Tag: قاسم سوری

  • قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج، اجلاس ملتوی

    قومی اسمبلی میں اپوزیشن کا شدید احتجاج، اجلاس ملتوی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں‌ اپوزیشن کے شدید احتجاج کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی ارکان کے احتجاج کے بعد ڈپٹی اسپیکر، قاسم سوری نے اجلاس کل 5 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا.

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی گرفتاری کے باعث اجلاس کا ماحول خاصا گرم رہا، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنی تقریر میں وزارت ریلوے سے متعلق سوالات اٹھائے.

    شیخ رشید جب جواب دینے کے لیے کھڑے ہوئے، تو پیپلز پارٹی کے ارکان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت بلاول بھٹو زرداری کی تقریر کا وقت ہے.

    مزید پڑھیں: آصف زرداری کی گرفتاری، پیپلزپارٹی کا کل سندھ بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے متعدد بار کہا ہے کہ شیخ رشید کو دو منٹ دیں، تاکہ وہ اپنا موقف دے دیں، لیکن احتجاج جاری رہا، جس پر انھوں نے کہا کہ اگر احتجاج کا سلسلہ نہیں روکا گیا، تو اجلاس ملتوی کر دیا جائے گا.

    شیخ رشید کی تقریر کے دوران اپوزیشن احتجاج نعرے لگاتی رہے، جس پر وزیر ریلوے نے کہا کہ اگر انھیں نہیں بولنے دیا گیا، تو بلاول بھٹو بھی تقریر نہیں کرسکیں گے.

    احتجاج کے باعث قاسم سوری نے اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کر دیا. خیال رہے کہ کل بجٹ اجلاس ہے، جس میں شاید احتجاج کی توقع کی جارہی ہے.

  • پسے ہوئے طبقات کی بحالی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے: قاسم خان سوری

    پسے ہوئے طبقات کی بحالی موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے: قاسم خان سوری

    اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ملک کے پسے ہو ئے طبقات کی بحالی اور  ان کی زندگیوں میں تبدیلی لانا موجودہ حکومت کی اولین تر جیح ہے.

    ان خیا لات کا اظہار انھوں نے جمعرات کے روز  پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے غربت، ناخواندگی اور بے روزگاری کا خاتمہ چا ہتے ہیں اور پاکستان کو ایک ایسی فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں، جہاں پر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہو اور سب کو ترقی کے یکساں مو اقع میسر ہوں۔

    ڈپٹی اسپیکر کے مطابق بے سہارا اور یتیم بچوں کو ان کا جائز مقا م دلانا اور ان کی زندگیو ں کو بنیادی سہولتوں سے آراستہ کر نا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    مزید پڑھیں: ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح وزیراعظم کی بلوچستان سے محبت کا ثبوت ہے، قاسم خان سوری

    انھوں نے کہا کہ یتیم اور بے سہا را بچوں کی کفالت کر نا ہمارا مذہبی اور  اخلاقی فریضہ ہے اور اللہ تعالیٰ کی خو شنودی حاصل کر نے کا بہترین ذریعہ ہے، حکومت راوں سال 10 ہزار یتیم اور بے سہارا بچوں کی بحالی اور انھیں تعلیم، صحت اور دیگر بنیا دی سہولیا ت فراہم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔

    اس وقت ملک میں 10 لا کھ سے زائد یتیم اور بے سہارا بچے موجود ہیں اور انھیں وزیر اعظم عمر ان خان سے بہت زیا دہ تو قعات وا بستہ ہیں۔

  • قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

    قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے

    اسلام آباد : یوم دفاع پاکستان پر اسپیکروڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم شہدا کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی نے مزید کہا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرقوم اسمبلی قاسم سوری نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملک کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی قربانیاں قابل تحسین ہیں۔

    قاسم سوری نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو قوم اور مسلح ا فواج نے بے مثال جذبے کا مظاہرہ کیا، قومی جذبے کو دہرا کر تمام چیلنجزسے نبرد آزما ہوسکتے ہیں۔

    قوم آج یوم دفاع پاکستان ملی جوش وجذبے سے منارہی ہے

    واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع پاکستان بھرپورجوش وخروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ہے۔

    یوم دفاع کی مرکزی تقریب آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد کی جائے گی جس میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ قوم اپنے شہدا کو خصوصی خراج عقیدت پیش کرے گی اور ان کی قربانیاں اجاگر کی جائیں گی۔

  • عمران خان نے صدر کے لیے بہترین انتخاب کیا ہے، قاسم سوری

    عمران خان نے صدر کے لیے بہترین انتخاب کیا ہے، قاسم سوری

    کراچی:ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے صدر کے لیے بہترین انتخاب کیا ہے، اپنی ترجیحات کے تحت حکومت چلائیں گے، پوری کوشش کررہے ہیں کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہر چیزوقت کے ساتھ بہتر ہو جائے گی ، ہمارے ایجنڈے میں کراچی کی بحالی شامل ہے۔

    قاسم سوری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہمیں سادگی اپنانے کاکہا ہے، صوابدیدی فنڈ منتخب لوگوں کو بادشاہی قائم کرنے کے لیے ملتے ہیں، اپنی ترجیحات کے تحت حکومت چلائیں گے ،اپوزیشن کے نہیں۔

    صدارتی انتخاب کے حوالے سے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا عمران خان کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لئے عارف علوی بہترین انتخاب ہیں، پوری کوشش کررہے ہیں کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ خان صاحب کی احتساب کےمعاملے پر پالیسی واضع ہے۔

    مزید پڑھیں : تبدیلی یہ ہے کہ مجھ جیسا عام ورکر ڈپٹی اسپیکر بنا، قاسم سوری

    یاد رہے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے تبدیلی کا آغاز مجھ جیسے عام ورکر سے کیا اور مجھے ڈپٹی اسپیکر بنایا، وزیرِ اعظم نے تقریر میں کہا سادگی سے حکومت چلائیں گے، پہلا وزیرِ اعظم ہوگا جو 3 کمروں کے گھر میں رہے گا۔

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایوان میں ماضی کے برعکس عوام کی سہولت کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

  • تبدیلی یہ ہے کہ مجھ جیسا عام ورکر ڈپٹی اسپیکر بنا،  قاسم سوری

    تبدیلی یہ ہے کہ مجھ جیسا عام ورکر ڈپٹی اسپیکر بنا، قاسم سوری

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے تبدیلی کا آغاز مجھ جیسے عام ورکر سے کیا اور مجھے ڈپٹی اسپیکر بنایا۔

    ان خیالات کا اظہار وہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے، انھوں نے کہا ’تبدیلی کا آغاز وزیرِ اعظم عمران خان نے میرے جیسے ورکر سے کیا، مجھے ڈپٹی اسپیکر بنایا۔‘

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیرِ اعظم نے تقریر میں کہا سادگی سے حکومت چلائیں گے، پہلا وزیرِ اعظم ہوگا جو 3 کمروں کے گھر میں رہے گا۔

    ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک میں تبدیلی کی یہ علامت ہے کہ پہلی بار اسپیکر خیبر پختونخوا سے اور ڈپٹی اسپیکر بلوچستان سے منتخب کیا گیا۔

    قاسم سوری نے کہا کہ عمران خان نے 88 گاڑیوں کو نیلام کرنے کا اعلان کیا ہے، ملک میں سادگی اختیار کریں گے اور پیسا عوام پر خرچ کریں گے۔


    یہ بھی پڑھیں:  اپوزیشن کو جائز مقام دینا میری اولین ترجیح ہے، اسپیکر قومی اسمبلی


    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا کہنا تھا کہ ایوان میں ماضی کے برعکس عوام کی سہولت کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

    گزشتہ روز قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے قائد ایوان کی حیثیت سے اسمبلی میں اپوزیشن کے حوالے سے کہا تھا کہ اس کو ایوان میں جائز مقام دیا جائے گا، انھوں نے کہا ’سب کی مشاورت سے ایوان کی کارروائی چلانا میرا اولین فرض ہوگا۔‘

  • قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن نامزد

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن نامزد

    اسلام آباد: عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے بلوچستان سے رکن نامزد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے بلوچستان کو ساتھ لے کر چلنے کا وعدہ پورا کر دیا، ایوانِ بالا میں ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن اسمبلی کو پی ٹی آئی کی طرف سے نامزد کردیا گیا۔

    قومی اسمبلی میں قاسم سوری ڈپٹی اسپیکر کے لیے پاکستان تحریکِ انصاف کے امیدوار ہوں گے، دوسری طرف اسد قیصر نے بھی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے نامزد ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے کہا کہ وہ عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنھوں نے انھیں ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا، بلوچستان کی نمائندگی سے بلوچستان کا احساس محرومی دورہوگا۔

    قبل ازیں عمران خان کی زیرِ صدارت پی ٹی آئی کور گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم امور پر مشاورت کی گئی، وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور وفاقی کابینہ کے ناموں پر بھی غور کیا گیا۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس‘ نومنتخب اراکین نےحلف اٹھالیا

    خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں اسپیکر شپ کے لیے خورشید شاہ نے بھی کاغذاتِ نامزدگی حاصل کرلیے ہیں۔

    دو دن قبل قومی اسمبلی میں اسپیکر کے عہدے کے لیے تحریکِ انصاف اور پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے تھے جس میں خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے اسد قیصر کے حق میں دست بردار ہونے سے انکار کر دیا تھا۔