Tag: قریبی دوست

  • اننیا سے بریک اپ کے بعد ادتیہ اور سارہ کی پارٹی کرنے کی تصویر وائرل

    اننیا سے بریک اپ کے بعد ادتیہ اور سارہ کی پارٹی کرنے کی تصویر وائرل

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اننیا پانڈے سے بریک اپ کے بعد ادتیہ رائے کپور کی پارٹی انجوائے کرنے کی تصویر وائرل ہوگئی۔

    بالی ووڈ کے اداکار ادتیہ رائے کپور کو حال ہی میں ان کی فلم ’میٹرو ان ڈینو ‘ کی اداکارہ سارہ علی خان کے ساتھ ایک پارٹی کرتے دیکھا گیا، جس کے بعد اِن کی ڈیٹنگ کی افواہیں پھیل گئی۔

    اننیا پانڈے اور ادتیہ رائے کپور کا بریک اپ ہوگیا

    گزشتہ دنوں اننیا پانڈے اور ادیتہ رائے کپور کے درمیان بریک اپ کی خبر سامنے آئی تھی اس کے بعد اداکارہ سارہ علی خان اور ادتیہ کی ایک ساتھ پارٹی منانے کی تصویر سامنے آئی ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تصاویر میٹرو ان ڈینو کے سیٹ پر فلمساز کی سالگرہ کی تقریب کی ہیں، تصویروں میں، آدتیہ اور سارہ کو فلمساز انوراگ باسو کے ساتھ پارٹی میں وقت گزارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تصویروں میں آدتیہ اور سارہ ایک دوسرے کے قریب کھڑے ہیں، ان کی اس تصاویر نے ڈیٹنگ کی افواہوں کو جنم دیا ہے۔

    واضح رہے کہ اننیا اور آدتیہ کے تعلقات کی افواہیں 2022 میں سوشل میڈیا پر سامنے آئیں، دونوں کو کئی پارٹیوں اور تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا تھا، لیکن دونوں الگ الگ آنے اور جانے میں محتاط رہتے تھے، اگرچہ دونوں نے اپنے افیئر کی واضح الفاظ میں تصدیق نہیں کی تھی لیکن دونوں افیئر کے سبب شہ سرخیوں کا حصہ رہے ہیں۔

    تاہم اب اننیا پانڈے اور آدتیہ رائے کپور کی قریبی دوست نے گزشتہ دنوں بتایا تھا کہ دونوں کے درمیان تقریباَ ایک ماہ قبل بریک اَپ ہوگیا لیکن دونوں نے اس خبر کو خفیہ رکھا ہے۔

  • سدھو موسے والا کے قریبی دوست قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    سدھو موسے والا کے قریبی دوست قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے

    گینگسٹر کی فائرنگ سے اپنی جان گنوانے والے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قریبی دوست قاتلانہ حملے میں بچے نکلے۔

    پنجابی موسیقار اور گیت نگار بنٹی بینس جو کہ سدھو موسے والا کے قریبی دوست رہے ہیں، وہ موہالی میں ایک مہلک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔ بنٹی پنجاب کے موہالی کے سیکٹر 79 کے ایک ریسٹورنٹ میں تھے جہاں ان پر قاتلانہ حملہ ہوا۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق موسیقار اس حملے میں محفوظ رہے اور وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ حملے کے بعد بنٹی بینس کو دھمکی آمیز فون کال بھی موصول ہوئی، جس میں ان سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔

    بنٹی نے اس حملے کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروادی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ رپورٹ میں حملے کے ویڈیو شواہد بھی دکھائے گئے، جہاں لکڑی کے فریم میں لگی گولی سے شیشے کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں۔

    موسیقار کو یہ دھمکی مبینہ طور پر لکی پٹیال نامی شخص کے نام سے دی گئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ اس نام کے شخص کے لارنس بشنوئی اور بمبیہا کے گروہوں سے قریبی روابط ہیں۔

    واضح رہے بنٹی بینس کا جاں بحق ہونے والے سدھو موسے والا سے گہرا تعلق تھا وہ آنجہانی گلوکار کی زندگی میں ان کے کام اور کاروباری معاملات کو سنبھالتے تھے۔ انھیں پروڈیوسر اور ٹیلنٹ مینیجر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

  • پرویز الہیٰ کے ترجمان  اور قریبی دوست بھی  احاطہ عدالت سے گرفتار

    پرویز الہیٰ کے ترجمان اور قریبی دوست بھی احاطہ عدالت سے گرفتار

    گوجرانوالہ : پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کےمیڈیا کوآرڈینیٹر اور قریبی دوست کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوجرنوالہ پولیس نے سابق وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کے ترجمان چوہدری اقبال کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا،

    چوہدری اقبال پرویزالہی کی پیشی کےسلسلےمیں گوجرانوالہ سیشن کورٹ پہنچے تھے۔

    پولیس نے پرویزالہٰی کےقریبی دوست خواجہ وقارکو بھی احاطہ عدالت سےحراست میں لے لیا اور دونوں کو اپنے ساتھ لے گئی۔

    خیال رہے اینٹی کرپشن پولیس آج پی ٹی آئی کے مرکزی صدر پرویز الٰہی کو آج عدالت میں پیش کرے گی جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔

    واضح رہے گذشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو گجرات ترقیاتی منصوبہ کرپشن کیس میں بریت کے بعد اینٹی کرپشن نے گوجرانوالہ میں درج مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

  • مونس الہٰی کے قریبی دوست اور فرنٹ مین رشوت لینے کے الزام میں گرفتار

    مونس الہٰی کے قریبی دوست اور فرنٹ مین رشوت لینے کے الزام میں گرفتار

    اینٹی کرپشن پنجاب نے کروڑوں روپے کی رشوت لینے کے الزام میں چوہدری مونس الہٰی کے قریبی دوست اور فرنٹ مین زبیر خان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن نے پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی، زبیر خان کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے،  پرویز الہٰی اینڈ کمپنی پر ساڑھے 12کروڑ روپے رشوت لیے ہیں۔

    اینٹی کرپشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ رشوت غیر ملکی کمپنی کی واجب الادا رقم 2 ارب 90 کروڑ کی ادائیگی کے عوض لی گئی ہے پرویز الہٰی اینڈ کمپنی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے یہ ادائیگی کی۔

    ترجمان کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف مقدمہ ٹھوس شواہد کی بنا پر درج کیا گیا، چوہدری پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی کی ڈیل  زبیر خان نے کرائی تھی۔

    ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ غیرملکی کمپنی کی واجب الادارقم کے عوض پرویز الہی نے ساڑھے 6کروڑ وصول کئے، مونس الہٰی اور محمد خان بھٹی نے 5 کروڑ جبکہ زبیر خان نے 50 لاکھ روپے لئے۔

    اینٹی کرپشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان پرویزالہٰی، مونس الہٰی، محمد خان بھٹی اور زبیر خان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا، پرویز الہٰی نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے علی انان قمر پر دباؤ ڈال کر ادائیگی کرائی۔

  • عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا

    اسلام آباد : نامزد وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق نامزد وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا، زلفی بخاری کا نام نیب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے۔

    کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی منظوری دی تھی۔

    خیال رہے نیب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کی آف شور کمپنیوں کی تحقیقات کررہا ہے، اس کے لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال کر بیرون ملک جانے سے روکنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جون میں زلفی بخاری عمران خان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب جا رہے تھے کہ امیگریشن حکام نے ان کا نام بلیک لسٹ میں ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک سفر سے روک دیا تھا تاہم کچھ دیر بعد ہی ان کا نام بلیک لسٹ سے نکال دیا گیا تھا۔

    وزارت داخلہ نے زلفی بخاری کوعمرے پر جانے کے لئے چھ دن کا استثنیٰ دیا تھا ۔


    مزید پڑھیں : عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم


    جس کے بعد نگراں وزیراعظم ناصر الملک نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری کے معاملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کی تھی۔

    یہ قیاس کیا جارہا تھا کہ زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں شامل تھا جسے نکلوانے میں عمران خان نے کردار ادا کیا مگر وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کمیٹی کے سامنے وضاحت کی کہ اُن کا نام بلیک لسٹ میں شامل تھا اور نہ ہی تحریک انصاف کے چیئرمین نے اس ضمن میں کوئی کردار ادا کیا۔

    بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ زلفی بخاری پر سفری پابندیاں بھی ختم کی جائے ۔

    خیال رہے زلفی بخاری دوہری شہریت رکھتے ہیں اور ان کے پاس پاکستان کے علاوہ برطانوی شہریت بھی ہے۔