Tag: قتل

  • حب: آٹھ مزدوراغواء کے بعد بے دردی سے قتل

    حب: آٹھ مزدوراغواء کے بعد بے دردی سے قتل

    حب : پولٹری فارم میں کام کرنے والے آٹھ مزدوروں کواغواءکے بعدقتل کردیا گیا۔ وزیرِاعلیٰ بلوچستان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق حب کے علاقے ساکران تھانے کی حدود سے پولٹری فارم میں کام کرنے والے نومزدوروں کو اغوا کرلیا گیاہے۔

    جن میں سے آٹھ کو پولٹری فارم کے قریب پہاڑی کے عقب میں قتل کردیا گیا جبکہ ایک شخص زخمی حالت میں بازیاب ہوا ہے۔ زخمی شخص کوفوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

    قتل ہونے والے تمام مزدوروں کا تعلق مظفرگڑھ  کے سیلاب زدہ علاقوں سے ہے اوروہ ملازمت کے لئے حب آئے تھے۔ اغواء کاروں نے دو مقامی افراد کو چھوڑ دیا تھا۔

    زخمی شخص کے مطابق تمام افراد کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر قتل کیا گیا،وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے ساکران واقعے پر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ نے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • لاہور:ریٹائرڈ لیڈی کرنل ڈاکٹر فرخ رفیع کے قاتل میاں بیوی گرفتار

    لاہور:ریٹائرڈ لیڈی کرنل ڈاکٹر فرخ رفیع کے قاتل میاں بیوی گرفتار

    لاہور: ماڈل ٹاؤن پولیس نے ریٹائرڈ لیڈی کرنل ڈاکٹر فرخ رفیع کے اندھے قتل کا سراغ لگا کردو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے دونوں ملزمان میاں بیوی نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس پی ماڈل ٹاؤن آپریشن ڈاکٹر باقر رضا اور ایس پی انوسٹی گیشن ڈاکٹر رضوان خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے میڈیا کو بتایا کہ چند روز قبل ماڈل ٹاؤن سوسا ئٹی میں ریٹائرڈ لیڈی کرنل ڈاکٹر فرخ رفیع کی لاش گھر سے ملی تھی ۔

     ڈاکٹر فرخ رفیع  کی نعش کو پلاسٹک بیگ میں لپیٹ کر اسٹور میں چھپایاگیا تھا، انہیں گلے میں پھندا ڈال کر قتل کیا گیا، تفتیش کے دوران مقتولہ کے بھتیجے نوید سرفراز کو مشکوک جان کر پولیس نے اس کی ریکی کی اور اسے گرفتار کر لیا۔

    ملزم  نوید سرفرازنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے یہ قتل اپنی بیوی حفصہ نوید کے ساتھ مل کر جائیداد کی لالچ میں کیاتھا اور اس کا مشورہ ملائشیا سے واپس آکر کیا گیا۔

    دونوں ملزمان نے ڈاکٹر فرخ رفیع کےقتل کا اعتراف کرلیا ہے، انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

  • مولانا مسعود کا قتل فرقہ وارانہ فساد کی سازش ہے،سیاسی ومذہبی رہنماء

    مولانا مسعود کا قتل فرقہ وارانہ فساد کی سازش ہے،سیاسی ومذہبی رہنماء

    کراچی: جامعہ بنوریہ کے معلم اورمفتی نعیم کے داماد مولانامسعودبیگ کے بہیمانہ قتل پرالطاف حسین سمیت دیگرسیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اظہارِمذمت کیا ہے،مولانا مسعود بدھ کے روز ہونے والے قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

     کراچی میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ ایک بار پھرعروج پر پہنچ گئی ہے، سیاسی و مذہبی جماعتوں کی جانب سے جامعہ بنوریہ کے معلم مولانامسعودبیگ کےقتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

    متحدہ کے قائد الطاف حسین کی جانب سے مذمتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مولانامسعودکا قتل فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کی سازش کاحصہ ہے، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات فورسز کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہیں۔ اُنہوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مولانا مسعود کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

    وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مسعودکے قاتلوں کو کیفرِکردارتک پہنچایا جائے گا،مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ واقعہ قابل مذمت ہے علما کے تسلسل سے ہونے والے قتل عام کا نوٹس لیا جائے۔

    مولانا اورنگزیب فاروقی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئےقاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔ جمعیت علما ئےپاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز ہاشمی نےمولانا مسعود بیگ کے قتل پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرعلامہ اکبر کمیلی کے بعد مولانا مسعود بیگ کا قتل فرقہ واریت پھیلانے کی سازش ہے۔

  • اسلام آباد: نامعلوم افرادکی فائرنگ، اہلسنت والجماعت کےرہنماجاں بحق

    اسلام آباد: نامعلوم افرادکی فائرنگ، اہلسنت والجماعت کےرہنماجاں بحق

    اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت والجماعت کے رہنما مفتی منیر معاویہ جاں بحق ہو گئے۔

    اسلام آباد کے سیکٹر آئی ایٹ میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اہلسنت والجماعت اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ کی گاڑی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مفتی منیر معاویہ اور ان کے ساتھ اسد محمود موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ 

    مفتی مفتی اور ان کے ساتھی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ گولڑہ جانے کیلئے آئی ایٹ سے گزر رہے تھے۔

    اہلسنت والجماعت کے کارکن واقعہ کی اطلاع ملتے ہی آئی ایٹ پہنچ گئے اور مفتی منیر اور اسد محمود کے قتل کے خلاف احتجاج کیا۔