Tag: قبضے

  • 18 سرکاری اسکولوں کی عمارتوں پر با اثر افراد کے قبضے کا انکشاف

    18 سرکاری اسکولوں کی عمارتوں پر با اثر افراد کے قبضے کا انکشاف

    (7 اگست 2025): 18 سرکاری اسکولوں کی عمارتوں پر با اثر افراد کے قبضے کا انکشاف ہوا ہے ڈی سی نے قبضے ختم کرانے کے احکامات دے دیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 18 سرکاری اسکولوں پر با اثر افراد کے قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم میں ہلچل مچ گئی ہے۔

    سرکاری اسکولوں پر با اثر افراد کے قبضوں کی اطلاعات پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ضلع اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکول کی عمارتوں پر قبضوں سے متعلق ڈی سی کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈی سی مہر اللہ بادیننی نے متعلقہ افسران کو مذکورہ سرکاری اسکول کی عمارتوں سے فوری قبضے ختم کرنے کے احکامات جاری کیے اور اس حوالے سے آئندہ ہفتہ رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    واضح رہے کہ بلوچستان کا شمار پاکستان کے پسماندہ صوبوں میں ہوتا ہے اور وہاں تعلیم کی شرح پہلے ہی ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت کم ہے۔

  • برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    برطانوی آئل ٹینکر پر ایرانی قبضے کی کوشش ناکام

    لندن/تہران :ایرانی ٹینکر پر قبضے کا جواب دینے کے لیے ایرانی فورسز کی آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو پکڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت دفاع (پینٹاگان) کے ذمے داران نے بتایا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کی پانچ کشتیوں نے آبنائے ہرمز میں ایک برطانوی تیل بردار جہاز کے قریب آ کر مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ٹھکانے کے قریب ایرانی پانی میں رک جائے تاہم برطانوی جنگی جہاز کی وارننگ کے بعد مذکورہ ایرانی کشتیاں واپس چلی گئیں۔

    پینٹاگون کا کہنا ہے کہ برطانوی وزارت دفاع کی جانب سے واقعے پر تاحال کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ذمے داران نے شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب برطانوی تیل بردار جہاز آبنائے ہرمز کے شمالی داخلی راستے کے نزدیک تھا۔

    برطانوی رائل نیوی کی فریگریٹ کے ایک ذمے دار کے مطابق فریگریٹ نے اپنی توپوں کا رخ ایرانی کشتیوں کی جانب کر لیا اور انہیں وائر لیس کے ذریعے وارننگ دی گئی کہ وہ اس مقام سے منتشر ہو جائیں۔

    ایک اور ذمے دار نے بتایا کہ یہ تیل بردار جہاز کے گزرنے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے ہراس کی کوشش تھی۔یہ پیش رفت اس واقعے کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی جب برطانوی رائل نیوی کے میرینز نے جبل الطارق کے ساحل کے مقابل ایک ایرانی تیل بردار جہاز (گریس 1) کو تحویل میں لے لیا تھا۔

    اس جہاز پر شک تھا کہ وہ خام تیل شام منتقل کر کے یورپی یونین کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

    ایران نے دھمکی دی تھی کہ وہ گزشتہ ہفتے جبل الطارق میں ایرانی آئل ٹینکر کو ضبط کرنے کا جواب دے گا۔

    پینٹاگون نے مؤقف اختیارکیا ہے کہ وہ مذکورہ حملے سے متعلق رپورٹ موصول ہوچکی تھی لیکن وزارت دفاع نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    رپورٹس کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب کی پانچ کشتیوں نے برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کی کوشش اس وقت کی جب وہ خلیجی پانیوں سے باہر جارہا تھا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برطانوی جنگی جہاز نے آئل ٹینکر کی حفاظت کرتے ہوئے وارننگ جاری کہ جس کے بعد ایرانی کشتیاں بغیر کوئی فائر کیے واپس ہوگئیں تھیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے برطانوی رائل مرین نے اپنے زیر قبضہ علاقے جبل الطارق میں ایران کے تیل بردار جہاز پر قبضہ کرلیا تھا، جس کی وجہ یہ بتائی تھی کہ ایرانی آئل ٹینکر شام پر پابندیوں کے باوجود اسے آئل فراہم کررہا تھا۔

    دوسری جانب ایرانی حکام نے برطانوی فورسز کے اقدام پر رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہمارا جہاز نہیں چھوڑا گیا تو ایران برطانوی آئل ٹینکر پر قبضہ کرلے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایران نے تہران میں موجود برطانوی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’رائل فورسز بحری قذاقوں کا کردار نبھا رہی ہے‘۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے برطانوی آئل ٹینکر کی حفاظت کےلیے رائل نیوی کے جنگی جہاز کا استعمال کرنے پر برطانیہ کا مذاق اڑاتے ہوےبرطانوی حکومت کو ڈرا ہوا اور ناامید قرار دیا۔

  • غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    یروشلم : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان نے امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفیر کا بیان صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے اس بیان کو فلسطینی قوم کے خلاف کھلی امریکی گھناﺅنی سازش قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کو غرب اردن کے بعض علاقے شامل کرنے کا حق ہے۔

    مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے امریکی سفیر کے بیان کو صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری، فلسطینی قوم اورقضیہ فلسطین کے خلاف صہیونی سازشوں کی معاونت قراردیا۔

    ایک بیان میں حماس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کے بیان نے واضح کردیا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی انتہا پسند لیڈرشپ کے ساتھ مل کر عرب ممالک کو دباﺅ میںلانے اور فلسطینی سرزمین پر صہیونی قبضہ مضبوط بنانے میں پیش پیش ہے۔

    انہوں نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی غاصبانہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے غرب اردن میں فلسطینی مزاحمت کو مکمل آزادی فراہم کرنے پر زور دیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لیے جنگی حربے استعمال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، امریکا کو صہیونی ریاست کی طرف داری روکنا ہوگی۔

  • برلن کی مسجد پر چھاپہ، پولیس نے اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں

    برلن کی مسجد پر چھاپہ، پولیس نے اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں

    برلن : داعش کی مالی معاونت کرنے کے شبے میں جرمنی کے دارالحکومت میں واقع الصحابہ مسجد پر پولیس نے چھاپہ مارکارروائی میں اہم دستاویزات قبضے میں لے لیں۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے دارالحکومت برلن کے ویڈنگ نامی علاقے میں واقع ایک مسجد پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران اہم دستاویزات قبضے میں لے لی، پولیس کو شبہ تھا کہ مذکورہ مسجد میں دہشت گرد تنظیم داعش کے لیے چندہ جمع کیا جاتا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرکاری پراسیکیوٹر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام دیا کہ حکام کو شبہ تھا کہ مذکورہ مسجد میں 45 سالہ احمد نامی شخص جسے امام ابو البراء کہا جاتا ہے داعش کےلے فنڈز جمع کرتا ہے۔

    جرمن حکام کا کہنا ہے کہ احمد کی جانب سے داعش کی مالی معاونت کا مقصد ’دہشت گردانہ کارروائیوں کےلیے اسلحہ دیگر ساز و سامان‘ کی خریداری تھا۔

    جرمن خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولیس کو جس احمد نامی شخص کی تلاش تھی وہ اسی مسجد کا خطیب تھا جس پر پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران کسی کو گرفتار نہیں کیا اور نہ ہی مسجد کو بند کیا۔

    خبر ایجنسی کے مطابق اصحابہ نامی مسجد پر دو روز قبل صبح سویرے چھاپہ مارا گیا تھا، پولیس مبینہ شخص مکمل نام ذاتی کوائف کے تحفظ سے متعلق جرمن قانون کے باعث ظاہر نہیں کیا۔

    مزید پڑھیں : سوئٹزرلینڈ میں امام مسجد سمیت 4 افراد گرفتار

    یاد رہے کہ ایک سال قبل یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کی پولیس نے ایک مسجد پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران داعش میں شمولت اختیار کرنے کے لیے ذہن سازی اور مالی معاونت کے الزام میں امام مسجد سمیت 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا تھا۔

    مذکورہ کارروائی داعش کا حصہ بننے والے چند نوجوانوں کی گرفتاری کے بعد ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی تھی۔

    واضح رہے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور شدت پسندی میں اضافے کے باعث بین الاقوامی سطح پر مذہبی رجحان رکھنے والے افراد اور عبادت گاہوں کی سخت نگرانی کا عمل جا ری ہے،سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی کارروائی بھی اسی تناظر میں عمل میں لائی گئی ہے۔