Tag: قانونی حیثیت

  • ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات : قانون میں اس کی سزا کیا ہے؟

    ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات : قانون میں اس کی سزا کیا ہے؟

    کراچی : نئے سال کا موقع ہو، شادی اور جشن آزادی ہو یا عید کا چاند نظر آئے، بد قسمتی سے اس کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنا ایک ٹرینڈ بن چکا ہے۔

    اس کی وجہ سے ملک بھر میں سالانہ سینکڑوں لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں لیکن ایسے قتل کا ملزم ہاتھ آنا کافی حد تک ناممکن ہوتا ہے، اس پر ستم یہ کہ قانون ہونے کے باوجود ہوائی فائرنگ کے سدباب کیلیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ممتاز قانون دان ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے ہوائی فائرنگ کی قانونی حیثیت اور اس کی سزا سے متعلق چند بنیادی باتیں بیان کیں۔

    انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ہتھیاروں کی نمائش اور اس کا غیر ضروری استعمال عام ہوتا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو اسلحے کا لائنسنس اس لیے جاری نہیں کیا جاتا کہ وہ ہوائی فائرنگ کرتے پھریں، ان کو گولیاں اور کارتوس بھی گن کر فراہم کیے جاتے ہیں کیونکہ لائسنس یافتہ اسلحے سے بھی ہوائی فائرنگ کرنا ملکی قانون میں قابل سزا جرم ہے لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔

    ایک سوال کے جواب میں ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے بتایا کہ مجموعہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 337-ایچ سب سیکشن 2 کے تحت یہ ایک قابل سزا جرم ہے اور مجرم پر جرمانہ عائد ہوگا یا قید کی سزا ہوگی یا پھر دونوں نافذ العمل ہوں گی۔

    مزید پڑھیں : شادی میں ہوائی فائرنگ نے ایک اور جان لے لی

    واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سپرہائی وے پر شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے 12سالہ بچی جاں بحق ہوگئی، بچی کی شناخت 12 سالہ عزیلہ سبزعلی کے نام سے ہوئی۔

    شادی کی تقریب میں بچی عمارت کی چوتھی منزل پر موجود تھی جہاں اس کے سینے میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔

    پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ملزمان مقتولہ کے رشتے دار جان زاد اور جمال شاہ بتائے جاتے ہیں۔

  • روس میں 33 لاکھ غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دے دی گئی

    روس میں 33 لاکھ غیر ملکیوں کو قانونی حیثیت دے دی گئی

    ماسکو: روس میں 33 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد کو قانونی حیثیت دے دی گئی، روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا تھا۔

    روسی ویب سائٹ کے مطابق روسی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ کرونا وائرس کی عالمی وبا کے پھوٹنے سے اب تک غیر قانونی تارکین وطن سمیت 33 لاکھ سے زائد غیر ملکی افراد روس میں اپنی قانونی حیثیت حاصل کر چکے ہیں۔

    گزشتہ سال اپریل میں تارکین وطن افراد کے لیے مخصوص ضروریات کو کم کرنے کے لیے روس میں ایک صدارتی فرمان نافذ کیا گیا تھا جس کے مطابق روس میں مقیم غیر ملکی افراد کی ایک بڑی تعداد کو روس میں قانونی حثیت دے دی گئی ہے۔

    روسی میڈیا رپورٹ کے مطابق تمام غیر ملکی شہریوں کو روس میں قانونی طور پر قیام کی اجازت دینے والا صدارتی فرمان اپریل 2020 میں نافذ ہوا۔

    اس فرمان سے غیر قانونی تارکین وطن کو اپنی حیثیت برقرار رکھنے اور روس میں ان کے قیام کو قانونی حیثیت دینے کا موقع ملا ہے، یہ فرمان کرونا وائرس کی عالمی وبا سے متعلقہ سفری پابندیوں کے دوران منظور کیا گیا تھا۔

    خیال رہے کہ روس نے کرونا وائرس کے پیش نظر سفری پابندیوں میں 15 جون 2021 تک توسیع کی ہے۔