Tag: قراداد جمع

  • رینجرز اختیارات : سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے قرارداد جمع کرادی

    رینجرز اختیارات : سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی نے قرارداد جمع کرادی

    کراچی : تحریک انصاف نے سندھ رینجرز کے اختیارات میں مزید توسیع کیلئے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی، مذکورہ قرارداد پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے جمع کرائی۔ قرارداد میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی مدت ختم ہوئے دو روز ہوگئے ہیں، لیکن اب تک سندھ حکومت اختیارات میں مزید توسیع کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے، صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے تاحال سمری نہیں بھیجی گئی ہے۔

    صورت حال کو دیکھتے ہوئے پی ٹی آئی کراچی کے رہنما اور ممبر رکن صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان نے سندھ اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں رینجرز اختیارات میں توسیع کے حوالے قرار داد جمع کرادی ہے، قرارداد رول 256 کے تحت سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی۔

    قرار داد میں کہا گیا ہے کہ رینجرز کو خصوصی اختیارات 3 ماہ کے بجائے طویل مدت تک کے لیے دیئے جائیں، رینجرز کو خصوصی اختیارات سندھ بھر کے لئے دیئے جائیں اور اختیارات کو کراچی تک محدودنہ رکھا جائے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی آپریشن میں رینجرز کی قربانیوں اور کاوشوں کی وجہ سے شہر قائد میں امن قائم ہوا۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز اختیارات کا فیصلہ کابینہ کی منظوری سے مشروط کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سندھ رینجرزکے خصوصی اختیارات آج رات سے ختم

    رینجرز کواس سے قبل 90  روز کیلئے خصوصی اختیارات 18 اکتوبر 2016 کو دیئے گئے تھے۔ ماضی میں بھی رینجرز اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت تاخیری حربے اختیار کرتی رہی ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ کا محکمہ داخلہ رینجرزاختیارات کی سمری وزیراعلیٰ کو بھیجتا ہے۔ یہ سمری وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کےبعد وفاق کو بھیج دی جاتی ہے۔

  • شاہد آفریدی کوالوداعی میچ کھیلوانے کے لیے قرارداد جمع

    شاہد آفریدی کوالوداعی میچ کھیلوانے کے لیے قرارداد جمع

    لاہور : قومی ہیروشاہد آفریدی کو الوداعی میچ کھیلانے سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں ممتاز بلے باز شاہد آفریدی کو الوادعی میچ کھیلوانے کے لیے ایک قرارداد جمع کروادی ہے۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ شاہد آفریدی قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور دنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین اُن سے محبت کرتے ہیں اس لیے پنجاب کا یہ مقدس ایوان قومی ہیرو شاہد آفریدی کو الوداعی میچ کھیلانے کا مطالبہ کرتا ہے۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شاہد آفریدی الوداعی میچ کھیلنے کے مستحق ہیں انہوں نے دو دہائیوں تک ملک کی نمائندگی کی ہے کرکٹ کے میدان سے انہیں عزت و وقار کے ساتھ رخصت کیا جانا چاہیئے۔

    قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ باوقار قومیں ہمیشہ اپنے ہیروز کو سر آنکھوں پر بٹھاتی ہیں اور ملک کے لئے اُن کی خدمات کو سراہتی ہیں۔

    رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا کہ کرکٹ بورڈ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل کرنے کی بجائے 16 ویں کھلاڑی کے طورپرشامل کر کےغلط مثال قائم کررہا ہے جوآفریدی جیسے سینئر کھلاڑی کے شایان شان نہیں۔