Tag: قرآن پاک کی بے حرمتی

  • سوئیڈن میں قرآن  پاک کی  بے حرمتی:  مولانا  فضل الرحمان نے احتجاج کی کال دے دی

    سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی: مولانا فضل الرحمان نے احتجاج کی کال دے دی

    کراچی : پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف احتجاج کی کال دیتے ہوئے اپیل کی پوری قوم سڑکوں پر آکر سوئیڈن کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کیخلاف احتجاج کی کال دے دی۔

    مولانافضل الرحمان نے کہا کہ اتوار کو ملک بھر میں سویڈن کے روئیے کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے، 23 جولائی کو کراچی میں سب بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا اور سوئیڈن کیخلاف کراچی کے مظاہرے میں بذات خود شریک ہوں گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سوئیڈن میں مسلسل قرآن کی بےحرمتی کی جارہی ہے، اس عمل سے امت مسلمہ کے ہر فرد کے دل کو دکھ پہنچ رہا ہے۔

    سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ یہ قرآن کریم سے امت مسلمہ کے تعلق کی فطری علامت ہے ، امت مسلمہ تورات، انجیل سمیت تمام آسمانی کتابوں کا احترام کرتی ہے لیکن مغربی دنیا تنگ نظری کا مظاہرہ کیوں کررہی ہے۔

    مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسی اظہار رائے کو مسترد کرکے قوم سے احتجاج کی اپیل کی ، پوری قوم سڑکوں پر آکر سوئیڈن کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرے۔

  • اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد منظور

    اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد منظور

    نیویارک : اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف پاکستان کی قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف قرارداد منظور کرلی گئی۔

    پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں قرآن پاک کی بے حرمتی سمیت مذہبی منافرت کی مذمت کی گئی۔

    قرارداد میں ریاستوں پرمذہبی منافرت کی روک تھام کیلئےقوانین بنانے پر زوردیتے ہوئے کہا گیا کہ آزادی رائے کا مطلب نفرت، تشدد اور امتیازی سلوک پھیلانا نہیں۔

    قرارداد میں کہنا تھا کہ ایسے واقعات لوگوں کو بھڑکانے اور نفرت پھیلانے کے مترادف ہیں۔۔ تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا چاہیے۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ قرآن پاک کی بےحرمتی میں ملوث عناصر کوانصاف کے کٹہرے میں لایاجائے اور ملوث عناصر کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    انسانی حقوق کونسل کے اٹھائیس ارکان نے پاکستان کی قرارداد کی حمایت کی جبکہ امریکا اور یورپی یونین سمیت بارہ ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ سات ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

    مخالفت کرنے والے ارکان کہنا تھا کہ قرارداد انسانی حقوق اور آزادی اظہار کے بارے میں ان کے نقطہ نظر سے متصادم ہے۔

    واضع رہے اٹھائیس جون کو سویڈن کے دارالحکومت کی مرکزی مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کیا گیا تھا، جس پر پوری مسلم دنیا سراپا احتجاج ہے اور تمام ممالک کی حکومتوں نے اس سلسلے میں سویڈن کی حکومت سے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

  • مسلم ممالک کا احتجاج رنگ لے آیا، سوئیڈن حکومت  کا قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور

    مسلم ممالک کا احتجاج رنگ لے آیا، سوئیڈن حکومت کا قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور

    اسٹاک ہوم : سوئیڈن حکومت کا قرآن پاک کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دینے پر غور شروع کردیا، سویڈن کےوزیرانصاف کا کہنا ہے کہ حالیہ واقعات سے سویڈن کی داخلی سلامتی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امت مسلمہ کا احتجاج اثر دکھانے لگا، سوئیڈن کی حکومت قرآن پاک کی بےحرمتی کو غیرقانونی قرار دینے پرغورکرنے لگی۔

    سویڈن کے وزیر انصاف گونارسٹرومر نے کہا کہ حکومت قرآن پاک کی بےحرمتی کے واقعہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لی رہی ہے اور قرآن پاک سمیت دیگر مقدس کتب کی بے حرمتی کو غیرقانونی قرار دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

    گونارسٹرومر کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعات سے سویڈن کی داخلی سلامتی کے خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔

    یاد رہے قرآن پاک کی بے حرمتی کے شرمناک واقعے پر پاکستان میں سوئیڈن کے سفارت خانے کی جانب سے اپنی حکومت کا بیان ٹوئٹر پر جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ سوئیڈش حکومت اسلامو فوبیا پر مبنی اس عمل کو سختی سے مسترد کرتی ہے۔

    سوئیڈش حکومت نے واقعے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ واقعہ ہماری حکومت کا موقف واضح نہیں کرتا ہے۔

  • قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان  میں آج ‘یوم تقدیس قرآن’ منایا جارہا ہے

    قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان میں آج ‘یوم تقدیس قرآن’ منایا جارہا ہے

    اسلام آباد : سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف پاکستان بھر میں آج یوم تقدیس قرآن منایا جارہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم سے بھرپور احتجاج ریکارڈ کرانے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے شرمناک عمل کے خلاف اُمت مسلمہ کا شدید احتجاج جاری ہے، پاکستان میں بھی آج "یومِ تقدیس قرآن” منایا جارہا ہے۔

    وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے پوری قوم سے بھرپور طریقے سے شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ہے، نماز جمعہ کے بعد ملک بھر میں پرامن احتجاجی جلوس نکالے جائیں گے، جن میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

    پرامن احتجاجی ریلیوں میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی بھرپور مذمت کی جائے گی اور مختلف مکاتب فکر کے علماء جمعہ کے خطبات کے دوران قرآن کریم کے تقدس پر روشنی ڈالیں گے۔

    گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی تھی، قرارداد کے متن میں کہا گیا تھا کہ ایوان سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئےعالمی برادری کی توجہ چاہتا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا قرآن پاک اور نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں، تحمل کامطلب یہ نہیں کہ ہمیں جواب دینا نہیں آتا، آئندہ ایسی حرکت ہوئی توکوئی ہم سےگلہ نہ کرے۔

  • پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس : سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی

    پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس : سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی

    اسلام آباد : پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا ، جس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج سہہ پہر 3بجے ہو گا ، اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے۔

    جس کے تحت اجلاس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف تحریک پیش کی جائے گی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی تحریک پیش کریں گے۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی۔

    گذشتہ روز سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مذموم عمل پر پاکستان نے سویڈن کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے دل خراش واقعے پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

    یاد رہے دو روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی ہونے والی بے حرمتی کے خلاف 7 جولائی کو ’یوم تقدس قرآن‘ منانے کا اعلان کیا تھا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ جمعہ کو سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا، تمام جماعتوں اور عوام کو احتجاج میں شرکت کی اپیل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم ایک زبان ہو کر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی، جمعہ کو سویڈن واقعے کی مذمت میں ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالیں۔

    خیال رہے سوئیڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج اورمظاہروں کاسلسلہ جاری ہے، مسلمان ریاستوں اورعوام کی جانب سےشدید غم وغصےکا اظہارکیاجارہا ہے۔

  • پی ایف یو جے کا سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر ردِ عمل

    پی ایف یو جے کا سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی سخت مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایف یو جے نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اظہار رائے کے لیے جان بوجھ کر مشتعل کرنے والے عمل کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    پی ایف یو جے نے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی قانون کے تحت ریاستوں کا فرض ہے کہ وہ مذہبی منافرت کی کسی بھی کوشش کو روکیں، اور عالمی برادری اسلاموفوبیا، اور مسلم مخالف نفرت روکنے کے لیے قابل اعتماد اور ٹھوس اقدامات کرے۔

  • سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی، پاکستان کی شدید مذمت

    سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی، پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد: سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کے مذموم واقعے کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کی مذمت کرتا ہے، آزادی اظہار اور احتجاج کے بہانے تشدد کے لیے اکسانے کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

    ترجمان نے کہا ’’مذہبی منافرت کی کسی بھی وکالت پر پابندی عائد کی جائے جو تشدد کو بھڑکانے کا باعث بنے، مغرب میں اسلامو فوبیا کے واقعات کا اعادہ قانونی فریم ورک پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔ ‘‘ ترجمان نے کہا کہ واقعے پر پاکستان کے تحفظات سوئیڈن تک پہنچائے جا رہے ہیں، عالمی برادری اسلامو فوبیا اور مسلم مخالف جذبات کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔

    واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں مسجد کے باہر قرآن مجید کی بے حرمتی کی کوشش کی گئی، جس کے خلاف مسلمانوں نے احتجاج کیا اور ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگائے، سعودی عرب، کویت، قطر اور ترک وزیر خارجہ نے واقعے کی شدید مذمت کی۔

    ترک وزیر خارجہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو گھناؤنا اقدام قرار دیا، سعودی عرب نے بھی گھناؤنے اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا، کویت اور قطر کی جانب سے واقعے کی سخت مذمت کی گئی۔

  • روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی جرم ہے، عید الاضحیٰ پر پیوٹن کا داغستان کی مسجد کا دورہ

    روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی جرم ہے، عید الاضحیٰ پر پیوٹن کا داغستان کی مسجد کا دورہ

    دربند: روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے عید الاضحیٰ کے موقع پر جمہوریہ داغستان کے شہر دربند میں جامع مسجد کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی صدر پیوٹن نے بقر عید کے موقع پر داغستان کی ایک مسجد کا دورہ کیا ہے، انھوں نے کہا کہ قرآن مسلمانوں کے لیے مقدس ہے اور دوسروں کے لیے بھی مقدس ہونا چاہیے۔

    انھوں نے روس کے جمہوریہ داغستان کے مسلمانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ روس میں قرآن پاک کی بے حرمتی آئین اور قانون دونوں کے مطابق جرم ہے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ قرآن کریم کے بے حرمتی کے جرم کے ارتکاب پر سزا بھی دی جاتی ہے۔

    روسی صدر کو قرآن پاک تحفے میں دیا گیا، جس پر انھوں نے شکریہ اد اکیا۔ دربند میوزیم کے ڈائریکٹر ولی فتالئیف نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے صدر پیوٹن کو جو قرآن تحفتاً دیا ہے، وہ مقدس مکہ کا ہے۔

    واضح رہے کہ دربند کی جامع مسجد روس اور دنیا کی قدیم ترین مسجدوں میں سے ایک ہے، تحریری ذرائع کے مطابق عرب فوجی رہنما مسلمہ بن عبد الملک نے اس کی تعمیر 733-734 عیسوی میں شروع کی تھی، مسجد کے صحن میں تین صدیوں پرانے انجیر کے درخت کھڑے ہیں۔

  • پاکستان کی ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت

    اسلام آباد : پاکستان نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ نفرت انگیز کارروائیوں کو روکیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ چندروزقبل بھی سویڈن میں اسی طرح کا واقعہ ہوا تھا، مذہبی منافرت پھیلانے کیلئے آزادی اظہار رائے کا استحصال کیا جا رہا ہے۔

    دفتر خارجہ نے زور دیا کہ بین الاقوامی برادری نفرت پھیلانے والوں سے آنکھیں بندنہیں کر سکتی، عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ نفرت انگیز کارروائیوں کو روکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تحفظات ڈنمارک حکام تک پہنچائےجارہے ہیں، ایسی نفرت انگیزاوراسلام فوبک کارروائیوں کوروکنے کیلئے اقدامات کریں۔

  • عالمِ اسلام کے شدید دباؤ پر سوئیڈن حکومت کی قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذمت

    سوئیڈن : عالمِ اسلام کے شدید دباؤ پر سوئیڈن کی حکومت نے ملک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے مرتکب افراد کے اس فعل کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اس کی مذمت کی۔

    تفصیلات کے مطابق سوئیڈن میں قرآنِ پاک کی بے حرمتی کے خلاف مسلم ممالک میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔

    پاکستان میں سوئیڈن کے سفارت خانے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے کہا کہ سوئیڈن کی حکومت اسلامو فوبیا کا شکار انتہا پسندوں کی طرف سے کیے گئے فعل کو سختی سے مسترد کر تی ہے۔

    سفارت خانے کا کہنا تھا کہ انتہا پسندوں کا یہ عمل کسی بھی طرح سوئیڈن کی حکومت کی رائے کی عکاسی نہیں کرتا۔

    واضح رہے کہ سوئیڈن میں کچھ روز قبل اسلامو فوبیا کے شکار انتہاپسندوں کی جانب سے قرآن کریم کی بے حرمتی کا مذموم واقعہ پیش آیا تھا۔

    بعد ازاں پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کے بے حرمتی کی اجازت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسلاموفوبیا پر مبنی کارروائی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوگی، ایسی کارروائیاں کسی بھی طرح سے آزادی اظہار رائے کی آڑ میں جائز نہیں۔

    ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ اسلام امن کا دن ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان دوسرے مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا تھا کہ سویڈن کے حکام کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کر دیا گیا ہے، سویڈش حکام اسلاموفوبیا کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں۔