Tag: قبضہ مافیا

  • سکھر : قبضہ مافیا نے کئی قبریں مسمار کردیں، بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی

    سکھر : قبضہ مافیا نے کئی قبریں مسمار کردیں، بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی

    سکھر: سلطان پور میں قبضہ مافیا نے کئی قبریں مسمارکردیں اور بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنو عاقل کے سلطان پور کے نواحی گاؤں میو مہر میں حسن پیر کے قبرستان پر علاقے کے بااثر وڈیرے نے مبینہ قبضے کے بعد بچوں کی لاشیں دفنانے پر پابندی لگا دی۔

    علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مبینہ قبضہ مافیا نے متعدد قبروں کو مسمار کر رکھا ہے، بااثر وڈیرے نے کچھ عرصہ قبل قبرستان پر قبضہ کر کے کاشتکاری بھی کی۔

    قبضہ مافیا نے مبینہ طور پر معصوم بچی کی لاش قبر سے نکال کر قبر میں کانٹے دار جھاڑیاں ڈال دی، بچی کے والد کا الزام ہے کہ بااثر وڈیرے کے کہنے پر قبضہ مافیانے بچے کی لاش قبرسےنکالی ہے۔

    مرحوم بچی کے والد صابر مہر نے خاموش احتجاج کیا اور بتایا کہ بااثر ہمیں جاں بحق بچوں کی لاشیں دفنانے نہیں دیتے ، بچی کی لاش قبر سے نکال کر بے حرمتی کی گئی ، سخت سردی میں لاش سڑک پر رکھ کر بیٹھے ہیں انصاف کیا جائے ۔

    والد محمد صابر مہر اور اس کے لواحقین صبح سے لاشیں رکھ کر احتجاج کر رہے ہیں ، تاہم علاقے کے ایس ایچ او نے کہا کہ علاقے میں جا کر تفصیلات لیتے ہیں اور معاملہ حل کرتے ہیں۔

    ایس ایچ او سلطان پور کے مطابق علاقےمیں پولیس نفری روانہ کردی گئی ہے،موقع سے تفصیلات اکٹھی کی جائیں گی۔

  • اسلام آباد: قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران  پولیس پر حملہ، 3 ڈی ایس پیز سمیت11 پولیس اہلکار زخمی

    اسلام آباد: قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ، 3 ڈی ایس پیز سمیت11 پولیس اہلکار زخمی

    اسلام آباد: سیناڑی گاؤں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس پر حملے کے نتیجے میں 3 ڈی ایس پیز سمیت 11 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سیناڑی گاؤں میں قبضہ مافیا کے خلاف سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے آپریشن کیا ، اسلام آباد پولیس نے آپریشن کیلئے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی۔

    ترجمان نے بتایا کہ قبضہ مافیا کی طرف سے پولیس پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا، فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر طاہر نیازی زخمی ہوئے جبکہ پتھراؤ سے متعدد اہلکار زخمی اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

    اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، قانون ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ، ایس ایس پی آپریشنز بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر موجود ہیں۔

  • تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوتے ہی قبضہ مافیا پھر سرگرم

    تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوتے ہی قبضہ مافیا پھر سرگرم

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوتے ہی قبضہ مافیا پھر سے سرگرم ہوگیا، صوبہ پنجاب کی تحصیل تونسہ شریف میں زرعی زمینوں پر دوبارہ قبضہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف میں زرعی گریجویٹ کو دی جانے والی زمین پر دوبارہ قبضہ کرلیا گیا۔

    زرعی گریجویٹس پنجاب کے جنرل سیکریٹری محمد آصف کا کہنا ہے کہ ملزمان نے زمین پر کھڑی تیار فصل کو آگ لگا دی، زرعی گریجویٹ کو قبضہ مافیا کارندوں نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

    محمد آصف کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ملزمان کو مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما سردار میر بادشاہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ مذکورہ زمین زرعی گریجویٹس کو سنہ 2010 میں الاٹ ہوئی تھی، 2004 سے ناجائز قبضہ تھا جسے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر سنہ 2020 میں ختم کروایا گیا، اب دوبارہ زمین پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔

  • سٹیزن پورٹل پر شکایت : قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، اسکول ٹیچر کو زمین واپس مل گئی

    سٹیزن پورٹل پر شکایت : قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن، اسکول ٹیچر کو زمین واپس مل گئی

    اسلام آباد : سٹیزن پورٹل نے قبضہ مافیا کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے خیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسکول ٹیچر کو زرعی زمین واپس دلوادی، سیاسی اثرورسوخ کے حامل قبضہ مافیا نے ٹیچر کی 8 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے قبضہ مافیا کے خلاف ایک اور ایکشن لیا اور سٹیزن پورٹل نےخیرپور ٹامیوالی کے رہائشی اسکول ٹیچرامتیازاحمد کی دادرسی کردی۔

    سائل نےوراثتی زمین پر قبضےکےخلاف سٹیزن پورٹل پرشکایت درج کرائی تھی کہ سیاسی اثرورسوخ کے حامل قبضہ مافیا نے ٹیچر کی 8 ایکڑ زمین پر قبضہ کر لیا تھا۔

    سٹیزن پورٹل نے قبضہ مافیا کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے زرعی زمین ٹیچر کوواپس دلوا دی۔

    عوام کے مسائل کا تیزی سے حل پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے ، تحریک انصاف کی حکومت نے انصاف کو شہریوں کی دہلیز پر پہنچایا۔

    انصاف کی فراہمی پر ٹیچر حافظ امتیازاحمد کا وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

  • قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ

    قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قبرستان کے لیے مختص زمین بھی مافیا نے نہ چھوڑی، قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹوں کی کٹنگ کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قبضہ مافیا نے ایک قبرستان کی زمین پر قبضہ کر لیا تھا، جسے پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن نے مافیا کے خلاف آپریشن میں واگزار کرا لیا۔

    پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن رضا رضوی نے بتایا کہ آپریشن کے دوران قبرستان کے لیے مختص زمین واگزار کرا لی گئی ہے، قبرستان کی زمین پر دو دو سو گز کے پلاٹ کی کٹنگ کی گئی تھی۔

    انھوں نے کہا قبرستان کی زمین پر قبضہ مافیا نے دیواریں کھڑی کر دی تھیں، دیواریں لگا کر جلد پختہ تعمیرات کر کے مکمل قبضے کی کوشش کی جا رہی تھی۔

    پراجیکٹ ڈائریکٹر کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، انھوں نے واضح کیا کہ اورنگی ٹاؤن میں جو بھی قبضہ کرے گا اس کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ اورنگی پراجیکٹ ڈائریکٹر کو حالیہ دنوں میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں۔

  • قبضہ مافیا کیلئے خطرے کی گھنٹی، وزیراعظم کا بڑا حکم

    قبضہ مافیا کیلئے خطرے کی گھنٹی، وزیراعظم کا بڑا حکم

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے قبضے ختم کرانے کیلئے سخت ایکشن کی منصوبہ بندی شروع کردی اور قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واپس لینے کیلئے ٹھوس پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرکاری اراضی اور سرکاری جنگلات پر قبضہ مافیا کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ، وزیر اعظم نے قبضے ختم کرانے کیلئے سخت ایکشن کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں لاکھوں ایکٹراراضی پرقبضے کے خاتمے کیلئے مشاورت کی گئی ، اجلاس میں وفاقی ،صوبائی حکام کی شرکت، وزرااور اعلیٰ افسران نے اپنی رائے دی۔

    وزیراعظم نے قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی واپس لینے کیلئے ٹھوس پلان تیار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا پلان ایک ہفتے میں تیار کیا جائے،خلاف ورزی پررعایت نہ برتی جائے۔

    وزیر اعظم نے معاون خصوصی ملک امین اسلم کو پلان ترتیب دینے کا ہدف دیتے ہوئے احکامات جاری کئے کہ سرکاری اراضی واگزارکیلئےسفارشات مرتب کی جائیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی،صوبائی محکمے ملکر سرکاری اراضی سے قبضے ختم کرائیں گے، پہلےکیڈیسٹرل میپنگ کی مکمل کی گئی،اب محکمے ذمہ داری پوری کریں گے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبضہ شدہ سرکاری اراضی کی مالیت 5 ہزار 595 ارب روپے بنتی ہے جبکہ جنگلات کی ساڑھے 7لاکھ ایکٹر رقبےکی مالیت 1 ہزار 870 ارب روپے ہے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے 2روزقبل ٹویٹ پرقبضہ مافیا کے خلاف ایکشن کا عندیہ دیا تھا۔

  • کراچی میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن، فائرنگ سے ایس ایچ او زخمی

    کراچی میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن، فائرنگ سے ایس ایچ او زخمی

    کراچی: شہر قائد میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ سے ایس ایچ او زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے ابراہیم گوٹھ میں انتظامیہ کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا، کاروائی کے دوران متعدد مکانات مسمار کر دیے گئے۔

    آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے مزاحمت کی گئی، مزاحمت کے دوران فائرنگ سے ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ کریم بخش زخمی ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ قبضہ مافیا کی جانب سے کی گئی، جس سے تین افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے، علاقے میں صورت حال کنٹرول سے باہر ہونے پر پولیس نے رینجرز کو بلا لیا۔

    اینٹی انکروچمنٹ پولیس اور مختار کار کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بعد علاقہ مکین کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کے باہر جمع ہو گئے۔

    فائرنگ کے دوران ایک بچے کی ٹانگ پر گولی لگنے سے بچہ زخمی ہو گیا، علاقہ مکینوں کے مطابق قبضہ مافیا کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا۔

  • تیسر ٹاؤن کراچی کی سرکاری اراضی پر جعلی ہاؤسنگ اسکیم

    تیسر ٹاؤن کراچی کی سرکاری اراضی پر جعلی ہاؤسنگ اسکیم

    کراچی: شہر قائد میں تیسر ٹاؤن کی سرکاری اراضی پر جعلی ہاؤسنگ اسکیم بنا کر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق تیسر ٹاؤن کی سرکاری زمین پر لینڈ مافیا کی جانب سے جعلی ہاؤسنگ اسکیم بنائی گئی ہے، جس کے خلاف تھانہ گلشن معمار میں مقدمہ درج کر لیا گیا، یہ مقدمہ ایم ڈی افسر کی مدعیت میں درج کرایا گیا ہے۔

    تیسر ٹاؤن کی قبضہ کی گئی زمین کی مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔

    دوسری طرف ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی اینٹی انکروچمنٹ فورس نے جعلی ہاؤسنگ اسکیم مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 10 ایکڑ سرکاری زمین واگزار کرالی ہے۔

    ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ اختر مئیو کی سربراہی میں تیسر ٹاؤن سیکٹر سکس بی اور سی میں آپریشن کیا گیا، اینٹی انکروچمنٹ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دس ایکڑ زمین واگزار کرائی گئی ہے، نئے تعمیر کردہ گھروں، دیواروں، اور باؤنڈری والز کوگرا کر قبضہ چھڑایا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق قبضہ مافیا نے تیسر ٹاؤن کی سرکاری زمین پر باؤنڈری وال کھڑی کر کے جعلی ہاؤسنگ اسکیم کے لیے پختہ تعمیرات شروع کر دی تھیں۔

    اینٹی انکروچمنٹ کے آپریشن کے دوران زمین سے قبضہ چھڑانے کے لیے ہیوی مشینری کا استعمال کیا گیا۔

  • پنجاب حکومت  نے قبضے میں ملوث 50 افراد کی فہرست تیار کر لی

    پنجاب حکومت نے قبضے میں ملوث 50 افراد کی فہرست تیار کر لی

    لاہور: پنجاب حکومت نے زمینوں پر قبضہ کرنے والے لیگی ارکان کے خلاف ایکشن کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے قبضے میں ملوث 50 افراد کی فہرست تیار کر لی ہے، زمینوں پر قبضے میں سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی بھی ملوث ہیں۔

    فہرست میں شامل افراد پر زمینوں پر قبضے اور غیر قانونی الاٹمنٹ کے الزامات ہیں، فہرست میں خواجہ آصف، جاوید لطیف، سیف االملوک کھوکر، میاں نصیر بھی شامل ہیں۔

    غلام دستگیر، ایم پی اے سہیل شوکت بٹ، رانا مبشر کے فرنٹ مینوں کے ناموں کے علاوہ ایم این اے محسن شاہنواز، دانیال عزیز، سابق ایم پی اے وحیدگل کے فرنٹ مین بھی شامل ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے ابتدائی طور پر 50 افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

    یاد رہے کہ اتوار کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے کھوکھر پیلس سے متصل غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کر کے زمین واگزار کرائی۔

  • قبضہ مافیا کی دیدہ دلیری، پولیس چوکی پر رہائشی عمارت بنا دی

    قبضہ مافیا کی دیدہ دلیری، پولیس چوکی پر رہائشی عمارت بنا دی

    لاہور: قبضہ مافیا نے لاہور ٹاؤن شپ تھانے کی سبزی منڈی پر موجود پولیس چوکی پر بھی قبضہ جما لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 18 سال تک پولیس چوکی رہنے والی عمارت رہائش گاہ میں تبدیل کر دی گئی ہے، قبضہ مافیا نے پولیس افسران کی مدد سے لاہور ٹاؤن شپ تھانے کی چوکی قبضہ جما لیا۔

    چوکی کی عمارت سے پولیس کا بورڈ اتار کر قبضہ مافیا نے اپنا بورڈ بھی لگا دیا ہے، متعلقہ جگہ کو 1992 میں ایل ڈی اے نے پولیس چوکی کے لیے مختص کیا تھا، ایل ڈی اے ریکارڈ میں تاحال مذکورہ جگہ پر پولیس چوکی کا نقشہ موجود ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی پر قبضے میں ٹاؤن شپ سرکل افسران ملوث ہیں، سابق ایس ایچ او نے سرکاری دستاویزات میں پولیس چوکی کو رہائش گاہ قرار دیا، افسران نے چوکی پر قبضے کے لیے مبینہ طور پر کروڑوں روپے رشوت لی ہے۔

    اینٹی کرپشن کی قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، ہزاروں ایکڑ ارضی واگزار

    ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی پر قبضے کا معاملہ زیر غور ہے، اور تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ بھی سی سی پی او لاہور کو بھجوا دی گئی ہے، سابق ایس ایچ او کا جگہ کے قبضے کا اقرار نامہ بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔