Tag: قرنیہ

  • کرونا کیسز میں کمی، آنکھوں کے آپریشن شروع، 5 افراد کو روشنی مل گئی

    کرونا کیسز میں کمی، آنکھوں کے آپریشن شروع، 5 افراد کو روشنی مل گئی

    لاہور: ملک میں کرونا وائرس کیسز میں کمی کے بعد آنکھوں کے آپریشن کے منتظر مریضوں کی امید بر آئی، لاہور کے اسپتال میں پانچ مریضوں کو آنکھوں کی روشنی مل گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے میو اسپتال میں بیرون ملک سے عطیہ شدہ قرنیہ سے ضرورت مند افراد کی پیوند کاری ہوئی ہے، جس سے 5 مریضوں کی آنکھوں میں روشنی لوٹ آئی۔

    قرنیہ کی پیوند کاری آئی وارڈ میں پروفیسر اسد اسلم نے کی ہے، سی ای او میو اسپتال کا کہنا ہے کہ آنکھ کی پیوند کاری کے تمام مریضوں کی حالت بہتر ہے۔

    پروفیسر اسد اسلم نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ قرنیہ کی پیوند کاری سے 5 افراد کو آنکھوں کی روشنی مل گئی ہے، گزشتہ 4 مہینوں سے کرونا وائرس کی وجہ سے ان مریضوں کے قرنیہ کے آپریشن رکے ہوئے تھے، اب وبا کم ہونے پر ان کے آپریشن کیے گئے۔

    واضح رہے کہ قرنیہ کی پیوند کاری کے مریضوں کے لیے قرنیہ امریکا سے آئی ہیں، جو امریکا میں پاکستانی فزیشن کی ایک تنظیم نے بھجوائیں، پروفیسر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر پانچ قرنیہ آئیں، تاہم مزید بھی آئیں گی اور لوگوں کی بینائی واپس لائی جائے گی۔

  • لاہور، دس نابینا افراد کو آنکھیں لگا دی گئیں

    لاہور، دس نابینا افراد کو آنکھیں لگا دی گئیں

    لاہور : میو اسپتال کے شعبہ امراضِ چشم میں دس نابینا افراد کو آنکھیں لگا دی گئیں یہ آنکھیں سری لنکا پاکستان ٹریڈ ایسوسی ایشن کی جانب سے مستحق افراد کے لیے تحفتآ بھجوائی گئی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق میو اسپتال میں دس نابینا افراد کی تاریک زندگی میں اس وقت روشنی پھیل گئی جب سری لنکا سے بھجوائی گئی آنکھوں کی پتلی کو کامیاب آپریشن کے بعد مریضوں میں لگا دیاگیا۔

    آنکھوں کی یہ پتلیاں (قرنیہ) سری لنکا پاکستان ٹریڈ ایسوسی ایشن کی جانب سے وزیراعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف کے نام تحفتآ بھیجی گئی تھیں جنہیں پرنسپل انسٹیٹیوٹ آف آپتھالمالوجی میواسپتال پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان نے لاہورا یئرپورٹ پر وصول کیا۔

    پروفیسر اسد اسلم خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سری لنکا میں سب سے زیادہ آنکھوں کی پتلی کے عطیات کیے جاتے ہیں تاہم پاکستان درآمد کرنے کے لیے تقریبا 300 ڈالر فی قرنیہ خرچ آتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دس قرنیوں کاتحفہ بالکل مفت وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے نام بھجوائے گئے تھے جب کہ وزیراعلٰی کی ہدایت پر ہی یہ قرنیے دس نابینا افراد کو لگا دیئے گئے ہیں۔

    واضح رہے پاکستان میں آنکھوں کی پتلی (قرنیہ) کو عطیہ کرنے کی روایت عام نہیں ہے جس کے باعث نابینا افراد کو پریشانی کا سامنا رہتا ہے اس کی وجہ سے پاکستان میں نابینا مریض سری لنکا سے آنے والی آنکھوں کی پتلی کے منتظر رہتے ہیں۔