Tag: قتل

  • مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    نوشہرو فیروز: زمین کے تنازعے پر قتل کی جانے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ضیا لنجار، عاجز دھامرا، ممتاز چانڈیو اور سرفرازشاہ، پارٹی کارکنوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد کارکنان اور ورثا نے ملزمان کی گرفتاری کے نعرے لگائے، بعد ازاں اسماعیل شاہ قبرستان میں شہناز انصاری کی تدفین کردی گئی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ ایم پی اے شہناز انصاری کو دن دہاڑے قتل کیا گیا، ایم پی اے قتل ہوگئی لیکن آئی جی سندھ آرام سے سوئے ہوئے ہیں۔ آئی جی کے ٹرانسفر سے روکیں گے تو جرائم پیشہ افراد متحرک ہوجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس پر گرفت نہیں رکھے گی تو ایسے حالات پیدا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو گزشتہ روز نوشہرو فیروز میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں اور انہیں تشویشناک حالت میں نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

    مقتولہ کو کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں، واقعے کے وقت وہ بغیر کسی سیکیورٹی کے ایک مجلس میں شریک تھیں۔

  • سفاک بیٹے نے ماں اور اپنے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، باپ شدید زخمی

    سفاک بیٹے نے ماں اور اپنے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، باپ شدید زخمی

    واشنگٹن: امریکا میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، درندہ صفت بیٹے نے مبینہ طور پر ماں اور اپنے بھائی کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ اس دوران باپ شدید زخمی ہوگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا، جہاں نابالغ بیٹے نے اپنی ماں اور 6 سالہ بھائی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے راہ فرار اختیار کرلی۔

    ورجینیا پولیس نے 17 سالہ ’ہینری‘ نامی مبینہ قاتل کو مسلح اور خطرناک قرار دے دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پولیس نے شہریوں کو خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے اپیل کی کہ جو بھی شخص مبینہ قاتل کو دیکھے تو فوری طور پر پولیس کو آگاہ کرے تاکہ اس کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے دوران باپ گھر پہنچا تو قاتل بیٹے نے اس پر بھی فائرنگ کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوا۔ بعد ازاں سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور گھر کی تلاشی لینا شروع کی تاہم اس وقت تک قاتل فرار ہوچکا تھا۔ متعلقہ ادارے نے علاقہ مکینوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اصل وجہ لڑکے کی گرفتاری کے بعد ہی سامنے آئے گی۔

  • اسپتال میں لرزہ خیز قتل، قاتل ڈاکٹر اور پولیس کے بھیس میں آئے

    اسپتال میں لرزہ خیز قتل، قاتل ڈاکٹر اور پولیس کے بھیس میں آئے

    قاتلانہ حملے میں بچ جانے والے قیدی گینگسٹر پر دوبارہ حملہ، پولیس اور ڈاکٹر کے بھیس میں آئے قاتلوں نے لمحوں میں گینگسٹر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    مذکورہ واقعہ جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں پیش آیا، اسپتال کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 مسلح افراد ڈاکٹر اور پولیس اہلکار کے بھیس میں اندر داخل ہوئے۔

    اس کے بعد وہ وہاں موجود پولیس والے کی رہنمائی میں اپنے ٹارگٹ کے کمرے تک پہنچے جو جیل میں ہونے والے قاتلانہ حملے میں بچ جانے کے بعد زیر علاج تھا۔ وہاں پہنچ کر دونوں مسلح افراد نے گن پوائنٹ پر پولیس والے اور گارڈز سے ان کے ہتھیار چھین لیے۔

    اس کے بعد انہوں نے اپنے ہدف کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ ہوتی دیکھ کر نرسیں خوفزدہ ہو کر چھپنے کی جگہ تلاش کر رہی ہیں۔

    مقتول نامی گرامی گینگسٹر تھا جس پر چند دن قبل ہی جیل کے ایک ساتھی نے قاتلانہ حملہ کیا تھا، گینگسٹر حملے میں زخمی ہوگیا تھا اور اسپتال میں اس کا علاج جاری تھا، گینگسٹر قتل کے مقدمے میں 26 سال کی قید کاٹ رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق گینگسٹر کا قتل 2 جرائم پیشہ گروہوں کی مخاصمت اور دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

  • 17 سالہ لڑکی کا قتل، قاتل نے لاش کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں

    17 سالہ لڑکی کا قتل، قاتل نے لاش کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں

    نیویارک: امریکی شہر نیویارک میں ایک 21 سالہ لڑکے نے اپنی 17 سالہ دوست کو قتل کر کے اس کی لاش کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کردیں۔

    21 سالہ کلارک نے اس قتل کا ارتکاب چند ماہ قبل کیا تھا اور اب اس پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

    کلارک نے اپنی دوست کو قتل کرنے کے بعد اپنے گلے پر چھری مار کر خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تاہم وہ بچ گیا، پولیس نے اسپتال سے فارغ ہوتے ہی اسے گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق قاتل اور مقتولہ ڈیونس کی دوستی سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ہوئی تھی۔ ڈیونس سوشل میڈیا کی ایک معروف شخصیت تھی خصوصاً مختلف آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز پر اس کے مداحوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔

    واقعے کے روز دونوں رات کے وقت ایک کنسرٹ سے واپس آرہے تھے، راستے میں ان دونوں کی کسی بات پر لڑائی ہوئی اور یہی لڑائی ڈیونس کے قتل کی وجہ بنی۔

    قتل کے بعد کلارک نے لاش کی تصاویر گیمنگ کمیونٹی کے استعمال کیے جانے والے ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پوسٹ کردیں۔

    عدالت میں کلارک نے اپنے جرم پر پچھتاوے کا اظہار کیا اور معافی مانگی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد اب کلارک کو 25 سال قید کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

  • بلی کے بچے کو ڈھونڈو: ماں نے بچیوں کو سفاکانہ انداز میں قتل کردیا

    بلی کے بچے کو ڈھونڈو: ماں نے بچیوں کو سفاکانہ انداز میں قتل کردیا

    امریکی ریاست ویسٹ ورجینیا میں سفاک ماں نے اپنی کمسن بیٹیوں کو فائرنگ اور چھریوں کے وار سے قتل کرنے کی کوشش کی، بڑی بیٹی جان بچا کر بھاگ نکلی جبکہ ننھی زخموں کی تاب نہ لا کرموقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    47 سالہ جولی نے سنہ 2018 میں اپنی بیٹیوں کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی اور اس کے مقدمے کا فیصلہ جلد ہی سنائے جانے کا امکان ہے۔

    اس نے اپنی 8 سالہ بیٹی کو چھریوں کے 35 وار اور فائرنگ کر کے قتل کیا اور 11 سالہ بیٹی پر گولیاں برسائیں لیکن وہ بچ نکلی۔

    قاتل ماں

    عدالت میں سماعت کے دوران اس نے روتے ہوئے بیان دیا کہ وہ خود بھی نہیں جانتی کہ اس نے ایسا کیوں کیا۔ اس نے کہا کہ اس نے اپنی زندگی میں آج سے قبل کسی کو تکلیف نہیں پہنچائی۔

    اس کا دعویٰ ہے کہ واقعے کے بعد اس نے خود کو بھی مارنے کی کوشش کی تھی۔

    پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ایک پڑوسی نے 911 کو کال کی تھی، جب اس نے 11 سالہ بچی کو زخمی حالت میں بری طرح چلاتے ہوئے دیکھا۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو جولی پہلے ہی فرار ہوچکی تھی۔ پولیس کو گھر کے اندر 8 سالہ بیٹی ایلزا کا مردہ جسم ملا جس پر چاقو سے کم از کم 35 وار کیے گئے تھے اور اس کی پشت، سینے اور گردن پر گولیاں بھی ماری گئی تھیں۔

    جولی نے بڑی بیٹی اولیویا کی ٹانگ پر گولی ماری تاہم ماں کے مزید کچھ کرنے سے پہلے وہ فرار ہونے میں کامیاب رہی۔

    اس نے پولیس کو بتایا کہ ماں نے ان دونوں کو کہا کہ وہ اوپر جا کر بلی کے بچے ڈھونڈیں جو بستر کے نیچ چھپ گئے ہیں۔ جب ماں نے ان پر حملہ کیا تو اولیویا برابر والے کمرے میں بھاگ آئی، دروازہ لاک کیا اور کھڑکی سے باہر لان میں کود گئی۔

    پولیس نے بعد ازاں 9 گھنٹے بعد قاتل ماں کو بھی گرفتار کرلیا، اس کے ہاتھ میں پستول اور خون آلود چھری تب تک موجود تھی۔

    پولیس کی تحویل میں جولی کے طبی معائنے کے بعد علم ہوا کہ وہ طویل عرصے سے ذہنی طور پر بیمار تھی، علاوہ ازیں 17 سال کی عمر میں وہ متعدد بار خودکشی کی کوشش بھی کرچکی تھی۔

    پولیس کے مطابق جولی کو کم از کم عمر قید کی سزا ہوسکتی ہے اور اگر ججز نے اس کی ذہنی حالت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کے لیے رحمدلی دکھائی تب بھی اسے 15 سال جیل میں گزارنے پڑیں گے۔

  • تیمارداری سے تنگ بیٹی کی بیمار ماں کو قتل کرنے کی کوشش

    تیمارداری سے تنگ بیٹی کی بیمار ماں کو قتل کرنے کی کوشش

    برازیل میں ایک بیٹی نے بیمار ماں کی تیمارداری سے تنگ آکر اسے قتل کرنے کی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ برازیل میں پیش آیا جہاں وارڈ میں موجود ایک اور مریض نے پورے منظر کو اپنے موبائل میں فلمبند کرلیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عاقبت نااندیش بیٹی نے ماں کی ناک اور منہ کو اپنے ہاتھ سے ڈھانپ دیا تاکہ وہ دم گھٹنے سے ہلاک ہوجائے۔

    پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر 32 سالہ بیٹی کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کی 68 سالہ ماں کو آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔ بیٹی کی مذموم حرکت کے بعد ماں کی پھیپھڑے کی ایک نالی بند ہوگئی اور سانس کی آمد و رفت میں مشکل پیدا ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی اس حرکت کی وجہ یہ تھی کہ وہ ممکنہ طور پر اپنی ماں کی تیمار داری سے تنگ آگئی تھی۔پولیس کے مطابق اس کے بیگ سے ایک سرنج بھی ملی ہے اور خدشہ ہے کہ اس نے ماں کو دواؤں کے ذریعے بھی قتل کرنے کی کوشش کی۔

    ملزمہ نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اس کا مقصد ماں کو قتل کرنا نہیں تھا۔ ملزمہ کے وکیل ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ذہنی مسائل کا شکار تھی اور باقاعدہ ذہنی علاج کے مراحل سے گزر رہی تھی۔

    عدالت نے ملزمہ کے مکمل اور فوری ذہنی چیک کروانے کی ہدایت کی ہے۔

  • کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، ایک ماہ میں 6 قتل

    کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، ایک ماہ میں 6 قتل

    کراچی: شہرقائد میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بوتل میں بند نہ ہو سکا، لوٹ مار کے دوران ملزمان شہریوں کو زخمی کرنے کے ساتھ قیمتی جانیں بھی لینے لگے۔

    اے آر وائی نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق کراچی کے باسی گھر میں محفوظ نہ گھر کے باہر، سال کے پہلے مہینے میں پولیس اہل کار، حساس ادارے کے افسر سمیت 6 افراد کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔

    سولجر بازار میں بیرون ملک ویتنام سے لوٹنے والے اسکول ٹیچر کو اس وقت فائرنگ کر کے قتل کیا گیا جب وہ منی ایکس چینج سے اپنی بہن کے ہم راہ پیسے کیش کروا کر نکل رہا تھا۔ عائشہ منزل پر موٹر سائیکل میکنک کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کر دیا گیا۔ کورنگی کاز وے پر اسکول پرنسپل اور حساس ادارے کے سابق افسر بھی اسٹریٹ کرائم کے دوران گولیوں کا نشانہ بنے۔

    نیو کراچی میں پولیس جوان بھی ڈکیتوں کی فائرنگ سے شہید ہوا، جب کہ بلدیہ یوسف گوٹھ میں اسٹریٹ کرمنلز نے مزاحمت پر شہری کی جان لے لی۔ اورنگی ٹاؤن مجاہد چوک پر بھی شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا۔ جوہر آباد میں کيش وين لوٹنے کے دوران فائرنگ سے 3 شہری زخمی ہوئے، سرسيد کے علاقے میں ملزمان نے اے ٹی ایم سے رقم لے کر نکلنے والے شہری کو لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر زخمی کر دیا۔

    فائرنگ کے دیگر واقعات سپر ہائی وے، کورنگی، لانڈھی، ریلوے کالونی، گلشن، ایوب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن، صدر، منظور کالونی، لیاقت آباد اور نیو کراچی میں پیش آئے، جہاں اب تک 20 سے زائد شہری زخمی ہو چکے ہیں۔

    ایک جانب پولیس روزانہ کی بنیاد پر ملزمان کے خلاف کام کرتی نظر آتی ہے تو دوسری جانب کم زور مقدمات کی وجہ سے ملزمان دوبارہ ضمانت پر آ کر اپنی وارداتیں وہی سے شروع کرتے ہیں جہاں سے ختم کی ہوتی ہیں، شہری منتظر ہیں ایسے قانون کے جس میں ایک مرتبہ گرفتار ہونے والا ملزم کم از کم اپنی سزا پوری کر سکے۔

  • 18 سالہ لے پالک بیٹے نے والدین کو قتل کردیا

    18 سالہ لے پالک بیٹے نے والدین کو قتل کردیا

    امریکا میں لے پالک بیٹے نے والدین کو قتل کر کے ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی تاہم جلد ہی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    امریکی ریاست جارجیا میں 18 سالہ لڑکے نے اپنے لے پالک والدین کو قتل کردیا، بعد ازاں خود ہی پولیس کو فون کر کے واقعے کی اطلاع دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف اور غم کی فضا ہے۔

    پولیس کے مطابق لڑکے نے پولیس کو فون کیا اور کہا کہ اس کے والدین اس دنیا سے جا چکے ہیں۔

    پولیس نے شک کی بنا پر لڑکے کو حراست میں لیا تو اس نے اقرار کرلیا کہ اپنے والدین کو اس نے ہی قتل کیا۔

    لڑکے کا کہنا تھا کہ اس کے لے پالک والدین نے ایک پارٹی میں مہمانوں کے درمیان اسے گود لینے کے حوالے سے ایسے الفاظ کہے جس سے اسے سخت شرمندگی اور تکلیف محسوس ہوئی۔

    اس واقعے کی گرہ لڑکے کے دل میں بیٹھ گئی اور چند دن بعد اس نے غصے میں فائرنگ کر کے والدین کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    قتل کرنے کے بعد اس نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی، اس نے گھر کا سیکیورٹی سسٹم ناکارہ کردیا اور اپنی لے پالک ماں کے کچھ زیورات بھی چھپا دیے۔

    اس کے بعد وہ گھر سے نکلا، آلہ قتل ایک دریا میں بہا دیا اور واپس آ کر پولیس کو کال کی۔ بعد ازاں پولیس کو جلد ہی حقیقت کا علم ہوگیا اور اس نے لڑکے کو حراست میں لے لیا۔

    پڑوسیوں کے مطابق مقتولین نہایت اچھی عادات کے حامل تھے، البتہ لڑکے کارل کے بارے میں وہ زیادہ نہیں جانتے تھے، وہ زیادہ تر اپنی سرگرمیوں میں مصروف رہتا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد ہی عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

  • سعودی عرب: کفیل کو قتل کرکے بھارتی ملازمہ 1لاکھ 20 ہزار ریال لے اڑی

    سعودی عرب: کفیل کو قتل کرکے بھارتی ملازمہ 1لاکھ 20 ہزار ریال لے اڑی

    ریاض: سعودی عرب میں بھارتی ملازمہ ہی اپنے کفیل کی قاتل نکلی، ایک لاکھ بیس ہزار ریال کی خاطر بزرگ شہری کو آگ لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا، ملزمہ نے اعتراف جرم کرلیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی خاندان نے 70 سالہ بزرگ شخص کی حفاظت اور دیکھ بھال کے لیے ایک بھارتی ملازمہ رکھی جس نے لالچ میں آکر ضعیف شہری کو آگ لگ کر مار دیا۔

    رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بزرگ شہری کمرے میں آرام کررہا تھا کہ اسی دوران ملازمہ نے روم کو آگ لگا دیا، بعد ازاں خاندان کے دیگر افراد سمیت ملازمہ سے تفتیش کی گئی تو کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آئے اور پولیس نے واقعہ ایک حادثہ قرار دیتے ہوئے کیس بند کردیا۔

    سعودی عرب میں فائرنگ، سعودی فرمانروا کا ذاتی محافظ قتل

    تاہم گھر والوں کو اب بھی شک تھا کہ اس ہلاکت میں ملازمہ کا ہاتھ ہوسکتا ہے، ملازمہ نے کمرے کو آگ لگانے سے پہلے بڑی چالاکی سے ایک لاکھ 20 ہزارریال نکال لیے تھے، جب اس رقم سے بھارتی خاتون نے قیمتی اشیا خریدنا شروع کیں تو سعودی خاندان کا شک حقیقت میں تبدیل ہونے لگا۔

    جس کے بعد پولیس کو دوبارہ اطلاع دی گئی اور تفتیش کے دوران اس نے سب کے سامنے اعتراف کیا کہ ایک لاکھ 20 ہزار ریال کی لالچ میں آکراس نے رقم چوری کی اور پھر کمرے میں آگ لگا دی تاکہ گھر والے سمجھیں کہ رقم بھی آگ میں جل گئی ہے۔

  • بیٹے کے سر پر خون سوار، اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کے لیے گھر میں گھات لگالی

    بیٹے کے سر پر خون سوار، اپنے ہی خاندان کو ختم کرنے کے لیے گھر میں گھات لگالی

    امریکی ریاست اوٹاہ میں ایک 16 سالہ لڑکے نے اپنے گھر والوں کا کام سے واپس آنے کا انتظار کیا ور ایک ایک کر کے انہیں قتل کردیا۔

    یہ لرزہ خیرز واقعہ 10 روز پہلے پیش آیا جس کی تفصیلات پولیس نے اب جاری کی ہیں۔ پولیس کے مطابق کولن جیفری نامی لڑکے نے مسلح ہو کر اپنے تمام گھر والوں کا گھر واپس آنے کا انتظار کیا اور ایک ایک کر کے انہیں فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    واقعے میں لڑکے کے والد زخمی ہوئے اور موت کے منہ میں جانے سے بچ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ لڑکے کا ارادہ اپنے علاوہ گھر کے تمام افراد کو قتل کرنے کا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 17 جنوری کے روز لڑکے کی ماں اور 12 سالہ بہن 1 بجے اسکول سے گھر آئے تو لڑکے نے ان پر فائر کھول دیا۔ لڑکے نے اپنی ماں اور بہن کے سر پر فائر کیے۔

    ایک گھنٹے بعد 15 سالہ بھائی الیکسس گھر آیا تو جیفری نے اسے بھی اسی طرح سے قتل کیا۔ اس کے بعد اس نے 14 سالہ میتھیو کے گھر آنے کا مزید 3 گھنٹے انتظار کیا اور اسے بھی گولی مار کر قتل کردیا۔

    اس کے بعد 6 بجے جب لڑکے کے والد گھر آئے تو اس نے ان کی ٹانگ پر گولی ماری اور اس سے پہلے کہ وہ مزید فائر کرتا والد نے جھپٹ کر بیٹے کو پکڑ لیا۔ دونوں کے درمیان پستول کے لیے زور آزمائی بھی ہوئی۔

    اسی دوران اتفاقاً ایک پڑوسی ان کے گھر آیا تو والد نے اسے کہا کہ وہ انہیں اسپتال لے چلے، جس پر پڑوسی نے موقع کی سنگینی دیکھتے ہوئے فوراً 911 کو کال کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال لڑکے نے اپنے اس گھناؤنے فعل کی کوئی وضاحت نہیں دی، وہ پولیس سے تعاون کرنے کو بھی تیار نہیں اور تمام تفتیش کے دوران خاموش رہا۔