Tag: قبرستان

  • قبرستانوں میں جون میں زیادہ تر تدفین گرمی کے شکارافراد کی ہوئی

    قبرستانوں میں جون میں زیادہ تر تدفین گرمی کے شکارافراد کی ہوئی

    کراچی: جون میں کے ایم سی کے زیرانتظام قبرستانوں میں تدفین کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے، زیادہ تر تدفین گرمی کے شکار افراد کی ہوئی۔

    کے ایم سی حکام کے مطابق کے ایم سی کے قبرستانوں میں جون میں زیادہ تر تدفین گرمی کے شکار افراد کی ہوئی، جون میں زیادہ تر اموات ہیٹ ویو سے ہوئیں، جون کے پہلے ہفتے میں 430 افراد مختلف قبرستانوں میں مدفون کیے گئے۔

    محکمہ اموات و قبرستان نے بتایا کہ پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ 92 افراد کی تدفین نارتھ کراچی کے محمد شاہ قبرستان میں ہوئی۔

    جون کے دوسرے ہفتے میں اموات مزید بڑھ کر459 پر پہنچ گئیں، دوسرے ہفتے میں بھی سب سے زیادہ 103 افراد کی تدفین محمد شاہ قبرستان میں ہی ہوئی۔

    کے ایم سی ریکارڈ کے مطابق جون کے تیسرے ہفتے میں 420 افراد کی تدفین کی گئی، جون کے چوتھے ہفتے میں اب تک 341 افراد کی اموات ہوئیں۔

  • ڈکیتی میں ملوث شخص کو اپنے قبرستان میں دفن نہ ہونے دیا جائے، محسود قبائل کا بڑا جرگہ

    ڈکیتی میں ملوث شخص کو اپنے قبرستان میں دفن نہ ہونے دیا جائے، محسود قبائل کا بڑا جرگہ

    کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز میں بے پناہ اضافے کے پس منظر میں کراچی کے مضافاتی علاقے منگھوپیر میں ڈکیتیوں اور منشیات فروشی کے خلاف محسود قبائل کا بڑا جرگہ منعقد ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رہائش پذیر محسود قبائل کے نمائندوں نے گزشتہ روز منگھوپیر میں طویل مشاورتی اجلاس (جرگہ) منعقد کیا، جس میں محسود قبائل کے نوجوانوں کو جرائم سے روکنے اور احساس دلانے کے لیے چند اہم تجاویز رکھی گئیں۔

    جرگے میں تجویز سامنے آئی کہ محسود برادری سے تعلق رکھنے والا کوئی شخص ڈکیتی میں ملوث ہوا تو اسے چھڑانے کے لیے تھانے یا عدالت نہ جایا جائے۔

    ایک تجویز یہ دی گئی کہ برادری کا کوئی فرد ڈکیتی میں ملوث ہوا تو اس کے جنازے کا بائیکاٹ کیا جائے اور اسے اپنے قبرستان میں تدفین کی اجازت نہ دی جائے۔

    یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے گھر والوں کا سماجی بائیکاٹ کیا جائے، اور منشیات فروشی میں ملوث افراد کے ساتھ بھی یہی رویہ رکھا جائے۔

    جرگے کے ترجمان مفتی خالد نے کہا کہ محسود قبیلے کی ذیلی شاخوں کی تجاویز سامنے آ گئی ہیں، اب ایک با اختیار کمیٹی ان تجاویز کا جائزہ لے گی، دیکھا جائے گا کہ ان میں سے کن کن تجاویز پہ عمل ممکن ہے، اس کا جائزہ لے کر باقاعدہ تحریری شکل میں نکات سامنے لائے جائیں گے۔

    انھوں نے جرگے کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ جرائم میں ملوث افراد کو اب برادری کے ذریعے جرائم سے روکنے کی کوشش کی جائے گی۔

  • خواجہ سراؤں کیلئے قبرستان کی زمین مختص کرنے کا فیصلہ

    خواجہ سراؤں کیلئے قبرستان کی زمین مختص کرنے کا فیصلہ

    پشاور: خیبرپختونخوا میں خواجہ سراؤں کیلئے قبرستان کی زمین مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں گورنر خیبرپختونخوا غلام علی سے خواجہ سراؤں کے  وفد نے گورنر  ہاؤس میں ملاقات کی تھی، ملاقات میں خواجہ سراؤں کے وفد نے کمیونٹی کو درپیش مسائل سے گورنر کو آگاہ کیا اور اپنے مطالبات بھی گورنر  کے سامنے رکھے تھے۔

    وفد نے گورنر کے پی کے سے مطالبہ کیا تھا شہر میں خواجہ سراؤں کیلئے قبرستان کی جگہ مختص کی جائے اور علماء کو ہمارے جنازے پڑھانے پر  رضامند کیا جائے۔

    تاہم اب مشیر وزیراعلیٰ مشال یوسفزئی نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ خواجہ سراؤں کیلئے 5 کنال کی زمین قبرستان کیلئے مختص کررہے ہیں، خواجہ سراؤں کے اکثریتی علاقوں میں قبرستان کیلئے زمین مختص کرینگے۔

    مشال یوسفزئی نے بتایا کہ ہر ڈویژن کے سرکاری اسپتال میں خواجہ سراؤں کیلئے خصوصی وارڈ قائم ہوگا، بہترین انتظامات کے ساتھ خواجہ سراؤں کا علاج کیا جا سکے گا۔

  • قبرستانوں کے باہر پارکنگ فیس وصول کرنیوالوں کو گرفتار کرنیکی ہدایت

    قبرستانوں کے باہر پارکنگ فیس وصول کرنیوالوں کو گرفتار کرنیکی ہدایت

    قبرستانوں کے باہر پارکنگ فیس وصول کرنیوالوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انھیں گرفتار کرنیکی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی جانب سے میونسپل کمشنر کے ایم سی کو فون کیا گیا۔ انھوں نے کراچی کے قبرستانوں کے باہر پارکنگ فیس وصول کرنے والوں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ڈپٹی میئرسلمان عبداللہ مراد کا مزید کہنا تھا کہ کسی قبرستان کے باہر پارکنگ فیس سرکاری سطح پر وصول نہیں کی جارہی۔

    انھوں نے کہا کہ قبرستان آنے والوں سے انتظامیہ اور پولیس مکمل تعاون کررہی ہے۔ فیس وصول کرنے والوں کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    واضح رہے کہ کراچی میں غیرقانونی چارجڈ پارکنگ عام ہے۔ شاپنگ مالز، مارکیٹس اور بچت بازاروں کے باہر دھڑلے سے شہریوں سے پارکنگ فیس وصول کی جاتی ہے۔

    شب برات کے موقع پر بھی قبرستانوں کے باہر عوام سے پارکنگ فیس وصول کرنے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد ڈپٹی میئر کراچی نے ہدایت جاری کی۔

  • غزہ قبرستان میں تبدیل، شہداء کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

    غزہ قبرستان میں تبدیل، شہداء کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی

    اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا، جس کے سبب شہادتوں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے اضافہ ہوتا جارہا ہے، شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں چار ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جنگ فلسطینی انکلیو کو ’بچوں کے قبرستان‘ میں تبدیل کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران فضائی حملوں اور توپ خانے کی بمباری میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں چار ہزار سے زائد بچے شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’ہمیں اس سفاکانہ، ہولناک، اذیت ناک تباہی سے نکلنے کے لیے ابھی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ‘انہوں نے ایک بار پھر فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کا تحفظ سب سے اہم ہونا چاہیے۔

    اقوام متحدہ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ’ایک پوری آبادی کا محاصرہ کیا گیا اور ان پر حملہ کیا گیا، زندہ رہنے کے لیے ضروری اشیاء تک رسائی دینے سے انکار کیا گیا، ان کے گھروں، پناہ گاہوں، ہسپتالوں اور عبادت گاہوں پر بمباری کی گئی۔ یہ ناقابل قبول ہے۔‘ جنگ اب بند ہونی چاہیے۔

    دوسری جانب اردن کی ملکہ رانیہ نے غزہ میں جنگ بندی کے اجتماعی مطالبے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ جنگ بندی کی مخالفت کر رہے ہیں وہ ہزاروں شہریوں کی ہلاکت کی حمایت اور جواز فراہم کر رہے ہیں۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے بیکی اینڈرسن کے ساتھ انٹرویو میں ملکہ رانیہ نے یہ بیان امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کرنے کے جواب میں دیا۔

    گزشتہ روز عرب رہنماؤں سے ملاقات کے بعد انٹونی بلنکن نے کہا تھا کہ جنگ بندی سے حماس منظم ہو جائے گی اور دوبارہ وہ کام کرے گی جو اس نے سات اکتوبر کو کیا۔

    ملکہ رانیہ نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے ایک اجتماعی مطالبہ ہونا چاہیے اور میں کچھ ایسے لوگوں کو جانتی ہوں جو جنگ بندی کے خلاف ہیں۔ وہ یہ دلیل دیتے ہیں کہ اس سے حماس کو تقویت ملے گی۔

  • خاتون کو 10 گھنٹے بعد قبر سے زندہ نکال لیا گیا

    خاتون کو 10 گھنٹے بعد قبر سے زندہ نکال لیا گیا

    برازیل کے ایک قبرستان میں زندہ دفنائی گئی خاتون کو 10 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد زندہ نکال لیا گیا۔

    جنوب مشرقی ریاست مناس گیرائس کے ویسکنڈے ڈو ریو برانکو میونسپل قبرستان میں ایک 36 سالہ خاتون کو دفنانے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    مقامی پولیس نے بتایا کہ چار بچوں کی اس ماں کو 28 مارچ کو مار پیٹ کر گھر سے گھسیٹ کر نکالا گیا اور بعد ازاں تدفین کے مقام پر چھوڑ دیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ خاتون 10 گھنٹے تک قبر میں زندہ رہیں، گورکنوں نے قبر کے قریب تازہ سیمنٹ اور خون دیکھنے اور مدد کے لیے خاتون کی چیخ و پکار سننے کے بعد فوری طور پر پولیس کو بلایا۔

    ویڈیو: فلسطینی نوجوان امیر کی قبر پر دوست رات بھر روتے رہے

    پولیس بتایا کہ ملزمان کو انہوں نے گرفتار کرلیا ہے وہ خاتون کو قبرستان میں چھوڑ کر فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

    20 اور 22 سال کی عمر کے ان دو ملزمان کو اس سے قبل اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں ان کی منشیات اور اسلحہ رکھ کر بھول گئیں، جس کے بعد ہم  پر حملہ کیا گیا۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ گذشتہ ماہ مشتبہ افراد نے خاتون کے گھر میں زبردستی داخل ہونے کے بعد ان کے شوہر پر حملہ کیا جو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    بعد ازاں حملہ آور خاتون کو گھر سے گھسیٹ کر قبرستان لے گئے اور قبر میں ڈال دیا۔ خاتون نے بتایا کہ ہوش میں آنے کے بعد مجھے احساس ہوا کہ میں پھنس گئی ہوں۔

    جب گورکنوں نے پولیس کو بلایا تو اس کے بعد امدادی کارکنوں نے انہیں باہر نکالا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کے سر پر چوٹ لگی ہے داکٹرز کا کہنا ہے کہ شریانوں کی سرجری کے امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور ممکنہ طور پر ان کی(انگلی) کٹنے کا بھی امکان ہے۔

  • 4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    4 بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزارنے والی بزرگ خاتون

    قاہرہ: مصر میں ایک بزرگ خاتون گزشتہ 33 سال سے اپنے 4 مرحوم بیٹوں کی قبروں کے پاس زندگی گزار رہی ہیں، ان کے 4 بیٹے ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    اردو نیوز کے مطابق مصر میں ایک بزرگ خاتون 33 سال سے اپنے 4 بیٹوں کی قبروں کے پہلو میں بیٹھی ہوئی ہیں، غمزدہ ماں نے اپنی کہانی اور بیٹوں کے مرنے کے بعد قبرستان میں زندگی گزارنے کی تفصیلات مصری میڈیا کو سنائیں۔

    مذکورہ خاتون جنوبی مصر کے شہر بنی سویف میں غیر آباد صحرائی علاقے میں تنہا زندگی گزار رہی ہیں۔

    ام ایمن نامی خاتون کا کہنا ہے کہ ان کی عمر 75 برس ہے اور وہ پورا دن اپنے بیٹوں کی قبروں کے پاس گزارتی ہیں جو شیح رفعت قبرستان میں ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ رات گزارنے گھر آتی ہیں اور اگلے روز صبح سویرے قبرستان جاتی ہیں، 33 سال سے ان کا یہی معمول ہے۔

    خاتون کا کہنا ہے کہ ان کے 5 بیٹے تھے جن میں سے چار سنہ 1990 میں گھر میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    ان کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنا پورا دن یہیں گزارتی ہیں، وہ قبرستان میں ابدی نیند سوئے ہوئے اپنے بچوں سے بات کرتی ہیں۔ انہیں روزمرہ زندگی کی تفصیلات ایسے بتاتی ہیں جیسے وہ سن رہے ہیں۔

    مذکورہ خاتون نے قبرستان کے قریب ایک چھوٹا سے کمرہ بنا لیا ہے جہاں وہ پورا دن گزارتی ہیں، وہیں کھانا بناتی ہیں۔ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ ان کے بچے ان کے ساتھ ہیں اور وہ خواب میں ملنے آتے ہیں۔

    خاتون نے وصیت کی ہے کہ مرنے کے بعد انہیں ان کے بچوں کے پہلو میں دفن کیا جائے۔

  • لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا فیصلہ

    لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات: قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کا فیصلہ

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہروں گجرات اور اوکاڑہ میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے بعد قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں لاشوں کی بے حرمتی کے واقعات کے پیش نظر قبرستانوں کی سیکیورٹی اور انتظام بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ قبرستانوں کی سیکیورٹی کے لیے چوکیدار رکھے جائیں گے، قبرستانوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے منیجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔

    اجلاس میں واقعات میں ملوث مجرموں کو فوری گرفتار کرنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ مجرموں کے فنگر پرنٹس کا ڈیٹامرتب کیا جائے۔

    آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ عدم توجہ کے باعث قبرستان جرائم کی آماجگاہ بن رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل گجرات کے ایک گاؤں کے قبرستان میں خاتون کی لاش کو قبر سے نکال کر برہنہ حالت میں پھینک دیا گیا تھا۔

    گاؤں چک کمالہ کا رہائشی محمد نذیر اپنی اٹھارہ برس کی ذہنی معذور بیٹی کی قبر پر فاتحہ خوانی کے لیے پہنچا جہاں اس نے قبر کھلی ہوئی اور میت غائب دیکھی، تلاش پر قریبی جھاڑیوں سے لاش بغیر کفن کے برآمد ہوئی۔

    پولیس نے لاش کا میڈیکل کروا کر رپورٹ پنجاب فرانزک لیب بھجوا دی، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ تفتیش کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے، لاش سے زیادتی کی تصدیق نہیں ہوئی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاش کی بے حرمتی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • خالی قبرستان میں اسکرین پر پراسرار ہیولہ نمودار

    خالی قبرستان میں اسکرین پر پراسرار ہیولہ نمودار

    امریکی وہیکل مینو فیکچرر ٹیسلا کی گاڑیاں عام گاڑیاں نہیں، یہ گاڑیاں اپنے اندر جدید ٹیکنالوجی کے منفرد فیچرز رکھتی ہیں، تاہم انہی فیچرز کی وجہ سے کچھ صارفین اب خوفزدہ ہونے لگے ہیں۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا کے رہائشی ایک شخص نے ایک حیرت انگیز ویڈیو ٹک ٹاک پر پوسٹ کی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کار کی کولیژن ڈیٹیکٹ اسکرین سامنے موجود ایک شخص کو دکھا رہی ہے جس کا مطلب ہے کہ ڈرائیور اس راہ گیر سے ہوشیار رہے۔

    لیکن جب ڈرائیور موبائل کے کیمرے کا رخ سامنے کی طرف کرتا ہے تو وہاں پر کوئی موجود نہیں ہے، گاڑی اس وقت ایک قبرستان سے گزر رہی ہے اور وہاں دور دور تک کوئی شخص موجود نہیں ہے۔

    اس ویڈیو نے دیکھنے والوں کو نہایت خوفزدہ کردیا اور وہ پوچھنے لگے کہ خالی قبرستان میں کون تھا جس کی اسکرین نے نشاندہی کی۔

    بعض صارفین کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر کچھ ماہ قبل بھی اسی نوعیت کی ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جو اسی قبرستان کی تھی، اس وقت بھی قبرستان خالی تھا لیکن کار کی اسکرین کسی شخص کی نشاندہی کر رہی تھی۔

  • قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ

    قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قبرستان کے لیے مختص زمین بھی مافیا نے نہ چھوڑی، قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹوں کی کٹنگ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قبضہ مافیا نے ایک قبرستان کی زمین پر قبضہ کر لیا تھا، جسے پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن نے مافیا کے خلاف آپریشن میں واگزار کرا لیا۔

    پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن رضا رضوی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران قبرستان کے لیے مختص زمین واگزار کرا لی گئی ہے، قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ کی گئی تھی۔

    انھوں نے کہا قبرستان کی زمین پر قبضہ مافیا نے دیواریں کھڑی کر دی تھیں، دیواریں لگا کر جلد پختہ تعمیرات کر کے مکمل قبضے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

    پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، انھوں نے واضح کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں جو بھی قبضہ کرے گا اس کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اورنگی پراجیکٹ ڈائریکٹر کو حالیہ دنوں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔