Tag: قربان علی بردی محمدوف

  • وزیراعظم نواز شریف اور ترکمان صدر کے درمیان شاہرائی رابطہ منصوبوں پر بات چیت

    وزیراعظم نواز شریف اور ترکمان صدر کے درمیان شاہرائی رابطہ منصوبوں پر بات چیت

    اسلام آباد: وزیراعظم محمد نواز شریف اور ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کو وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے مجوزہ شاہرائی رابطے سمیت علاقائی رابطہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

    ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف کے دو روزہ دورہ پاکستان کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں ملکوں کے رہنماﺅں نے قرار دیا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مابین خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں جو تاریخی، ثقافتی، مذہبی اور باہمی عزت و احترام کی بنیادوں پر استوار ہیں۔ یہ تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے دلوں میں پیوست ہیں۔ دونوں اطراف دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ دونوں قیادتوں نے دو طرفہ اعلیٰ سطح پر سیاسی رابطوں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دو طرفہ تعلقات کو مزید آگے لیجانے کا باعث بنتے ہیں۔

    وزیراعظم نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو پاکستان کی اقتصادی شہ رگ قرار دیتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق منصوبوں کے ساتھ علاقائی رابطے کے منصوبہ جات کی تکمیل سے پاکستان کا اقتصادی منظر بدل جائے گا اور یہ پورے علاقے کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، ترکمانستان کے صدر نے اسٹوریج سہولیات سمیت مختلف شعبہ جات میں گوادر میں سرمایہ کاری میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔

    انہوں نے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے کے ساتھ واقع مجوزہ شاہراہوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

    انہوں نے کہا کہ ہم گوادر سے اپنی ملکی بندرگاہ کی طرح استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔ترکمانستان کے صدر بردی محمدوف نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم نوازشریف کے وژن کو سراہا۔

    وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    واضح رہے کہ پاکستان چین اور وسطی ایشیائی ریاستیں وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون پروگرام کا حصہ ہیں۔ یہ پروگرام وسیع تر اقتصادی نمو اور تخفیف غربت کیلئے باہمی تعاون کے ذریعے علاقائی ترقی کو فروغ دینے کیلئے 10 ممالک کی شراکت داری ہے اور 6 کثیر الطرفہ ترقیاتی پارٹنرز ہیں۔

  • ترکمانستان کے صدرکل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں

    ترکمانستان کے صدرکل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں

    اسلام آباد : ترکمانستان کے صدر کل (بدھ) کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے، وہ وزیراعظم نواز شریف سے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکمانستان کے صدرقربان علی بردی محمدوف وزیراعظم نوازشریف کی دعوت پر پاکستان آر ہے ہیں او راپنے دورے کے دوران وہ صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات بھی کریں گے۔

    توقع ہے کہ فریقین ترکمانستان ، افغانستان ، پاکستان ، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کا جائزہ لیں گے۔

    وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے اشک آباد کے دورے میں اٹھارہ سو چودہ کلومیٹر طویل پائپ لائن کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

    توقع ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے کئی معاہدوں پر دستخط بھی کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ترکمانستان کے صدر نے نومبر 2011میں بھی پاکستان کا دورہ کیا تھا.