Tag: قرآن پاک

  • ناروے حکومت نے پولیس کو قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کا حکم دے دیا

    ناروے حکومت نے پولیس کو قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کا حکم دے دیا

    اوسلو: قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کی جانب سے سخت ردِ عمل کے بعد ناروے حکومت بھی اقدامات پر مجبور ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غیر ملکی میڈیا نے خبر دی ہے کہ ناروے کی حکومت نے قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے، یہ احکامات ناروے پولیس کو دی گئی ہیں کہ وہ قرآن پاک کی بے حرمتی ہر حال میں روکیں۔

    پولیس کو قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے کے احکامات کے ساتھ ناروے حکومت نے ایسے واقعات کی روک تھام کو بھی لازمی قرار دے دیا ہے۔ ناروے کے سفیر نے کہا ہے کہ ناروے حکومت قرآن پاک کی بے حرمتی کو سختی سے نامنظور کرتی ہے۔

    واضح رہے کہ چند دن قبل ناروے میں اسلام مخالف ریلی میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی کوشش کی گئی تھی، جس پر گزشتہ روز پاکستان نے ناروے کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کر کے مذموم واقعے کی شدید مذمت اور احتجاج کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  قرآن پاک کی بے حرمتی پر پاکستان کا ناروے سے احتجاج

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ناروے کے سفیر کو باور کرایا گیا کہ واقعے سے دنیا بھر کے سوا ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے، اظہار رائے کی آزادی کے نام پر ایسے واقعات ناقابل برداشت ہیں، ناروے حکومت واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں‌ مقدس کتاب کی بے حرمتی پر مسلمان سراپا احتجاج ہیں، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں ملعون کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

  • لاہور ہائی کورٹ کا قرآن پاک اور دینی کتب کی نشرو اشاعت پر بڑا حکم جاری

    لاہور ہائی کورٹ کا قرآن پاک اور دینی کتب کی نشرو اشاعت پر بڑا حکم جاری

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے حکومت کو قرآن پاک کے غیر منظور شدہ نسخے فوری ضبط کرنے اور انٹرنیٹ سے غیر منظور شدہ قرآن پاک اور دینی کتب ہٹانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے قرآن پاک اور دینی کتب کی نشرو اشاعت کیلئے بڑا حکم جاری کردیا، جسٹس شجاعت علی نے حسن معاویہ کی درخواست پر 40 صفحات کا فیصلہ جاری کیا۔

    ہائی کورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو قرآن پاک کے منظور شدہ نسخے صوبائی، ضلعی اور تحصیل سطح پر فراہم کرنے اورحکومت کو مارکیٹ سے قرآن پاک کے غیر منظور شدہ نسخے فوری ضبط کرنے کا حکم بھی دیا۔

    عدالت نے وفاقی حکومت کو انٹرنیٹ سے غیر منظور شدہ قرآن پاک اور دینی کتب ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا حکومت تمام وفاقی و صوبائی اداروں کے انٹرنیٹ پورٹلز پر منظور شدہ قرآن پاک کے نسخے فراہم کرے۔

    عدالتی حکم نامے میں کہا گیا قرآن پاک و دینی کتب کے اشاعتی ادارے چیئرمین قرآن بورڈ سے تعاون کے پابند ہوں اور حکومتی این او سی کے بغیر قرآن پاک و دینی کتب کی درآمد نہیں کی جاسکتی۔

    فیصلے میں کہا قرآن ایکٹ 2011 کی خلاف ورزی کرنیوالی اقلیت کیخلاف کارروائی ہوگی، حکومت قرآن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں پالیسی وضع کرے گی، اور تمام مدرسوں، لائبریریاں قرآن پاک , پنج سورہ ، دس سورہ کا ہدیہ قبول کرتے وقت منظور شدہ قرآن پاک کے نسخے سے تصدیق کرکے وصول کریں گے۔

    حکم نامے کے مطابق قرآن پاک و دینی کتب کے اشاعتی ادارے ہر صفحے پر پبلشر اور ادارے کا نام ثبت کریں، قرآن پاک و دینی کتب کے اشاعتی ادارے ہر نسخے پر بار کوڈ، کیو آر کوڈ اور مخصوص سیریل نمبر دینےکا پابند ہوگا۔