Tag: قرارداد

  • قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد منظور

    قومی اسمبلی: بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سرعام سزائے موت دینے کی قرارداد منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام سزائے موت دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، پیپلز پارٹی نے قرارداد کی  مخالفت کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں بچوں سے زیادتی کے مجرمان کو سر عام سزائے موت دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی، قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی۔

    پیپلز پارٹی نے بچوں سے زیادتی کے مجرمان کی سر عام سزائے موت کی مخالفت کی، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ چارٹر پر دستخط کرچکا ہے، دنیا اسے قبول نہیں کرے گی۔

    علی محمد خان نے کہا کہ زیادتی کے مجرمان کے لیے وزیر اعظم سزائے موت چاہتے ہیں، کمیٹی میں بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو سزائے موت کا مطالبہ آیا تو مخالفت کی گئی، قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت بچوں سے زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت کا قانون بنانا چاہتی ہے، اپوزیشن بتائے وہ بچوں سے زیادتی کے ملزمان کو سزائے موت کے بل کی حمایت کرنے کو تیار ہے؟

    اس سے قبل قومی اسمبلی میں زینب الرٹ بل بھی متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا جس کے تحت بچوں کے خلاف جرائم پر 10 سے 14 سال سزا دی جا سکے گی۔

    ایکٹ کےتحت جو افسر دو گھنٹے کے اندر بچے کے خلاف جرم پر ایکشن نہیں لے گا اسے سزا دی جائے گی۔

    بل کے متن میں کہا گیا کہ 109 ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی جبکہ 18 سال سے کم عمر بچوں کے اغوا، قتل اور زیادتی کی اطلاع کے لیے اور زینب الرٹ جوابی ردعمل و بازیابی کے لیے ایجنسی قائم کی جائے گی۔

  • ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات روکنے کی ریپبلکنز کی تمام کوششیں ناکام

    ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات روکنے کی ریپبلکنز کی تمام کوششیں ناکام

    واشنگٹن: امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کو باضابطہ طور پر آگے بڑھانے کے لیے بنیادی طریقہ کار کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات روکنے کی ریپبلکنز کی تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کے لیے قرارداد منظور کرلی۔

    ایوان نمائندگان میں ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات کے لیے پیش کی جانے والی قرارداد کے حق میں 232 جبکہ مخالفت میں 196 ووٹ پڑے۔ دو ڈیموکریٹس نے بھی اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا۔

    ڈیموکریٹ اراکین کانگریس کا موقف ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مقاصد کے لیے یوکرائن پر دباؤ ڈالا۔

    ایوان نمائندگان کی اسپیکر اور ڈیموکریٹ رہنما نینسی پلوسی نے کہا کہ آج ایوان نے عوامی سماعت کی منظوری دے دی، کھلی سماعت سے عوام بھی خود سے حقائق کا مشاہدہ کرسکے گی۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحقیقات پر ووٹنگ کا فیصلہ

    اسپیکر نینسی پلوسی کا کہنا تھا کہ یہ ووٹنگ صدر ٹرمپ اور ان کے وکیل کے لیے آئندہ ہونے والے عمل کے حقوق کا تعین کرے گی۔

    دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری نے ایوان نمائندگان سے منظور ہونے والی قرارداد پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ووٹنگ کے منصوبے نے صدر ٹرمپ کے اس بیانیے کی تصدیق کردی ہے کہ ڈیموکریٹس غیرمجاز مواخذے کی کارروائی کررہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے ہونے والی تحقیقات میں تعاون کرنے سے انکار کردیا تھا اور اس حوالے سے ضروری دستاویزات دینے سے انکار کیا تھا۔

  • 6 سال سے ویکسین کی عدم دستیابی پر اسمبلی میں قراردادیں جمع کروا رہا ہوں: خرم شیر زمان

    6 سال سے ویکسین کی عدم دستیابی پر اسمبلی میں قراردادیں جمع کروا رہا ہوں: خرم شیر زمان

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاکھوں کی تعداد میں جنگلی کتے موجود ہیں، عذرا پیچوہو نے خود اعتراف کیا کہ ہمارے پاس ویکسین موجود نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ 6 سال سے ویکسین کی عدم دستیابی پر اسمبلی میں قراردادیں جمع کروا رہا ہوں، میری قراردادوں پر مذاق اڑایا جاتا رہا ہے۔

    خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاکھوں کی تعداد میں جنگلی کتے موجود ہیں، کراچی میں اس سال کتے کے کاٹنے کے 60 ہزار کیسز سامنے آئے۔ عذرا پیچوہو نے خود اعتراف کیا کہ ہمارے پاس ویکسین موجود نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ میں انسانوں کے بچاؤ کی بیشتر دوائیں دستیاب ہی نہیں، دنیا میں کتوں کو مارا نہیں جاتا بلکہ انہیں مخصوص جگہ پر رکھا جاتا ہے۔ کتوں کے کاٹنے کے ناقابل برداشت واقعات رونما ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز شکار پور میں ایک بچے نے کتے کے کاٹنے کی وجہ سے ماں کی گود میں تڑپ تڑپ کر جان دے دی تھی، بچے کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال شکار پور لے جایا گیا لیکن اسپتال میں اینٹی ریبیز ویکیسن نہ ہونے پر بچہ دم توڑ گیا۔

    متاثرہ بچے کو شہید بے نظیر بھٹو اسپتال لاڑکانہ بھی لے جایا گیا لیکن وہاں بھی ویکسین نہ تھی، والدین بچے کو لے کر در بدر پھرتے رہے پر ویکسین نہ ملی۔

  • برطانیہ، اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر حل کرے، قرارداد منظور

    برطانیہ، اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر حل کرے، قرارداد منظور

    لیڈز: برطانوی شہر لیڈز کے سٹی کونسل اجلاس میں قرارداد منظور کرلی گئی جس میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے برطانیہ اور اقوام متحدہ سے مل کر کام کرنے کا مطالبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لیڈز سٹی کونسل میں پاس ہونے والے والی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت برطانیہ اور اقوام متحدہ مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کے لیےکردار ادا کرے۔

    قرارداد کا متن ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کروائے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلواکر مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کروایا جائے۔ قرارداد کونسل لیڈر جوڈیتھ بلیک نے پیش کی۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سال جولائی میں پاکستانی نژاد لارڈ قربان حسین کا کہنا تھا کہ اگر برطانیہ ثالث بنے تو مسئلہ کشمیر حل ہوسکتا ہے، مسئلہ کشمیر سنگین ہے۔

    برطانیہ ثالث بنے تو مسئلہ کشمیر حل ہوسکتا ہے: پاکستانی نژاد لارڈ قربان

    جولائی میں برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احد نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کانفرنس کا مطالبہ کیا تھا۔

    برطانیہ کی کاؤنٹی ساؤتھ یارکشائر کے علاقے روتھرہیم میں برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا تھا کہ برطانیہ بھی اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کانفرنس کے لیے کردار ادا کرے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ زمبابوے کی طرز پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام کانفرنس منعقد کی جائے، تاکہ اہم مسئلے کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکے۔

  • 14 اگست کو پورے ملک میں ایک ہی آواز سنائی دے گی کہ کشمیربنے گا پاکستان، شاہ محمود قریشی

    14 اگست کو پورے ملک میں ایک ہی آواز سنائی دے گی کہ کشمیربنے گا پاکستان، شاہ محمود قریشی

    مظفرآباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقدمہ کشمیرسلامتی کونسل میں پہنچنے سے پہلے کشمیریوں کی آواز وہاں پہنچنی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاکستا ن نے مسئلہ کشمیر دوبارہ سلامتی کونسل میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کشمیریوں کے ساتھ ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت مسئلہ کشمیر پرایک نظرآنی چاہیے، ہم میں اختلافات ہیں لیکن مسئلہ کشمیر پرہم ایک ہیں، متفقہ قرارداد سے دنیا کو پیغام چلا گیا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی متحد ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں کشمیری ہیں ان کو پیغام دینا چاہتا ہوں، پاکستان نے اپنا یوم آزادی مسئلہ کشمیرسے منسوب کردیا ہے، پاکستان میں 14 اگست بطوریوم یکجہتی کشمیرمنایا جائے گا۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ 14اگست کو پورے ملک میں ایک ہی آوازسنائی دے گی کہ کشمیربنے گا پاکستان، انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں ایک ہی آواز اٹھے گی تو دنیا اس کانوٹس لے گی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سے باہر رہنے والوں سے گزارش ہے کہ ان کا امتحان ہے، انہوں نے آواز نہ اٹھائی تو خون کی ہولی والی بات حقیقت بن جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکا مقدمہ مضبوط کرنے کے لیے کشمیریوں کو آوازبلند کرنی ہوگی، مقدمہ کشمیرسلامتی کونسل میں پہنچنے سے پہلے کشمیریوں کی آواز وہاں پہنچنی چاہیے۔

  • چوڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کےخلاف قرارداد

    چوڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کےخلاف قرارداد

    لاہور:پنجاب کے بازاروں میں عید الفطرکی آمد سے قبل چوڑیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی عنیزہ فاطمہ کی جانب سے جمع کروائی گئی، قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مہنگائی کے ستائے عوام پہلے ہی بہت پریشان ہیں اور اب چوڑیوں کے ریٹ بھی بڑھا دیئے ہیں۔

    قرارداد میں انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر لڑکیوں کے لیے کانچ کی نئی چوڑیاں خریدنا کسی بڑے تحفے سے کم نہیں۔چوڑیوں کا شمار خواتین کے سنگھار میں سب سے سستی آئٹم میں ہوتا ہے۔مگر موجودہ مہنگائی کی لہر نے بچیوں اور عورتوں سے یہ حق بھی چھین لیا ہے ۔

    انہوں نے قرار داد میں یہ بھی کہا ہے کہ حکومت جہاں کئی محاذوں پر ناکام ہوئی ہے وہاں چوڑیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام ہوئی ہے۔قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ چوڑیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرے۔

    یاد رہے کہ مالی سال 19-2018 کے گیارہویں ماہ (مئی) کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 0.38 فیصد اضافہ ریکار ڈ کیا گیا۔

    ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12 ہزار آمدنی، 12 ہزار تا 18 ہزار آمدنی، 18 ہزار تا 35 ہزار تک اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروہوں کے لیے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.36، 0.36، 0.33، 0.29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق بہاولپور صوبے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی، لیگی رکن حنا پرویز بٹ نے قرارداد میں جنوبی پنجاب کے ساتھ بہاولپور صوبے کا بھی مطالبہ کیا۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ حکومت نئے صوبوں کے قیام میں سنجیدہ ہے تو بہاولپور صوبہ بھی تسلیم کرے، نئے صوبوں کے قیام سے وسائل اور اختیارات برابری کی سطح پر تقسیم ہوں گے۔

    خیال رہے کہ پی ٹی آئی حکومت آئین میں ترمیم کے ذریعے جنوبی پنجاب صوبہ بنانا چاہتی ہے، یہ نیا صوبہ ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے اضلاع پر مشتمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ میں بہت سے لوگ جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں: شاہ محمود

    تاہم پاکستان مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ بہاولپور کو ایک الگ صوبہ ہونا چاہیے، اس سلسلے میں ن لیگ کی جانب سے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل بھی جمع کروایا گیا تھا۔

    مذکورہ بل میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم سے بہاولپور، جنوبی پنجاب کے صوبوں کی تشکیل کے الفاظ شامل کیے جائیں۔

    دوسری طرف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صرف ملتان تین ضلعوں کا صوبہ بنانا ممکن نہیں ہے، ترمیم کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کے لیے دیگر جماعتوں کا تعاون درکار ہے۔

  • اقوام متحدہ میں مذہب، تعصب کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف قرارداد منظور

    اقوام متحدہ میں مذہب، تعصب کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف قرارداد منظور

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی حمایت سے ترکی کی دہشت گردی کے خلاف پیش کی گئی قرار داد منظور ہوگئی، پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ دیواریں کھڑی کرنے کے بجائے امن پسندی کے پل تعمیر کرنے چاہئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں مذہب، تعصب کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف قرار داد منظور ہوگئی، قرارداد نیوزی لینڈ حملے اور اسلام دشمن رویوں کے تناظر میں پاکستان کی حمایت سے ترکی کی جانب سے پیش کی گئی تھی۔

    پاکستان نے قرارداد کے متن اور خدوخال وضع کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ بڑھتے ہوئے اسلام دشمن رویے عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرارداد اسلام دشمن رویوں پر مبنی انتہا پسندی اور تنگ نظری کی مخالفت کرتی ہے۔

    پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام اور مذاہب کو قریب لانے کی کوششوں کی حمایت کی۔

    انہوں نے کہا کہ مغرب میں انتہا پسند نسل پرست سوچ پروان چڑھ رہی ہے، نسل پرست سوچ عالمی بھائی چارے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، مذہب، رنگ و نسل کی بنیاد پر نفرت، استحصال کا نشانہ بننے نہیں دے سکتے۔

    ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے خطے میں بھی انتہا پسند گروہ مذہب کی بنیاد پر انتشار اور امن دشمنی کو فروغ دے رہے ہیں۔

  • عرب قائدین گولان پر امریکی فیصلے کے خلاف یو این سلامتی کونسل میں قرارداد لائیں گے

    عرب قائدین گولان پر امریکی فیصلے کے خلاف یو این سلامتی کونسل میں قرارداد لائیں گے

    تیونس سٹی : عرب رہ نماؤں نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک امریکا کی تقلید میں گولان کی چوٹیوں پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم کرنے سے گریز کرے۔

    تفصیلات کے مطابق تیونس کے دارالحکومت تیونس میں عرب لیگ کے سالانہ 30ویں سربراہ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ عرب قائدین گولان کی چوٹیوں پر امریکا کے فیصلے کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد لائیں گے۔

    حتمی اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ عرب ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد کا ایک مسودہ پیش کریں گے اور عالمی عدالتِ انصاف سے بھی امریکا کی جانب سے گولان پر اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم کرنے سے متعلق فیصلے کے غیرقانونی اور غلط ہونے کے بارے میں رائے حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

    عرب لیڈروں نے نان عرب ایران کو دعوت دی ہے کہ وہ اچھے ہمسائیگی کے اصول کی بنیاد پر عرب ممالک کے ساتھ مل جل کر کام کرے اور دوسرے ممالک کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرے۔

    انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کی توثیق کرتے ہیں کہ عرب ممالک اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان باہمی تعاون اور اچھے ہمسائیگی کے اصول کی بنیاد پر تعلقات استوار ہوں گے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تیونس میں اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں عرب لیگ کے آیندہ سربراہ اجلاس کے میزبان ملک کا نام نہیں بتایا گیا۔

    عرب لیگ کے اس سربراہ اجلاس میں شریک رہ نماوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گولان کی چوٹیوں پر اسرائیل کی خود مختاری تسلیم کرنے کے فیصلے پر غور کیا ہے اور ان کے اس فیصلے کو متفقہ طور پر مسترد کر دیا ہے۔

    مزید پڑھیں : گولان پر شام کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے والے اقدامات مسترد کرتے ہیں، شاہ سلمان

    اس سے قبل سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گولان کی چوٹیوں پر شام کی خود مختاری کو نقصان پہنچانے والے کسی بھی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

    شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ نے سعودی عرب کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ وہ بیت المقدس دارالحکومت کے ساتھ غربِ اردن اور غزہ کی پٹی پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اجلاس میں الجزائر اور سوڈان کے سربراہان ریاست یا حکومت نے شرکت نہیں کی ہے۔ ان دونوں ملکوں میں حکومت مخالف احتجاجی تحریکیں چل رہی ہیں جبکہ شام کی نشست بھی خالی رہی ہے۔

    اجلاس میں یمن میں جاری جنگ، فلسطین، اسرائیل تنازع اور شام کی عرب لیگ میں رکنیت کی بحالی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا ہے تاہم عرب لیگ کا کہنا کہ ابھی تک شام کی رکنیت کی بحالی کے لیے کوئی اتفاق رائے نہیں ہوا ہے۔

    عرب لیگ نے صدر بشارالاسد کی حکومت کے 2011ء کے اوائل میں پُرامن احتجاجی مظاہرین کے خلاف مسلح کریک ڈاؤن کے بعد شام کی رکنیت معطل کردی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حال ہی میں بعض عرب ممالک نے صدر بشارالاسد کی حکومت سے دوبارہ سلسلہ جنبانی شروع کردیا ہے اور اب شام کی عرب بلاک میں رکنیت کی بحالی کے لیے آوازیں بلند کی جارہی ہیں۔

  • گولان پہاڑیوں پر اقوام متحدہ کی قرارداد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، موگیرینی

    گولان پہاڑیوں پر اقوام متحدہ کی قرارداد کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، موگیرینی

    برسلز/تیونس : یورپی یونین کی سربراہ برائے خارجہ امور فیڈریکا موگیرینی کا مسئلہ فلسطین سے متعلق کہنا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ فلسطینی ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگیرینی نے تیونس کے دارالحکومت رباط میں منعقدہ عرب لیگ کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گولان ہائٹس سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو نظرانداز کرنا اس مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے۔

    میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگیرینی نے تیونس میں جاری عرب لیگ کے سالانہ اجلاس میں خطاب کے دوران کہا کہ گولان ہائٹس سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو نظرانداز کرنا اس مسئلے کا کوئی حل نہیں ہے۔

    انہوں نے یہ بات چند روز قبل امریکی صدر کی جانب سے مقبوضہ گولان پہاڑیوں کو اسرائیلی علاقے کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کے جواب میں کہی۔

    موگیرینی کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ فلسطینی ریاست کا قیام ہی اس مسئلے کا واحد حل ہے اوردو ریاستی حل کو ناقابل عمل بنانے سے روکا جائے۔

    مزید پڑھیں : گولان کی پہاڑیوں پراسرائیل کی مکمل بالادستی تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے‘ ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ 52 سال بعد امریکا شام کی گولان ہائیٹس پراسرائیل کی مکمل بالادستی تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ گولان کی پہاڑیاں اسرائیل کی سلامتی اور علاقے کے استحکام کے لیے اہمیت رکھتی ہیں۔

    امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیرخارجہ مائیک پومپیو بھی یروشلم میں ہیں۔

    واضح رہے کہ گولان کی پہاڑیاں 1200 مربع کلومیٹر پرپھیلی ایک پتھریلی سطح ہے جو کہ شامی دارالحکومت دمشق سے تقریباََ 60 کلومیٹرجنوب مغرب میں واقع ہیں۔