Tag: قبائلی علاقوں

  • قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحالی کا  معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم

    قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحالی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے 22 فروری تک رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں قبائلی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی ، عدالت نے استفسار کیا نوجوان بچوں کوکیوں روک رہے ہیں سہولت ان کو فراہم کریں، جس پر وکیل پی ٹی اے نے کہا وزارت داخلہ کو لکھا ہے سہولت دینے کے لیے تیار ہیں۔

    ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ وزارت داخلہ نے جواب لکھاسیکیورٹی کی وجہ سے سہولت نہیں دے رہے،چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا بنیادی حقوق کامسئلہ ہے اس لیے وفاقی کابینہ کوبھیج دیتے ہیں، پہلے بھی آپ کو سمجھایا تھا کہ اس معاملے میں صوبے بھی شامل ہیں، عدالت کے پاس کوئی پیمانہ نہیں کہ سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لے۔

    وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ طویل عرصے سے درخواست زیر التوا ہے ،کوئی فیصلہ نہیں ہوا، وفاقی کابینہ کو معاملہ بھیجنا ہے تو ٹائم فریم دے دیا جائے، جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ریاست کی ذمےداری ہے کہ بنیادی حقوق کاخیال رکھے، چیف جسٹس اطہر من اللہ

    عدالت نے قراردیا ہے کہ انٹرنیٹ کی سہولت شہریوں کابنیادی حق ہے اور صوبائی حکومت کا مؤقف ہے کہ سیکیورٹی کامعاملہ ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی اور سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی۔

  • قبائلی علاقوں کا کے پی کے سے انضمام آج مکمل ہو گیا: شاہ فرمان

    قبائلی علاقوں کا کے پی کے سے انضمام آج مکمل ہو گیا: شاہ فرمان

    پشاور: گورنر  خیبر پختون خوا، شاہ فرمان نے کہا ہے کہ  قبائلی علاقوں کا کے پی کے سے انضمام آج مکمل ہو گیا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کے سینیٹرز کے پاس اختیارات نہیں تھے، قبائلی علاقوں کے سینیٹرز بجٹ کے لئے آواز نہیں اٹھا سکتے تھے، جو چیز پانچ سال میں ہونا تھی، وہ ہم نے پانچ ماہ میں مکمل کی.

    گورنر شاہ فرمان نے کہا کہ ہم نے قبائلی علاقہ جات کی مراعات میں اضافہ کیا ہے، فاٹا میں لینڈ ریکارڈ نہ ہونے سے عدالت فعال نہیں ہوسکتی تھی، لینڈر ریکارڈ سمیت قبائلی علاقوں میں تمام سفر جلدی طےکیا.

    قبائلی اضلاع میں الیکشن: گنتی کا عمل جاری، غیر سرکاری نتائج کا سلسلہ شروع

    انھوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں ہمارا سفر پرامن انتخابات تک جاری رہا، اللہ کے کرم سے قبائلی علاقوں کا انضمام آج مکمل ہو گیا.

    خیال رہے کہ آج قبائلی علاقوں کی تاریخ میں‌پہلی بار 16 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات ہوئے. عوام کی بڑی تعداد نے اس عمل میں حصہ لیا.

    ووٹرز نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا.

    اس وقت پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی جاری ہے، ساتھ ہی نتائج بھی موصول ہورہے ہیں.

  • قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 2 جولائی کو ہوگی

    قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 2 جولائی کو ہوگی

    پشاور : خیبرپختونخوا میں ضم ہونیوالے قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کی سولہ نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے، ان سولہ حلقوں میں پولنگ دوجولائی کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ضم ہونےوالے قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلے انتخابات ہونے جارہے ہیں ، الیکشن کمیشن نے سولہ صوبائی نشستوں کےلیے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا، 16 حلقوں میں پولنگ 2 جولائی ہو گی، ریٹرننگ افسر 7 مئی کو پبلک نوٹس جاری کرےگا۔

    الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع کوسولہ حلقوں میں تقسیم کیا، باجوڑ کوتین، پی کے100،پی کے101،پی کے 102، مہمندکودو حلقوں پی کے 103، پی کے 104، خیبرکوتین حلقوں پی کے 105 ، پی کے 106 ، پی کے 107، کرم دوحلقوں،پی کے 108، پی کے 109 ، اورکزئی ایک حلقہ پی کے 110، شمالی وزیرستان دوحلقوں پی کے111 ،پی کے 112، جنوبی وزیرستان دو حلقوں پی کے 113 ،پی کے 114، اورسابق فرنٹیئر ریجن کوایک حلقے پی کے 115میں شامل کیاگیاہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی نو تا گیارہ مئی تک جمع کرائے جاسکیں گے، امیدواروں کی فہرست بارہ مئی کو جاری ہوگی ،کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی اٹھارہ مئی تک ہوگی، اپیلوں پر فیصلے بائیس مئی تک ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق 29 مئی کو امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں سکیں گے اور حتمی فہرست بھی اسی روز آویزاں کی جائےگی جبکہ 30 مئی کو الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخواہ کے 16 حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور تقرر اور تبادلوں پر پابندی عائد کر دی ہے ، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

  • قبائلی علاقوں کی 16 صوبائی نشستوں پر انتخابات کی تیاریاں مکمل

    قبائلی علاقوں کی 16 صوبائی نشستوں پر انتخابات کی تیاریاں مکمل

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے قبائلی علاقوں کی صوبائی نشستوں پر انتخابات کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، ذرائع کے مطابق 16 نشستوں پر الیکشن جون کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے قبائلی علاقوں کی 16 نشستوں کے انتخابی عملہ کی ٹریننگ کا شیڈول طے کر لیا، جس کے تحت 19 اپریل سے 26 اپریل تک 57 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ ، ریٹرننگ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو تربیت دی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کہ 23 اپریل سے 30 اپریل تک 74 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائےگی، جس کے بعد پریزائیڈنگ افسران،اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران کو مرحلہ وار ٹریننگ دی جائے گی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ 2 مئی سے 4 مئی تک مانیٹرنگ ٹیموں کو ٹریننگ دی جائے گی جبکہ ماسٹر ٹرینرز 10 جون سے 16 جون تک پریزائیڈنگ افسران اور اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران کو تربیت دیں گے اسی طرح 17 سے 23 جون تک پولنگ افسران کو ٹریننگ دی جائےگی۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پانچ اپریل کو قبائلی علاقے جمرود میں جلسے سے خطاب کیا تھا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ 1948 میں قبائلی عوام نے کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دیا، قبائلیوں نے بہت مشکلات کا سامنا کیا، انہیں نقل مکانی کرنا پڑی، قبائلیوں نے کن مشکلات کا سامنا کیا، اس بات سے بخوبی واقف ہوں۔

    عمران خان کا کہنا تھا معاشی رہاداری بنائیں گےتاکہ خیبرکےلوگوں کوروزگارملے، آپ میں تفرقہ ڈالنےکی کوشش کی جائےگی کہ فاٹا کا انضمام نہ ہو مگر نوجوانوں کو اب اپنے مستقبل کے  لیے کھڑے ہونا ہے۔

  • وزیراعظم آج قبائلی علاقوں کے لئے صحت انصاف کارڈ کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم آج قبائلی علاقوں کے لئے صحت انصاف کارڈ کا افتتاح کریں گے

    پشاور : وزیراعظم عمران خان قبائلی اضلاع کے لئے صحت انصاف کارڈ کا آج افتتاح کریں گے، پروگرام کےتحت قبائلی علاقوں کے خاندانوں کو ہیلتھ کارڈفراہم کئےجائیں گے اور قبائلی علاقوں میں ہیلتھ کارڈسےتمام طرح کاعلاج مفت ہوسکےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ایک اوروعدہ پوراکرنےکو تیار ہیں ، اسلام آباد کے بعد وزیراعظم قبائلی علاقوں کیلئے ہیلتھ سہولت کارڈ پروگرام کا آج افتتاح کریں گے ، مرکزی تقریب گورنر ہاوس میں ہوگی۔

    تقریب میں اہم شخصیات کو مدعو کیاگیاہے جبکہ قبائلی ارکان قومی اسمبلی،قبائلی عمائدین بھی تقریب میں شریک ہوں گے، تقریب میں وزیراعظم قبائلی علاقوں کےکچھ لوگوں میں کارڈتقسیم کریں گے۔

    پروگرام کے تحت قبائلی علاقوں کےخاندانوں کوہیلتھ کارڈ فراہم کئےجائیں گے اور ہیلتھ کارڈسےتمام طرح کا علاج مفت ہوسکےگا۔

    یاد رہے 4 فروری کو وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈکے پہلے مرحلے کا آغاز کیا تھا صحت کارڈ سے عام آدمی سات سےنولاکھ روپے تک کا علاج کرواسکے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیراعظم عمران خان نے صحت انصاف کارڈ کے پہلے مرحلے کا آغاز کردیا

    تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے اجرا کا مقصد بھی غربت میں کمی ہے، ہماری ہر پالیسی کا محور غربت ختم کرنا ہوگا چاہے جو بھی پالیسی ہو، ملکی تاریخ میں پہلی بارغربت میں کمی کا پروگرام لارہےہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پہلےمرحلےمیں اسلام آباد کے85 ہزار مستحقین میں کارڈ تقسیم کیے جائیں گے، صحت کارڈ سے ملک کے ڈیڑھ کروڑ غریب خاندان مستفید ہوں گے، کارڈ ہولڈر کو7 لاکھ 20 ہزار روپے تک کے اخراجات کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ مریض 150 سے زائد سرکاری و نجی اسپتالوں میں علاج کرواسکیں گے۔