کراچی (20 اگست 2025): گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کے بعد ہونے والی تباہی کے بعد کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہر قائد کے بارش سے شدید متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ سندھ حکومت کے اقدامات نے کراچی کو صوبے سے الگ کر کے رکھ دیاہے۔ اگر شہر کا کچرا صاف کر لیا جائے تو چالیس ملی میٹر گنجائش والے نالے بھی سارا پانی نکال سکتے ہیحں۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ کا صرف وزیراعظم کو فون کرنے سے ان کی ذمہ داری پوری نہیں ہوگی، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔
ایم کیوایم پاکستان کا کراچی کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ ،، فاروق ستار نے کہاحکومتی اقدامات نے کراچی کو سندھ سے الگ کرکے رکھ دیا۔شہر کا کچرا صاف کرلیاجائے تو چالیس ملی میٹر کیپسٹی والے نالے ساراپانی نکال سکتے ہیں۔وزیراعلیٰ کو فون کرنے سے وزیراعظم کی ذمے داری پوری نہیں ہوگی،، ہم سے بھی رابطہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی اداروں کے دعوے کل کی بارش کیساتھ بہہ گئے۔ گزشتہ روز بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں نے رات سڑکوں پر گزاری۔ کراچی میں بارش کے دوران جن لوگوں کے نقصانات ہوئے، وہ کون پورا کریگا۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ حکومت اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کو مانے۔ لوگوں کی آنکھوں میں کب تک دھول جھونکیں گے۔ وسائل، اختیارات سمیت سب کچھ تمہارے پاس ہے تو کام تو کرو۔ سندھ حکومت کو 22 ہزار ارب روپے ملے، ان کا حساب دیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق مزید دو روز تک بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی بارش میں مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ہزاروں لوگ اپنی گاڑیوں سمیت برساتی پانی میں پھنس گئے جب کہ کئی نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو اذیت ناک تکلیف کا سامنا ہے۔