Tag: قتل کے مقدمات

  • ماڈل کورٹس: آج قتل کے 67 اور منشیات کے 130 مقدمات نمٹا دیے گئے

    ماڈل کورٹس: آج قتل کے 67 اور منشیات کے 130 مقدمات نمٹا دیے گئے

    اسلام آباد: پاکستان کی ماڈل کورٹس میں مقدمات کی تیز ترین سماعت کا سلسلہ جاری ہے، 167 ماڈل کورٹس نے آج قتل کے 67 اور منشیات کے 130 مقدمات نمٹا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم کرنے کے لیے بنائی جانے والی ماڈل عدالتوں میں آج 197مقدمات کا فیصلہ سنایا گیا، تمام عدالتوں میں کُل 697 گواہان کے بیانات قلم بند کیے گئے۔

    پنجاب میں قتل کے 30 اور منشیات کے 77، اسلام آباد میں قتل اور منشیات کے 2، سندھ میں قتل کے 19 اور منشیات کے 17، خیبر پختون خواہ میں قتل کے 15 اور منشیات کے 32 جب کہ بلوچستان میں قتل کا 1 اور منشیات کے 2 مقدمات کا فیصلہ ہوا۔

    4 مجرموں کو سزائے موت، 23 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جب کہ دیگر 26 مجرموں کو کُل 36 سال 2 ماہ 10 دن قید اور 82 لاکھ 89 ہزار 700 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ملک بھر میں قائم 96 سِول ایپلٹ کورٹس نے آج سے با قاعدہ کام کا آغاز کر دیا

    اسی طرح پاکستان بھر میں قایم ہونے والی 96 سِول ایپلٹ ماڈل کورٹس نے آج مجموعی طور پر 401 دیوانی، فیملی اور رینٹ اپیلوں اور نگرانی کے فیصلے کر دیے۔ خیال رہے کہ سول ایپلٹ عدالتوں نے کل سے کام شروع کیا ہے۔

    پاکستان بھر میں قایم ہونے والی 158 ماڈل مجسٹریٹس عدالتوں نے 193 مقدمات کے فیصلے کر دیے، تمام عدالتوں نے 435 گواہان کے بیانات قلم بند کیے، مجموعی طور پر 31 مجرموں کو 59 سال، 6 ماہ اور 11 دن قید اور 82954738 روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

  • سندھ کی جیلوں میں 92خواتین قتل کے سنگین مقدمات  میں قید ہیں

    سندھ کی جیلوں میں 92خواتین قتل کے سنگین مقدمات میں قید ہیں

    کراچی : سندھ کی جیلوں میں92خواتین قتل کے سنگین مقدمات میں قیدہیں اور بچہ جیلوں میں 162قیدی موجودہیں جبکہ اغوابرائےتاوان کےجرم میں 3011قیدیوں کوسزامل چکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کی جیلوں میں قید خواتین و بچوں سے متعلق اعداد و شمار جاری کردیئے گئے ، اعداد و شمار میں بتایا گیا سندھ کی جیلوں میں92 خواتین قتل کے سنگین مقدمات میں قیدہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ضلع غربی کی 12 خواتین ملزمان قتل کے مقدمات میں گرفتار ہیں، کراچی و سطی وجنوبی کی 18 خواتین پر قتل کا سنگین الزام ہے اور مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

    سندھ کی 23 جیلوں میں 71خواتین قیدیوں پر قتل کے سنگین مقدمات زیر سماعت ہے ، 21 خواتین قیدیوں کو قتل کے جرم میں سزا ہوچکی ہے جبکہ ملیر ضلع سے تعلق رکھنے والی 4 خواتین قتل کے مقدمات میں سزا یافتہ ہیں۔

    اعدادوشمار کے مطابق 16 تا 17 سال کی عمر کے 27 بچے جیل میں قید جبکہ 18 سال تک کے 132 قیدی مختلف الزامات پر جیلوں میں ہیں۔

    مزید پڑھیں : محکمہ جیل خانہ جات کا سندھ میں جیلوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف

    سندھ بھرکی بچہ جیلوں میں 162قیدی موجودہیں اور اغوا برائے تاوان کے جرم میں 3011 قیدیوں کو سزا مل چکی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ سال نومبر میں محکمہ جیل خانہ جات نے سندھ کی جیلوں سے متعلق رپورٹ جاری کی تھی، جس میں جیلوں کی ابتر صورتحال کا اعتراف کیا گیا تھا، رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سینٹرل جیل کراچی کی گنجائش 2400 ہے لیکن اس وقت وہاں 4 ہزار 846 قیدی موجود ہیں جبکہ کراچی کی ملیر جیل میں گنجائش سے 3 ہزار 449 زائد قیدی موجود ہیں۔