کراچی : کارساز پل پر گاڑی پر فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا ،اہلخانہ کے مطابق بیٹے اور بہو کی پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کے باپ اور بھائی نے فائرنگ کی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں کارساز پل کے قریب فائرنگ کا واقعہ اہم موڑ اختیار کرگیا، بیٹے کی پسند کی شادی کروانا فضل محمود کی موت کا سبب بن گیا، مقتول فضل محمود کی بہو نوشین نے اپنے سسر کے قتل کا الزام اپنے بھائی اور باپ پر ڈال دیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت فضل محمود کے نام سے ہوئی ہے جو ایچ بی ایف سی کے ریجنل ہیڈ ساؤتھ کا افسر تھا، مقتول کو چھ گولیاں قریب سے ماری گئیں۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے تیس بور کا ایک اور نائن ایم ایم کے چھ خول ملے، ساتھ ہی نائن ایم ایم کا ایک میگزین اور آٹھ گولیاں بھی ملیں ہیں۔
علاوہ ازیں مقتول فضل محمود کی بہو نوشین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی اور سنی کی تیرہ مارچ کو پسند کی شادی ہوئی تھی، شادی کے بعد سے میرے والد اور بھائی دھمکیاں دے رہے تھے، نوشین نے الزام عائد کیا کہ میرے بھائی سراج نے ہی سسر فضل محمود کو قتل کیا ہے ملزم کے پاس غیرقانونی اسلحہ بھی ہے۔
نوشین نے مزید بتایا کہ میرے والد دلدار علی پنو عاقل کے سردارہیں، والد نے بھی شادی کی مخالفت کی تھی اور اس پہلے بھی دھمکیاں دی تھیں۔
سنی اور میں یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھتے تھے، جہاں ہم نے شادی کا فیصلہ کیا۔ پولیس نے مقتول فضل محمود کی لاش کو قانونی کارروئی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔