Tag: قتل کی کوشش

  • تیمارداری سے تنگ بیٹی کی بیمار ماں کو قتل کرنے کی کوشش

    تیمارداری سے تنگ بیٹی کی بیمار ماں کو قتل کرنے کی کوشش

    برازیل میں ایک بیٹی نے بیمار ماں کی تیمارداری سے تنگ آکر اسے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ برازیل میں پیش آیا جہاں وارڈ میں موجود ایک اور مریض نے پورے منظر کو اپنے موبائل میں فلمبند کرلیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاقبت نااندیش بیٹی نے ماں کی ناک اور منہ کو اپنے ہاتھ سے ڈھانپ دیا تاکہ وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوجائے۔

    پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر 32 سالہ بیٹی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کی 68 سالہ ماں کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔ بیٹی کی مذموم حرکت کے بعد ماں کی پھیپھڑے کی ایک نالی بند ہوگئی اور سانس کی آمد و رفت میں مشکل پیدا ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی اس حرکت کی وجہ یہ تھی کہ وہ ممکنہ طور پر اپنی ماں کی تیمار داری سے تنگ آگئی تھی۔پولیس کے مطابق اس کے بیگ سے ایک سرنج بھی ملی ہے اور خدشہ ہے کہ اس نے ماں کو دواؤں کے ذریعے بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔

    ملزمہ نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اس کا مقصد ماں کو قتل کرنا نہیں تھا۔ ملزمہ کے وکیل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ذہنی مسائل کا شکار تھی اور باقاعدہ ذہنی علاج کے مراحل سے گزر رہی تھی۔

    عدالت نے ملزمہ کے مکمل اور فوری ذہنی چیک کروانے کی ہدایت کی ہے۔

  • 9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    9 سالہ بچے کی چھریوں کے وار کر کے 5 سالہ بہن کو قتل کرنے کی کوشش

    امریکا میں ایک 9 سالہ بچے نے اپنی 5 سالہ بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے زخمی کردیا، بچے کا ارادہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا تھا۔ پولیس نے بچے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست فلوریڈا میں پیش آیا۔ 9 سالہ بچے پر اقدام قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں اور اسے عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔ بچے نے اپنی 5 سال بہن کو چھریوں کے متعدد وار کر کے قتل کرنے کی کوشش کی اور اس دوران وہ چیختا رہا، ’مرو، مرو‘۔

    بچے کا کہنا ہے کہ ننھی بہن کو قتل کرنے کا خیال اچانک ہی اس کے دماغ میں آگیا اور وہ نہ چاہتے ہوئے بھی اس کے بارے میں سوچتا رہا۔ جج نے فوری طور پر بچے کا نفسیاتی چیک اپ اور ٹریٹمنٹ کروانے کی ہدایت کی ہے۔

    واقعے کے بعد پولیس نے بچے کو اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ عمارت میں چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ اپنی بہن اور ماں کے ساتھ رہتا ہے۔ ماں صرف 10 منٹ کے لیے کسی کام سے گھر سے باہر نکلی تھی۔ ماں کے جاتے ہی بچے نے کچن سے چھری اٹھائی اور اسے اپنے پیچھے چھپا کر بہن کے کمرے میں پہنچا۔

    بچے نے ننھی بہن کو گردن سے پکڑا اور اس پر چھریوں سے وار کرنا شروع کیے۔ اسی دوران ماں واپس آگئی اور اس نے چیختے ہوئے بچے کو روکا اور فوری طور پر پولیس کو کال کی۔

    ماں کے مداخلت کرتے ہی لڑکا وہاں سے بھاگ گیا اور چھپنے کی جگہیں ڈھونڈنے لگا۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، اسپتال کا کہنا ہے کہ بچی کے جسم پر گہرے زخم ہیں تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس کے حراست میں لینے کے ایک دن بعد بچے کو مقامی عدالت کے جج کے سامنے پیش کیا گیا، فی الوقت بچہ حفاظتی بچہ جیل میں ہے۔ ملزم کی کم عمری کی وجہ سے اس کا نام اور تصویر جاری نہیں کی گئی۔