Tag: قربانی

  • کہاں بن رہے ہیں قربانی کے جانوروں کے شناختی کارڈ؟ ویڈیو رپورٹ میں دیکھیں

    کہاں بن رہے ہیں قربانی کے جانوروں کے شناختی کارڈ؟ ویڈیو رپورٹ میں دیکھیں

    کسی انسان کی شناخت اس کے شناختی کارڈ سے ہوتی ہے مگر اس بار عیدالاضحیٰ پر مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کے شناختی کارڈ بن رہے ہیں۔

    جی ہاں یہ کوئی مذاق نہیں بلکہ حقیقت ہے۔ کراچی میں اس سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں میں فروخت کے لیے لائے جانے والے قربانی کے جانوروں گائے، بیل کے شناختی کارڈ بنائے جا رہے ہیں۔

    ہر سال مویشی منڈیوں میں دھوکا دہی کے واقعات سامنے آتے ہیں جس میں بیوپاری جھوٹے دعوے کر کے اپنے جانور سادہ لوح افراد کو فروخت کرتے ہیں لیکن اب ایسا ممکن نہیں رہے گا۔

    کیونکہ کراچی کے چند ہونہار نوجوانوں نے جانوروں کے لیے ایک ایسی منفرد ڈیجیٹل ایپ متعارف کروائی ہے۔ جس میں جانور کی تصویر کھینچ کر اس کی صحت اور عمر کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

    صرف ایک کلک پر جانیے کہ جو جانور آپ خریدنا چاہتے یہں اس کی عمر اور صحت کیسی ہے۔

    یہ منفرد ایپ بنانے والے طالبعلم کہتے ہیں کہ اب کوئی بھی خریدار گائے یا بیل کے دانتوں کی تصویر اسکین کرکے تسلی کر سکتا ہے کہ وہ جانور صحت مند ہے یا نہیں۔

    کراچی کے نوجوانوں کی یہ کوشش نہ صرف قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کو شفاف بنانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے بلکہ پاکستان میں لائیو اسٹاک ڈیجیٹلائزیشن میں ایک نئی راہ بھی ہموار کروا رہے ہیں۔

  • بھارت: گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد

    بھارت: گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش میں گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    بھارتی اخبار نیشنل ہیرالڈ کی ایک رپورٹ کے مطابق قانون کی آڑ میں بھارتی مسلمانوں کے خلاف مودی سرکار کی جنگ جاری ہے، اور مودی کے دور حکومت میں اقلیتوں کو مذہبی تہوار منانا بھی جرم بن گیا ہے۔

    عید قرباں قریب آتے ہی بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا طوفان اٹھنا شروع ہو گیا، بھارتی اخبار نے رپورٹ کیا ہے کہ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ نے عید قرباں قریب آتے ہی سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اُترپردیش میں گائے، اونٹ سمیت دیگر جانوروں کی قربانی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، یو پی میں کھلی جگہ پر نماز کی ادائیگی اور جانور ذبح کرنے پر پابندی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔


    مسلمانوں کو جم میں بالکل نہ آنے دینا! بھارتی پولیس کی دھمکی کی ویڈیو وائرل


    نیشنل ہیرالڈ کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ نے حکم کی پاسداری نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم بھی دے دیا ہے، اخبار کا کہنا ہے کہ اترپردیش میں قربانی پر پابندی لگا کر مسلمانوں کے بنیادی حق کو کچلا جا رہا ہے، ہر عید پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنا مودی اور یوگی حکومت کی پرانی روایت ہے۔

    مسلمانوں کی عید پر بندشیں اور ہندو تہواروں پر کھلی چھوٹ انڈیا میں ہندوتوا نظریے کو پروان چڑھانا ہے۔

  • مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کے جانور کی قیمت کیا ہے؟

    مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کے جانور کی قیمت کیا ہے؟

    کراچی: ناردرن بائی پاس مویشی دوست منڈی میں جانوروں کی آمد کا 36 واں روز ہے، منڈی کے ایڈمنسٹریٹر کا کہنا ہے کہ منڈی میں جانوروں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر شہاب علی نے کہا ہے کہ مویشی منڈی میں خرید و فروخت کا عمل جوش و خروش سے جاری ہے، ملک بھر سے فروخت کے لیے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس منڈی میں ساڑھے 3 سے 4 لاکھ جانوروں کی گنجائش ہے، منڈی میں بیل، گائے، بکرے، بھیڑیں اور اونٹ خرید و فروخت کے لیے دستیاب ہیں، جب کہ گائے، بکرے، اونٹ اور دمبے خریدنے والوں کی آمد میں بھی روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔


    خاتون سمیت 2 ملزمان نے جعلی نوٹ دے کر دنبہ خرید لیا


    ایڈمنسٹریٹر کے مطابق مویشی منڈی کے جنرل بلاکس میں ڈیڑھ من کا جانور 1 لاکھ 60 ہزار میں دستیاب ہے، جب کہ ساڑھے 3 من کا جانور 2 لاکھ 25 ہزار میں دستیاب ہے، انھوں نے بتایا کہ منڈی میں ہزاروں سے لاکھوں روپے تک کے جانور موجود ہیں، اور خریدار اپنی استطاعت اور بیوپاری اپنی مانگ کے مطابق بھاؤ لگا رہے ہیں۔

  • عازمین حج سے قربانی کے لیے کتنی رقم لی جا رہی ہے؟

    عازمین حج سے قربانی کے لیے کتنی رقم لی جا رہی ہے؟

    اسلام آباد: پاکستانی عازمین حج قربانی کی مد میں مجموعی طور پر 9 ارب 94 کروڑ 61 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ کریں گے۔

    ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین حج سے جانوروں کی قربانی کے لیے فی کس 55 ہزار 500 روپے لیے جا رہے ہیں، سرکاری حج اسکیم کے تحت 35 ہزار سے زائد عازمین نے قربانی کی رقم جمع کرا دی۔

    وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ عازمین نے سرکاری حج کے تحت مجموعی طور پر 1 ارب 94 کروڑ 25 لاکھ روپے جمع کرا دیے ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان سے رواں سال 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمین سرکاری اور نجی اسکیم کے تحت حج ادا کریں گے، 89 ہزار 605 عازمین سرکاری اسکیم اور اتنے ہی پرائیویٹ اسکیم کے تحت حجاز مقدس جائیں گے۔

  • عیدالاضحیٰ کا تیسرا روز، اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری

    عیدالاضحیٰ کا تیسرا روز، اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کا سلسلہ جاری

    ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور آج تیسرے روز بھی مسلمان اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے۔ آج عید کا تیسرا دن ہے اور اہل اسلام سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے آج بھی اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی پیش کر رہے ہیں۔

    لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت شہر، شہر، قصبوں اور دیہات میں اونٹ نحر جب کہ گائے، بیل، بکرے اور دنبے ذبح کیے جا رہے ہیں۔ پہلے اور دوسرے روز کی نسبت آج قصابوں کے نخرے کم ہیں۔

    جو افراد قربانی کرکے فارغ کرکے فارغ ہوچکے ہیں وہ اپنے گھر دعوت اور گوشت کی تقسیم سے فارغ ہوکر آج دعوتیں اڑانے اپنے رشتے داوں اور دوست احباب کے گھر جائیں گے۔

    دوسری جانب قربانی کے بعد کہیں آلائشیں بر وقت اٹھائی جا رہی ہیں تو کہیں رہائشی علاقوں اور سڑکوں پر آلائشیں پڑے رہنے کے باعث تعفن پیدا ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔

    گورنر سندھ نے زخمی اونٹنی کو ’’سندھ کی رانی‘‘ کا نام دے دیا

    عید کے پہلے اور دوسرے روز سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے فراغت کے بعد عوام سیاحتی مقامات کا بھی رخ کررہے ہیں، مری، گلیات اور شمالی علاقوں کی جانب لوگ دوست احباب کے ساتھ تفریح کے لیے رواں دواں ہیں۔

  • پاکستانی عازمین حج کو قربانی سے متعلق اطلاع کیسے ملے گی؟

    پاکستانی عازمین حج کو قربانی سے متعلق اطلاع کیسے ملے گی؟

    سعودی عرب میں حج انتظامات کو وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں فرزندان اسلام مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے مکہ مکرمہ میں سرکاری عازمین حج سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے عازمین حج کی رہائش کے دورے کے دوران انتظامات کا جائزہ لیا۔

    وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک کا کہنا تھا کہ پاکستانی عازمین حج کو جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب منی منتقل کردیا جائے گا۔

    معاونین حج اور پیرامیڈیکل اسٹاف مشاعر میں بھی عازمین حج کے ساتھ رہے گا۔ منی اور عرفات میں مکتب کی سہولتوں کے لیے پاکستان حج مشن مسلسل مصروف عمل ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عازمین حج کو قربانی سے متعلق اطلاع پاک حج ایپ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ وزارت میں قربانی کی رقم جمع کروانے والے عازمین کی قربانی 10 ذی الحجہ کی عصر تک مکمل کی جائے گی۔

    اس موقع پروفاقی وزیر چوہدری سالک نے عازمین حج کے لئے کئے گئے سرکاری انتظامات کی تعریف اور حکومتی اقدامات کو سراہا، انہوں نے کہا کہ عازمین حج امت مسلمہ، اپنے وطن پاکستان اور وزارت کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

    دوسری جانب سعودی ہلال احمر اتھارٹی نے مسجد الحرام کے اطراف ٹاورز سے ایئرایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ہے۔

    وزیر صحت اور اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین فہد الجلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت کی جانب سے اُٹھایا جانے والا یہ اقدام حج 2024 کے دوران عازمین کی سیفٹی، ان کی جان بچانے اور صحت خدمات کے حوالے سے مملکت کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

    حج کے دوران چلائے جانے والے یہ سروس ایک مربوط صحت نظام کا حصہ ہے جو ہنگامی کال موصول ہونے اور سروس فراہم کرنے سے شروع ہوکر مریض کے خصوصی صحت مرکز تک منتقل کرنے پر ختم ہوتی ہے۔

    سعودی عرب: عازمین حج کیلئے ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز

    ایئرایمبولینس سروس مختلف مقامات پر مریضوں تک تیزی سے پہنچنے، ہنگامی طبی خدمات کی فراہمی، اور مریضوں کو مختصر وقت میں صحت مراکز تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

  • پولیس کی قربانی سے ہی ملک میں امن کا قیام ممکن ہوتا ہے: جاوید عالم اوڈھو

    پولیس کی قربانی سے ہی ملک میں امن کا قیام ممکن ہوتا ہے: جاوید عالم اوڈھو

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ پولیس کی قربانی سےہی ملک میں امن کا قیام ممکن ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس آج یوم شہدا پولیس ڈے منارہی ہے اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم شہدا پولیس کے دن محنت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ آج کا دن پورے پاکستان کی پولیس کیساتھ پورے ملک کیلئے اہم ہے، آج کا دن ایڈیشنل آئی جی کے پی کے سفر غیور کے نام سے منسوب ہے۔

    جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سفر غیور کی بہادری پر کتاب لکھی جائےگی، پولیس کی قربانی سے ہی ملک میں امن کا قیام ممکن ہوتا ہے۔

    دوسری جانب کراچی میں پولیس شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ڈیفنس فیز 8 میں ریس کا انعقاد کیا گیا۔

    5کلومیٹر طویل ریس میں خواتین اور مردوں نے حصہ لیا جبکہ سندھ پولیس کے افسران، اہلکار اور عام شہری بھی ریس میں شریک ہوئے۔

  • قربانی ایک رسم نہیں بلکہ عالمگیر جذبہ ہے، وزیر اعظم

    قربانی ایک رسم نہیں بلکہ عالمگیر جذبہ ہے، وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے عید کے پُر مسرت موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قربانی ایک رسم نہیں بلکہ عالمگیر جذبہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ٹوئٹ میں لکھا ہے: ’’عید کے پُر مسرت موقع پر پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔‘‘

    وزیر اعظم نے لکھا ’’حضرت ابراہیمؑ نے اللہ کی بارگاہ میں قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل اللہ کو اتنا پسند آیا کہ اسے اُمتِ محمدیؐ کے لیے بطور عبادت لازم قرار دے دیا، یاد رکھیں! قربانی ایک رسم نہیں بلکہ ایک عالمگیر جذبہ ہے۔‘‘

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قربانی کا مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لیے اپنی متاع حیات کو اللہ کے راستے میں قربان کرنا ہے، کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔

    انھوں نے لکھا: ’’اہلیان پاکستان اور پوری دنیا کے تمام مسلمانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں، اللہ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل کرے اور ہم سب کے اعمال صالحہ کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔‘‘

  • قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والے افراد گرفتار

    قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والے افراد گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گزشتہ روز فائرنگ کر کے قربانی کے بھینسے کو ذبح کرنے والے افراد کے خلاف اینیمل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا، فائرنگ کرنے والے کئی افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قربانی کے بھینسے کو فائرنگ کر کے ذبح کرنے والوں کے خلاف سچل تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا اور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جانور کے مالک نے ناتجربہ کار قصائی بلوایا جو بھینسے کو سنبھال نہ سکا اور جانور رسیاں تڑوا کر بھاگ گیا۔

    مقدمے میں کہا گیا کہ جانور قابو میں نہ آیا تو مالک نے مسلح ساتھیوں کی مدد لی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے بیشتر مسلح افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا گیا، بیشتر مسلح افراد کے پاس اسلحے کے لائسنس تھے۔

    پولیس کے مطابق مقدمے میں اینیمل ایکٹ سمیت دیگر دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز عید کے دن سپر ہائی وے سے متصل ہاؤسنگ سوسائٹی میں پیش آیا جب قربانی کا جانور بے قابو ہو کر دوڑ پڑا، بپھرے بھینسے کو قابو کرنے کی ناکام کوششوں کے بعد ‏اسے گولیاں ماری گئیں۔

    جانور کے مالک اور اہل علاقہ نے کلاشنکوف، رپیٹر اور ٹی ٹی کے ذریعے بھینسے کو نشانہ بنایا اور کھلے عام فائرنگ کرتے رہے، ٹانگ پر گولی لگنے سے بھینسا زخمی ہو گیا۔

    ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے گزشتہ روز ہی کارروائی کی اور ویڈیو میں دکھائی دینے والے 3 سے 4 افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • کویت: موسمی قصائیوں کے خلاف حکومت کا سخت اقدام

    کویت: موسمی قصائیوں کے خلاف حکومت کا سخت اقدام

    کویت سٹی: مقامی بلدیہ نے احکامات جاری کیے ہیں کہ موسمی قصائیوں پر 700 دینار کا جرمانہ عائد یا انہیں ملک بدر کیا جائے گا، ایسے قصائی چلتی پھرتی بیماری ہیں۔

    کویتی میڈیا کے مطابق جہرا گورنریٹ میں کویت میونسپلٹی برانچ میں صفائی اور روڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر فہد القریفہ نے عید الاضحٰی کے دوران موسمی قصابوں کو غیر قانونی خدمات فراہم کرنے سے روکنے کی ہدایات جاری کی ہیں جبکہ ان کو روکنے کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔

    ڈائریکٹر فہد القریفہ نے تصدیق کی کہ عید الاضحٰی کے دنوں میں گورنریٹس کے ذبح خانوں میں ہجوم کا فائدہ اٹھا کر غیرقانونی سروس پیش کرنے والے غیر قانونی قصائیوں پر بلدیہ کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے نشاندہی کی کہ عید الاضحٰی کے دوران نظر آنے والے موسمی قصائی گلیوں میں فروخت کنندگان کے زمرے میں آتے ہیں جن پر قانون کی خلاف ورزی کے نتیجے میں 700 دینار یا انتظامی جلا وطنی جیسے جرمانے عائد کیے جائیں گے۔

    ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ان موسمی قصائیوں کو روکنا اس لیے ضروری ہے کہ ان کے گندے اوزاروں کے استعمال سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ لوگ اس عمل اور اس کے ساتھ ساتھ وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کو روکنے میں دفاع کی پہلی لائن ہیں۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے قصائیوں کے ذریعہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ نے خطرے کو مزید بڑھا دیا ہے خاص طور پر اگر وہ کرونا سے متاثر ہیں۔ القریفہ نے نشاندہی کی کہ نجی مکانات اور گھروں کے اندر قصائیوں کی نگرانی کے لیے بلدیہ کے پاس کوئی طریقہ کار موجود نہیں ہے۔