Tag: قبائلی تصادم

  • منی پور میں خانہ جنگی، قبائلی تصادم میں 8 افراد ہلاک

    منی پور میں خانہ جنگی، قبائلی تصادم میں 8 افراد ہلاک

    بھارتی ریاست منی پور میں جاری خانہ جنگی مودی حکومت کے کنٹرول سے باہر ہوگئی، قبائی تصادم میں 8 افراد ہلاک، 18سے زائد زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خونریز تصادم کے واقعات بشنوپور اور چورا چندپور کے اضلاع میں پیش آئے، مقامی لوگوں کے مطابق تصادم گزشتہ 2روز سے جاری تھا۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس تمام صورتحال میں پولیس اور فوج خاموش تماشائی بنی رہی، جبکہ منی پور کے وزیراعلیٰ بیرن سنگھ نے حالات کوسنگین اور نازک ترین قرار دیدیا۔

    ڈی جی آسام رائفلزلیفٹیننٹ جنرل پردیپ نائر نے بھی ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل پردیپ نائر کا کہنا ہے کہ کوکی، میٹی قبائل کے پاس بڑی تعداد میں ہتھیار موجود ہیں۔

    لیفٹیننٹ جنرل پردیپ نے کہا کہ قبائل کے پاس ہتھیاروں کے باعث فورسز کو ناکامی کاسامنا ہے، ماضی میں کبھی ایسی کشیدگی نہیں دیکھی، حالات انتہائی خراب ہیں۔

    واضح رہے کہ منی پور میں 4 ماہ سے خانہ جنگی جاری ہے جس میں اب تک 300 سے زائد افراد اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں جبکہ 50 ہزار بے گھر ہوچکے ہیں۔

  • دادو : زمین کے تنازعہ پر قبائلی تصادم، فائرنگ سے چھ افراد جاں بحق

    دادو : زمین کے تنازعہ پر قبائلی تصادم، فائرنگ سے چھ افراد جاں بحق

    دادو : مری اور لاشاری قبیلے کے درمیان زرعی زمین کے تنازعے میں مسلح افراد کی فائرنگ سے چھ افراد زندگی کی بازی ہار گئے، پولیس نے تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق دادو میں زمین کاجھگڑا چھ زندگیاں نگل گیا، لاشاری برادری کے افراد کی عدالت سے پیشی کے بعد کار نمبر اے ایل کیو918میں واپس آرہے تھے کہ راستے میں انڈس ہائی وے پر گھات لگائے بیٹھے کار سوار مسلح افراد نے ان پر اندھا دھند گولیاں برسا دیں۔

    علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا، حملہ اتنا شدید تھا کہ پانچ افراد نے موقع پر ہی جان دے دی، دو افراد اسپتال منتقل کئے گئے جہاں ایک اور زخمی دم توڑ گیا۔

    جائے وقوعہ پر پولیس حسب معمول دیر سے پہنچی، لاشیں ایک گھنٹے تک گاڑی اور سڑک پر پڑی رہیں، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، ذرائع کے مطابق پولیس نے ابھی تک کوئی مقدمہ درج کیا ہے اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔