Tag: قرنطینہ

  • قرنطینہ میں موجود عمر رسیدہ شخص کا کھانا چوری، واردات کیمرے میں محفوظ

    قرنطینہ میں موجود عمر رسیدہ شخص کا کھانا چوری، واردات کیمرے میں محفوظ

    لندن: برطانیہ میں کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے قرنطینہ میں موجود عمر رسیدہ شخص کا کھانا چوری کر لیا گیا، واردات کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کے علاقے سوینڈن میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں 83 سالہ شہری کے لیے آنے والا کھانا اس کی دہلیز سے چوری کر لیا گیا، کھانا چوری کیے جانے کی واردات سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔

    سی سی ٹی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نقاب پوش شخص رات 2 بجے کے قریب وٹو زارولا کے گھر کے باہر آیا اور کھانے کے سامان کا پارسل لے کر فرار ہو گیا۔

    ویرونیکا اور وٹو زارولا کو واردات کا کئی گھنٹوں بعد پتہ چلا جب انہوں نے کیمرے کی ریکارڈنگ چیک کی۔عمر رسیدہ جوڑے کے مطابق کھانے کا پارسل رات 2 بجے ان کے گھر پہنچا لیکن جب وہ اسے لینے گئے تو وہاں کچھ نہیں تھا۔

    پولیس ترجمان نے بتایا کہ چوری کی واردات کے بعد علاقہ مکینوں کو پولیس کی جانب سے الرٹ رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس بھی اس چور سے متعلق معلومات ہوں تو وہ 101 پر اطلاع دے۔

    لاک ڈاؤن کے دوران ڈچ میوزیم سے نایاب پینٹنگ چوری

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے نیدر لینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں کرونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران انتہائی قیمتی پینٹنگ چوری ہوگئی تھی۔

  • مصر: کرونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر چچا کے جنازے پر پہنچ گیا

    مصر: کرونا وائرس کا مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر چچا کے جنازے پر پہنچ گیا

    قاہرہ: مصر میں کرونا وائرس کا ایک مریض قرنطینہ سے فرار ہو کر اپنے چچا کے انتقال پر ان کے جنازے میں شریک ہونے کے لیے جا پہنچا، پولیس نے مذکورہ شخص کو پکڑ کر واپس قرنطینہ پہنچا دیا۔

    مقامی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا کا مریض الشرقیہ صوبے کے قرنطینہ سینٹر سے فرار ہوا تھا، وزارت کے مطابق مریض ایک فیکٹری میں کام کرتا تھا جہاں اس کے 6 مزید ساتھیوں میں کرونا وائرس کے جراثیم موجود ہونے پر فیکٹری کو بند کر دیا گیا تھا۔

    متاثرہ مریض کو جب چچا کے انتقال کی خبر ملی تو وہ قرنطینہ سے فرار ہو کر نماز جنازہ میں شرکت کے لیے چلا گیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ مریض نے نماز جنازہ کے موقع پر کئی لوگوں سے مصافحہ بھی کیا اور کئی ایسے بھی تھے جنہوں نے اسے گلے لگا کر دلاسہ بھی دیا۔

    بعد ازاں پولیس کی مدد حاصل کرتے ہوئے فرار ہونے والے مریض کو گرفتار کر کے دوبارہ قرنطینہ میں داخل کرا دیا گیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد نماز جنازہ و تدفین میں شریک تمام افراد کا کرونا ٹیسٹ لیا گیا اور پورے علاقے میں جراثیم کش ادویات کا اسپرے بھی کیا گیا ہے۔

    واضح رہے مصر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس کے 188 نئے مریضوں کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 3 ہزار 32 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 224 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

  • منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    منگیتر سے ملنے کے لیے نوجوان قرنطینہ سے فرار

    رملہ: فلسطین کا ایک نوجوان منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہو کر اس کے گھر پہنچ گیا، فورسز نے نوجوان کو حراست میں لے کر منگیتر اور اس کے گھر والوں سمیت قرنطینہ منتقل کردیا۔

    کہا جاتا ہے کہ محبت اندھی اور بہری ہوتی ہے، یہ کہاوت فلسطینی شہر بیت اللحم کے اس نوجوان پر پوری طرح صادق آتی ہے کہ جسے کرونا وائرس سے متاثر ہونے پر قرنطینہ بھیج دیا گیا تھا۔

    فلسطینی نوجوان منگیتر کو دیکھنے کی خواہش میں بھول گیا کہ قرنطینہ سے اس کا نکلنا خود اس کے اور اس کی منگیتر کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق قرنطینہ میں زیر علاج فلسطینی شہری آنکھ بچا کر قرنطینہ ہی نہیں بلکہ شہر سے نکل کھڑا ہوا اور الخلیل شہر کے شمال میں واقع العروب کیمپ اپنی منگیتر سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا۔

    سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو جیسے ہی اس کا علم ہوا وہ فوری طور پر حرکت میں آگئے اور مفرور نوجوان کو حراست میں لے کر دوبارہ قرنطینہ پہنچا دیا۔

    فورسز نے اس کی منگیتر اور سسرالی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں داخل کردیا، قرنطینہ سے فرار کا یہ واقعہ فلسطین بھر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

    خیال رہے کہ فلسطینی حکومت نے کرونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات کیے ہیں، فلسطین میں ایسے تمام مقامات کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے جہاں گنجان آبادی ہے۔

    فلسطین میں اب تک کرونا وائرس کے 208 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 اموات بھی ہو چکی ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحتیابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سے 175 کرونا وائرس کے مریضوں سمیت 755 زائرین صحت یابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے، ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان میں سے 175 کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم انہوں نے بھی کرونا وائرس کو شکست دے دی۔ ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے ہیں جن کی بہترین نگہداشت کی جارہی ہے۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور طبی عملہ تعریف کا مستحق ہے جو اس مشکل وقت میں زائرین کی بہترین نگہداشت کر رہا ہے اور ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متحد ہو کر اس وبا کو شکست دیں گے۔

    خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں اب تک 5 ہزار 38 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے جبکہ ملک بھر میں وائرس کے باعث 86 اموات ہو چکی ہیں۔

  • ایکسپو سینٹر کراچی کو قرنطینہ مرکز کا درجہ دے دیا گیا

    ایکسپو سینٹر کراچی کو قرنطینہ مرکز کا درجہ دے دیا گیا

    کراچی: سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے ایکسپو سینٹر میں قائم فیلڈ اسپتال کو قرنطینہ سینٹر کا درجہ دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم بڑے فیلڈ اسپتال کو قرنطینہ مرکز کا درجہ دیا گیا ہے، سندھ حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

    نوٹیفکیشن میں دی گئی ہدایت کے مطابق آج سے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کو ایکسپو سینٹر بھیجنا شروع ہوگا، محکمہ صحت کی جانب سے کراچی کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو اس سلسلے میں مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 6 اپریل (آج) سے کرونا وائرس کے پازیٹیو کیسز کراچی ایکسپو سینٹر میں رپورٹ کیے جائیں۔

    پنجاب کے 21 نجی اسپتالوں میں کرونا کے علاج کی تیاریاں مکمل

    گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اعتراف کیا تھا کہ سندھ میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال آئیڈیل نہیں ہے، لاک ڈاؤن سے قبل اندازہ تھا کہ غریب اور دیہاڑی دار طبقہ متاثر ہوگا، سفید پوش لوگوں کو امداد دینے کی ضرروت ہے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں سوا 2 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے، 14 اپریل کے بعد ایس او پیز بنا کر کام کیا جائے گا۔

    فنڈز سے متعلق بیرسٹر وہاب نے ٹویٹر پر کہا کہ سندھ حکومت کے کرونا ایمرجنسی فنڈ میں عطیات جمع ہونے کا سلسلہ جاری ہے، مزید 6 کروڑ 84 لاکھ سے زائد عطیات موصول ہو چکے ہیں، 861 مختلف شخصیات نے فنڈ میں عطیات جمع کرائے۔

  • کروناوائرس: گاؤں سے بے دخلی پر دیہاتی نے کشتی کو قرنطینہ بنا دیا

    کروناوائرس: گاؤں سے بے دخلی پر دیہاتی نے کشتی کو قرنطینہ بنا دیا

    نئی دہلی: بھارت کے ایک گاؤں میں کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر لوگوں نے دیہاتی کو بے دخل کردیا۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق بھارتی شہر نبادویپ کے دیہاتی علاقے میں رہنے والا شخص اپنے رشتے داروں سے ملنے دوسرے گاؤں گیا جہاں سے واپسی پر اسے بخار ہوگیا۔

    بعد ازاں گاؤں والوں نے اسے اپنے گاؤں میں ہی گھسنے کی اجازت نہیں دی جس پر اس نے کشتی کو قرنطینہ بنا دیا۔ مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ بخار ہونے پر اس نے ڈاکٹر سے رجوع کیا۔

    ڈاکٹر نے مشورہ دیا کہ وہ 14 دن تک سیلف آئسولیشن اختیار کرے، تاہم گاؤں میں داخلے کی اجازت نہ ملنے پر اس نے کشتی کو ہی قرنطینہ میں تبدیل کردیا ہے جہاں اس نے تمام لوگوں سے اپنا رابطہ منقطع کیا ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ مذکورہ دیہاتی کا نام اور کروناوائرس ٹیسٹ سے متعلق کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی۔

  • ڈسکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کے بعد 600 گھر قرنطینہ قرار

    ڈسکہ میں کرونا وائرس کے کیسز کے بعد 600 گھر قرنطینہ قرار

    ڈسکہ: پنجاب کی ایک تحصیل ڈسکہ میں کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد 600 گھروں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار 29 مارچ کو ضلع سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد علاقے کے چھ سو گھروں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

    گھروں کے دروازے بند کر کے ان پر نوٹس چسپاں کر دیے گئے، میل جول پر پابندی عائد کر دی گئی اور پہرہ بٹھا دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آصف حسین نے بتایا کہ قرنطینہ میں راشن اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں۔

    ادھر کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں اساتذہ بھی پیش پیش ہیں، ڈسکہ میں اساتذہ نے قرنطینہ 600 گھروں کے باہر ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں، ٹیچرز 8،8 گھنٹے کی شفٹ میں 24 گھنٹے ڈیوٹی دیں گے، تاہم اساتذہ حفاظتی سامان کے منتظر ہیں۔ گزشتہ روز ڈسکہ میں پولیس اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے کچی آبادیوں میں گھر گھر پکے ہوئے کھانے تقسیم کیے گئے تھے۔

    ڈسکہ میں قرنطینہ کیے گئے گھروں پر ڈیوٹی کے لیے منتخب ہونے والے اساتذہ حفاظتی سامان کے لیے احتجاج کر رہے ہیں

    خیال رہے کہ اتوار 29 مارچ کو ڈسکہ میں کرونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، ڈپٹی کمشنر نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذکورہ شہری 12 روز قبل فرانس سے آیا، جسے قرنطینہ منتقل کر دیا گیا، متاثرہ شہری کی فیملی، اہل علاقہ کو بھی گھروں میں رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی تھی۔

    دوسری طرف ڈسکہ میں کرونا سے احتیاط کے پیش نظر سول اسپتال میں ٹیلی میڈیسن ایپ کے ذریعے علاج کیا جانے لگا ہے، مریضوں کو گھر بیٹھے واٹس ایپ پر بیماری کی تشخیص اور مشورے دیے جا رہے ہیں، اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر آصف کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کے علاوہ مریضوں کو گھر بیٹھے علاج بتائیں گے۔

  • سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں: علی ظفر

    سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں: علی ظفر

    کراچی: معروف گلوکار علی ظفر نے سیلف آئسولیشن کے دوران دماغی و جسمانی طور پر فٹ رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اپنے پسندیدہ سپر ہیرو کی طرح اس وبا سے لڑیں۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر علی ظفر نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنے گھر کے جم میں نظر آرہے ہیں۔

    اپنی پوسٹ میں علی ظفر نے کہا کہ اپنے گھر میں جو بھی مشین آپ کو میسر ہے اس سے ورزش ضرور کریں، آپ کو آن لائن بہت سے ٹیوٹوریلز مل جائیں گے جو بتائیں گے کہ قرنطینہ یا سیلف آئسولیشن کے دوران فٹ کیسے رہا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اس وبا سے کسی سپر ہیرو کی طرح لڑیں گے، آپ کا فیورٹ سپر ہیرو کون سا ہے؟

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وجہ دنیا بھر میں لوگ گھروں میں بند ہونے پر مجبور ہوگئے ہیں، ایسے میں فنکاروں سمیت ہر شخص نئے نئے مشغلے اپنا کر اور اپنے مختلف شوق پورے کر کے اپنا وقت گزار رہا ہے۔

  • سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    سعودی عرب: فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات رکھنے والا قرنطینہ

    ریاض: سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں فائیو اسٹار ہوٹل جیسی سہولیات مہیا کی جارہی ہیں، قرنطینہ میں موجود افراد کو مہمانوں جیسا درجہ دیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل میں قائم قرنطینہ میں صحت عامہ کے انچارج مشاری الجمیل نے کہا ہے کہ ہمارے یہاں قرنطینہ کا نظام بڑا معیاری ہے، ممکنہ طور پر متاثرہ شخص کے قرنطینہ میں داخلے سے لے کر فارغ کیے جانے تک کی کارروائی مقررہ ضوابط کے مطابق کی جاتی ہے۔

    مشاری الجمیل کا کہنا ہے کہ قرنطینہ فائیو سٹار ہوٹل سے کم نہیں، اگر کسی شخص پر شبہ ہوتا ہے کہ وبا زدہ علاقے سے آنے کے باعث ممکن ہے کہ وہ کرونا میں مبتلا ہو تو اسے یہاں لایا جاتا ہے اور اس کا فوری طبی معائنہ کیا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق اگر انفلوائنزا کی علامتیں نظر آتی ہیں تو اسے ہسپتال میں ٹھہرا دیا جاتا ہے، انفلوئنزا سے علاج کے بعد کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسے قرنطینہ میں منتقل کردیا جاتا ہے۔

    صحت عامہ کے انچارج کا کہنا ہے کہ قرنطینہ میں زیر علاج ہر فرد کو الگ کمرہ دیا جاتا ہے جس سے اسے نکلنے کی اجازت نہیں ہوتی، اگر کوئی بچہ کرونا وائرس سے متاثر ہو تو اس کے ہمراہ اس کی ماں اور باپ کو الگ کمرے میں رکھا جاتا ہے۔

    ان کے مطابق کرونا وائرس سے متاثرین کے ساتھ قرنطینہ میں سلوک وزارت صحت کے مہمانوں کے طور پر کیا جاتا ہے، مریضوں کی تمام فرمائشیں پوری کی جاتی ہیں اور انہیں فائیو اسٹار جیسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

    انچارج نے بتایا کہ اسپیلشسٹ فوڈ کمپنی انہیں ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا فراہم کرتی ہے، وزارت صحت کمپنی کو باقاعدہ ٹھیکہ دیے ہوئے ہے، تمام کھانے حفظان صحت کے عین مطابق ہوتے ہیں۔ قرنطینہ میں اعلیٰ درجے کا لانڈری بھی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قرنطینہ میں تمام مریضوں کو جملہ صحت خدمات 24 گھنٹے مہیا ہوتی ہیں، بعض مریضوں نے اے ٹی ایم سروس فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے، اس سلسلے میں ایک بینک سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے۔

  • آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم ہاؤس قرنطینہ میں تبدیل

    آزاد کشمیر کا نیا وزیراعظم ہاؤس قرنطینہ میں تبدیل

    مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعظم ہاؤس کو قرنطینہ سینٹر بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نئے وزیراعظم ہاؤس کو قرنطینہ سینٹر بنا دیا ہے، آفیسرز کلب، ہوٹلز، ریسٹ ہاوسز کو آئیسولیشن سینٹرز، قرنطینہ میں بدل دیا۔

    راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کوٹلی، مظفرآباد میں ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بنا چکے ہیں، راولاکوٹ میں بھی کل تک لیبارٹری بن جائےگی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ڈاکٹرز، طبی عملے کو حفاظتی لباس، ماسک ،سینیٹائزرز مہیا کرچکے ہیں ۔

    خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے 23 مارچ کو آزاد کشمیر حکومت نے تین ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔

    وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ناگزیر حالات میں سفر کرنے کے لیے خصوصی پاس جاری کیے جائیں گے، کھانے پینے کا سامان لانے کے لیے گھر کے ایک فرد کو اجازت ہوگی، یہ کرفیو نہیں ہے بلکہ حفاظتی انتظامات ہیں، عوام گھروں سے باہر نہ نکلیں، انتہائی ضروری ہو تو شناختی کارڈ ساتھ رکھیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور متاثر افراد کی تعداد 1526 تک جا پہنچی ہے ،وائرس سے اب تک 14 افراد جاں بحق اور 29 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔