Tag: قتل

  • ڈونلڈ ٹرمپ کا جمال خاشقجی کی موت سےمتعلق سعودی عرب کی تحقیقات کا خیرمقدم

    ڈونلڈ ٹرمپ کا جمال خاشقجی کی موت سےمتعلق سعودی عرب کی تحقیقات کا خیرمقدم

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی کی موت سے متعلق سعودی عرب کی وضاحت معتبر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی جمال خاشقجی کی موت سے متعلق سعودی عرب کی تحقیقات کا خیرمقدم کیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جمال خاشقجی کی موت کے معاملے میں بہت سے افراد ملوث ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ صحافی جمال خاشقجی کی موت سے متعلق سعودی عرب کی وضاحت معتبرہے، سعودی عرب کی جانب سے وضاحت ایک اچھا اور بڑا قدم ہے۔

    سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق کردی

    سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کی قونصلیٹ میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول کے قونصل خانے میں جمال خاشقجی اور وہاں موجود افراد میں جھگڑا ہوا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو خبردار کیا تھا کہ گمشدہ سعودی صحافی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تو نتائج سنگین ہوں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے لیکن اس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں تھا، تاہم اب ان کی موت کی تصدیق ہوگئی۔

  • سعودی صحافی کا قتل ریاست کو بدنام کرنے کےلیے ڈرامہ ہے، ولید بخاری

    سعودی صحافی کا قتل ریاست کو بدنام کرنے کےلیے ڈرامہ ہے، ولید بخاری

    بیروت : لبنان میں موجود سعودی عرب کے قائم مقامم سفیر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اخبار میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دینے والے سعودی صحافی کی گمشدگی ریاست کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان میں تعینات سعودی عرب کے قائم مقام سفیر ولید بخاری نے واشنگٹن پوسٹ سے منسلک سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی سے متعلق کہا ہے کہ جمال خاشقجی کا ترکی میں لاپتہ ہونا ریاست کے خلاف غیر ملکیوں کی منظم سازش ہے۔

    قائم مقام سفیر ولید بخاری نے جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کو غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے سعودی عرب کو بدنام کرنے کے لیے کی گئی منصوبہ بندی ہے۔

    لبنان میں تعینات سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ سعودی شہری کی گمشدگی کے ڈرامے کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر غیرمعمولی طور پر پذیرائی کی جارہی ہے جس کا مقصد سعودی عرب کا غلط چہرہ پیش کرنا ہے جس میں غیر ملکی ایجنسیاں ملوث ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کئی صارفین نے سعودی صحافی کے قتل کے دعوؤں کو بھی سازش قرار دیا ہے اور ان لوگوں کو مصری یتنظیم اخوان المسلمون کے افکار سے متاثر قرار دیا ہے جو ریاست کو بدنام کرنا چاہے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل محمد بن سلمان کی پالیسیوں ہدف تنقید بنانے والے معروف صحافی جمال خاشقجیترکی کے دارالحکومت استنبول میں واقع سفارت خانے کے دورے پر گئے اور لاپتہ ہوگئے، صحافی کے اہل خانہ کا خیال ہے کہ ولی عہد پر تنقید کرنے کے جرم میں سعودی حکام نے ہی جمال خاشقجی کو گرفتار کیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی صحافی کی گمشدگی سے متعلق ابتدائی تحقیقات میں ترک پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جمال خاشقجی مبینہ طور پر قتل ہوگئے اور انہیں قتل کرنے والی ٹیم اسی روز واپس چلی گئی۔

  • گوجرانوالہ: کمسن گھریلو ملازمہ پر جان لیوا تشدد، گھر کے مالک اور مالکن فرار

    گوجرانوالہ: کمسن گھریلو ملازمہ پر جان لیوا تشدد، گھر کے مالک اور مالکن فرار

    گوجرانوالہ: پنجاب میں کمسن گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوگئی، گھر کے مالک اور مالکن فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے اقبال ٹاؤن میں گیارہ سال کی زرینہ کو مبینہ طور پر تشدد کے بعد قتل کردیا گیا، زرینہ چھ سال کی عمر سے الیاس امانت کے گھر کام کرتی تھی۔

    گزشتہ روز الیاس نے لاش والدین کو دیتے ہوئے کہا کہ زرینہ نے خودکشی کرلی، جبکہ والد کا کہنا ہے زرینہ خودکشی نہیں کرسکتی اس کے جسم پر تشدد کے نشانات بھی ہیں۔

    والدین نے تھانہ کینٹ میں مالک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرادیا، پولیس نے بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اپستال منتقل کردی، ملزم الیاس بیوی سمیت دو روز سے فرار ہے۔

    کم عمر ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کرنے والی مالکن کے خلاف شیریں مزاری کا نوٹس

    واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں ملتان میں مالک کے مبینہ تشدد سے 10 سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق ہوگئی تھی، رحمان کالونی سکندر آباد کی 10 سالہ رضیہ بی بی سورج میانی کے علاقہ سخی سلطان کالونی میں بیدار شاہ کے گھر ملازمت کرتی تھی۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال گوجرانوالہ میں چائے لانے میں تاخیر پر مالک نے گھریلو ملازمہ کے چہرے پر چائے پھینک دی تھی، 12 سالہ معصوم رخسار کا چہرہ جھلس گیا تھا۔

    معمولی سی غلطی پر گھریلو ملازمہ کا قتل

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا تھا جس میں ایک خاتون کم عمر ملازمہ پر بہیمانہ تشدد کر رہی تھی۔

  • کراچی: غیرت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکی کی قبر کشائی

    کراچی: غیرت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکی کی قبر کشائی

    کراچی:  شہر قائد کے علاقے بھٹائی آباد میں غیر ت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکی کی گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر قبر کشائی کی گئی جس کے دوران طبی ٹیم نے لاش کے نمونے حاصل کیے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے سچل تھانے کی حدود میں واقع علاقے بھٹائی آباد میں 28 اگست کو صفدانہ نامی خاتون کو سسر  نے پڑوسی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا تو معاملہ جرگے میں گیا جہاں عمائدین نے اُسے غیرت کے نام پر قتل کرنے کا حکم دیا۔

    پولیس نے شک کی بنیاد پر ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے دوران حراست قتل کا اعتراف کیا اور بتایا کہ اہل خانہ نے مقتولہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق صفدانہ سپرہائی وے کی رہائشی تھی، قتل میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن کی نشاندہی پر مری گوٹھ میں واقع قبرستان میں موجود مقتولہ کی قبر کشائی کی گئی اور اُس کے نمولنے حاصل کیے گئے۔

    طبی ٹیم کے مطابق مقتولہ کو 7 گولیاں انتہائی قریب سے ماری گئیں جبکہ اُس کی گردن، پاؤں اور سینے پر گولیوں سمیت تشدد کے نشانات موجود تھے۔

    ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر قرار عباسی نے بتایا کہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد اُسے تابوت میں بند کر کے دفنایا گیا، لڑکی کی موت گولیاں لگنے سے ہی واقع ہوئی۔

    پولیس حکام کے مطابق لڑکی کے سسر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اُس نے صفدانہ کو پڑوسی کے ساتھ بات چیت کرنے پر قتل کیا، مقتولہ کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کا حکم جرگے نے دیا جس پر دونوں خاندان رضامند ہوئے اور پھر یہ کارروائی کی گئی۔

    دو روز قبل گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے سسر سمیت چار افراد کو گرفتار کیا جبکہ ایک گھر میں چھاپہ مار کر مقتولہ کی رشتے دار خاتون اور اُس کے شوہر اور بیٹے کو بھی گرفتار کیا۔

  • فواد چوہدری کا لاہورمیں ماڈل انعم کےمبینہ قتل پردکھ اورافسوس کا اظہار

    فواد چوہدری کا لاہورمیں ماڈل انعم کےمبینہ قتل پردکھ اورافسوس کا اظہار

    اسلام آباد : وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ماڈل انعم تنولی کے مبینہ قتل سے متعلق واقعے کی رپورٹ آئی جی پنجاب پولیس سے طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرفواد چوہدری نے لاہور میں ماڈل انعم تنولی کے مبینہ قتل پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سید امام کلیم سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ایسے واقعات کوقتل کے بعد خودکشی کا رنگ دیکھنے میں آتا ہے، تفتیش میں تمام پہلو ملحوظ خاطررکھنے چاہئیں۔

    فواد چوہدری نے آئی جی پنجاب پولیس کو فنکاروں کی سیکیورٹی بہترکرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹ پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آرٹسٹ اپنے فن سے ملکی ثقافت دنیا میں متعارف کراتے ہیں جبکہ اس طرح کے واقعات آرٹسٹ کمیونٹی میں تشویش کا سبب بنتے ہیں۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فنکاروں سے ایسے واقعات کی ترجیحی بنیادوں پرتفتیش ہونی چاہیے۔

    لاہور: ڈیفنس میں 26 سالہ ماڈل گرل کی پھندا لگی لاش برآمد

    یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے ڈیفنس میں ماڈل انعم تنولی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی، متوفیہ دو ماہ قبل اٹلی سے واپس آئی تھی، پولیس قتل اور خود کشی کے پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔

  • جرمنی میں خاتون کا قتل، پولیس نے قاتل کی تلاش تیز کردی

    جرمنی میں خاتون کا قتل، پولیس نے قاتل کی تلاش تیز کردی

    برلن: جرمنی میں قتل ہونے والی ایک خاتون کے قاتل کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کارروائیاں تیز کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ایک شخص نے جرمن شہر ڈسلڈورف میں ایک چھتیس سالہ خاتون کو چاقو کے وار کر کے شدید زخمی کر دیا تھا، بعد ازاں وہ خاتون اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔

    جرمن میڈیا کے مطابق ڈسلڈورف کی پولیس ایک ایسے چوالیس سالہ ایرانی مرد کی تلاش میں ہے، جس نے مبینہ طور پر چاقو کے وار کر کے مذکورہ خاتون کو قتل کر دیا تھا۔

    مشتبہ ایرانی قاتل کا نام علی اکبر بتایا گیا ہے، منگل کے روز پولیس نے اس کی تصویر بھی جاری کی تھی، جبکہ قتل کے محرکات اب تک واضح نہیں ہیں، پولیس نے گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

    جرمنی: چاقو بردار شخص کا بس پر حملہ، 9 افراد زخمی

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ جرمن شہر لیوبیک میں ایک مسافر بس معروف ساحل کی طرف رواں دواں تھی کہ بس میں بیٹھے ایک شخص نے چاقو نکال کر لوگوں پر حملہ کرنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بعد ازاں بس ڈرائیور نے ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس روک دی اور مسافروں کو بھاگنے کا موقع فراہم کیا، بس رکتے ہی مسافروں نے بھاگ کر اپنی جان بچائی تھی۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں جرمنی کے شہر فلینزبرگ کے مرکزی ٹرین اسٹیشن پر ایک چاقو بردار شخص نے خنجر سے حملہ کرکے خاتون پولیس اہلکار اور ایک شہری کو زخمی کردیا تھا۔

  • لندن: بریٹین گوٹ چیلنج کی اسٹار چاقو زنی کی واردات میں قتل

    لندن: بریٹین گوٹ چیلنج کی اسٹار چاقو زنی کی واردات میں قتل

    لندن : برطانوی دارالحکومت لندن میں برطانیہ کے معروف برطانوی شو  ’بریٹین گوٹ چیلنج ‘ کی اسٹار سیمونی کیرر کو چاقو بردار شخص نے حملہ کرکے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے علاقے بیٹرسی میں برطانیہ گوٹ چیلنج کی اسٹار 31 سالہ سیمونی کیرر پر نامعلوم افراد کی جانب سے چاقو کے حملے میں زخمی ہوئی تھی جو اسپتال منتقل کرنے کے دوران ہلاک ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دو روز قبل مقتول نرس سیمونی کیرر کے چھ سالہ بیٹے نے اپنی والدہ کو گھر میں چاقو کے حملوں کے بعد زخمی حالت میں پایا تھا جس کے بعد بیٹے نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی تھی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سیمونی کیرر  رواں برس بریٹین گوٹ چیلنج کے فائنل تک اپنی ’بی پازٹیو‘ کے ہمراہ پہنچی تھی۔

    واضح رہے کہ سیمونی نے اپنے جوان بیٹے کی سنہ 2015 میں موت کے بعد ’بی پازیٹیو‘ گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی۔

    برطانوی پولیس کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مذکورہ خاتون کے قتل کے شبے میں 40 سالہ شخص کو گرفتار کرکے تفتیش کے لیے پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

    برطانوی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں اور طبی امداد فراہم کرنے کے والے عملے نے سیمونی کی جان بچانے کی بہت کوشش کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئی۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کا کہنا ہے کہ سیمونی کیرر کے قتل کیس سمیت برطانوی پولیس کے پاس رواں برس تحقیقات کے لیے 90 قتل کیس آئے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے قتل میں کوئی بھی گینگ ملوث نہیں ہے، تاہم واقعے میں ملوث کسی فرد کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں نامعلوم افراد کی جانب سے کم عمر نوجوانوں پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا، چاقو زنی کی واردات میں 4 نوجوان زخمی ہوئے تھے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ میں موسکو 17 میوزیکل گروپ کے ایک اور گلوکار کو تشدد کے بعد اسی مقام پر چاقو کے وار کرکے قتل کردیا گیا تھا، جہاں اس کے دوست کو موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔

    ایک رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے دارالحکومت لندن نے جرائم کی شرح میں امریکی شہر نیویارک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، برطانوی میڈیا کے مطابق نوجوان گینگ کلچر کا شکار ہورہے ہیں جس کے باعث لندن میں رواں سال چاقو زنی کی وارداتوں میں اب تک 50 سے زائد افراد قتل ہوچکے ہیں۔

  • بچے اغوا کرنے کی افواہ پر بھارتی خاتون مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل

    بچے اغوا کرنے کی افواہ پر بھارتی خاتون مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل

    نئی دہلی : بھارت میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ کر بچے اغواء کرنے کی افواہوں کے بعد مشتعل ہجوم نے سنگرولی میں ایک خاتون کو تشدد کے بعد قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پڑوسی ملک بھارت میں مشتعل ہجوم نے سماجی رابطے کی ایپلیکیشن واٹس پر بچوں کے اغواء سے متعلق گردش کرنے والی افوا کی بنیاد پر ایک خاتون کو تشدد کے بعد قتل کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو ماہ کے دوران بھارت میں افواہوں کی بنیاد پر 20 شہریوں کو قتل کیا جاچکا ہے۔ جس کے بعد بھارتی حکام، فیس بک انتظامیہ اور واٹس انتظایہ ایشیا کی بڑی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں افواہوں کو روکنے کا حل تلاش کررہے ہیں۔

    بھارتی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے خاتون کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں 9 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ قتل میں ملوث دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

    پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اتوار کے روز متاثرہ خاتون کی مسخ شدہ لاش بھارت کے وسطی صوبے مدھیا پردیش کے ضلع سنگرولی کے جنگل سے برآمد ہوئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قتل کے الزام میں گرفتار ایک شخص نے دوران تفتیس پولیس کو بتایا کہ ’میں نے ہفتے کے روز ایک خاتون کو بچے اغواء کرنے کے شبے میں پکڑا تھا اور واٹس ایپ پر موصول ہونے والا پیغام دیکھ رہا جس میں تحریر تھا کہ علاقے میں بچے اغواء کرنے والا گروہ گھوم رہا ہے۔

    سنگرولی پولیس کے چیف ریاض اقبال کا کہنا ہے کہ ’ہم خاتون کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے اس سلسلے میں پولیس نے متاثرہ خاتون کی تصویر بھی تمام پولیس اسٹیشن یں بھجوادی ہے‘۔

    پولیس چیف کے مطابق بھارتی حکومت نے گذشتہ جمعرات کو ہی واٹس ایپ کے پر پھیلنے والے افواہوں کے باعث واٹس ایپ انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا، کیوں حادثہ رونما ہونے کے بعد کوئی ذمہ داری قبول نہیں کرتا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت میں کسی شہری کو مشتعل ہجوم کی جانب سے قتل کرنا عام بات ہے، لیکن موبائل پر موصول ہونے والی افواہوں کی بنیاد پر قتل کرنے میں شدت آئی ہے۔ کیوں کہ موبائل پر جو بات موصول ہوتی ہے وی روشنی کی رفتار سے زیادہ تیزی سے عوام میں پھیل جاتی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق بچوں کے اغواء کی افواہوں پر قتل ہونے کے واقعات رواں برس مئی سے شروع ہوئے تھے، جب بھارتی ریاست جھارکنڈ میں ایک شہری کو ہجوم نے افواء کی بنیاد پر قتل کردیا تھا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت میں ہندو انتہا پسندوں کے مشتعل ہجوم کی جانب سے گائے کا گوشت کھانے یا گائے ذبح کرنے کے الزام میں مسلمانوں کو اور ہندؤں برادری میں نچلی ذات سمجھے جانے والے دلتوں کو قتل کیا جاتا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • زینب کے والد کی مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست

    زینب کے والد کی مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کی درخواست

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں زیادتی کے بعد بے دردی سے قتل کی جانے والی 6 سالہ ننھی زینب کے قاتل عمران کو سرعام پھانسی دینے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مجرم عمران کے خلاف یہ درخواست زینب کے والد امین انصاری نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ مجرم عمران علی کی تمام اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں۔ عدالت مجرم عمران کو سر عام پھانسی کی سزا دینے کا حکم جاری کرے۔

    خیال رہے کہ رواں برس جنوری میں ننھی زینب کے بہیمانہ قتل نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ننھی زینب کو ٹیوشن پڑھنے کے لیے جاتے ہوئے راستے میں اغوا کیا گیا تھا جس کے دو روز بعد اس کی لاش ایک کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔

    زینب کو اجتماعی زیادتی، درندگی اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا جس کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئی تھی۔

    زینب قتل کیس پاکستان کی تاریخ کا سب سے مختصرٹرائل تھا، مجرم کی گرفتاری کے بعد چالان جمع ہونے کے 7 روز میں ٹرائل مکمل کیا گیا۔

    انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زینب قتل کیس کے ملزم عمران کے خلاف جیل میں روزانہ تقریباً 10 گھنٹے سماعت ہوئی اور اس دوران 25 گواہوں نے شہادتیں ریکارڈ کروائیں۔

    اس دوران مجرم کے وکیل نے بھی اس کا دفاع کرنے سے انکار کردیا جس کے بعد اسے سرکاری وکیل مہیا کیا گیا۔

    17 فروری کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ملزم عمران کو 4 بار سزائے موت اور 32 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والا بھارتی گرفتار

    سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کرنے والا بھارتی گرفتار

    ممبئی: بھارتی پولیس نے بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے قتل کی واردات کو  ناکام بناتے ہوئے مرکزی ملزم اور اُس کے ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست ہریانہ کی اسپیشل ٹاسک فورس نے حیدرآباد کے علاقے سے سنپت نہرا نامی شخص کو گرفتار کیا جو اجرتی قاتل ہے، ملزم نے سلمان خان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی جس میں وہ ناکام رہا۔

    پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ سنپت نہرا کا تعلق راجھستان کے بشنوئی قبیلے سے ہے اور یہ ایک منظم گینگ کا حصہ ہے جو بھارت میں پیسوں کے عوض لوگوں کو قتل کرتی ہے۔

    تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ اُسے سلمان خان کو قتل کرنے کی سپاری لارئنس بشنوئی نے دی تھی کیونکہ وہ دبنگ خان کو جنوری میں ہی ٹھکانے لگانے کی دھمکی دے چکا ہے۔

    ملزم نے دوران تفتیش یہ بھی اعتراف کیا کہ اُس نے 2 ماہ تک سلمان خان کے گھر کی ریکی کی اور سیکیورٹی سے متعلق بھی تمام معلومات حاصل کی تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اداکار کو ہدف بنا سکے۔

    مزید پڑھیں: اداکار سلمان خان کی ضمانت منظور، جیل سے رہا کردیا گیا

    سنپت نہرا کا کہنا ہے کہ اُس نے پلان بنایا تھا کہ سلمان خان جیسے ہی رہائی کے بعد گھر پہنچیں گے اور مداحوں سے ملاقات کے لیے بالکونی سے باہر آئیں گے تو وہ فائرنگ کرکے انہیں نشانہ بنائے گا اس کے لیے اُس نے ماہر نشانے بازوں سے بھی رابطہ کرلیا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ اُس نے سلمان خان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی اُس وقت تیار کی تھی جب وہ کالے ہرن کیس میں 2 دن جیل کاٹنے کے بعد واپس گھر لوٹے تھے۔

    پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے منصوبہ بنایا تھا کہ جب سلمان خان رہائی کے بعد اپنے گھر پہنچیں گے اور وہ بالکونی میں کھڑے ہوکر مداحوں کا شکریہ ادا کریں گے تو وہ اسی لمحے انہیں قتل کردے گا تاہم مذکورہ شخص اپنے ادارے میں ناکام رہا۔

    واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں راجھستان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر افراد نے سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اداکار نے اُس کالے ہرن کو نشانہ بنایا جس کی وہ پوجا کرتے ہیں‘۔

    اسے بھی پڑھیں: سلمان خان کو قتل کرنے کی کوشش ناکام، والد کی تصدیق

    خیال رہے کہ دبنگ خان کو رواں برس اپریل میں بھارتی ریاست راجھستان کی مقامی عدالت نے نایاب ہرن کے شکار کا جرم ثابت ہونے پر 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

    عدالتی فیصلے کے بعد بالی ووڈ اداکار کو جودھپور کے سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 2 دن قید میں گزارے بعد ازاں سلمان خان کو سیشن کورٹ نے ضمانت پر رہائی دے دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔