شاہ زین بگٹی زندہ باد اور پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے لگائے۔

    حملہ شاہ زین بگٹی کے بھائی اورایم پی اےگہرام بگٹی کی ہدایت پرہوا ، حملہ آور میریٹ سمیت کئی ہوٹلوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو تلاش کرتے رہے ، جب کوہسار کے ریسٹورینٹ میں پی ٹی آئی رہنما نظرآئے تو حملہ کردیا۔

    حملے کے بعد قاسم سوری نے بیان میں کہا تھا کہ مجھ پر ابھی ابھی مقامی ریسٹورنٹ میں حملے کی کوشش کی گئی، غنڈوں کو ریسٹورنٹ میں آئی ہوئی فیملیز اور ویٹرز نے مار بھگایا۔

  • تحریک انصاف کے  رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز  کا  حملہ

    تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز کا حملہ

    اسلام آباد: کوہسار کے ریسٹورنٹ میں پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز نے حملہ کردیا ، حملہ شاہ زین بگٹی کے بھائی اوررکن بلوچستان اسمبلی گہرام بگٹی کی ہدایت پر کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما قاسم سوری پر شاہ زین بگٹی کے گارڈز نے حملہ کردیا ، واقعہ اسلام آباد کےعلاقے کوہسارکے مقامی ریسٹورنٹ میں پیش آیا۔

    پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری سحری کیلئےریسٹورنٹ میں بیٹھے تھے ، اس دوران حملہ آوروں نے شاہ زین بگٹی زندہ باد اور پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے لگائے۔

    واقعے کے بعد پولیس کی نفری جائے وقوعہ پرپہنچ گئی ، حملہ شاہ زین بگٹی کے بھائی اورایم پی اےگہرام بگٹی کی ہدایت پرہوا ، حملہ آورمیریٹ سمیت کئی ہوٹلوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو تلاش کرتے رہے ، جب کوہسار کے ریسٹورینٹ میں پی ٹی آئی رہنما نظرآئے تو حملہ کردیا۔

    ایس ایس پی آپریشن نے بتایا کہ قاسم سوری میڈیکل کرانےکیلئےاسپتال چلے گئے ہیں، میڈیکل اوردرخواست آنےکےبعدکارروائی عمل میں لائی جائےگی تاہم پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، ملزمان کی شناخت ویڈیو کے ذریعے جلد کرلی جائے گی۔

    قاسم سوری سے اظہار یکجہتی کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد میں جمع ہوگئی۔

    حملے کے بعد قاسم سوری نے بیان میں کہا کہ جھ پر ابھی ابھی مقامی ریسٹورنٹ میں حملے کی کوشش کی گئی، غنڈوں کو ریسٹورنٹ میں آئی ہوئی فیملیز اور ویٹرز نے مار بھگایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری گاڑیوں میں یہ آکر دندناتے پھررہےہیں، عوام باشعور ہیں ان کی بدمعاشیاں نہیں چلے گی، امپورٹڈحکومت اب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی، لوگ ان کو جینے نہیں دیں گے اگر یہ اس طرح کریں گے، میں لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں لوگ نکلے ہیں ۔