Tag: قرارداد

  • پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے پی پی کا بھی جدوجہد کا اعلان

    پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے پی پی کا بھی جدوجہد کا اعلان

    کراچی: پیپلز پارٹی نے پاناما لیکس کی تحقیقات نہ ہونے پر حکومت کے خلاف جدوجہد کا اعلان کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں بل پیش کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ اگر بل کی مخالفت ہوئی تو معاملے کو قوم کے سامنے لے جائیں گے۔

    یہ اعلان پیپلز پارٹی کے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ،سینیٹر اعتزاز احسن، قمر زمان کائرہ، شیری رحمان اوردیگر نے بلاول ہاؤس پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

    بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس کے حوالے سے پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کا مؤقف ایک ہی ہے، تمام پارٹیوں نے احتساب کے لیے بل پیش کیا مگر حکمراں جماعت اپنی طاقت کے ذریعے اداروں کو کام نہیں کرنے دے رہی۔

    انہوں نے حکومت کے خلاف تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ایک صاحب کہتے ہیں کہ اُن کے پاس ثبوت نہیں مگر وہ یہ بھول گئے کہ تفتیش کا مقصد ثبوت جمع کرنا ہے، میاں محمد نوازشریف کے خلاف تحقیقات کے لیے ادارے مختلف بہانے بنارہے ہیں جس کے یہ بات سامنے آتی ہے کہ تمام ادارے مسلم لیگ ن کے تابع نظر آتے ہیں‘‘۔

    پیپلزپارٹی کے سینیٹر نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کا الزام ایک آزاد بین الاقوامی ادارے کی جانب سے لگایا گیا اگر اس میں کوئی اور کاروباری شخصیت نامزد ہوتی تو نیب اور دیگر ادارے اُس کی گرفتاری کے لیے مقابلہ کرتے مگر نوازشریف اور اُن کے اہل خانہ کی تفتیش کے معاملے میں سب خاموش ہیں جو اس بات کی غمازی ہے کہ تمام ادارے مسلم لیگ کے تابع ہیں۔

    اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے پارلیمنٹ میں معاملہ اٹھایا جائے گا اگر حکومت نے بل کی مخالفت کی تو عوام کو تمام حقائق سے آگاہ کریں گے اور یہ بات سوچنے پر مجبور ہوں گے کہ وزیر اعظم نے بہت کچھ کیا جسے چھپایا جارہا ہے، اگر حکومت نے پارلیمنٹ میں بات نہ سنی تو سڑکوں پر آجائیں گے‘‘۔

    اس موقع پر قمر زمان کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی ترجمان مسلسل کہہ رہے ہیں کہ قومی یکجہتی کی ضرورت ہے مگر وہ احتساب کے لیے تیار نہیں تاہم قومی یکجہتی کی چابی حکومت کے پاس ہے ۔

    اسٹیٹ لائف کی نجکاری کے حوالے سے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کسی صورت یہ نجکاری نہیں ہونے دے گی کیونکہ حکومت نے پاکستان اسٹیل کے ساتھ بھی یہی عمل کر کے بندر بانٹ کی، تاہم اب کسی صورت حکومت کو اس کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان اسٹیل کی 157 ایکڑ اراضی پنجاب حکومت کو دی گئی اور یہ عمل نجکاری کے بعد کیا گیا تاکہ صوبہ کسی قسم کی مداخلت نہ کرسکے، پی پی ماضی سے بہت کچھ سیکھ چکی ہے اس لیے اب مزید بند بانٹ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

    خارجہ پالیسی اور سی پیک پر گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کا کہنا تھا کہ ’’حکومت کسی بھی اپوزیشن جماعت کو ان دونوں معاملات پر تفصیلات دینے کے لیے تیار نہیں، موجودہ صورتحال میں کہیں بھی وزیر خارجہ کا کردار نہیں دکھ رہا‘‘۔

    بعدازاں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اقتصادی امور  اور خارجہ پالیسی پر گہری نظر رکھی ہوئی ہے، بھارت کی جانب سے الفاظ کی جنگ چل رہی ہے تاہم پڑوسی ملک یاد رکھے کہ جنگ مسائل کا حل نہیں ہے۔

    بھارتی وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہاکہ کوئی بھی ملک سندھ طاس معاہدے پر یک طرفہ فیصلہ نہیں کرسکتا ، پانی کا مسئلہ بہت سنگین معاملہ ہے پڑوسی ملک اس حوالے سے دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند کرے۔

  • یمن جنگ : وزیر اعظم نے غلطی کی تو بڑی قیمت چکانی پڑے گی،خورشید شاہ

    یمن جنگ : وزیر اعظم نے غلطی کی تو بڑی قیمت چکانی پڑے گی،خورشید شاہ

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمان کی قرارداد کے خلاف بات کی تو بڑی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔

    سید خورشیدشاہ نے کہا کہ پارلیمانی قرارداد کےبعد وزیراعظم کو وضاحت کے بجائےحکومتی پالیسی دینی چاہئیے تھی۔

    انہوں نے کہا کہ یمن میں پاکستانی فوج بھیجنے کے بارے میں فیصلہ ہوا تھا کہ پاکستان کسی کی جنگ نہیں لڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پارلیمینٹ کی قرارداد واضح تھی کہ اگر سعودی عرب کی جغرافیائی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پاکستان شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وزیراعظم کوئی بڑی غلطی نہیں کریں گے۔

  • سندھ اسمبلی: اسلام آباد دھرنوں کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

    سندھ اسمبلی: اسلام آباد دھرنوں کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی سورٹھ تھیبو کی اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے خلاف پیش کی گئی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔جبکہ ایم کیو ایم نےبلدیاتی انتخابات جلد کرانےکی قرارداد بھی اسمبلی میں پیش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے آج ہونےوالے اجلاس میں مسلم لیگ ن کی رکن سورٹھ تھیبو کی جانب سے اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

    قرارداد کے متن کے مطابق تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں میں وزیراعظم پاکستان سمیت بیشتر قومی رہنماؤں کی تضحیک کی جارہی ہے۔ اسمبلی میں ایم کیو ایم کےرکن سندھ اسمبلی کامران اختر نے صوبے میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے کی قرارداد بھی پیش کی ۔

    قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی ادارے نہ ہونے کی وجہ سےسترفیصد ریونیودینے والا شہر زبوں حالی کا شکارہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تین کروڑعوام پررحم کھاتے ہوئے بلدیاتی انتخابات فوری کرائے جائیں۔

  • فرقہ وارانہ تشدد:ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں قراردادجمع کرادی

    فرقہ وارانہ تشدد:ایم کیو ایم نے سندھ اسمبلی میں قراردادجمع کرادی

    کراچی: ایم کیو ایم نے کراچی میں پارلیمانی اجلاس میں فرقہ وارانہ تشدد کی مذمت کرتے ہوئے قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی۔

    سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں کراچی میں گزشتہ ہفتے فرقہ وارانہ ہلاکتوں کے واقعات پر شدید مذمت کا اظہا ر کیا گیا۔

    ایم کیو ایم کے رہنما عبدالحسیب خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  کراچی میں فرقہ وارانہ ہلاکتوں سے شہر میں خوف وہراس پھیلایا جارہا ہے ۔

    عبدالحسیب خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے فرقہ وارانہ ہلاکتوں کے واقعات کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔

  • چودھری اسلم کی دہشتگردی کیخلاف خدمات پر سینیٹ میں قرارداد منظور

    چودھری اسلم کی دہشتگردی کیخلاف خدمات پر سینیٹ میں قرارداد منظور

    کراچی میں دہشتگردی سے بنردآزما ایس پی سی آئی ڈی چودھری اسلم شہید کی خدمات کے اعتراف میں سینیٹ میں قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی گئی۔

    سینیٹ میں چودھری اسلم کی خدمات کے اعتراف کی قرارداد سینیٹر سعید غنی نے پیش کی، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ایس پی چوہدری اسلم نے دہشتگردوں کیخلاف لڑتے ہوئے قوم کیلئے قربانی دی، وہ ایک ایک بہادر افسر تھے۔

    یہ ایوان دہشتگردی کے خلاف چودھری اسلم کی خدمات کو خراج تحسین اور شہید چودھری اسلم کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے، قرارداد میں چوہدری اسلم کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کیا گیا۔

    سینیٹ میں چودھری اسلم اور قانون نافذ اداروں کے شہدا اور خیبر پختون خوا میں اسکول کے بچوں کو خودکش حملے سے بچانے والے اعتزاز کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کرائی گئی۔
           

  • اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کیخلاف قرارداد متفقہ طور پرمنظور

    اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کیخلاف قرارداد متفقہ طور پرمنظور

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے، قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈرون حملوں کے استعمال کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق بنایا جائے پہلی مرتبہ اقوام متحدہ میں ڈرون حملوں کے خلاف قرارداد پیش کی گئی ہے جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔

    دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے ہم خیال ممالک کے ساتھ مل کر یہ قرارداد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کی، قرارداد میں ممبر ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ انسداد دہشتگردی کے لیے استعمال کیے جانے والے ڈرونز بین الالقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے مطابق ہوں۔

    قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ڈرون حملوں کی قانونی حیثیت پر مختلف ممالک کے مابین معاہدے کیے جائیں، وزارت خارجہ کے مطابق اگلے برس مارچ میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بحی ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔