Tag: قبر

  • راولپنڈی :  قبر سے 7 سالہ بچی کی میت غائب

    راولپنڈی : قبر سے 7 سالہ بچی کی میت غائب

    راولپنڈی : قبر سے 7 سالہ بچی کی میت غائب ہوگئی، علاقہ مکینوں نے اعلٰی حکام سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کےتھانہ دھمیال کی حدودمیں قبر سے سات سالہ بچی کی میت غائب ہوگئی۔

    ورثا نے بیان میں کہا کہ بچی کا چھبیس اگست کوانتقال ہوا اور خالد کالونی قبرستان میں تدفین کی گئی لیکن تدفین کے اگلے روز قبر کھلی ملی۔

    علاقہ مکینوں نے اعلٰی حکام سے واقعےکی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور متوفی بچی کے والدین نے پولیس کو درخواست دے دی ہے۔

    یاد رہے چند ماہ قبل راولپنڈی کے تھانہ گوجرخان کے علاقے چنگا میرا کے مقامی قبرستان میں رات کی تاریکی میں قبر کھود کر میت کو نکال کر دوسری جگہ دفن کرنے کا انکشاف ہوا تھا۔

    پولیس نے تین نامزد اور دس نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • قبر میں موجود مردہ خاتون بہن کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے اُٹھ بیٹھی ۔۔۔؟

    قبر میں موجود مردہ خاتون بہن کو دیکھ کر مسکراتے ہوئے اُٹھ بیٹھی ۔۔۔؟

    جنوبی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی ایسی ڈیون بار نامی خاتون کے ساتھ یہ واقعہ 1915 میں پیش آیا۔ خاتون کی عمر اس وقت 30 سال تھی اور ان کے گھر والوں اور ڈاکٹر نے انہیں مردہ قرار دے دیا تھا، جس کے بعد ان کی تدفین بھی کردی گئی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ خاتون نے اپنی زندگی کے ابتدائی 30 سال جنوبی کیرولینا کے ایک قصبے میں گزارے۔ 1915 کے موسم گرما میں اس خاتون کو مرگی کا دورہ پڑا اور اُن پر بیہوشی طاری ہوگئی۔

    اہل خانہ نے فیملی ڈاکٹر کو بلایا جس نے ایسی ڈیون بار کو مردہ قرار دیا۔ جس کے بعد خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے اس کی تدفین کی تیاریں شروع کردی گئیں۔

    خاتون کو جب قبر میں اتارا گیا تو اس کی بہن اس وقت وہاں موجود نہیں تھی، تابوت کو 6 فٹ گہرے گڑھے میں رکھ کر مٹی ڈال کر قبر تیار کردی گئی۔ خاتون کی تدفین کے کچھ دیر بعد اتفاق سے اس کی بہن بھی پہنچ گئی۔ اس نے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ قبر دوبارہ کھودیں تاکہ وہ اپنی بہن کا آخری بار دیدار کرسکے۔

    آخر کار اہل خانہ اس کی بات ماننے کو تیار ہوگئے اور مردہ خاتون کے تابوت کو قبر کھود کر باہر نکالا گیا، پھر جو منظر سامنے آیا اس نے لوگوں کے ہوش اڑادیے۔

    تابوت کھلتے ہی ایسی ڈیون کو سیدھا بیٹھا دیکھ کر لوگ خوف میں مبتلا ہوگئے، مردہ قرار دی جانے والی خاتون اپنی بہن کو دیکھ کر مسکرا رہی تھی۔ یہ منظر دیکھ کر سب لوگ وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے۔

    خاتون خود ہی گھر پہنچی اور سارا احوال سنایا کہ وہ مری نہیں بلکہ زندہ ہے، اس واقعے کے بعد ایسی ڈیون بار نے معمول کی زندگی گزارنا شروع کی اور مزید 47 سال تک زندہ رہی۔

    خاتون کا انتقال 22 مئی 1962 کو ہوا اور مقامی اخبارات نے سرخی لگائی کہ جنوبی کیرولائنا کی خاتون کی آخری تدفین کردی گئی ہے۔

  • خاتون کو 10 گھنٹے بعد قبر سے زندہ نکال لیا گیا

    خاتون کو 10 گھنٹے بعد قبر سے زندہ نکال لیا گیا

    برازیل کے ایک قبرستان میں زندہ دفنائی گئی خاتون کو 10 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا۔

    جنوب مشرقی ریاست مناس گیرائس کے ویسکنڈے ڈو ریو برانکو میونسپل قبرستان میں ایک 36 سالہ خاتون کو دفنانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    مقامی پولیس نے بتایا کہ چار بچوں کی اس ماں کو 28 مارچ کو مار پیٹ کر گھر سے گھسیٹ کر نکالا گیا اور بعد ازاں تدفین کے مقام پر چھوڑ دیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون 10 گھنٹے تک قبر میں زندہ رہیں، گورکنوں نے قبر کے قریب تازہ سیمنٹ اور خون دیکھنے اور مدد کے لیے خاتون کی چیخ و پکار سننے کے بعد فوری طور پر پولیس کو بلایا۔

    ویڈیو: فلسطینی نوجوان امیر کی قبر پر دوست رات بھر روتے رہے

    پولیس بتایا کہ ملزمان کو انہوں نے گرفتار کرلیا ہے وہ خاتون کو قبرستان میں چھوڑ کر فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    20 اور 22 سال کی عمر کے ان دو ملزمان کو اس سے قبل اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں ان کی منشیات اور اسلحہ رکھ کر بھول گئیں، جس کے بعد ہم  پر حملہ کیا گیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ مشتبہ افراد نے خاتون کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کے بعد ان کے شوہر پر حملہ کیا جو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    بعد ازاں حملہ آور خاتون کو گھر سے گھسیٹ کر قبرستان لے گئے اور قبر میں ڈال دیا۔ خاتون نے بتایا کہ ہوش میں آنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ میں پھنس گئی ہوں۔

    جب گورکنوں نے پولیس کو بلایا تو اس کے بعد امدادی کارکنوں نے انہیں باہر نکالا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کے سر پر چوٹ لگی ہے داکٹرز کا کہنا ہے کہ شریانوں کی سرجری کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ممکنہ طور پر ان کی(انگلی) کٹنے کا بھی امکان ہے۔

  • 4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    قاہرہ: مصر میں ایک بزرگ خاتون گزشتہ 33 سال سے اپنے 4 مرحوم بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزار رہی ہیں، ان کے 4 بیٹے ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں ایک بزرگ خاتون 33 سال سے اپنے 4 بیٹوں کی قبروں کے پہلو میں بیٹھی ہوئی ہیں، غمزدہ ماں نے اپنی کہانی اور بیٹوں کے مرنے کے بعد قبرستان میں زندگی گزارنے کی تفصیلات مصری میڈیا کو سنائیں۔

    مذکورہ خاتون جنوبی مصر کے شہر بنی سویف میں غیر آباد صحرائی علاقے میں تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔

    ام ایمن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 75 برس ہے اور وہ پورا دن اپنے بیٹوں کی قبروں کے پاس گزارتی ہیں جو شیح رفعت قبرستان میں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ رات گزارنے گھر آتی ہیں اور اگلے روز صبح سویرے قبرستان جاتی ہیں، 33 سال سے ان کا یہی معمول ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے 5 بیٹے تھے جن میں سے چار سنہ 1990 میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنا پورا دن یہیں گزارتی ہیں، وہ قبرستان میں ابدی نیند سوئے ہوئے اپنے بچوں سے بات کرتی ہیں۔ انہیں روزمرہ زندگی کی تفصیلات ایسے بتاتی ہیں جیسے وہ سن رہے ہیں۔

    مذکورہ خاتون نے قبرستان کے قریب ایک چھوٹا سے کمرہ بنا لیا ہے جہاں وہ پورا دن گزارتی ہیں، وہیں کھانا بناتی ہیں۔ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں اور وہ خواب میں ملنے آتے ہیں۔

    خاتون نے وصیت کی ہے کہ مرنے کے بعد انہیں ان کے بچوں کے پہلو میں دفن کیا جائے۔

  • بھارت: 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب، ہولناک واقعے نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    بھارت: 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب، ہولناک واقعے نے لوگوں کے دل دہلا دیے

    نئی دہلی: بھارت میں چند دن قبل دفنائی جانے والی 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب ہوگیا جبکہ دھڑ جوں کا توں موجود ہے، واقعے نے اہل علاقہ میں خوف کی لہر دوڑا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ہولناک اور پراسرار واقعہ جنوبی ریاست تامل ناڈو میں پیش آیا ہے جہاں ایک ہفتہ پہلے دفنائی جانے والی 10 سالہ بچی کا سر قبر سے غائب ہوگیا۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچی کی موت 14 اکتوبر کو ہوئی تھی جب گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اس کے سر پر اچانک بجلی کا کھمبا گر گیا تھا، بچی شدید زخمی ہوگئی تھی اور اسے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

    تاہم وہ جانبر نہ ہوسکی اور چند روز بعد دم توڑ گئی۔

    اہل خانہ کا کہنا ہے کہ بچی کی تدفین کے 10 روز بعد جب وہ قبر پر گئے تو انہیں محسوس ہوا کہ قبر کے ساتھ کچھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔

    شک ہونے پر انہوں نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے ضلعی میڈیکل ڈپارٹمنٹ اور ضلعی محکمہ ریونیو کے افسران کی موجودگی میں قبر کو کھودا۔

    قبر کھودنے کے بعد سب کے پیروں تلے سے زمین نکل گئی جب انہوں نے دیکھا کہ بچی کا سر غائب تھا اور دھڑ قبر میں موجود تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قبر کے پاس سے استعمال شدہ دستانے اور ایک ٹارچ بھی ملی ہے۔

    پولیس کے مطابق یہ حرکت جادو ٹونے کے لیے کی جاسکتی ہے، علاوہ ازیں اس پہلو سے بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ آیا گھر والوں کی کسی سے دشمنی ہے جس نے انہیں زک پہنچانے کے لیے ایسی گھناؤنی حرکت کی۔

    پولیس نے قبرستان انتظامیہ سمیت مختلف فریقین کو شامل تفتیش کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

  • معمر قذافی کی قبر کہاں ہے؟ قتل کے 11 سال بعد بھی راز برقرار

    معمر قذافی کی قبر کہاں ہے؟ قتل کے 11 سال بعد بھی راز برقرار

    طرابلس: لیبیا کے سابق رہنما کرنل معمر قذافی کے قتل کے 11 سال بعد ایک بار پھر ان کی قبر ڈھونڈنے کی کوششیں تیز ہوگئی ہیں، قذافی کو قتل کے بعد کہاں دفن کیا گیا تھا، یہ راز آج بھی برقرار ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق لیبیا کے سابق رہنما کرنل معمر قذافی کی خفیہ قبر ان کے قتل کے 11 برس گزرنے کے بعد ایک بار پھرسرخیوں میں ہے، قذافی اور ان کے بیٹے اور وزیر دفاع کو 20 اکتوبر 2011 کو قتل کردیا گیا تھا۔

    معمر قذافی نے تقریباً 42 برس تک ملک پر راج کیا، ان کے دشمن انہیں ڈکٹیٹر کہتے ہیں جبکہ حامی اور عوام کا ایک حلقہ آج بھی قذافی کے عہد کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہا ہے۔

    قذافی کے حامی افراد نیٹو پر اپنے ملک کے خلاف سازش کرنے اور اس کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔

    قذافی کے قتل پر 11 برس گزر جانے کے باوجود لیبیا کے بعض شہروں خصوصاً جنوبی علاقوں کے باشندوں میں رنج و ملال کا برملا اظہار کیا جارہا ہے، اس حوالے سے قذافی کی قبر کا راز معلوم کرنے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

    کچھ لوگوں کا مؤقف ہے کہ قبر کو نامعلوم رکھنا ہی بہتر ہوگا کیونکہ اس کا علم ہوتے ہی حمایتی اور مخالف عناصر ایک دوسرے کے مقابل آجائیں گے اور ملک ایک اور فتنے میں مبتلا ہوجائے گا۔

    خیال رہے کہ قذافی کے قتل کے بعد لیبیا کے مغربی شہر مصراتہ کے باشندے مقتولین کی لاشیں سرحد سے اٹھا کر اپنے یہاں لے گئے تھے۔

    انہوں نے خفیہ طریقے سے قذافی، ان کے بیٹے اور وزیر دفاع کی تدفین کی تھی، تب سے ہی قذافی کے حامی ان قبروں کا راز جاننے کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔

  • قبر سے باہر نکلتے انسانی بالوں نے سب کو خوفزدہ کردیا

    قبر سے باہر نکلتے انسانی بالوں نے سب کو خوفزدہ کردیا

    امریکا میں ایک قبرستان میں قبر سے باہر نکلے انسانی بالوں نے سب کو خوفزدہ کردیا، مذکورہ قبر ایک صدی پرانی ہے جو اب ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع سینٹ جوزف کیتھولک قبرستان میں آنے والا شخص اس وقت خوفزدہ ہوگیا جب اس نے ایک قبر کے قریب انسانی بال دیکھے۔

    قبر پر لگے کتبے کے مطابق قبر ایک صدی قدیم ہے جہاں آنے والے 37 سالہ شخص نے اس منظر کی ویڈیو بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے قبر کی مضبوط کنکریٹ میں ایک دراڑ ہے جہاں سے انسانی بال باہر آتے دکھائی دے رہے ہیں۔

    ٹک ٹاک پر ایک صارف نے ویڈیو پر کمنٹ کیا کہ بارش اور سیلاب کے بعد اکثر قبرستانوں میں اس قسم کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔

    37 سالہ شخص کا کہنا تھا کہ اس نے مزید قبروں کو بھی بغور دیکھا اور ان قبروں پر بھی گلہریوں اور دیگر جانوروں کی وجہ سے دراڑیں پڑ رہی تھیں جبکہ تیزی سے بڑھتے ہوئے درخت بھی قبروں کو نقصان پہنچا رہے تھے۔

    مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ بظاہر یوں لگ رہا ہے کہ قریب موجود درخت کی جڑیں قبر کے اندر تک بڑھ گئیں جس کے باعث اندر موجود انسانی باقیات باہر آگئیں۔ اس کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی ان بالوں کا ایک نمونہ ٹیسٹ کروائے گا تاکہ تصدیق ہوسکے کہ یہ انسانی بال ہیں یا کسی اور جاندار کے بال ہیں۔

  • امریکا: قبر کھودتے ہوئے گورکن کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    امریکا: قبر کھودتے ہوئے گورکن کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    نیویارک: امریکی گورکن مرنے والے ایک شخص کے لیے قبر کھودتے ہوئے خود اس میں دفن ہو کر مر گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لانگ آئی لینڈ میں 42 سالہ ایک گورکن قبر کھود رہا تھا کہ قبر اس پر اچانک ڈھ گئی، اور وہ 7 فٹ ملبے تلے دب گیا۔

    نیوز رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لانگ آئی لینڈ پر کام کرنے والے ایک گورکن کے ساتھ جان لیوا حادثہ پیش آیا، اور وہ اسی قبر میں دفن ہو گیا جو وہ کسی دوسرے شخص کے لیے کھود رہا تھا۔

    یہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا، جب بیالیس سالہ روڈوِن ایلیکاک ماؤنٹ سیانی میں واشنگٹن میموریل پارک میں ایک قبر پر کام کر رہا تھا، سفوک کاؤنٹی پولیس نے پریس ریلیز میں بتایا قبر صبح ساڑھے آٹھ بجے کے آس پاس گورکن پر گری تھی۔

    بتایا گیا کہ ساتھی ورکرز نے سفوک کاؤنٹی کے علاقے کورم کے رہائشی ایلیکاک کو نکالنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ سات فٹ نیچے دفن تھا، اس لیے اسے نکالنے میں کافی وقت لگا۔

    مقامی میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹرز نے ایلیکاک کو نکالے جانے کے بعد موقع پر ہی اس کا معائنہ کیا تھا اور اسے مردہ قرار دے دیا تھا۔

    پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق تنظیم OSHA نے اطلاع ملنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم حکام نے اس سلسلے میں مزید معلومات جاری نہیں کیں۔

    محکمے کی ویب سائٹ کے مطابق واشنگٹن میموریل پارک قبرستان گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصے سے مردوں کی تدفین کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

  • عرفان خان کی قبر پر لہلہاتے پھولوں نے مداحوں کو پھر سے غمزدہ کردیا

    عرفان خان کی قبر پر لہلہاتے پھولوں نے مداحوں کو پھر سے غمزدہ کردیا

    بالی ووڈ اداکار عرفان خان کو مداحوں سے بچھڑے 5 ماہ بیت گئے اور مداح اب بھی انہیں یاد کر کے اداس ہوجاتے ہیں، حال ہی میں ان کے دوست نے عرفان کی قبر کی تصویر پوسٹ کی جو پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھی۔

    عرفان خان کے دوست اور بالی ووڈ اداکار چندن رائے سنیال عرفان خان کی قبر پر پہنچے اور اس کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں کل سے عرفان کو بہت یاد کر رہا تھا، اور اس بات پر خود کو کوس رہا تھا کہ میں 4 ماہ سے عرفان کی قبر پر نہیں گیا۔

    چندن نے لکھا کہ میں وہاں گیا تو عرفان وہاں اکیلا پھولوں کے درمیان محو آرام تھا۔

    انہوں نے عرفان خان کی قبر کی تصویر بھی پوسٹ کی جو پھولوں سے ڈھکی ہوئی تھی، ان کی پوسٹ نے عرفان کے مداحوں کو ایک بار پھر سے غمزدہ کردیا۔

    خیال رہے کہ عرفان خان 29 اپریل کو ممبئی کے کوکیلا بین اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔

    عرفان کو سنہ 2018 میں نیورو اینڈو کرائن کینسر کی تشخیص ہوئی تھی جس کے علاج کے لیے وہ لندن چلے گئے تھے، وہاں سے وہ ایک برس بعد لوٹے اور واپس آ کر اپنی فلم ’انگریزی میڈیم‘ کی شوٹنگ مکمل کروائی۔

    انتقال سے چند روز قبل ان کی والدہ کا انتقال ہوا تھا جس میں وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے شرکت نہ کر سکے تھے، بعد ازاں ان کی اپنی بھی طبیعت خراب ہوئی اور ایک رات آئی سی یو میں گزارنے کے بعد وہ داغ مفارقت دے گئے۔

  • معمر خاتون تین دن دفن رہنے کے باوجود زندہ

    معمر خاتون تین دن دفن رہنے کے باوجود زندہ

    بیجنگ: چین میں درندہ صفت بیٹے نے اپنی معمر ماں کو زندہ دفن کردیا، خوش قسمتی سے ضعیف عورت 3 دن بعد بغیر کچھ کھائے پئے قبر میں زندہ بچ گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ چینی صوبے شانژی میں پیش آیا جہاں سفاک بیٹے نے اپنی 79 سالہ معذور ماں کو گڑھے میں دفنا دیا، پولیس نے بہو کی شکایت پر تلاش شروع کی اور بلآخر خاتون 3 دن بعد زندہ پائی گئی، متعلقہ ادارے کے اہلکاروں نے معمر خاتون کو قبر سے زندہ باہر نکال لیا۔

    پولیس نے 58 سالہ بیٹے کو گرفتار کرکے اس کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔ افسران کا کہنا ہے کہ معاملے سے متعلق تحقیقات کررہے ہیں تاہم بیٹے کی اس شرمناک اقدام کی اصل وجہ تاحال معمول نہیں ہوسکی۔

     

    رپورٹ کے مطابق ’مس ژانگ‘ نامی بہو نے اپنی ساس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پولیس کو دی اور بتایا کہ اس کا شوہر انہیں باہر لے کر گیا اس بعد سے وہ گھر نہیں لوٹیں، پوچھنے پر شوہر نے تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

    بعد ازاں پولیس نے بیٹے کو شامل تفتیش کیا تو حقیقت کھل کر سامنے آگئی۔ تین دن بعد اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں معذور ماں کی مدد کی دھیمی پکار سنائی دے رہی تھی، جگہ کا تعین کرکے پولیس نے معمر خاتون کو زندہ نکال لیا۔

    تین دن تک قبر میں بغیر کچھ کھائے پئے ایک معمر خاتون کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔