Tag: قبل از وقت انتخابات

  • تحریک انصاف کا قبل از وقت انتخابات کے نعرے کو گلی کوچوں میں لے جانے کا فیصلہ

    تحریک انصاف کا قبل از وقت انتخابات کے نعرے کو گلی کوچوں میں لے جانے کا فیصلہ

    لاہور : تحریک انصاف نے قبل از وقت انتخابات کے نعرے کو گلی کوچوں میں لے جانے کا فیصلہ کرلیا اور کہا مختلف شہروں میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے قبل از وقت انتخابات کے مطالبے کے معاملے پر چیئرمین عمران خان نے پارٹی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نےقبل از وقت انتخابات کے نعرے کو گلی کوچوں میں لیجانے کا فیصلہ کرلیا، الیکشن کراؤ ملک بچاؤ تحریک کو لاہور کے بعد پنجاب کے مختلف شہروں پھیلایا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ مختلف شہروں میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا، اختتامی ریلی سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا خطاب بھی متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق پارٹی کی سینئر قیادت بھی اختتامی ریلیوں سے بھی خطاب کرے گی۔

  • قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

    قبل از وقت انتخابات: عمران خان اور نواز شریف میں بیک ڈور رابطے

    اسلام آباد: ملک میں قبل از وقت انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں سے بیک ڈور رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک کے دو بڑے سیاسی رہنماؤں عمران خان اور نواز شریف نے بیک ڈور رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

    تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی پوزیشن اس وقت مستحکم ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ فوری الیکشن ہوں، اور وہ نومبر سے زیادہ تاخیر نہیں چاہتے۔

    دوسری جانب نواز شریف یہ دیکھ رہے ہیں کہ سیاسی ماحول ان کے لیے اس وقت سازگار نہیں ہے، اس لیے وہ چاہتے ہیں کہ اگلے برس مارچ، اپریل میں الیکشن ہوں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں نواز شریف سے اسحاق ڈار کے ذریعے پیغام رسانی ہو رہی ہے، ان کو یہ پیغام دو تین مرتبہ دیا جا چکا ہے کہ میاں صاحب سے کہیں کہ وہ مان جائیں کہ اس وقت ملک کے جو معاشی حالات ہیں، ان میں انتخابات کی تاخیر مناسب نہیں، چاہیں تو وہ اس کی جگہ کوئی اور شرط منوالیں۔

    عمران خان کی جانب سے الیکشن اکتوبر نومبر میں کروانے کے پیغام کا نواز شریف کی جانب سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں جواب کے لیے پندرہ بیس روز انتظار کیا جائے گا، دوسری صورت میں حکومت کے اتحادیوں کو توڑنے کی کوشش کی جائے گی، جیسا کہ فواد چوہدری نے بھی کہا ہے کہ ٹیلی فون پر اس حوالے سے رابطے ہو چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں میں دوسرا ڈیڈ لاک الیکشن کمیشن پر ہے، عمران خان کہتے ہیں کہ وہ اس الیکشن کمیشن کے تحت انتخابات نہیں چاہتے، وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ چیف الیکشن کمشنر تبدیل ہو۔

    ادھر پنجاب میں پرویز الہٰی کی بھی خواہش ہے کہ کچھ عرصہ حکومت ابھی چلے اور کچھ منصوبے مکمل کیے جائیں لیکن وہ اس کے لیے پابند ہیں کہ عمران خان جب کہیں گے انھیں اسمبلی توڑنا ہوگی۔

    تاہم دوسری طرف ن لیگ اور پی ٹی آئی میں اس بات پر اتفاق ہے کہ مرکز اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرائے جائیں، اس سلسلے میں آصف علی زرداری کو منانا ہوگا، تاکہ سندھ میں بھی اسمبلی توڑی جا سکے۔

  • جب انتخابات میں 14 مہینے رہ جائیں تو وہ قبل از وقت ہی ہوتے ہیں: وزیر دفاع

    جب انتخابات میں 14 مہینے رہ جائیں تو وہ قبل از وقت ہی ہوتے ہیں: وزیر دفاع

    لندن: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وضاحت کی ہے کہ جب انتخابات میں 14 مہینے رہ جائیں تو وہ قبل از وقت ہی ہوتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کرا دیے جائیں، اور نومبر سے پہلے ہی نگران حکومت بھی چلی جائے اور نئی حکومت آ جائے۔

    پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ انھوں نے میاں صاحب کو سمجھا دیا ہے کہ انتخابی اصلاحات کے بعد ہی الیکشن میں جائیں گے، ہمارا گیم پلان انتخابی اور نیب اصلاحات لانا ہے، خواجہ آصف کی اپنی سوچ ہے، ہمیں مسائل حل کرنے دیں۔

    خواجہ آصف نے اپنے بیان کی وضاحت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب انتخابات میں 14 مہینے رہ جائیں تو وہ قبل از وقت ہی ہوتے ہیں، معاشی حالات کی درستگی ہماری پہلی ترجیح ہے، ہمیں جلد فیصلے کرنے پڑیں گے۔

    ہو سکتا ہے آرمی چیف کی تعیناتی سے پہلےہم الیکشن ہی کرا دیں، خواجہ آصف

    انھوں نے کہا مارکیٹ منفی ہے، مستحکم ہو جائے تو اُس کے بعد الیکشن کے فیصلے بھی کر لیں گے، عمران خان کی طرح نہیں کریں گے کہ دباؤ آیا تو ہمارے پاس ایلچی بھیج دیے، کہ عدم اعتماد نہ کرائیں میں اسمبلیاں تحلیل کر دیتا ہوں۔

    وزیر دفاع نے کہا 4 لوگوں نے واضح آئین شکنی کی ہے، آئین شکنی کرنے والوں میں عمران خان، ڈپٹی اسپیکر، اسپیکر اسمبلی، اور گورنر پنجاب شامل ہیں۔

  • ن لیگ کے اندر سے قبل از وقت انتخابات کیلئے آوازیں بلند، شہباز شریف کی آج رات لندن روانگی

    ن لیگ کے اندر سے قبل از وقت انتخابات کیلئے آوازیں بلند، شہباز شریف کی آج رات لندن روانگی

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے اندر سے قبل از وقت انتخابات کے لیے آوازیں اٹھنے لگیں، وزیراعظم شہباز شریف آج رات لندن جائیں گے، جہاں وہ نواز شریف سے الیکشن کیلئے بڑھتے دباؤ پر مشاورت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پر الیکشن کے لئے دباؤ بڑھ گیا اور مشکل معاشی فیصلے سے مقبولیت میں کمی سے ن لیگ قیادت پریشان ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ن لیگ کی سینئر قیادت کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے آج رات لندن روانہ ہوں گے، اجلاس میں نوازشریف لیگی رہنماؤں سے الیکشن کیلئے بڑھتے دباؤ پر مشاورت کریں گے۔
    .
    بعض لیگی رہنماؤں نے نواز شریف کوفوری انتخابات میں جانے کا مشورہ دے دیا جبکہ الیکشن اصلاحات میں تاخیر پر بھی بعض رہنماؤں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہے نوازشریف نے لندن میں ن لیگ کی سینئر قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ، شاہدخاقان عباسی پہلے سےہی ملک سے باہر ہیں جبکہ احسن اقبال ، مریم اورنگزیب ، سعدرفیق ، خرم دستگیراوردیگر رہنما لندن میں ہونیوالےاجلاس میں شرکت کریں گے۔

    اجلآس میں موجودہ معاشی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔

  • قبل از انتخابات کا مطالبہ غیر آئینی اور جمہوریت کے خلاف سازش ہے، احسن اقبال

    قبل از انتخابات کا مطالبہ غیر آئینی اور جمہوریت کے خلاف سازش ہے، احسن اقبال

    نارووال : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ جوں جوں انتخابات قریب آ رہے ہیں ایسی سازشیں سامنے آرہی ہیں جن کا مقصد انتخابات کے قیام کو غیر یقینی بنانا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ جمہوریت کے خلاف بہت بڑا پھندا ہے.

    احسن اقبال نے کہا کہ جلد سینیٹ سے نئی حلقہ بندی سے متعلق قانون کی منظوری دے دی جائے گی اور اگر کسی جماعت نے اس میں رکاوٹ ڈالی تو ان کا یہ عمل جمہوریت کے خلاف سازش سمجھا جائے گا جس پر انہیں تاریخ کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا.

    وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو قائم رکھیں گے جب کہ دشمن قوتیں مذہبی فسادات انتشار پیدا کرکے ملک کو کمزور کر رہی ہیں.

    انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری نے پاکستان کے دشمن قوتوں کے ہوش اڑا دیئے ہیں اور ہم سب نے ملک میں امن اور استحکام کو قائم رکھتے ہوئے ہم سب نے مل کر ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے.

  • بحرانی کیفیت کے باعث قوم قبل ازوقت انتخابات چاہتی ہے، بابر اعوان

    بحرانی کیفیت کے باعث قوم قبل ازوقت انتخابات چاہتی ہے، بابر اعوان

    اسلام آباد : رہنما پاکستان تحریک انصاف بابر اعوان نے کہا ہے کہ غیر یقینی صورت حال میں قوم فوری نئے انتخابات چاہتی ہے چنانچہ نااہل حکومت مستعفی ہوکر قبل از وقت انتخابات کے لیے راہموار کرے.

    وہ فیض آباد دھرنے کے خلاف ہونے والے آپریشن پر ردعمل دے رہے تھے، بابر اعوان کا کہنا تھا کہ تجربہ کار ٹیم کا دعوی کرنے والے نوازشریف نے اپنی 3 حکومتوں کے بعد بھی ایک معذور ٹیم ہی تیارکی ہے.

    انہوں نے احسن اقبال کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ پاکستان کے لئے پورس کا ہاتھی ثابت ہوا ہے جنہوں نے دھرنا 3 گھنٹے میں ختم کرانے کا کہہ کر پورا ملک ہی 3 دن کے لیے بند کرا دیا اس لیے دھرنے میں ہونے والے املاک کا نقصان احسن اقبال سے وصول کیا جائے.

    بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ( ن) نے عوام کی عدالت کا ٹریلر دیکھ لیا ہے سڑکیں کھل گئی ہیں اور اب لوہے کے چنے ہونے کا دعوی کرنے والے اپنے محفوظ پناہ گاہوں سے باہر نکل آئیں اور عوامی عدالت کا سامنا کریں تو کیا نوازشریف اب بھی عوام کی عدالت میں جانے کو تیارہیں؟


     فیض آباد انٹرچینج پردھرنا ختم‘ نظامِ زندگی بحال


    خیال رہے کہ آرمی چیف قمر باجوہ کی ہدایت پر دھرنا مظاہرین سے ہونے والے معاہدے کے بعد حکومت راجہ ظفر الحق کمیٹی کو شائع کرنے اور وفاقی وزیر قانون کے استعفیٰ کے لیے رضامند ہو گئی تھی جس کے بعد 21 دنوں سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرکے فیض آباد شاہراہ عوام کے لیے کھول دی گئی ہے.

  • اہم اجلاس، مسلم لیگ (ن) کا جارحانہ رویہ اپنانے کا فیصلہ

    اہم اجلاس، مسلم لیگ (ن) کا جارحانہ رویہ اپنانے کا فیصلہ

    لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس میں پاناما پیپرز، نیب ریفرنس، حدیبیہ ملز کیس اور پارٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور اہم فیصلے کیے گئے.

    تفصیلات کے مطابق جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت مشاورتی اجلاس ہوا، اہم اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیراعلٰی شہباز شریف، گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے.

     اجلاس میں نواز شریف کی کردار کشی کا بھرپور جواب دینے اور اداروں کے خلاف بیان بازی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام معاملات کو عوام کے سامنے لے جانے پر اتفاق ہوا تاکہ ووٹرز کو مزید متحرک کیا جائے گا اور آئندہ الیکشن کی تیاری کا بھی آغاز کردیا جائے گا جس کے لیے ڈیوژنلاور ضلعی سطح پر تنظیم سازی بھی کی جائے گی۔

    اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بتایا کہ عوامی رابطہ مہم کو تیز تر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت اتوار کو ایبٹ آباد میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس سے نواز شریف خطاب کریں گے اسی طرح دیگر شہروں میں بھی جلسے منعقد کیے جائیں گے اور ضلعی سطح پر پارٹی کو متحرک کیا جائے گا.


     نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے حکومت سے جواب طلب 


    انہوں نے تحریک انصاف کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے سوا کوئی قبل از وقت انتخابات کی بات نہیں کر رہا ہے کیوں کہ سب جانتے ہیں کہ اس سے آئینی بحران پیدا ہو گا اور ابھی تو آئینی ترمیم اور نئی حلقہ بندیوں کا کام بھی جاری ہے جس میں وقت لگے گا چنانچہ ایسی صورت حال میں فوری انتخابات کا مطالبہ احمقانہ بات کے سوا کچھ نہیں.

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی پی میچور سیاست کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے جس کی ان سے امید نہ تھی یہاں تک کہ پیپلزپارٹی کا رویہ آئینی ترامیم پر تعاون نہ کرنے والا لگ رہا تھا تاہم کونسل آف کامن انٹرسٹ میں صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور مشاورت کے بعد ہی حکمت عملی طے کی جائے گی.

    انہوں نے کہا کہ جب بھی سینیٹ کے الیکشن آتے ہیں تو کھلبلی مچ جاتی ہے اور مختلف آوازیں آنے لگتی ہیں تاہم اس بار نہ صرف یہ کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے بلکہ سینیٹ میں ہونے والے انتخابات بھی وقت پر ہوں گے لہذا جو لوگ قبل از وقت انتخابات کے خواب دیکھ ریے ہیں انہیں شدید مایوسی ہوگی اور آئندہ الیکشن میں بھی ان کے ہاتھ کچھ نہیں آنے والا ہے.


     شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز نیلام کرنے کا حکم


    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں نواز شریف کو کیوں نکالا گیا کیوں کہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے تھے اور اندھیروں کو ختم کررہے تھے، صنعتوں کو فروغ دے رہے تھے، سڑکوں کا جال بچھا رہے تھے اور طالب علموں کی حوصلہ کر رہے تھے.

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاست میں ہر پارٹی دوسرے سے رابطے میں ہوتی ہے اس لیے اگر کوئی یہ کہتا ہے کہ وہ بات نہیں کرتا تو جھوٹ بولتا ہے تاہم مصطفی کمال اور فاروق ستار نے جو باتیں کی ہیں وہ بڑی سنجیدہ ہیں جس پر تحقیقات ہونی چاہیئے.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • عمران خان نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کردیا

    عمران خان نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کردیا

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک بار پھر قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک میں معاشی تباہی کے خدشات بڑھ رہے ہیں، ملک میں گورننس مکمل طور پر مفلوج ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں قبل ازوقت انتخابات ضروری ہیں،جمہوریت بچانے،مضبوطی کے لئے الیکشن کی ضرورت ہے۔

    انھوں ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ورلڈبینک رپورٹ سے ظاہر ہے ، معاشی اہداف پانےمیں ناکامی ہوگی۔

    خیال رہے کہ عالمی بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ میں کہا کہ پاکستان کی کارکردگی مایوس کن ہے، قلیل مدتی قرضوں پر انحصار ملکی معشیت کیلئے نقصان دہ ہے، قلیل مدتی قرضوں پرانحصارسےان قرضوں کی واپسی کےمسائل کھڑے ہوسکتے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔