Tag: قرضہ

  • ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے کاروباری افراد کو قرضہ ملے گا

    ملازمین کو تنخواہ دینے کے لیے کاروباری افراد کو قرضہ ملے گا

    اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے کرونا وائرس سے متاثر کاروبار کے مالکان کو مزید سہولت دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہوں کے لیے قرض دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثر کاروبار کو تنخواہ کی ادائیگی میں مزید سہولت فراہم کردی گئی ہے، کاروباری افراد جنہوں نے ملازمین کو تنخواہ خود ادا کردی ہے ان کو بھی قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

    اسٹیٹ بینک نے 10 اپریل کو ریفنانس اسکیم کا اعلان کیا تھا، اسکیم کے تحت کاروباری افراد سستے قرضے لے سکتے ہیں تاکہ اپنے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر سکیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق وہ افراد جنہوں نے اپریل میں قرضے کی درخواست دی لیکن وہ منظور نہیں ہوئے یا وہ انتظار میں ہیں، اب وہ کاروباری افراد مئی میں کلیم داخل کر سکتے ہیں۔

    علاوہ ازیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے مئی 2020 کی تنخواہ ادا کردی لیکن ان کے قرضے منظور نہیں ہوئے انہیں بھی یہ قرضہ مل سکے گا۔

  • قرضے کے لیے آئی ایم ایف سے مذاکرات کا نیا دور 3 فروری سے شروع ہوگا

    قرضے کے لیے آئی ایم ایف سے مذاکرات کا نیا دور 3 فروری سے شروع ہوگا

    اسلام آباد: پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان 6 ارب ڈالر کے قرضے کی اگلی قسط کے سلسلے میں پاکستان، آئی ایم ایف مذاکرات کا نیا دور 3 فروری سے شروع ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق قرضے کی اگلی قسط کے سلسلے میں مذاکرات کے لیے آئی ایم ایف کا جائزہ وفد 2 فروری کو پاکستان پہنچےگا، ذرایع نے کہا ہے کہ پاکستان اور مالیاتی ادارے کے درمیان مذاکرات کے نئے دور کا آغاز تین فروری سے ہوگا۔

    آئی ایم ایف وفد حکومتی معاشی ٹیم سے بھی ملاقاتیں کرے گا، خیال رہے کہ پاکستان کو آئی ایم ایف سے 2 اقساط میں 1.44 ارب ڈالر مل چکے ہیں، جب کہ 450 ملین ڈالر کی تیسری قسط کے لیے بات چیت ہوگی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا جائزہ وفد مذاکرات میں پاکستانی معیشت کے سہ ماہی جائزے کے لیے آ رہا ہے، اس دورے کے دوران وفد مختلف وزارتوں اور محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔

    آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کئی اصلاحاتی اقدامات کیے گئے، ڈپٹی گورنراسٹیٹ بینک

    خیال رہے کہ حکومت پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کے تحت کئی اصلاحاتی اقدامات کر چکی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ قرضوں کے معاملات ٹھیک کیے جائیں، اس سلسلے میں کرنٹ اکاؤنٹ اور تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے گئے جن کے مثبت اثرات سامنے آئے۔

  • اسٹیٹ بینک کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول

    اسٹیٹ بینک کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.3 ارب ڈالر کی رقم موصول ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو بجٹ سپورٹ کی مد میں پیسے دینے کا اعلان کیا تھا، گزشتہ روز حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین 1.3 ارب ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط بھی ہوئے تھے۔

    1.3 ارب ڈالر پاکستان کی معاشی صورت حال میں بہتری لانے کے لیے دیے گئے ہیں، آئی ایم ایف اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کے بعد رقم کی منظوری دی گئی تھی، اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے امداد جاری رکھی جائے گی، رقم سے پاکستان کو مالی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.3 ارب ڈالر قرض کا معاہدہ طے

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر کی موجودگی میں حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک میں 1.3 ارب ڈالر قرض کے معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، مذکورہ قرض توانائی کے شعبے اور مالی استحکام کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

    قرض کا مقصد زر مبادلہ کی شرح کو بہتر بنانا تھا، 300 ملین ڈالر توانائی کے شعبے کی اصلاحات اور مالی استحکام کے لیے مختص کیے گئے، مذکورہ رقم سے شروع کیے جانے والے منصوبوں سے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بہتری آئے گی۔

    اس سے قبل بھی ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے لیے 7 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے چکا ہے۔ یہ رقم سندھ اور پنجاب میں ثانوی تعلیم کی سہولتوں کے لیے استعمال ہوگی۔

  • پاکستان کو آئی ایم ایف سے دوسری قسط دسمبر میں ملنے کا امکان

    پاکستان کو آئی ایم ایف سے دوسری قسط دسمبر میں ملنے کا امکان

    اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور پاکستان کے درمیان پہلے جائزے کا اختتام مثبت نوٹ پر ہوا، آئی ایم ایف سے دوسری قسط کا اجرا دسمبر میں متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان کی معاشی صورت حال کا جائزہ لیا، پاکستان میں پہلے جائزے کا اختتام مثبت نوٹ پر ہوا، عالمی ادارے نے ملکی معیشت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    آئی ایم ایف نے حکومت کو مقررہ ٹیکس ہدف حاصل کرنے سمیت حکومت کی جاری گارنٹی کو محدود رکھنے کا کہا ہے، عالمی مالیاتی ادارے نے پاکستان کو گردشی قرضوں کا معاملہ حل کرنے پر زور دیا، جبکہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کوئی چھوٹ نہیں مانگی۔

    آئی ایم ایف سے دوسری قسط کا اجرا دسمبر میں متوقع ہے، دوسری قسط کی مد میں 45کروڑ ڈالر ملیں گے۔

    خیال رہے کہ آئی ایم ایف پاکستان کے اقدامات کی تعریف کرچکا ہے۔ دوسری جانب 28 اکتوبر کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اےڈی بی) نے پاکستان کے لیے7کروڑ 50لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے، قرض کی رقم سیکنڈری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے مشن چیف ارنیستو راما ریز ریگو کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام کا اصل مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے، موجودہ حکومتی پالیسیوں میں پروگرام مددگار ثابت ہوگا۔

    آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد پاکستانی معیشت میں توازن بحال کرنا ہے: آئی ایم ایف مشن چیف

    ارنیستو راما ریز ریگو نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف موجودہ پاکستانی حکومت کے پروگرام میں مدد فراہم کرے گا، معاشی بحالی کا پروگرام دو اہم ستونوں پر مشتمل ہے، ان میں پہلے نمبر پر بڑے مسائل کا حل اور دوسرے نمبر پر اداروں کی تنظیم نو شامل ہے، معشیت کو لاحق بڑے مسائل میں اندرونی اور بیرونی ادائیگیوں کا توازن، قرضوں کی ادائیگی اور دیگر مالیاتی معاملات شامل ہیں۔

  • پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات کا آخری مرحلہ آج شروع ہوگا

    پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات کا آخری مرحلہ آج شروع ہوگا

    اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کا آخری مرحلہ آج شروع ہوگا، پالیسی لیول مذاکرات میں پاکستانی ٹیم کی قیادت مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا آخری مرحلہ آج ہوگا، مشیرخزانہ سمیت سیکریٹری خزانہ، گورنراسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر شامل ہوں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی لیول مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کی قیادت مشن ہیڈ کررہے ہیں، پاکستان ٹیکس وصولیوں کے ہدف پر نظر ثانی پر زور دے گا،آئی ایم ایف کو نجکاری پروگرام میں پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔

    ’مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے اہداف پر بھی بات چیت ہوگی، مالی سال کے پہلے 4ماہ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف1447 ارب روپے تھا‘۔

    ذرائع کے مطابق چار ماہ جولائی تا اکتوبر ہدف سے167ارب کم ٹیکس وصولیاں ہوئیں، مذاکرات کے بعد پاکستان کو قرضے کی نئی قسط جاری کی جائےگی، آئی ایم ایف کے ساتھ450ملین ڈالر کی قسط پر بات چیت جاری ہے۔

    آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا، قرض کی دوسری قسط پر مذاکرات ہوں گے

    آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر پروگرام سے 991ملین ڈالر مل چکے ہیں، نئی قسط ملنے سےکل 1.44ارب ڈالرپاکستان کو مل جائیں گے، تکنیکی سطح کے مذاکرات میں اقتصادی ڈیٹا کا تبادلہ کیا جاچکا ہے۔

    خیال رہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا وفد پاکستان میں ہے، وفد پاکستان میں پروگرام کےتحت پہلے دیے گئے قرض کا جائزہ لے رہا ہے، اور کارکردگی کی بنیاد پر پاکستان کو قرض کی دوسری قسط دی جائے گی، اسی سلسلے میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مرحلہ وار بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

  • پاکستان کی معاشی صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے، حفیظ شیخ

    پاکستان کی معاشی صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے، حفیظ شیخ

    واشنگٹن: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے، ایسے پلیٹ فارم کی جانب جا رہے ہیں جہاں سے ترقی کا آغاز ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آئی ایم ایف، عالمی بینک، اے ڈی بی نمائندوں سے تفصیلی بات ہوئی۔

    ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے، حکومت نے آئندہ اسٹیٹ بینک سے قرض نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم کی جانب جا رہے ہیں جہاں سے ترقی کا آغاز ہوگا، ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔

    مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں سے معاشی صورت حال کو نقصان پہنچا۔

    امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے: حفیظ شیخ

    مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے گزشتہ روز امریکی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے امریکی کمپنیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا ہارٹ ویگ سے بھی ملاقات کی تھی جس میں آئی ایم ایف سے قرضے سمیت ملکی معیشت کے لائحہ عمل کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

  • آئی ایم ایف کا ایس او ایس مشن کل پاکستان پہنچے گا: وزارت خزانہ

    آئی ایم ایف کا ایس او ایس مشن کل پاکستان پہنچے گا: وزارت خزانہ

    اسلام آباد: وزارت خزانہ کے حکام نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کا ایس او ایس مشن کل پاکستان پہنچ رہا ہے، یہ وفد معاشی مشاورت کے لیے پاکستان آ رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کے ذرایع نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف مشن کل پاکستان پہنچے گا جس کی سربراہی ڈائریکٹر جنوبی و وسطی ایشیا جہاد اظہور کریں گے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد معاشی مشاورت کے لیے پاکستان آ رہا ہے، ایس او ایس مشن معاشی اصلاحات پر پاکستان کو تجاویز دے گا، مشن بجٹ اہداف کے حصول میں بھی معاونت فراہم کرے گا۔

    وزارت خزانہ کے مطابق ایس او ایس مشن کو ٹیکس آمدن پر بریفنگ دی جائے گی، اور ٹیکس ہدف کے حصول پر بات چیت کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستانی قرضوں کا حجم کم کیے جانے کی ضرورت ہے: آئی ایم ایف

    حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ مالی خسارہ کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا، توانائی کے نقصانات کم کرنے کے لیے بھی تجاویز پر مشاورت ہوگی۔

    یاد رہے دو دن قبل عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر جیری رائس نے کہا تھا کہ پاکستان کو مالیاتی خسارے کم کرنے کی شدید ضرورت ہے، پاکستان قرضوں کا حجم کم کرنے کے لیے اقدامات کرے۔

    جیری رائس کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خسارہ کم کرنے کے لیے آمدن بڑھانا ہوگی، ٹیکس آمدن بڑھے گی تو سماجی شعبے پر خرچ ہوگی، اور ترقیاتی منصوبوں کو فنڈز ملیں۔

  • نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا: عثمان ڈار

    نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا: عثمان ڈار

    اسلام آباد: مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے ملاقات کے دوران کہا کہ ینگ انٹر پرنیور شپ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد سے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ینگ انٹر پرنیور شپ اسکیم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اسکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ فراہم کیا جائے گا، صنعتوں کے لیے وزارت صنعت پیداوار کے ادارے سمیڈا کا تعاون اہم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سمیڈا ملک میں ینگ انٹر پرنیورز کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گا۔

    مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ینگ انٹر پرنیورشپ اسکیم ایک احسن اقدام ہے، ملک کی معاشی ترقی کے لیے نوجوانوں کا کردار اہم ہے۔

    اس سے قبل ورلڈ یوتھ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ملکی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں بدلے گی۔ صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے۔ پاکستان نوجوانوں کے لیے تیزی سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار نوجوانوں کے لیے اسٹریٹیجک روڈ میپ تشکیل دیا، ’کامیاب نوجوان پروگرام‘ موجودہ حکومت کا لینڈ مارک منصوبہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔

  • آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی

    آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے کی طرف سے پاکستان کے لیے بڑی خبر آ گئی، ادارے کی طرف سے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر پیکج کی منظوری دے دی گئی۔

    پاکستان کے لیے قرض پروگرام کی منظوری آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ نے دی۔

    آئی ایم ایف کے ترجمان نے تصدیق کر دی ہے کہ پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کر لیا گیا ہے، پاکستان کے لیے یہ پیکج 39 ماہ کے لیے ہوگا۔

    آئی ایم ایف کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قرض کی منظوری کے بعد ایک ارب ڈالر فوری ملیں گے، آئی ایم ایف پیکج پاکستان کی معاشی مشکلات دور کرے گا، پیکج سے پبلک ڈیٹ میں کمی لائی جائے گی۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ زر مبادلہ کی شرح کا تعین مارکیٹ خود کرے گی، آئی ایم ایف پیکج سے توانائی شعبے کے خسارے کو کم کیا جائے گا، پیکج سے اداروں کو مضبوط ، شفافیت کو فروغ دیا جائے گا۔

    مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 6 ارب 20 کروڑ ڈالر کا پیکج منظور کر لیا، پیکج سے معاشی کم زوریاں دور ہوں گی اور استحکام آئے گا، معیشت کے کم زور سیکٹر کو تحفظ ملے گا۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، انکوائری کمیشن کے قیام اور طریقہ کار پر مشاورت

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، انکوائری کمیشن کے قیام اور طریقہ کار پر مشاورت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس میں انکوائری کمیشن کے قیام اور طریقۂ کار پر مشاورت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی دولت کیسے لوٹی گئی، اس تحقیقات کے لیے وزیر اعظم کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحقیقاتی کمیشن کے قیام سے متعلق ٹی او آرز پر مشاورت کی گئی۔

    اجلاس میں وزیر قانون، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر بھی شریک ہوئے، وزیر اعظم نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو بھی اجلاس میں بلایا، اجلاس میں اعلیٰ سطح انکوائری کمیشن کے قیام اور طریقۂ کار پر مشاورت ہوئی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انکوائری کمیشن انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت قائم کیا جائے گا، کمیشن میں آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کے سینئر افسران شامل ہوں گے۔

    یہ بھی پڑھیں:  دس سال میں قرضہ 24 ہزار ارب تک کیسے پہنچا؟ وزیر اعظم کا اعلیٰ سطح کا کمیشن بنانے کا اعلان

    یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن میں ایس ای سی پی، آڈیٹر جنرل آفس اور ایف آئی اے کے حکام بھی شامل ہوں گے، یہ کمیشن 10 سالوں میں لیے گئے قرضوں کی تحقیقات کرے گا، 2008 سے 2018 تک 24 ہزار ارب کے قرضے کی تحقیقات ہوں گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیشن مختلف وزراتوں میں استعمال کی گئی رقم کی تحقیقات کرے گا، کمیشن یہ بھی دیکھے گا کہ عوام کے پیسے کا غلط استعمال تو نہیں ہوا، غیر ملکی سفر اور بیرون ملک علاج پر آنے والے اخراجات کی بھی تحقیقات ہوں گی۔

    اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر، کیمپ آفس کے نام پر ذاتی گھروں کی تعمیر کی تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ عوامی رقم کا غلط استعمال کرنے والوں سے پیسا واپس لیا جائے گا۔