Tag: قربانی

  • شیخ رشید نے قربانی کیلئے ساڑھے 3 لاکھ کے دو اونٹ خرید لئے

    شیخ رشید نے قربانی کیلئے ساڑھے 3 لاکھ کے دو اونٹ خرید لئے

    لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے قربانی کے لئے ساڑھے 3 لاکھ کے دو اونٹ خرید لئے اور کہا بچپن سے قربانی کا جانور کوخریدنے جاتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوےشیخ رشید قربانی کیلئےاونٹ خریدنےمویشی منڈی پہنچ گئے، شیخ رشید نے کہا بچپن سے قربانی کا جانور کوخریدنے جاتا ہوں، بیماری کے باوجود خود مویشی منڈی گیا، بھاؤتاؤ کرنے بعد دو خوبصورت اونٹ ساڑھے تین میں خرید لئے۔

    خیال رہے عید قرباں میں صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے ، سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد مویشی منڈیوں میں موجود ہے اور مختلف شہروں کی مویشی منڈی میں خریداروں اوربیوپاریوں میں بحث و تکرارجاری ہے۔

    ملک بھرمیں ہفتہ کوسنت ابراہیمی اداکی جائے گی، جس کےلیے قربانی کے خواہشمند من پسند جانورمناسب قیمت پرخریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگرلاپرواہی برتی گئی تووائرس کےزیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سےہی صورتحال پر قابو پاسکتے ہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا کیسزمیں کمی آئی، قوم سے گزارش کرتا ہوں ایس اوپیزپرعملدرآمد یقینی بنائیں، عیدالفطر پر کی گئی غلطی کو دہرایا گیا تو اسپتال بھر جائیں گے۔

  • کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی کی مویشی منڈی میں سوا کروڑ کے جانور نے سب کو حیران کر دیا

    کراچی: شہر قائد میں سپر ہائی وے پر قائم بڑی مویشی منڈی میں رواں سال کا سب سے بڑا اور سب سے مہنگا جانور آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مویشی منڈی میں ایک بیل کی قیمت سوا کروڑ روپے لگا دی گئی ہے، پہلی بار منڈی میں اتنا مہنگا جانور فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، مالک نے جانور کا نام بادل رکھ دیا ہے۔

    قربانی کی غرض سے منڈی میں لائے گئے بیل کی قیمت 1 کروڑ روپے سے بھی زائد دیکھ کر منڈی جانے والے حیران رہ گئے ہیں، بڑی تعداد میں شہریوں نے بادل نامی اس بیل کو دیکھنے کے لیے منڈی کا رخ کیا۔

    دوسری حیران کن بات یہ ہے کہ ایک شوقین خریدار نے بادل نامی جانور کی 85 لاکھ روپے کی آفر کر دی ہے، تاہم بادل کا مالک کم قیمت پر اسے فروخت کے لیے تیار نہیں۔

    کراچی مویشی منڈی کی جان سمجھے جانے والے بادل کا وزن ایک ٹن سے زائد ہے، مالک کا کہنا ہے کہ یہ دودھ، مکھن اور اصلی گھی بھی کھاتا ہے۔

    جانوروں کی خریداری نہ ہوئی تو ملکی معیشت کو دھچکا لگے گا: مویشی بیوپاری

    واضح رہے کہ کراچی کی مویشی منڈی کے اوقات کار مختص کر دیے گئے ہیں، آج سے منڈی شام 7 بجے بند کر دی جائے گی، منڈی انتظامیہ نے حکومتی اعلان پر من وعن عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ترجمان کا کہنا تھا کہ آج شام 7 بجے مویشی منڈی میں خریداری بند کر دی جائے گی، حکومتی اعلانات کی روشنی میں منڈی کے دروازے شام سات شہریوں کے لیے بند کر دیے جائیں گے، بیوپاری حضرات کے مویشی فروخت کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

    گزشتہ رات ایک بجے مویشی منڈی کے دروازے اچانک بند کر دیے گئے تھے، جس کی وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، شہریوں اور انتظامیہ کے درمیان منڈی کے اندر جانے کے لیے دیر تک تلخ کلامی بھی ہوتی رہی۔

  • آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، بکرا شدید زخمی (ویڈیو)

    آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، بکرا شدید زخمی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے ایک علاقے میں آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر دیا، جس سے بکرا شدید زخمی ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد ایف بھی ایریا میں آوارہ کتوں نے قربانی کے جانوروں کو کاٹنا شروع کر دیا ہے، گزشتہ روز 4 آوارہ کتوں نے گھر کے باہر بندھے بکرے کو کاٹ کر شدید زخمی کیا۔

    واقعے کی سی سی ٹی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر بھی چلائی گئی، بکرا ایک بیل کے ساتھ بندھا ہوا تھا کہ رات کے وقت اچانک چار کتوں نے اس پر حملہ کر دیا، بکرے نے کچھ دیر تک کتوں کے آگے مزاحمت کی، اس دوران بیل بھی خود کو بچاتا رہا، تاہم کچھ دیر بعد آوارہ کتے بکرے کو کاٹنے میں کامیاب ہو گئے۔

    کتوں کے کاٹنے سے بکری کی گردن اور پچھلی ٹانگیں شدید زخمی ہو گئی تھیں، جس کے باعث مالک نے بکرے کو ذبح کر دیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بکرا کچھ دیر تک آوارہ کتوں کا مقابلہ کرتا رہا لیکن پھر چار کتوں کے آگے بے بس ہو گیا، سندھ کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آوارہ کتوں کا مسئلہ کچھ عرصے سے سنگین صورت اختیار کر چکا ہے، آئے دن لوگ کتوں کے کاٹے کا شکار ہو رہے ہیں۔

    تاہم قربانی کے جانور پہلی بار آوارہ کتوں کے اس طرح نشانہ بنے ہیں، جس نے قربانی کرنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

  • قربانی کے لیے ہر علاقےمیں مخصوص جگہیں مختص کی جائیں، ناصر حسین شاہ

    قربانی کے لیے ہر علاقےمیں مخصوص جگہیں مختص کی جائیں، ناصر حسین شاہ

    کراچی: وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ قربانی کے لیے ہر علاقےمیں مخصوص جگہیں مختص کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ کی زیرصدارت ایمرجنسی کنٹرول روم میں اجلاس ہوا جس میں بارشوں اور عیدالاضحی میں آلائشوں کے حوالے سے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام نالوں کے چوکنگ پوائنٹس،انڈر پاسز پر خصوصی توجہ دی جائے،کمشنرز کے ذریعے ڈی ایم سیز کو نالوں کی صفائی کے لیے فنڈز کا اجرا کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن اداروں کے افسران میں تنازعات ہیں تو بیٹھ کر دور کرائے جائیں۔

    ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بلدیاتی چیئرمین اجتماعی قربانی کے لیے کردار،اثرورسوخ استعمال کریں،قربانی کے لیے ہر علاقے میں مخصوص جگہیں مختص کی جائیں۔

    وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ سندھ سالڈویسٹ ڈپارٹمنٹ فوری آلائشیں اٹھانے کا انتظام کرے،آلائشوں کو دفنانے کے حوالے سے پلان بی بھی تیار کیا جائے۔

    واضح رہے کہ کراچی کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ ایک جانب سندھ حکومت مویشی منڈی لگائے جانے کی اجازت دے رہی ہے تو دوسری جانب حکومتی شخصیات مویشی منڈیوں کو کرونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کا اہم ذریعہ بھی قرار دے رہی ہیں۔

  • فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟ فردوس عاشق اعوان

    فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟ فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاش اعوان نے کہا کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے، فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ امن کے لیے قوم نے بہت بھاری قیمت دی ہے، ہزاروں جانوں کی قربانی سے ملک میں امن کے دیے روشن ہوئے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ فضل الرحمان امن کے چراغ کیوں بجھانا چاہتے ہیں؟۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمہوریت میں مذاکرات ہی غلط فہمیوں کے خاتمے کا راستہ ہیں، مذاکرات اتفاق رائے پیدا کرنے کا واحد راستہ ہیں، بات چیت سے ہی مسائل کا حل نکلتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان اپنی انا، ضد اور ذات کے خول سے باہرنکلیں، ملک کو درپیش چیلنجزکے تناظرمیں اتحاد ویکجہتی وقت کی ضرورت ہے، قومی ترقی کے حصول، پاکستان کوعظیم تر بنانے کے لیے مل کر کاوشیں کرنا ہوں گی۔

    مولانا فضل الرحمان ذاتی مفادات کے لیے احتجاج کررہے ہیں، فیصل واوڈا

    اس سے قبل وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ذاتی مفادات کے لیے احتجاج کر رہے ہیں، آنے والے وقت میں بتاؤں گا کہ احتجاج اوراس کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج سب کاحق ہے لیکن اس احتجاج کا مقصد کیا ہے وہ تو بتائیں، ریاست کے اندر ریاست نہیں بننے دیں گے، ڈنڈا بردار فورس کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

  • مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مسلمان نمازعید اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم

    مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں مسلمان نمازعید اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے محروم

    سری نگر: عیدالاضحیٰ پرمقبوضہ کشمیرکے لاکھوں مسلمان گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، کشمیری نمازعید ادا کرسکے نہ قربانی کا فریضہ ادا کرسکے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوeضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے بعد سے کرفیو نافذ ہے، آٹھویں روز بھی لوگ گھروں میں محصور ہیں، لاکھوں مسلمان عیدالاضحیٰ کی نماز بھی ادا نہ کرسکے۔

    کرفیو اور لاک ڈاؤن کے سبب لوگوں کو اشیائے خوردونوش کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے، وادی کی دکانیں بند ہیں اور لوگوں کو خوراک اور بچوں کا دودھ تک میسر نہیں جس کے سبب مقبوضہ کشمیر میں ایک بڑا انسانی المیہ جنم لینے کا اندیشہ ہے۔

    بھارت کی جانب سے انٹرنیٹ سمیت اطلاعات ونشریات کے تمام ذرائع پر پابندی کے بعد مقبوضہ کشمیر سے کسی بھی قسم کی اطلاعات ملنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں اور بھارت نے مقبوضہ وادی سے دنیا کا راستہ منقطع کیا ہوا ہے۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد دفعہ 144 نافذ کر دی گئی تھی اور اس کے بعد سے وادی میں مکمل کرفیو نافذ ہے۔

    قابض انتظامیہ نے حریت قیادت اور سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کو گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے. 600 سے زائد رہنما اور کارکن گرفتار ہیں۔

  • دوران حج قربانی کے عمل کی نگرانی کیلئے 500 کیمرے نصب

    دوران حج قربانی کے عمل کی نگرانی کیلئے 500 کیمرے نصب

    ریاض : سعودی حکام نے قربانی کے عمل کے عمل کو منظم کرنے اور جانوروں کی صحت و تندرستی کے باعث پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی پر نظر رکھنے کیلئے کیمرے نصب کردیئے ۔

    تفصیلا ت کے مطابق سعودی حکام نے حج کے موقع پر قربانی کےعمل کی 500ڈیجیٹل کیمروں سے نگرانی کرنے کا اعلان کردیا، کیمروں سے نگرانی کا مقصد قربانی کے عمل کو منظم بنانا، قربانی کی شرائط پر عمل درآمد اور جانوروں کی صحت، تندرستی اور ماحولیاتی پیچیدگیوں پر نظر رکھنا ہے۔

    حج کے موقعے پر قربانی پروگرام کے سپروائزر رحیمی احمد رحیمی کا کہنا ہے کہ حجاج کرام کی جانب سے ادا کیے جانے والے فریضہ قربانی کو مزید اچھے انداز میں انجا م دینے کےلیے گراؤنڈ پر موجود دوسرے اداروں کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں۔

    رحیمی احمد کا کہنا تھا کہ مذکورہ اقدامات کا مقصد قربانی کے جانوروں کے انتخاب، ان کی صحت و تندرستی اور ن کے ذبح کرنے کی شرائط پرعمل درآمد کی نگرانی ہے جس کےلیے کنڑول روم قائم کردیا گیا ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کنڑول روم میں وزارت داخلہ، خزانہ، بلدیاتی اور دیہی امور،انصاف وقانون، مذہبی امور، حج وعمرہ، ماحولیات اور آبائی وسائل، سماجی ترقی، مکہ معظمہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور خادم الحرمین حج وعمرہ ریسرچ سینٹر کے نمائندے موجود ہیں۔

    رحیمی کے مطابق نگرانی کےلیے 500 ڈیجیٹل کیمرے نصب کیے گئے ہیں جس کےذریعے24 گھنٹے جانوروں پر نظر رکھی جارہی ہے تاکہ اگر کوئی جانور بیمار ہو تو اسے فوراً دوسرے جانوروں سے علیحدہ کیا جاسکے۔

  • رواں برس کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا: ذرائع

    رواں برس کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا: ذرائع

    کراچی: عید الاضحیٰ کے دوران رینجرز اور پولیس کے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کے باعث شہر میں دہشت گردی اور کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید الاضحیٰ کے موقع پر رینجرز اور پولیس نے سیکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے۔ اس دوران داخلی و خارجی راستوں سمیت اہم مقامات پر سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔

    ذرائع کے مطابق دہشت گردی اور کھالیں چھیننے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا، رینجرز سندھ کی جانب سے اسنیپ چیکنگ، پٹرولنگ کو یقینی بنایا گیا، صرف اجازت نامہ رکھنے والوں کو کھالیں جمع کرنے دی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز پولیس نے کورنگی میں ٹینرز ایسوسی ایشن کو سیکیورٹی دی، کھالوں کی جمع گاہوں تک ترسیل کی خصوصی نگرانی کی گئی۔ جانوروں کی 2 لاکھ 47 ہزار 98 کھالیں ٹینرز ایسوسی ایشن بحفاظت پہنچائی گئیں۔

    بڑے جانور کی 73 ہزار 456، چھوٹے کی 1 لاکھ 73 ہزار 642 شامل ہیں، اندرون سندھ سے بھی کھالوں کی ٹینرز ایسوسی ایشن ترسیل جاری ہے۔

  • ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جارہی ہے

    ملک بھرمیں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت واحترم کے ساتھ منائی جارہی ہے

    پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش وجذبے سے منائی جا رہی ہے، جہاں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی پرعمل کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں اپنے جانور قربان کررہے ہیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جس میں علمائے کرام نے سنت ابراہیمی کے فلسفے کو بیان کیا اورایثاروقربانی کے حقیقی جذبے کو اجاگر کیا۔

    نمازعید کی ادائیگی کے بعد امت مسلمہ کی یکجہتی ، وطن کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

    نمازعید کے اجتماعات کے بعد سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانوروں کی قربانی کی جا رہی ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جبکہ لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع بادشاہی مسجد میں ہوا۔

    کراچی میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراؤنڈ میں ہوا جہاں سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی۔

    پشاور میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع چارسدہ روڈ کے عیدگاہ میں ہوا جس میں فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور نماز عید کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔

    نماز عید کے اجتماعات کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس کی نفری بھی تعینات رہی۔

    کوئی بھی قوم ایثار وقربانی کے جذبے کے بغیرترقی نہیں کرسکتی‘ عمران خان

    وزیراعظم عمران خان نے عیدالاضحیٰ کی نماز اسلام آباد میں ادا کی، اس موقع پرانہوں نے تمام اہل وطن کو عید کی مبارک باد پیش کی۔

    چیف جسٹس سپریم کورٹ نے لاہور میں نماز عید ادا کی، جس کے بعد وہ شہریوں سے عید ملے اور قوم کو عید پرمبارکباد دی۔

  • عیدالاضحی : اترپردیش میں مسلمانوں کے کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی

    عیدالاضحی : اترپردیش میں مسلمانوں کے کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی

    اترپردیش : عیدالاضحی پر بھی بھارت میں مسلمان دشمن بازنہ آئے، اترپردیش میں مسلمانوں کے گائے قربان کرنے اور کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی لگادی گئی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار کے ہندو انتہاء پسند وزیر اعلیٰ ادیتیہ یوگی ناتھ کی جانب سے مسلم دشمن احکامات جاری کردیے گئے، جس میں عیدالاضحی موقع پر مسلمانوں کے کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی لگادی گئی۔

    وزیر اعلیٰ ادیتیہ یوگی ناتھ نے مسلمانوں کے گائے قربان کرنے پر بھی پابندی لگادی اور واضح کہا کہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسا کرنے والے کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔

    وزیر اعلیٰ ادیتیہ یوگی ناتھ نےعیدالاضحی سے قبل کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی کہ تہوار پر روایت کے خلاف کچھ بھی نہیں ہونا چاہیے، اگر پالیسیوں کے خلاف کوئی کام کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اعلی حکام کو اس کا جواب دینا ہوگا۔

    یاد رہے گذشتہ سال ہندو انتہاء پسند وزیر اعلیٰ اترپردیش ادیتیہ یوگی ناتھ نے اپنی نامزدگی کے بعد ریاست میں ہرقسم کگوشت کی فروخت پر پابندی کا اعلان کیا تھا۔

    اعلان کے بعد بھارتی ریاست اترپردیش میں مذبحہ خانوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی تھی اور گائے کا گوشت فروخت کرنے والوں کو سزا دی گئی تھی جس کے بعد وہاں گائے کے گوشت کی فروخت مکمل بند ہوگئی تھی مگر مٹن اور چکن کا گوشت بدستور فروخت کیا جارہا تھا۔

    خیال رہے بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت آنے کے بعد ہندو انتہاء پسند بے قابو ہوگئے ہیں اور آئے روز کسی گائے کا گوشت رکھنے کا الزام لگا کر کسی بھی مسلمان کو شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالتے ہیں۔

    واضح رہے کہ نریندر مودی نے وزیراعظم بننے سے قبل اپنی انتخابی مہم میں یہ اعلان کیا تھاکہ وہ وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے کے بعد گائے کو مقدس قرار دیتے ہوئے اس کے ذبیحہ پر مکمل پابندی عائد کردیں گے