Tag: قرضہ

  • پی ٹی آئی نے 4 سال میں مجموعی طور پر 19 ٹریلین کا قرضہ لیا تھا، شوکت ترین

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 4 سال میں مجموعی طور پر 19 ٹریلین کا قرضہ لیا تھا پی ڈی ایم حکومت صرف 6 ماہ میں 6.5 ٹریلین کا قرضہ لےچکی ہے۔

    لاہور میں معاشی صوتحال پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے بتایا کہ مارچ میں مہنگائی کی شرح 12.2 چھوڑ کر گئے تھے، آج ملک میں مہنگائی کی شرح 27فیصدتک پہنچ گئی ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 79 فیصد سرمایہ کار سمجھتا ہے پاکستان غلط سمت میں جارہا ہے، ملک میں پیسے آنہیں رہے جار ہے ہیں، 4 سے 5 ارب ڈالر کی ایل سیزر کی ہوئی ہیں۔

    شوکت ترین نے کہا کہ مہنگائی کو جواز بنا کر ہماری حکومت کو ہٹایا گیا، ہماری حکومت ملک کی معاشی ریٹنگ کومنفی سے مثبت میں لائی تھی، 17سال میں سب سے زیادہ گروتھ پی ٹی آئی دور میں ہوئی، ہم  نے کارکے اورریکوڈک کے مسئلے حل کئے۔

    انکا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی تھی، 2018میں جب معیشت سنبھالی توکرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا، پی ٹی آئی نے آخری 2 سال میں ریکارڈ ترقی کی تھی۔

    شوکت ترین نے بتایا کہ آئی ایم ایف نےکہا ہےڈالر کومصنوعی طریقے سے کنٹرول نہ کیا جائے، اس وقت  آئی ایم ایف کےپاس جانا ضروری ہے، آئی ایم ایف کے پروگرامز کو کرنا پڑےگا، آئی ایم ایف 2چیزیں کہہ رہا ہے ریونیو کم ہوگیا اوراخرابات ڈبل۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہماری چیزیں درست سمت میں نہیں جارہی ہیں، آج کاروبار  بند ہو رہے ہیں، پاکستان میں اسوقت پیسے نہیں آرہے بلکہ جارہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں یہ اگلے چند ہفتوں میں بھاگ جائیں گے۔

  • پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر، عالمی بینک نے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی

    پاکستانی معیشت کے لیے بڑی خبر، عالمی بینک نے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی

    کراچی: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔

    عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کے لیے 1.6 ارب ڈالر کی منظوری دے دی گئی، اس رقم کے ذریعے 5 بڑے منصوبوں کی فنڈنگ کی جائے گی۔

    سندھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے 50 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے لیے 50 کروڑ ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔

    رقم سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں استعمال ہوگی، اس رقم سے سیلاب متاثرہ خواتین کو کیش گرانٹ دی جائے گی، اعلامیہ میں کہا گیا کہ کیش گرانٹ سیلاب متاثرہ ماں کی صحت عامہ کے لیے دی جائے گی۔

    موجودہ حالات میں مزید سخت فیصلے نہیں کر سکتے: پاکستان نے آئی ایم ایف سے کہہ دیا

    سیلاب متاثرہ کسانوں کو بھی فصل اگانے کے لیے سپوٹ کیا جائے گا، کسانوں کو کھاد اور بیج فراہم کیے جائیں گے۔

    اعلامیہ میں بتایا گیا کہ 29 کروڑ ڈالر کی رقم سندھ واٹر اینڈ ایگری کلچر ٹرانفارمیشن پراجیکٹ کے لیے استعمال ہوگی جب کہ سوشل پروٹیکشن ڈیلیوری سسٹم پراجیکٹ کے لیے 20 کروڑ ڈالر رقم خرچ کی جائے گی۔

  • ’ملک کا ہر خاندان 6 لاکھ روپے کا مقروض ہے‘

    ’ملک کا ہر خاندان 6 لاکھ روپے کا مقروض ہے‘

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم کا کہنا ہے کہ تجربہ کار حکومت نے 7 مہینوں میں 7 ہزار 200 ارب روپے کا قرض لیا ہے، یہ قرض عوام کو واپس دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مزمل اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ انتہائی قابل اور تجربہ کار حکومت نے 7 مہینوں میں 7 ہزار 200 ارب روپے کا قرض لیا ہے۔

    مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ یہ قرض کل قرض کا 17 فیصد ہے، مزید قرض کے لیے دربدر الگ ہو رہے ہیں یعنی بات یہاں رکے گی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پی ڈیم ایم حکومت نے جو قرض لیا ہے وہ اب آپ کو ادا کرنا پڑے گا، سود کے علاوہ آپ پر 32 ہزار 727 روپے واجب الادا ہیں۔

    مزمل اسلم کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپ کے گھر میں 5 افراد ہیں تو آپ کا خاندان 6 لاکھ 36 ہزار 163 روپے کا مقروض ہے اور اس میں مزید اضافہ ہوتا رہے گا۔

  • بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    بلوچستان میں سیلاب زدہ علاقوں کے لیے 100 ملین ڈالر منظور

    کوئٹہ: عالمی بینک کی جانب سے صوبہ بلوچستان کو 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی ہے جو سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی پر خرچ کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ورلڈ بینک کی جانب سے بلوچستان کو آسان شرائط پر 100 ملین ڈالر قرض دینے کی پیشکش کی گئی۔

    مذکورہ قرض کی پیشکش صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں میں زراعت، روزگار اور گھروں کی بحالی کے لیے کی گئی۔

    عالمی بینک نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ عالمی بینک نے بحالی اور تعمیر نو کے لیے معاونت کی یقین دہانی کروائی۔

    ملاقات میں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس وسائل محدود جبکہ تباہی لا محدود ہے، پہلے دن طے کیا تھا قرض بھی لینا پڑا تو گریز نہیں کریں گے مگر ہاتھ نہیں پھیلائیں گے۔

  • دنیا بھر میں قرضے لینے کے رجحان میں کمی

    دنیا بھر میں قرضے لینے کے رجحان میں کمی

    اسلام آباد: انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس (آئی آئی ایف) کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے اور قرضوں کی طلب کم ہونے سے سال 2022 میں عالمی قرض 15 ہزار ارب ڈالر کم ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل فنانس (آئی آئی ایف) کا کہنا ہے کہ سال 2022 کی تیسری سہ ماہی میں عالمی قرض 6 ہزار 400 ارب ڈالر کم ہوا ہے۔

    آئی آئی ایف کا کہنا ہے کہ سال 2022 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام پر عالمی قرضوں کا حجم 2 لاکھ 90 ہزار ارب ڈالر رہا، عالمی مالیاتی حالات غیر یقینی ہونے سے قرضوں کی طلب کم ہوئی ہے۔

    آئی آئی ایف کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے اور قرضوں کی طلب کم ہونے سے 2022 میں عالمی قرض 15 ہزار ارب ڈالر کم ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سال 2022 کی پہلی سہ ماہی میں عالمی قرضوں کا حجم ریکارڈ 3 لاکھ 6 ہزار ارب ڈالر تھا، قرض کی مستقل منڈیوں، جاپان، برطانیہ، فرانس اور کینیڈا میں قرضوں کی مانگ میں کمی ہوئی ہے۔

    آئی آئی ایف کا کہنا ہے کہ سال 2022 کی تیسری سہ ماہی میں صرف امریکا کا قرض بڑھا ہے، مہنگائی نے قرضوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد فراہم کی ہے، پرائسنگ پاور نے کارپوریٹ سیکٹر کی آمدنی کو بہتر کیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ حکومتوں کی ٹیکس آمدنی مہنگائی کی وجہ سے بہتر ہوئی ہے، عالمی ڈیٹ ٹو جی ڈی پی ریشو مسلسل چھٹی سہ ماہی میں کم ہوا ہے۔ عالمی قرضوں کا تناسب عالمی پیداوار کا 343 فیصد ہے۔

  • ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    ورلڈ بینک کا پنجاب کے لیے 200 ملین ڈالر قرضے کا فیصلہ

    لاہور: ورلڈ بینک نے پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دینے کا اعلان کیا ہے، پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ عالمی بینک پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 200 ملین ڈالر کا آسان قرضہ دے گا۔

    اجلاس میں پنجاب کے 10 اضلاع میں ایئر اور واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور، شیخو پورہ، ملتان، ڈی جی خان، راولپنڈی اور دیگر شہروں میں سسٹم نصب ہوں گے، صوبے میں 30 مقامات پر ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ 15 مقامات پر واٹر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لاہور میں 25 الیکٹرک بسوں سے ماحول دوست پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز ہوگا، ماحولیاتی بہتری کے لیے پلاسٹک کو کنٹرول کرنے کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 6 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گرین فنانسنگ اسٹریٹجی تشکیل دی جارہی ہے، ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے آلات کی انسپکشن بھی شامل کی جائے گی۔ گرین انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے تحت 6 انڈسٹریز کو آسان قرضے دیے جائیں گے۔

    وزیر اعلیٰ نے عوام میں ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

  • جاپان کا قومی قرضہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    جاپان کا قومی قرضہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

    ٹوکیو: جاپان کا قومی قرضہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، مارچ کے اختتام پر جاپان پر واجب الادا قرض 95 کھرب ڈالر پر جا پہنچا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جاپان کا قومی قرضہ مسلسل چھٹے سال تاریخ کی نئی بلندی پر پہنچ گیا ہے۔

    جاپانی وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مارچ کے اختتام پر بقیہ قرضہ لگ بھگ 12 ہزار 413 کھرب ین، یا تقریباً 95 کھرب ڈالر تھا۔

    اس کی ایک وجہ طبی اور نرسنگ دیکھ بھال جیسے سماجی تحفظ کے اخراجات کے ساتھ ساتھ پنشن کی تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی ادائیگیوں کو قرار دیا گیا ہے۔

    ایک اور عنصر عالمی وبا ہے جس کی وجہ سے حکومت کو ٹیکس آمدنیوں سے ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر تمسکات کا اجرا کرنا پڑا۔

    رواں مالی سال کے لیے حکومت کا بجٹ 369 کھرب ین مالیت یا تقریباً 283 ارب ڈالر کے نئے تمسکات جاری کرنے پر زور دیتا ہے کیونکہ عالمی وبا جاری ہے۔

    حکومت کو یوکرین کی صورتحال کے باعث بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بھی قابو پانے کی ضرورت ہے جس کے باعث مالیات پر مزید سخت بوجھ پڑا ہے۔

  • کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی تقسیم کا عمل مزید تیز

    کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کی تقسیم کا عمل مزید تیز

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے قرضوں کی تقسیم کا عمل مزید تیز ہوگیا، منصوبے کے تحت نوجوانوں میں 15 ارب روپے کی تقسیم کا عمل مکمل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت 13 ہزار 200 نوجوانوں کو ذاتی روزگار فراہم کردیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کامیاب جوان کے تحت قرض پانے والے نوجوان کی ویڈیو شیئر کی۔

    اٹک کا رہائشی سجاد الرحمٰن اپنا روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا، سجاد کا کہنا تھا کہ اردو ادب میں ماسٹرز ڈگری ہونے کے باوجود وہ 10 سال تک بے روزگار رہا۔

    سجاد کا کہنا تھا کہ میرا خواب تھا کہ اپنا کاروبار کروں مگر وسائل کی کمی بڑی رکاوٹ بنی رہی، کامیاب جوان پروگرام میں قرض کے لیے اپلائی کیا تو بینک سے رقم مل گئی۔ آج کامیابی سے بڑے پیمانے پر بزنس کر رہا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسا لیڈر ہو تو نوجوان مایوس نہیں ہوں گے۔

    عثمان ڈار نے سجاد کو کامیاب کاروبار پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 13 ہزار سےزائد نوجوانوں کو ذاتی روزگار کی فراہمی اہم سنگ میل ہے۔ کم از کم 1 لاکھ افراد براہ راست حکومتی منصوبے سے مستفید ہو چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے منصوبے کو تیز کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، بینکوں کی جانب سے زبردست تعاون پر خصوصی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

  • بھارت: قرض سے پریشان شخص نے خاندان سمیت خودکشی کرلی

    بھارت: قرض سے پریشان شخص نے خاندان سمیت خودکشی کرلی

    نئی دہلی: بھارت میں قرض کی ادائیگی سے پریشان شخص نے پورے خاندان سمیت تالاب میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی، مرنے والوں میں کمسن بچے بھی شامل ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک کے ضلع یادگیر کے ایک گاؤں میں ایک خاندان نے قرض کی ادائیگی سے پریشان ہو کر تالاب میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

    خودکشی کرنے والوں کی شناخت 45 سالہ بھمیا، 36 سالہ شانتما، 12 سالہ سری دیوی، 13 سالہ سمترا، 6 سالہ شیوراج اور 4 سالہ لکشمی کے طور پر ہوئی ہے۔ فائر فائٹرز کے عملے اور گاؤں کے ہنرمند تیراکوں کی مدد سے لاشوں کو تالاب سے باہر نکالا گیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال روانہ کردیا۔ پولیس نے مقدمہ بھی درج کرلیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    اندوہناک واقعے کے بعد گاؤں والے غم اور صدمے کی کیفیت میں ہیں۔

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو 5 کروڑ روپے تک قرض دینے کا فیصلہ

    ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کو 5 کروڑ روپے تک قرض دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کے لیے قرض کی حد 5 کروڑ روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت کامیاب جوان پروگرام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں گورنر اسٹیٹ بینک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔

    وفاقی حکومت نے کامیاب جوان پروگرام میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا ہے، اجلاس میں کامیاب جوان پروگرام کو روزگار کی فراہمی کے لیے بڑا ٹول بنانے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں ملکی تاریخ میں پہلی بار نوجوانوں کے لیے قرض کی حد 5 کروڑ روپے تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، وزیر خزانہ نے رقم کی تقسیم کے عمل میں ہنگامی بنیاد پر تیزی لانے کا عندیہ دیا ہے۔

    پروگرام کے تحت رقم کی تقسیم کے لیے 4 مختلف کیٹیگریز طے کر دی گئی ہیں، پہلی کیٹیگری 1 سے 5 لاکھ روپے تک مائیکرو فنانسنگ کی جائے گی۔ گاؤں، دیہات اور یونین کونسلز کی سطح پر رقم کی تقسیم ہوگی۔

    دوسری کیٹیگری میں رقم 10 سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کر دی گئی۔ 20 لاکھ روپے کی رقم بغیر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ تیسری کیٹیگری میں رقم کی حد 20 لاکھ سے ڈھائی کروڑ روپے تک ہوگی، چوتھی کیٹیگری میں 5 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا۔

    اجلاس میں کہا گیا کہ 15 جون تک وفاقی کابینہ اور اقتصادی رابطہ کمیٹی سے تبدیلیوں کی منظوری لی جائے گی، رقم اسی سال سے بجٹ میں مختص کردی جائے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوجوانوں میں کم از کم 100 ارب روپے کی رقم فوری تقسیم کی جائے گی۔

    وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام معیشت اور انڈسٹری کے لیے انقلابی پروگرام ثابت ہوگا۔ منصوبہ زراعت اور ایس ایم ای سیکٹر کو اپنے پاؤں پر کھڑا کر سکے گا، پروگرام میں شامل بینک قرض کی تقسیم کا عمل تیز کر دیں۔

    وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ زراعت، ایس ایم ایز، سروس سیکٹر اور مینو فیکچرنگ انڈسٹری کے لیے زبردست پیکج ہے، کم از کم 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع دینا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آج کے فیصلے نوجوانوں کے مطالبات کو مد نظر رکھ کر کیے گئے ہیں۔