Tag: قبض

  • قبض سے چھٹکارا کیسے حاصل کریں؟

    قبض سے چھٹکارا کیسے حاصل کریں؟

    قبض کے بارے میں مشہور ہے کہ یہ تمام بیماریوں کی جڑ ہے، اسی لئے اسے ”ام الامراض“ بھی کہتے ہیں، قبض متعدد جسمانی بیماریوں کے ساتھ ساتھ نفسیاتی مسائل میں بھی اضافہ کرتا ہے۔ مگر آج ہم جو آپ کو بتانے جارہے ہیں، اس سے آپ کو اس مرض سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کافی مدد ملے گی۔

    عام طور پر لوگ قبض کا شکار اس لئے ہوتے ہیں کہ ان کی آنتوں میں موجود مادہ سخت ہوجاتا ہے اور وہ پاس نہیں ہو پاتا، اس کی سب سے بڑی وجہ جنک فوڈ کا زیادہ استعمال، پانی کی کمی، ذہنی تناؤ، ورزش کی کمی یعنی جسمانی سرگرمی کا نہ ہونا، فائبر کی کمی یا کچھ ادویات ہوسکتی ہیں۔

    قبض کا شکار افراد کے لئے عمر کی قید نہیں آپ اپنی عمر کے کسی بھی حصے میں اس کا شکار ہوسکتے ہیں، لیکن ساٹھ سال سے زیادہ عمر کے افراد میں قبض کی شکایت زیادہ ہوتی ہے، اگر خواتین کی بات کی جائے تو خواتین کی بڑی تعداد دائمی قبض کا شکار ہوتی ہے، خاص طور پر ایسی خواتین جو حاملہ ہوتی ہیں۔

    گری دارمیوے آپ کی صحت کے لئے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ اس کے ذریعہ آپ اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر حاصل کرسکتے ہیں، ان میں غذائیت سے بھرپور مونو سیچوریٹڈ چکنائی کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جوکولیسٹرول، اندرونی سوزش اورامراض قلب کے خطرے کو کم کرنے کے ساتھ قبض دور کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

    قبض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے آلو بخارہ بہترین علاج ہے، اس میں فائبر کے ساتھ سربیٹول نامی جز پایا جاتا ہے جو کہ ایک قدرتی مٹھاس ہے، یہ قبض کو دور کرنے میں کسی قبض کشا کی طرح کام کرتی ہے۔

    کھجور فائبر اور سربیٹول سے بھرپور ایک بہت ہی بہترین غذا ہے، جو غذا کو انتہائی آرام کے ساتھ آنتوں تک منتقل کردیتی ہے، اس کے ذریعے آپ قبض سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

    کشمش کی اگر بات کی جائے تو اس میں بھی خشک میوہ جات کی طرح فائبر کثیر مقدار میں موجود ہوتا ہے جو کہ ایک صحت مند طریقے سے قبض سے نجات دلانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

    بادام آنتوں کومتحرک کر کے قبض کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ فائبر کے حصول کا مؤثر ذریعہ ہے جو کہ ایک قدرتی قبض کشا کی طرح کا کام کرتا ہے۔

    پستہ آنتوں کو حرکت دے کر قبض کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، پستے میں حل پذیر اور غیر حل پذیر دونوں طرح کے فائبر موجود ہوتے ہیں جو کہ نظام انہضام کے لیے بے مثال ہیں۔

    اخروٹ آنتوں کو متحرک کرکے قبض کے لیے بطور قدرتی علاج کام کرتا ہے، یہ غذائی فائبر اور صحت بخش چکنائیوں بشمول اومیگا فیٹی ایسڈ سے بھرپور ہوتا ہے۔

    خشک انجیر بھی قبض سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے بہترین غذا ہے، اس میں غذائی فائبر موجود ہے جو آنتوں میں موجود مواد کو ہاضمے کے راستے سے باہر خارج کرنے میں مددفراہم کرتا ہے۔

  • قبض سے نجات، شہری 20 انچ لمبی زندہ مچھلی نگل گیا

    قبض سے نجات، شہری 20 انچ لمبی زندہ مچھلی نگل گیا

    بیجنگ: قبض کا خودساختہ علاج چینی شہری کو مہنگا پڑگیا، ڈاکٹروں نے آپریشن کرکے شہری کے پیٹ سے زندہ مچھلیاں نکال لیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی شہر ژیانجو سے تعلق رکھنے والے شخص نے اپنے قبض کا علاج خود سے کرنا چاہا تو اسے لینے کے دینے پڑگئے۔ احمق شہری علاج کی غرض سے زندہ مچھلیاں نگل گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 51 سالہ شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی البتہ اس نے دو زندہ بام مچھلیاں حلق سے پیٹ میں اتار لیا تھا، آپریشن کے بعد بھی مچھلیاں زندہ نکلیں۔ شہری کا کہنا تھا کہ اس نے قبض کا اس طرح علاج کا طریقہ سیکھا تھا۔

    ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ مچھلیاں کھانے کے بعد متاثرہ شخص کے پیٹ میں شدید درد اٹھا، مریض کے مطابق اسے ایسا لگ رہا تھا جیسے کوئی آنتوں کو کاٹ رہا ہے۔ بعد ازاں فوری طور پر شہری کو اسپتال لایا گیا اور آپریشن ہوا۔

    وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے سانپ کی طرح نظر آنے والی بام مچھلیاں مریض کے پیٹ سے نکالی گئیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان میں سے ایک کی لمبائی تقریباً 20 انچ جبکہ دوسری اس سے تھوڑی چھوٹی ہے۔

    مچھلیوں کے پیٹ میں رہنے کے باعث شہری کے آنتوں کا پانی اور خون آپس میں مل گیا تھا جس سے شہری کی جان کو بھی خطرہ تھا۔ تاہم آپریشن کے بعد شہری اب بھی زیرعلاج ہے۔