Tag: قبرص

  • قبرص میں پاکستانی شہری کی موت کی تحقیقات کا حکم

    قبرص میں پاکستانی شہری کی موت کی تحقیقات کا حکم

    قبرص میں پاکستانی شہری کی مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے ہلاکت کے معاملے پر چیف پراسیکیوٹر نے مجرمانہ تحقیقات کی نگرانی کے لیے آزاد تفتیش کار مقرر کر دیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق قبرص اٹارنی جنرل جارج ایل سویدیس نے بتایا کہ پاکستانی نوجوان کی ہلاکت کے سلسلے میں ایک آزاد مجرمانہ تفتیش کار مقرر کردیا ہے، پولیس کی طرف سے کی جانے والی تحقیقات کی قیادت سینئر وکیل نینوس کیکوس کریں گے۔

    حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دارالحکومت نکوسیا میں پولیس کو 24 سالہ پاکستانی شہری کی لاش 6 جنوری کو کھیت سے ملی تھی۔

    پاکستانی شہری کی موت پولیس کے ہتھیار سے ہوئی تھی، پوسٹ مارٹم کے مطابق پاکستانی شخص کی کمر کے دائیں جانب گولی کا زخم موجود تھا، ابتدائی فرانزک رپورٹ میں نوجوان کی ہلاکت میں مجرمانہ حالات کو مسترد کردیا گیا تھا۔

    پولیس کے مطابق افسران نے ایک واقعہ میں مشتبہ افراد کو روکنے، گرفتار کرنے کی کوشش میں فائرنگ کی تھی، واقعے کا تعلق غیرقانونی تارکین وطن کی اسمگلنگ سے تھا، پاکستانی شخص کی ہلاکت کا اس واقعے سے تعلق ہو سکتا ہے۔

    لاس اینجلس آگ، ٹرمپ نے کسے قصور وار ٹھہرایا؟

    اٹارنی جنرل کے مطابق پاکستانی نوجوان کی ہلاکت پر آزاد مجرمانہ تفتیش کار مقرر کردیا ہے، جو اس کیس کی تحقیقات کریں گے۔

  • غزہ جانے والا پہلا امدادی بحری جہاز سمندر میں نئی راہداری سے گزرے گا

    غزہ جانے والا پہلا امدادی بحری جہاز سمندر میں نئی راہداری سے گزرے گا

    نکوسیا: ایک امریکی چیریٹی ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ جانے والا پہلا امدادی بحری جہاز سمندر میں نئی راہداری سے گزرے گا۔

    الجزیرہ کے مطابق امدادی جہاز مشرق وسطیٰ کے ملک قبرص سے نئی راہداری کے ذریعے جنگ زدہ علاقے غزہ جانے کے لیے تیار ہے، امریکی خیراتی ادارے کا کہنا ہے کہ وہ قبرص میں ایک جہاز پر غزہ کے لیے امداد لوڈ کر رہا ہے۔

    یورپی یونین نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی سمندری راہداری اسی ہفتے کے آخر میں کھول دی جائے گی، اور اس طرح غزہ کو سمندری راستے سے پہلی امدادی کھیپ فراہم کر دی جائے گی۔

    اسپین کے پرچم والا بحری جہاز ’اوپن آرمز‘ تین ہفتے قبل قبرص میں لارناکا کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا تھا، یورپی یونین کی یہ رکن ریاست غزہ کے سب سے زیادہ قریب واقع ہے۔ خیراتی ادارے کے مطابق جہاز پر انسانی امداد کا سامان ’ورلڈ سینٹرل کچن‘ کی ٹیمیں لوڈ کر رہی ہیں۔

    طیاروں سے گرنے والے خوراک کے کارٹنوں کی زد میں آ کر 5 فلسطینی جاں بحق

    خیراتی ادارے نے کہا کہ وہ اپنے بھروسہ مند این جی او پارٹنر ’اوپن آرمز‘ کے ساتھ مل کر یہ سمندری امدادی راہداری کھولنے کے لیے ہفتوں سے کوششیں کر رہے تھے، جس کی مدد سے خطے میں امدادی کوششیں بڑھ جائیں گی۔

    اوپن آرمز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر ’میری ٹائم کوریڈور‘ کے قیام کی کوششوں میں پیش رفت ہو رہی ہے، اور ہمارا بحری جہاز ایک لمحے کے نوٹس پر روانہ ہو جائے گا جس میں فلسطینی شہریوں کے لیے ٹنوں خوراک، پانی اور ضروری سامان موجود ہے۔

  • جعلی سفری دستاویزات پر قبرص جانے والے 4 مسافر آف لوڈ

    جعلی سفری دستاویزات پر قبرص جانے والے 4 مسافر آف لوڈ

    کراچی: جعلی سفری دستاویزات پر قبرص جانے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک بڑی کارروائی میں جعلی سفری دستاویزات پر مشرق وسطیٰ کے ملک قبرص جانے والے 4 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    گرفتار ملزمان میں ولید اشفاق، عامر سہیل، مبشر حسن اور فہد رسول شامل ہیں، مذکورہ مسافر بین الاقوامی پرواز نمبر PC132 سے قبرص جا رہے تھے، ان کے سفری دستاویزات دوران چیکنگ مشتبہ پائے گئے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے پیش کیے جانے والے اسٹڈی ایگزمپشن لیٹر جعلی نکلے تھے، اسٹڈی ایگزمپشن لیٹر کی آن لائن تصدیق کے مطابق ملزمان کے کاغذات ٹی آر این سی (TRNC) کی جانب سے رد کیے گئے۔

    ملزمان نے فی کس 10 لاکھ کے عوض ایجنٹ سے اسٹڈی ایگزمپشن لیٹر حاصل کیے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔