Tag: قربانی کا جانور

  • قربانی کا جانور باندھنے پر جھگڑا، چھری کے وار سے نوجوان جاں بحق

    قربانی کا جانور باندھنے پر جھگڑا، چھری کے وار سے نوجوان جاں بحق

    کراچی: قربانی کا جانور باندھنے پر جھگڑے کے دوران ایک نوجوان کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھوکھرا پار میں 25 سالہ معیز کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا گیا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول نے عید قربان کے لیے جانور خریدا تھا اور باڑے میں باندھا تھا جس پر جھگڑا ہوا۔

    اہل خانہ کے بیان کے مطابق مقتول معیز اپنا جانور لینے گیا تو باڑے والوں نے اضافی رقم مانگی، مقتول موٹر سائیکل پر بیٹھا تو نامعلوم شخص نے چھری کے وار کر کے قتل کر دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، ملزم قتل کے بعد فرار ہو گیا ہے، جب کہ قتل کے واقعے سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہے، مقتول کی لاش بھی جناح اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔

  • مہنگی گاڑی میں آنے والے چور قربانی کا جانور لے اڑے، ویڈیو وائرل

    مہنگی گاڑی میں آنے والے چور قربانی کا جانور لے اڑے، ویڈیو وائرل

    کراچی: شہر قائد میں چور اب مہنگی گاڑیوں میں آ کر قربانی کے جانور چوری کرنے لگے ہیں، ایسی ایک واردات کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا، انچولی میں گزشتہ روز صبح سویرے جانور چوری کی واردات ہوئی ہے، کار میں آنے والا ایک چور 10 سیکنڈ میں قربانی کا جانور لے اڑا۔

    واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں کار سوار چوروں کو گلی کے کونے پر رکتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، چور اتر کر گلی میں گیا اور گاڑی چل پڑی، دس سیکنڈ میں چور گائے کھول کر لے آیا۔

    چور کو گاڑی کے پیچھے جاتے دیکھا جا سکتا ہے، چور گائے کو پیدل چلاتا ہوا گلی سے باہر لے گیا۔

  • کراچی : قربانی کا جانور گھمانے کا شوق کیسے معصوم بچے کی جان لے گیا، ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : شہر قائد میں قربانی کا جانور گھمانے کا شوق معصوم بچے کی جان لے گیا، بچے کے پاؤں بیل کی رسی میں لپٹ گئے اور ایک کلومیٹر تک رگڑتا ہوا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی الیون جی میں قربانی کا جانور گھمانے کے شوق میں بچہ کی جان چلی گئی، اہلخانہ نے بتایا کہ 12 سالہ ابرہیم دوستوں کے ساتھ جانور گھما رہا تھا کہ بیل بپھر کر دوڑنے لگا، بیل رسی چھڑا کر بھاگا تو رسی بچے کے پاؤں سے لپٹ گئی اور بچہ ایک کلومیٹر تک رگڑتا ہواگیا۔

    رسی میں لپٹا دیکھ کر بچے کو لوگوں نے بچانے کی کوشش کی ، بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن شدید چوٹیں لگنے سے12 سالہ ابراہیم دم توڑ گیا۔

    حادثے کی سی سی ٹی وی اے آر وائی نیوز نےحاصل کرلی، فوٹیج میں بچے کے پاؤں بیل کی رسی میں لپٹے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اہلخانہ کا کہنا تھا کہ حادثہ کل شام کو پیش آیا تھا، بچے کی تدفین کردی گئی ہے۔

  • قربانی کے جانور کو کرنٹ لگ گیا (ویڈیو)

    قربانی کے جانور کو کرنٹ لگ گیا (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر ملت ٹاؤن میں قربانی کے جانور کو کرنٹ لگ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر میں قربانی کا ایک جانور کرنٹ کی زد میں آ گیا، تاہم اس سے قبل کہ جانور ہلاک ہو جاتا، مالک نے اسے فوری طور پر ذبح کر دیا۔

    جیسے ہی علاقہ مکینوں نے دیکھا کہ جانور کو کرنٹ لگ گیا ہے، وہ بھی فوری طور پر جانور کے مالک کی مدد کے لیے پہنچے اور جانور کو ذبح کروانے میں مدد کی، جس کی وجہ سے مالک مزید نقصان سے بچ گیا۔

    واضح رہے کہ آج مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل شروع ہوا، جس سے کراچی کے مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا، اور کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات پیش آئے۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے پر قائم بڑی مویشی منڈی میں رواں سال کا سب سے بڑا اور سب سے مہنگا جانور آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں ایک بیل کی قیمت سوا کروڑ روپے لگا دی گئی ہے، پہلی بار منڈی میں اتنا مہنگا جانور فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، مالک نے جانور کا نام بادل رکھ دیا ہے۔

    قربانی کی غرض سے منڈی میں لائے گئے بیل کی قیمت 1 کروڑ روپے سے بھی زائد دیکھ کر منڈی جانے والے حیران رہ گئے ہیں، بڑی تعداد میں شہریوں نے بادل نامی اس بیل کو دیکھنے کے لیے منڈی کا رخ کیا۔

    دوسری حیران کن بات یہ ہے کہ ایک شوقین خریدار نے بادل نامی جانور کی 85 لاکھ روپے کی آفر کر دی ہے، تاہم بادل کا مالک کم قیمت پر اسے فروخت کے لیے تیار نہیں۔

    کراچی مویشی منڈی کی جان سمجھے جانے والے بادل کا وزن ایک ٹن سے زائد ہے، مالک کا کہنا ہے کہ یہ دودھ، مکھن اور اصلی گھی بھی کھاتا ہے۔

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    واضح رہے کہ کراچی کی مویشی منڈی کے اوقات کار مختص کر دیے گئے ہیں، آج سے منڈی شام 7 بجے بند کر دی جائے گی، منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    گزشتہ رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔

  • کراچی میں قربانی کا تناسب 33 فیصد رہا

    کراچی میں قربانی کا تناسب 33 فیصد رہا

    کراچی: صوبائی وزیربلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کی لینڈ فل سائٹ پر 10 لاکھ سے زائد آلائشیں لائی گئیں، شہر میں قربانی کا تناسب تینتیس فیصد رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر بلدیات نے میڈیا کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی مردم شماری کے مطابق ایک کروڑ ساٹھ لاکھ ہے ، صرف ضلع وسطی میں 4 لاکھ 37 ہزار جانور ذبح کیے گئے ہیں۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کےلیے مختص کی گئی لینڈ فل سائٹ پر دس لاکھ سے زائد آلائشیں تلف کرنے کے لیے لائی گئیں ہیں۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ حالیہ خانہ شماری کے مطابق کراچی میں 30 لاکھ گھر ہیں جبکہ دس لاکھ سے زائد قربانیاں ہوئی ہیں ، جس کے مطابق شہر میں قربانی کا تناسب 33 فیصد رہا ہے۔

    یا درہے کہ گزشتہ روز سعید غنی نے شہر سے نو لاکھ اسی ہزار آلائشیں اٹھانے کا دعویٰ کیا تھا جس پر شدید تنقید ہوئی تھی۔ میئر کراچی ، ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ شہر میں تین لاکھ سے پانچ لاکھ جانوروں کی قربانی ہوئی ہے، سعید غنی غلط اعدادو شمار بیان کررہے ہیں۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی تعداد بتانے کا مقصد انہیں اٹھانے کے لیےمختص کی گئی رقم میں خرد برد کرنا ہے،کم از کم شہریوں کے مسائل تو حل کیے جائیں۔

    دوسری جانب ٹینز ایسوسی ایشن کے سربراہ گلزار فیروز کا کہنا تھا کہ رواں سال کراچی سے ایک لاکھ قربانی کی کھالیں جمع کی گئی ہیں۔ یاد رہے کہ کھالیں جمع کرنے کا کام عید کے تین دن میں انجام دیا جاتا ہے اور اس کے بعد یہ سلسلہ انتہائی سست ہوجاتا ہے۔